ہر رشتے کی اساس اعتبار اور یقین ہے

آپ بھی سوچیں گے کہ آج مجھے کیا ہو گیا ہے ۔ میں اب کیا لکھنے بیٹھ گئی ہوں ۔ کل ہوسپٹل میں ایک مریض نہیں آیا تھا جس کی وجہ سے کچھ اور سوچنے کا موقع مل گیا ۔۔ سوچتی رہی کہ رشتوں کی خوش ادائیگی کی بنیادی ضرورت اور اس کی اساس کیا ہے ؟ ۔

ہوا یوں کہ دسمبر 2011میں جب اپنے والدین سے ملنے لندن اور امریکہ جا رہی تھی تو میں نے سوچا کہ اپنے بچوں کی دیکھ ریکھ کے لئے اپنی دوست شاہدہ اور شبانہ سے کہہ جاؤگی کہ بچوں کا خیال رکھیں ۔ اور ایک دن ان سے عاجزانہ درخواست کربھی دی ۔ چلنے سے ایک روز پہلے وصیت بنائی اور اس کی تفصیل بچوں کو بتائی اور آخر میں اس بات کا زکر بھی کیا کہ “ تم لوگ فکر مت کرنا آنٹی شاہدہ اور شبانہ تمہیں فون کر کے پوچھ لیں گی اور تمہارا ہر طرح سے خیال رکھیں گی “

یہ سننا تھا کہ میرے تینوں بچے بھڑک اٹھے ۔ میں نے اپنے بچوں کی آنکھوں میں ہمیشہ اپنے لئے پیار ہی دیکھا تھا ۔۔ جو اچانک آنکھوں کا ماحول بدلا تو میرا دل دھڑک گیا ۔ ہولے سے پوچھا کیا ہوا بیٹے ۔۔ بڑا بیٹا تو خاموش رہا پر منجھلے بیٹے نجیب نے جواب کی بجائے سوال پوچھ لیا “ ماں ہماری عمرکیا ہے “ ۔۔؟ میں نے چونکتے ہوئے اپنے قد سے بھی اونچے بیٹے کو دیکھا ۔۔ محبت کی ماری ماں نے بیٹے کی عمر انگلیوں پر گننے سے انکار کر دیا ۔۔

نجیب اپنی کرسی سے اٹھ کر میرے پاس آ بیٹھا ۔ اس نے میرے شانوں پر ہاتھ رکھتے ہوئے دھیرے سے کہا “ ماں اگر آپ ہم پر بھروسہ اور اعتبار نہیں کریں گی تو اس دنیا میں ہمارا گواہ کون بنے گا “ ۔۔ آپ نے آنٹی شاہدہ اور شبانہ کو ہمارا خیال رکھنے کو کہا بہت اچھا کیا لیکن آپ یہ بھی تو سوچیں نہ کہ اس میں ہمارے لئے کتنی شرمندگی ہے کہ ہم ابھی تک اپنے ماں باپ کا اعتبار ہی نہیں پا سکے کہ ہم ان کی غیر حاضری میں کوئی ایسا ویسا کام نہیں کریں گے جو ان کی شان اور عزت کے مطابق نہ ہو ۔۔۔ یا اپنا خیال نہیں رکھ سکیں گے “ میں اپنے بیٹے نجیب کو ڈبڈباتی آنکھوں سے دیکھتی رہ گئی ۔۔ منیب اور آمنہ اس کی ہاں میں ہاں ملا رہے تھے ۔ میں نے اپنے رویئے کی معافی اپنے تینوں بچوں سے مانگی اور اقرار کیا کہ مجھے شاہدہ اور شبانہ سے یہ کہنا چاہئے تھا کہ جب بچوں کو ضرورت ہوئی وہ آپ دونوں سے پوچھ لیں گے ۔

میں اپنے سفر سے واپس آ چکی ہو ں اور اب اس اتوار کو میرے بچے اپنی نانی نانا اور ماموؤں سے ملنے لندن جا رہے ہیں ۔ میرا دل ہول رہا ہے ۔ اٹھتے بیٹھتے نصحیتیں کر رہی ہوں ۔ بےقراری کے مارے اپنے بھائی جاوید سے کہہ دیا کہ بچوں کے ساتھ دن رات رہے ۔ کراچی سے عاصم کو بلا بھیجا ہے کہ آمنہ اپنے اس ماموں کے ساتھ بہت پیار کرتی ہے ۔ ابا جی پاکستان میں ہیں ان سے بھی غصہ ہو گئی کہ انہیں معلوم تھا کہ بچے آ رہے ہیں تو لندن واپس آجاتے بھلا ۔۔ گڑیا کی تسلی بھی کام نہیں کر پا رہی ۔۔ جانے میری ماں کیسے اتنی بہادر تھیں کہ ایک ایک کر کے سب کو ہی پردیس بھیج دیا کرتی تھیں ۔

