آہ کراچی ۔ ۔ ۔ ایک اور 12 مئی

السلام علیکم
وطن عزیز کے اور خصوصا میرے پیارے شہر کراچی کے موجودہ حالات پر کچھ سطریں لکھی ہیں ۔
2222
منزلوں کی خبر نہیں ہوتی
راہ کوئی مختصر نہیں ہوتی

دن تو گزر ہی جاتا ہے
رات لیکن بسر نہیں ہوتی

تم دیکھ لیتے جو ویرانے
عمر مری دربدر نہیں ہوتی

قوم کے دُکھ تو مزید ہوئے
کوئی ہستی چارہ گر نہیں ہوتی

اس سے بڑھ کیا سفاکی ہو
بات دل پہ اثر نہیں ہوتی

کون بچوں کے جسم چیر گیا
حاکم شہر کو خبر نہیں ہوتی

آصف احمد بھٹی

15 thoughts on “آہ کراچی ۔ ۔ ۔ ایک اور 12 مئی”

  1. ہمیں تو ٹھیک لگی اور حسب حال بھی مگر سند تو صفدر صاحب ہی ہیں!!!

  2. منگل کو علیٰ الصبح قریباً پونے 6 بجے تھانہ پی آئی بی کالونی کی حدود پی آئی بی کالونی ، پریس کوارٹرز میں واقع مکان نمبر 22/2 میں بعض مسلح افراد داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 37 سالہ منصور مختار ولد مختار احمد جاں بحق اور ان کے بڑے بھائی 43 سالہ مسعود مختار اور مسعود کی اہلیہ عظمیٰ مسعود شدید زخمی ہوگئیں، فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے جبکہ مقتول کی لاش اور زخمیوں کو لیاقت نیشنل اسپتال پہنچایا گیا ، جہاں بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مسعود مختار بھی جاں بحق ہوگئے۔

    زندگی پر سب راستے بند تھے
    اور اجل اپنی راہیں بناتی رہی
    حبسِ جاں کے لیے ایک جھونکا نہ تھا
    بادِ صر صر دیوں کو بجھاتی رہی
    فصل گل کو نہ اذنِ سفر مل سکا
    اور آندھی قیامت مچاتی رہی
    پا بہ زنجیر کر دی گئی روشنی
    ظلمتِ شب سیاہی بڑھاتی رہی
    رہ میں لٹتا رہا خواب کا کارواں
    رہ زنی منزلیں اپنی پاتی رہی
    پھر گئے دور کی ابتدا ہوگئی
    کل میرے شہر کی انتہا ہو گئی

    کراچی بھرمیں جلاوٴ گھیراوٴ،فائرنگ اورہنگاموں کاسلسلہ شروع ہوگیا، اس دوران مختلف علاقوں میں فائرنگ اور چھریوں کے وار سے آٹھ سالہ بچے سمیت 10افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے جن میں سے 2 زخمیوں کے لواحقین نے الزام لگایا کہ وہ رینجرز کی فائرنگ سے زخمی ہوئے جبکہ ایک پولیس موبائل سمیت 44 گاڑیاں جلا دی گئیں، فائرنگ اور جلاؤ گھیراؤ کے سبب پورے شہر میں کشیدگی پھیل گئی ، تمام کاروبار اور دکانیں بند ہوگئیں، تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں ، امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ، جبکہ اسپتالوں میں آپریشن بھی نہیں ہوئے، سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہوگئی
    کراچی ایک بار پھر ھنگاموں کی زد پر آگیا ھے
    ایک پھر کراچی کے غریب لوگوں کی زندگی دشوار ھوگی ھے
    گوگل سرچ