کل سارا دن یہی سوچتی رہی تھی ۔۔ رشتوں کی خوش ادائیگی کی بنیادی ضرورت اور اس کی اساس کیا ہے ؟ ۔۔ میں نہیں چاہتی کہ اپنے بچوں کو خفا کروں ۔۔

میں سوچتی رہی ۔۔۔ پر جتنا سوچتی اتنا ہی بیکل ہونے لگتی ۔۔ کل ہم سب کھانا کھانے باہر گئےہوئے تھے ۔ میرے بچے مجھے بار بار کہہ رہے تھے کہ وہ محفوظ اور پیار سے رہیں گے ۔ سب ایک دوسرے کا خیال رکھیں گے ۔ ہمیں کسی شکایت کا موقع نہیں دیں گے ۔۔ اور یہ بھی کہ پیسے بھی زیادہ خرچ نہیں کریں گے ۔۔۔ میرا یقین مجھ سے کہہ رہاتھا کہ مجھے اپنے بچوں پر اعتبار کرنا چاہئے ۔۔ اور پر سکون ہو جانا چاہئے ۔۔

پر ماں تو ماں ہی ہوتی ہے ۔۔اسے ہر دم بس یہی فکر رہتی ہے کہ اس کے بچے ہر حال میں ہر جگہ امن و چین اور ہر آفت سے محفوظ رہیں ۔۔ پر کل مجھے لگا کہ جیسے میرے بچے بڑے ہو گئے ہیں اور اپنا اچھا برا سمجھ سکتے ہیں ۔۔۔ کل انہوں نے مجھے کہا کہ “ ماں آپ بہت اچھی ہیں ۔۔آپ کی آنکھوں میں ایک یقین دیکھا ہے ۔۔ایک ایسا یقین جو ہر رشتے کی ضرورت ہوتا ہے ۔۔ ماں آپ کا یقین ہی آپ کو یقین دلا سکتا ہے کہ ہمارے اس رشتے کی اہمیت کیا ہے اوراس کی پاکیزگی پر اعتبار کتنا ضروری ہے “

میں نے جھلملاتی ہوئی آنکھوں سے اپنے بچوں کو دیکھا ۔۔ اور سوچا ۔۔ واقعی میرے بچے اب بڑے ہو گئے ہیں ۔۔ پرپتہ نہیں کیوں مجھے ہمیشہ یہی تصور رہتا ہے ۔۔۔ منیب اور نجیب نے میرے دونوں ہاتھ تھام رکھے ہیں ۔۔۔۔ آمنہ میرے شانوں سے لگی ہوئی ہے ۔۔۔ اور میں انہیں کہہ رہی ہوں “ بیٹا دھیان سے رہنا “ ۔۔۔ پرآج میں نے تینوں کو باری باری گلے لگا کر دھیرے یہ بھی کہہ دیا ہے کہ “ مجھے یقین ہے اور اعتبار بھی ہے کہ تم سب دھیان سے رہو گے “ ۔۔انشااللہ ۔۔

میرے سکون پر میرے بچے کھل اٹھے ہیں اور انہیں خوش دیکھ کر میں دمک رہی ہوں ۔۔ مجھے دمکتا دیکھ کر آفتاب بے حد خوش ہیں ۔۔

مجھے لگا جیسے ہر رشتے کی اساس اعتبار اور یقین ہے جو گھر کے ہر فرد کو سکون کی لڑی میں پروئے رکھتا ہے ۔

13 thoughts on “ہر رشتے کی اساس اعتبار اور یقین ہے”

  1. السلام علیکم
    نگہت جی ماوں کے لئے بچے بچے ہی رہتے ہیں۔ یہ ہر گھر میں ہوتا ہے۔ ماں کو اپنے بچوں کے امیج کی بھی فکر ہوتی ہے۔ نئی نسل میں خود اعتمادی بہت زیادہ ہے اور یہی حد سے بڑھی ہوئی خود اعتمادی ان سے غلطیاں کرواتی ہے۔ کبھی میں سوچتی ہوں کہ پرندے ہم سے بہتر ہیں اپنے بچوں کو بے دھڑک پہلی اُڑان کے لئے گھونسلے سے باہر دھکیل دیتے ہیں۔ ابھی تو زندگی میں اور کئی مقامات آئیں گے جب بچے اپنی ازدواجی زندگی شروع کریں گے۔ میرا خیال ہے اللہ کا فضل مانگتے رہنا چاہیئے
    والسلام
    زرقا