  3. اگر تو بھائی آصف کے ان منظوم خیالات کو ایک ادبی تخلیق کے طور پر دیکھیں تو بہت سی تبدیلیاں کرنا پڑیں گی لیکن اگر کسی حساس فرد کے احساسات کے حوالے سے دیکھیں گے تو درست ہے کیونکہ احساس کا بیان کسی اوزان اور بحور کا طالب نہیں.
    ،،،،بس مثال کے طور پر عرض کرنا ہے
    منزلوں کی خبر نہیں ہوتی
    راہ کوئی مختصر نہیں ہوتی……یہاں لفظ راہ کی بجائے لفظ ؛؛رہ؛؛ لکھا جائے گا ورنہ یہ وزن میں ؛؛را؛؛ پڑھا جائے گا
    ………
    دن تو گزر ہی جاتا ہے
    رات لیکن بسر نہیں ہوتی….اس کے پہلے مصرعے میں ایک رکن کم ہے. اگر اسے یوں لکھیں تو مکمل ہو گا مصرعہ؛؛ دن تو جیسا گزر ہی جاتا ہے”.
    علیٰ ھذا القیاس

  4. تازہ خبر
    کراچي ميں اے اين پي کے کارکن زين العابدين کے قتل پر عوامي نيشنل پارٹي نےجمعرات کو ملک بھر ميں پر امن يوم سوگ کا اعلان کرديا، اسفند يار ولي نے واقعے کي مذمت کرتے ہوئے کارکنوں کو پر امن رہنے کي ہدايت کرتے ہوئے واقعے کي تحقيقات اور ذمہ داروں کو کڑي سزا دينے کا مطالبہ کرديا. عوامي نيشنل پارٹي کے مرکزي صدر اسفند يار علي نے کارکنوں کي ہلاکت کي مذمت کرتے ہوئے کل پر امن يوم سوگ منانے کا اعلان کيا ہے. کل ملک بھر ميں اے اين پي کے دفاتر سميت صوبائي سيکريٹريٹ باچا خان مرکز پر سياہ پرچم لہرائے جائيں گے. اسفند يار ولي نے کہا ہے کہ کارکن پر امن رہيں، مشکل کي گھڑي ميں کارکنوں کو اکيلا نہيں چھوڑيں گے. اسفند يار ولي نے کراچي ميں کارکن کي ہلاکت کے واقعے کي تحقيقات اور ذمہ داروں کو کڑي سزا دينے کا مطالبہ کيا ہے اور کہا ہے کہ کراچي ميں وقفے وقفے سے کارکنوں کي ٹارگٹ کلنگ تشويشناک ہے.

  5. اسلام علیکم
    اللہ ہم پر رحم کر دے اور ہمیں ان یوم سوگ منانے سے نجات دے دے ۔ کیسا ظلم ہے جو کسی صورت رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا ۔
    ہم کس طرح اتنی نفرتوں کا شکار ہو گئے ۔پتہ ہی نہیں چلتا ۔ کسی کو بھی سن لیں ایسا لگتا ہے کہ زہر بھرا ہوا ہے زہنوں میں ۔جس کو نکالنے والا کوئی نظر نہیں آتا ۔
    نہ انسانیت ہمیں روک رہی ہے نہ اللہ رحیم و کریم کا خوف ۔ ہم جانوروں سے بد تر ہوگئے ہیں لیکن قبول نہیں کر رہے ۔
    کل جس طرح کراچی میں خوف و ہراس تھا وہ کوئی ان سے پوچھے جن کے پیارے اسپتال میں تھے اور وہ انہیں دیکھنے نہیں جا سکتے تھے ۔ ۔ ۔ پر امن سوگ تھا ۔لیکن ہر طرف آگ لگی ہوئی تھی ۔
    کراچی جل رہا ہے حکومت اپنے چار سال پورے کرنے پر نازاں ہے ۔ پنجاب جل رہا ہے حکومت اپنے چار سال پورے کرنے پر فخر کر رہی ہے ۔کوئٹہ لرز رہا ہے ہم چار سال پورے کر رہے ہیں ۔
    لوگ مر رہے ہیں گھر برباد ہوگئے ہیں مرہم رکھنے والا کوئی نہیں ۔صرف فساد پھیلانے والے کھلے پھر رہے ہیں ۔
    کاش ہم اپنے اعمال پر نظر کر لیں ۔ توبہ کریں استغفار پڑھیں ۔ کہ آنے والا وقت نہ معلوم کس پارٹی کے ہاتھ میں ہوگا ۔
    بس ہماری تو دعا ہے کہ اللہ ہم گنہگاروں پر رحم کر دے ۔اور ہمیں ان سخت دل اور بے حس لوگوں سے بچا لے اور ہمارے جوانوں کو ہمت دے دے کہ وہ کھڑے ہو جائیں ان ظالموں کے خلاف جنہوں نے ہماری زندگی کو بے چینیوں کے سوا کچھ نہیں دیا ۔
    اللہ ہم سب پر فضل کر دے آمین ۔
    عالم آرا
    وینکور

  6. لعنت ہے ان مردار خور سیاست دانوں پر کہ جو انسانی لاشوں پر اپنی سیاست چمکاتے ہیں ۔ جن کی نظر میں انسانی زندگی کی کوئی اہمیت نہیں ، جن کے لیے ہر انسان بس ایک چلتا پھرتا ووٹ ہے ، اور جو صرف اپنے ہی ووٹ کو پہچانتے ہیں ، باقی ہر انسان ان کے لیے غیر اہم ہے ، اپنی عادت سے مجبور یہ وحشی درندے بس لہو کے رنگ سے آشنا ہیں ، جب اپنے ووٹ کا لہو گرے تو ردعمل کے نام پر سامنے آنے والے ہر شے کو فنا کر دیتے ہیں ، ہر شے جلا ڈالتے ہیں ہر شے تباہ کر دیتے ہیں ، اور ہر انسان کو لہو میں نہلا دیتے ہیں ، کوئی شدت پسندی سی شدت پسندی ہے ، بلکہ میں تو ایسے وحشت زدگی کی حد کو چھونے والا پاگل پن کہوں گا ، نسل پرستی کے نام پر انسانیت کے جو تذلیل مرے وطن اور میرے شہر میں ہو رہی ہے شاید ہی کبھی تاریخ انسانی میں کہیں ہوئی ہو ، اور پھر ہم لوگ یا تو بہت سادہ دل ہیں یا پھر بے وقوفی کی حد تک اذیت پسند ۔ ۔ ۔ ۔ کیا شیعہ ، سنی ، پشتون ، بلوچ ، مہاجر ، سندھی ہونا اہم ہے یا انسان اور مسلمان ہونا ؟
    ہم کتنے بیوقوف ہیں کہ ہم سب کچھ سمجھتے ہوئے بھی ان ذلیل ترین نیچ اور پاؤں چاٹتے بونوں کو اپنا رہنما مان لیتے ہیں ، ان کی گندی اور غلیظ زبانوں سے اپنے بھائیوں کے خلاف زہریلی باتیں سنتے ہیں اور ان کے کہنے پر اپنے ہی بھائیوں کے گلے کاٹ رہے ہیں ، اس سے بڑی بیوقوفی اور کیا ہو گی کہ یہ کمینے ہمیں شعیہ ، سنی ، بلوچ ، مہاجر ، سندھی ، پشتون اور جانے کتنے حصوں در حصوں میں بانٹ رہے ہیں اور ہم بٹ رہے ہیں ، یہ حقیر مخلوق ( کہ جنہیں ہم اپنا رہنما بنائے بیٹھے ہیں اور جو اب پیر تسمہ پا کی طرح ہماری گردنیں دبائے بیٹھے ہیں ) جب مجھے کہتے ہیں کہ شیعہ کافر ہیں ، میں مان لیتا ہوں اور ہتھیار اُٹھا کر کفر کے خلاف جہاد کرنے نکل کھڑا ہوتا ہوں ، یہ جب مجھے کہتے ہیں کہ سنی ظالم ہیں تو میں ہر ظلم کا بدلہ لینے پر تُل جاتا ہوں ، جب یہ کہتے ہیں کہ ، مہاجر غاصب ہیں ، جب یہ مجھے کہتے ہیں کہ پشتون دہشت گرد ہیں ، بلوچ ڈکیت ہیں ، سندھی غدار ہیں ۔ تو میں مان لیتا ہوں ، یقین کر لیتا ہوں ، میرے اندر اپنے ہر بھائی کے خلاف نفرت کا لاوا پکنے لگتا ہے ، میں مرنے مارنے اور فنا کردینے کو تیار ہو جاتا ہوں ۔
    میں ایسا کیوں ہوں ؟
    کیا کوئی مجھے ان پاوں چاٹتے حقیر بونوں کی قید سے آزاد کروائے گا ؟ کیا کوئی مجھے اصل حقیقت سے روشناس کرے گا ؟ کیا کوئی مجھے اور میری عمر کے نوجوانوں کو بتائے گا کہ ہم سب مسلمان ایک ہی ہیں ۔ کیا کوئی محبت اور باہمی بھائی چارے کی بات کرے گا ؟
    یا اب بھی میرے بزرگ مصلیحت کی چادر اوڑھے رہینگے ، یا ان پر بھی ان عیار پیر تسمہ پاؤں کا اثر ہو چکا ہے ؟
    خدارا ! اے ہمارے بزرگوں ، مجھے اور میرے بھائیوں کو ان کمینوں کے چنگل سے آزاد کرائیں ۔ یاد رہے ! یہ آپ پر فرض بھی ہے اور قرض بھی ۔