  2. اعتبار اور یقین دراصل ایک ہی رویے کی دو منزلیں ہیں. کہہ سکتے ہیں کہ اعتبار ہو گا تو یقین آئے یا پھر یقین ہو گا تو اعتبار ہو گا. میرے ذاتی خیال میں میں خود یقین کو فوقیت دیتا ہوں کہ یقین کی منزل دراصل اطمینان کی منزل ہے. ہر شخص کے نزدیک ان دونوں الفاظ کی توجیہہ الگ الگ ہے. لیکن بچوں کے حوالے سے جو بات آپ نے کی ہے اس کی طرف ایشیائی والدین کو بلا شبہ توجہ دینے کی ضرورت ہے. والدین ہونے کے ناطے انکی رہنمائی ہمارا فریضہ ہے لیکن انہیں یقین کی راہ پر چلانا اور اعتبار کی دولت بھی فراہم کرنا ہماری ہی ذمیداری ہے. خوش بخت ہیں وہ اولادیں جنہیں ایسے والدین میسر ہوں جو بچوں کی ذات کی اکائی کو بھی مد نظر رکھتے ہوں.
    بلاشہ آپ نے درست کہا کہ……ہر رشتے کی اساس اعتبار اور یقین ہے جو گھر کے ہر فرد کو سکون کی لڑی میں پروئے رکھتا ہے ۔

  3. پیاری زرقا
    تم نے بلکل صحیح کہا کہ حد سے بڑھی ہوئی خود اعتمادی بچوں سے غلطیاں کرواتی ہے ۔۔ مجھے بھی یہی ڈر رہتا ہے ۔ بس دعا کرنا یہ تینوں کل جا رہے ہیں ۔ اللہ خیر سے لے جائے خیر سے واپس لائے ۔ اپنے حفظ و اماں میں رکھے ۔آمین

  4. محترم بابا جی آپ کی بات انتہائی توجہ طلب ہے کہ والدین ہونے کے ناطے بچوں کی رہنمائی ہمارا فریضہ ہے لیکن انہیں یقین کی راہ پر چلانا اور اعتبار کی دولت بھی فراہم کرنا ہماری ہی ذمیداری ہے. میں نے شاید اسی زمہ داری کو محسوس کیا اور اب قدرے سکون میں ہوں ۔ آپ سے دعا کی التجا ہے کہ بچے خیر سے جائیں خیر سے واپس آئے ۔ اللہ سب بچوں کو اپنے حبیب اور ان کی آل پاک کی صدقے اپنے حفظ و اماں میں رکھے ۔آمین

  5. پیاری بیٹی جیتی رہو،

    اللہ پاک تمھاری مامتا کی ٹھنڈک اور راحت کا نگہبان ہو وہ جہاں جہاں جائیں بی بی سیّدہ کے آنچل کے سائے میں پنجتن کے صدقے میں

    با حفاظت جان ومال جائیں ،بچّوں کا تصّور کر کے امام رضا علیہالسّلام کے نام کا اما م ضامن باندھ دو ،انشاللہ واپسی پر حسب توفیق

    نذرامام علیہالسّلام دلوادینا اورکچھ بچّوں میں شکرانے کی شیرینی بھی تقسیم کر سکتی ہو توکر دینا

    اعتبار اور یقین دونوں صفتیں اولاد کو والدین کی جانب سے ہی ملتی ہیں اور مجھے یقین ہے کہ تم اپنی بڑی زمّہ داریون کے باوجود اپنی اولاد کا بھی بخوبی حق ادا کررہی ہو

    اللہ پاک تمھیں شادو آباد رکھے آمین
    دعاگو زائرہ بجّو

  6. میری بہت عزيز بہن ،بھرپور تخلیقی صلاحیتوں سے مالامال قلم کار خوش سخن بہن ڈاکٹر نگہت نسیم ، خوش رھو

    کیا ہر رشتے کی اساس اعتبار اور یقین ہے
    جی ھر سچے اور حقیقی رشتے کی بنیاد ھی دراصل اعتبار اور یقین ھی ھے ،