  7. کیا بتاؤں ایسے حالات ملکوں ، گھروں میں کیا کیا ستم ڈھا جاتے ہیں ۔۔ کل ہی ہمارے دور کے رشتہ دار کا انیس سالہ بیٹا کسی نے مار دیا ۔ اس کو گھر سے کوئی بلا کر لے گیا اور چھریوں سے وار کر کے مار دیا ۔ مولائے کائینات فرما کر گئے تھے کہ امت پر ایک وقت ایسا بھی آئے گا جب نہ مرنے والے کو پتہ ہو گا کہ کیوں مارا گیا اور مارنے والے کو معلوم نہیں ہوگا کہ مار رہا ہے ۔ وہی آج ہو رہا ہے ۔ آپ کا لکھاہوا نوحہ دل کو اداس کر گیا — اپنی عرض پاک کو دیکھ کر میں دن میں کئی بار بکھرتی ہوں اور کئی امیدیں باندھتی ہوں ۔۔ پر ہر بار دل کا ایک ٹکڑا گم ہو جاتا ہے ۔۔ اور مجھے ڈھونڈے سے بھی نہیں ملتا ۔ سوچتی ہوں گر یہی حال رہا تو میں اپنا دل کبھی سلامت نہ دیکھ پاؤنگی۔

  8. میرے بھائ صفدر رضا رضوی نے یہ نظم بھیجی ھے

    میں کس کو تسلی ھوں کس کے آنسو پونچھوں
    کس کس کو دعا دوں
    میں قاتلوں کو دھشت گردوں کو کب تک بددعا دوں
    میں حاکموں سے سوال کروں
    میں چیف جسٹس کے پاس جاوں
    کہاں سے میں انصاف پاوں

    میرے بھائ صفدر رضا رضوی نے یہ نظم بھیجی ھے آپ سب کی بارگاہ فکر میں اس دعا کے ساتھہ کہ ھماری سوئ ھوئ قوم اس بارجاگ اٹھے، صرف ایک دن میں پاکستان کے دل کراچی میں کروڑوں کا نفصان ھوا ھے ، غریب عوام کی املاک اور انھی کی زندگی ایک بارپھر دھشت گردوں کے ھاتھہ میں
    ھمارے صدر تو اس شور و فساد سے تنگ آکر چند روز کے لیے غیر ممالک کے دورے پر چلے گیے ھیں حالات پرسکون ھونگے تو آجایئنگے

    غم زندگی سناؤں میرا شہر جل رہا ہے

    غمِ زندگی سناؤں میرا شہر جل رہا ہے
    میں خوشی کہاں سے لاؤں میرا شہر جل رہا ہے

    تمھیں یہ گلا ہے جاناں کہ مزاج کیوں ہیں برہم
    کہو کیسے مسکراؤں میرا شہر جل رہا ہے