    یقین ھی دراصل اعتماد اور اعتبار کا سر چشمہ ھے ، اللہ پاک تمھارے خوشی یقین اور اعتبار کے رنگوں سے سجے پر سکون گھر کو اور بہترین تریبت سے آراستہ بچون کو اللہ پاک ھمشیہ اپنے حفظ وامان میں رکھے امین

    اور ھر سفر کو تم سب کےلیے وسیلہ ظفر بناۓ ھر سفر کو خوشگوار اور باعث مسرت وراحت بناۓ امین ثمہ آمین

    ماشا اللہ ایک چھوٹی سی بات میں اپنے دھنک رنگ قلم کے سحر کی بدولت اتنے دل کش رنگ بھرتی ھو کہ دل سے واہ نکلتی ھے تم ان خوش نصیب لوگوں میں سے ھو جن کو اظہار کے لیے کسی ترددکی ضرورت نیہن کرنی پڑتی ، لفظوں پر سچے جذبات کی بدولت تم کو مکلمل دسترس حاصل ھے ، ماشا اللہ اللہ پاک تم کو نظر بد سے محفوظ رکھے

    ھمیشہ کی طرح ایک اچھا مضمون ھے اور تم نے جس سچائ سے قلم بند کیا ھے اس کے لیے تم بہت سارے پیار کی اور داد کی مستحق ھو۔ شاد و اباد رھو۔

    میں بہت ساری ماوں کی جانتی ھوں جو اولاد سے بہت پیار سے بات نیہن کرسکتیں ، جو اولاد سے دل کی بات نیہن کرسکیتں ، اپنے دکھہ درد نیہن کہہ سن سکیتں

    تمھاری یہ بھی تو بہت اچھی صفت ھے کہ انتہا‎ ئ پیار وشفقت سے سب کے ساتھہ پیش آتی ھو،

    یقین اور اعمتاد تو وہ دولت ھے جو کھبی ختم نیہن ھوتی جس کو گھر والوں کی اپنايئت اور شفقت میسر اجاتی ھے وہ زندگی کے ھر میدان میں کامیاب اور ترعزم رھتا ھے ۔ کسی بھی گھر کے انتہا‎ ي اھم ترین ستون ھیں اعتبار اور یقین ، ،جو مکان اور مکین دونوں کی حفاظت کے ساتھہ انکا حوصلہ بھی برقرار رکھتے ھیں

    انشا اللہ محترم المقام جناب صفدر ھمدانی صاحب اور دیگر احباب کی دعاوں کے ھمراہ بچے بعافیت سفر اور انتہائ خوشگوار چھٹی گذار کے گھر واپس آيئنگے آمین الہی امین ، اور تم بجوں کے جانے کے بعد امتحان کی تیاری کرنا اور جی لگا کر پڑھنا ھم سب کی دعايئں تمھارے ساتھہ ھیں ، انشا اللہ حسب توقع کامیابی ملے گی ، انشا اللہ
    مکتوب ھے سب پیشانی پہ
    طوطے کی نکالی فال نیہن

    میرے افسانے سر شاخ الم سے ایک اقتباس

    مجھے ٹوٹی پھوٹی تائ اماں پر بڑا ترس آتا

    شکت خوردہ ،متردد سی کھوئ کھوئ سی جیسے اپنے راستے کا تعین نیہن کرتا رھی ھیں اپنی بات نیہن کہہ پارھی ھیں
    اپنی اولاد کو ھمشیہ فاصلہ پر رکھنے والی ماں اس وقت خواھش کے باوجود اولاد کو سینے سے نیہن لگا سکیتیں

    ھر نماز میں اولاد کی سلامتی اور خیر کی دعا مانگنے والی ماں نے اپنے آپ کو کچھوے کے مضبوط حصار میں چھپا رکھا تھا
    محبت تو اظہار چاھتی ھے ،
    محبت تو اصرار چاھتی ھے
    گھر تو انسان کی سب سے محفوظ و مامون پناہ گاہ ھوتی ھے ۔اور ماں

    ماں تو سب سے بڑا اسراء ٹھکانہ ،بچہ کسی عمر کا بھی ھو ماں کی ضرورت ھر عمر میں رھتی ھے

    بچوں کو بچپن میں ماں کی شفقت اور توجہ نہ ملے تو بھی وہ یتیموں جیسی زندگی بسر کرتے ھیں ۔ اور وہ گھر جہاں ایسی مايئن ھوتی ھیں انکے بچے کتنے بدنصیب ھوتے ھیں ۔

  7. بلاگ میں سب کی اراء و تبصرے پڑھے اور بہت کچھہ سیکھا بھی ،

    محترم المقام جناب صفدر ھمدانی صاحب کی بات تو جواھر ریزے ھیں
    خوش بخت ہیں وہ اولادیں جنہیں ایسے والدین میسر ہوں جو بچوں کی ذات کی اکائی کو بھی مد نظر رکھتے ہوں.