    تمھیں عید کی خوشی ہے مجھے یاد ہے وہ لیکن
    میں یہ کیسے بھول جاؤں میرا شہر جل رہا ہے

    ہے ڈگر ڈگر وحشت ہے قدم قدم شہادت
    سر راہ ڈگمگاؤں میرا شہر جل رہا ہے

    میرا زخم زخم سینہ تو لہو لہو سفینہ
    میں نشاط کیسے پاؤں میرا شہر جل رہا ہے

    جہاں بے ایماں محافظ تو وہاں ہے خدا ہی حافظ
    تمھیں آئینہ دکھاؤں میرا شہر جل رہا ہے

  9. بھائی صفدر رضا رضوی جزاک اللہ. بہت خوب
    جہاں بے ایماں محافظ تو وہاں خدا ہی حافظ
    تمھیں آئینہ دکھاؤں میرا شہر جل رہا ہے

  10. االلہ ربِ کریم ھم سب کو اپنی حفظ و امان مین رکھے ،اور اس شہر کی حفاظت فرمائے آمین۔
    شاہین باجی صفدر بھائی نے بالکل صحیح عکاسی کی ہے

    میرا زخم زخم سینہ تو لہو لہو سفینہ
    میں نشاط کیسے پاؤں میرا شہر جل رہا ہے

    جہاں بے ایماں محافظ تو وہاں ہے خدا ہی حافظ
    تمھیں آئینہ دکھاؤں میرا شہر جل رہا ہے
    ———————
    ھمارے صدر اس شور و فساد سے تنگ آکر نہیں بلکہ فساد کی آگ سلگا کر چند روز کے لیے غیر ممالک کے دورے پر چلے گیے ھیں جب حالات بالکل ہی دگرگوں ہوجائیں گے تو آجائیں گے اور حالات پرسکون کرنے کے لیئے دو چار دن کراچی میں بسیرا کر کے اپنے ہی پرستاروں سے داد و عشرت پایئں گے کہ جناب نے کراچی کے واقعات کا بہت گہرا اثر لیا اور مسائل حل کرنے خود کراچی میں آگئے ھمارے ملک کے تمام حکام بالا اور سب لیڈر منافق ہیں کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ ہیں۔

    اللہ تعالیٰ سب کے گناہوں کو معاف کردے گا اس کی توبہ کے بدلے مگر منافق کو کوئی معافی نہیں ملے گی اور قرآن کریم میں اس بات کا اس طرح ذکر موجود ہے

    ”یقین جانو کہ منافق جہنم کے سب سے نچلے طبقے میں جائیں گے اور تم کسی کو ان کا مددگارنہ پاؤ گے”۔ (النساء-145)

  11. غمِ زندگی سناؤں میرا شہر جل رہا ہے
    میں خوشی کہاں سے لاؤں میرا شہر جل رہا ہے

    تمھیں یہ گلا ہے جاناں کہ مزاج کیوں ہیں برہم
    کہو کیسے مسکراؤں میرا شہر جل رہا ہے

    تمھیں عید کی خوشی ہے مجھے یاد ہے وہ لیکن
    میں یہ کیسے بھول جاؤں میرا شہر جل رہا ہے

    ہے ڈگر ڈگر وحشت ہے قدم قدم شہادت
    سر راہ ڈگمگاؤں میرا شہر جل رہا ہے

    میرا زخم زخم سینہ تو لہو لہو سفینہ
    میں نشاط کیسے پاؤں میرا شہر جل رہا ہے

    جہاں بے ایماں محافظ تو وہاں ہے خدا ہی حافظ
    تمھیں آئینہ دکھاؤں میرا شہر جل رہا ہے
    — ——————
    یہ میرا شہر کراچی
    ———————
    یہاں ہر شخص ہر پل ہدف ہونے سے ڈرتا ہے
    کھلونا ہے وہ مٹی کا فنا ہونے سے ڈرتا ہے
    شہر کے کسی کونے میں ایک معصوم سا بچہ
    بڑوں کی لاشیں دیکھ کر بڑا ہونے سے ڈرتا ہے
    عجب ہے زندگی کی قید میں اس شہر کا انسان
    رہائی مانگتا ہے اور رہا ہونے سے ڈرتا ہے
    —————————-
    اے کاش کہ ایسی بستی ہو

    امید ابھی کچھ باقی ہے
    ایک بستی بسنے والی ہے

    جس بستی میں کوئی ظلم نہ ہو
    اور جینا کوئی جرم نہ ہو

    وہاں پھول خوشی کہ کھلتے ہوں
    اور موسم سارے ملتے ہوں

    بس رنگ اور نور برستے ہوں
    اور سارے ہنستے بستے ہوں

    امید ہے ایسی بستی کی
    جہاں جھوٹ کاروبار نہ ہو
    دہشت کا بازار نہ ہو

    جینا بھی دشوار نہ ہو
    مرنا بھی آزار نہ ہو

    یہ بستی کاش تمھاری ہو
    یہ بستی کاش ہماری ہو

    وہاں خون کی ہولی عام نہ ہو
    اس آنگن غم کی شام نہ ہو

    جہاں منصف سے انصاف ملے
    دل سب کا سب سے صاف ملے

    ایک آس ہے ایسی بستی ہو
    جہاں روٹی زہر سے سستی ہو

    اے کاش کہ ایسی بستی ہو
    اے کاش کہ ایسی بستی ہو
    ———————
    جنگل کا دستور

    سنا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔!

    جنگلوں کا بھی کوئی دستور ہوتا ہے۔

    سنا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔!

    شیر کا جب پیٹ بھر جائے تو وہ بھی حملہ نہیں کرتا۔

    سنا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔!

    ہوا کے تیز جھونکوں میں

    مینا اپنے گھر کو بھول کہ کوّے کے انڈوں کو پروں میں تھام لیتی ہے۔

    سنا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔!

    گھونسلے سے جب کوئی بچہ گرے تو سارا جنگل جاگ لیتا ہے۔

    سنا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔!

    سیلاب آ جائے تو لکڑی کہ تختے پر سانپ، چیتا اور بکری ساتھ ہوتے ہیں۔

    سنو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔!

    منصفو !!!!!!!!!!!!!!!!!؟

    میرے شہرمیں بھی جنگلوں کا کوئی دستور لے آؤ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

  12. اسلام علیکم ساتھیو
    بہن شاھین صندر بھائی کی نظم بہت اچھی ہے اور حسب حال بھی ۔
    مگر جنہیں آئینہ دیکھنا ہے انہون نے تو اپنی آنکھیں سحتی سے بند کر رکھی ہیں ۔کہ کہیں چہروں کے مکروہ داغ نظر نہ آجائیں ۔
    کاش کوئی تو جھنجوڑ کر اٹھا دے ان سوئے ہووں کو ۔
    جعفر بھائی آپ کی بات با لکل حق ہے ۔سب سے بڑی خرابی ہی یہ ہے کہ کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ ہیں ۔
    منافقت نے ہی ہمارے ملک کی جڑیں کھوکلی کر دی ہیں ۔لیکن کسی کو اس پر سوچنے کی توفیق نہیں ہو رہی ۔کہ لوٹنے سے توجہ ہٹے تو کسی طرف دھیان دیں ۔دیکھ لیں بجلی اور پانی کے مقدمے کو ۔

    اللہ سب کو اپنی عافیت میں رکھے آمین
    عالم آرا

  13. دوستان عزيز ،سلامتی اور خوشی ، خوش حالی خوش بختی کی ھر دعا کے ساتھہ

    میرے برادر عزیز چشمی و عزیز قلبی صفدر رضا رضوی نے یہ نظم بھیجی تھی مگر شاعر کوئ اور ھے

    صفدر رضا رضوی بچوں کے لیے کہانیاں تحریر کرتے ھیں انکی دو تین کتابیں بھی شا‏‏يع ھوچکی ھیں اور انکی کتاب ماں کو ایوارڈ بھی ملا ھے ، بہت درد مند انسان