    خوش افکار زرقا مفتی کی یہ بات بہت اچھی لگی

    نئی نسل میں خود اعتمادی بہت زیادہ ہے اور یہی حد سے بڑھی ہوئی خود اعتمادی ان سے غلطیاں کرواتی ہے۔ کبھی میں سوچتی ہوں کہ پرندے ہم سے بہتر ہیں اپنے بچوں کو بے دھڑک پہلی اُڑان کے لئے گھونسلے سے باہر دھکیل دیتے ہیں۔

    ھم سب کی بہت محترم اور ھمشیہ دعا کرنے والی بجو کی شاندار بات بھی دل کو بہت اچھی لگی

    اعتبار اور یقین دونوں صفتیں اولاد کو والدین کی جانب سے ہی ملتی ہیں اور مجھے یقین ہے کہ تم اپنی بڑی زمّہ داریون کے باوجود اپنی اولاد کا بھی بخوبی حق ادا کررہی ہو

  8. ہم کون ہیں کیا ہیں با خدا یاد نہیں
    اپنے اسلاف کی کوئی بھی ادا یاد نہیں

    ہیں اگر یاد تو کافر کے ترانے اب تک
    ہاں نہں یاد تو کعبہ کی صدا یاد نہیں

    بنت حوا کو نچاتے ہیں سرءمحفل اب بھی
    کتنے سنگ دل ہیں کہ رسمءحیاء یاد نہیں

    آج اپنی ذلت کا سبب یہی ہے شاید
    آج ہم کو اپنا خدا یاد نہیں

  9. شاہین میری دوست وللہ جواب نہیں ۔۔۔۔ مجھے ٹوٹی پھوٹی تائی اماں پر بڑا ترس آتا ۔۔ کیا کہنے ٹوٹی پھوٹی ،، پورا افسانہ عطا ہو ۔۔ انتظار رہے گا
    محبت تو اظہار چاھتی ھے
    محبت تو اصرار چاھتی ھے
    واہ واہ ۔۔ کیا کہنے

  10. آج اپنی ذلت کا سبب یہی ہے شاید
    آج ہم کو اپنا خدا یاد نہیں
    عمران بھائی بے شک یہی سچ ہے ہماری بدحالی کا ۔۔ اللہ کریم خیر کرے ۔۔آمین

  11. نگہت بجو
    مولا آپ کو سلامت رکھیں، امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ کے سائے میں آپ کے بچے خیریت سے جائیں اور خیریت سے واپس آئیں،
    آپ کے جیسی مامتا جا جذبہ مولا ہر ماں کو عطا کریں، ابھی تو ہمارے بچے چھوٹے ہیں (ایک چار سال کا ایک دو سال کا) لیکن مولا سے دعا ہے کہ جس طرح آپ نے بچوں کی تربیت کی ہے ہم بھی ویسے ہی تربیت کر سکیں۔

  12. نگہت۔۔۔
    بہت خوبصورت اظہارِجذبات ہے۔۔۔۔ماشااللہ۔۔۔۔۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ آپ کی حوصلہ افزائی کے بعد رومن اردو سے اردو فونٹ میں منقبتِ رسولِ خدا {ص} کے بعد جِس تحریر کی طرف متوجہ تھا وہ بھی اِسی رشتے کے بارے میں ہے۔۔۔

    فی الحال آپ کی تحریر کے بارے میں یہی کہوں گا کہ” اعتبار، یقین کی خام شکل کا نام ہے۔۔۔جیسے سونا بھٹی میں پک کر کندن بنتا ہے ویسے ہی اعتبار تجربےاور امتحان کی بھٹی سے گزرتا ہے تو یقین میں تبدیل ہو جاتا ہے، مامتا اِسے اپنا فخر یا غرور قرار دیتی یے۔
    دعا گو ہوں ، خداوندِ کریم بحقِ فخرِ جنابِ زھرا{ع} ، آپ کے فخروغرور کو قائم و دائم رکھے۔۔۔ الٰہی آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *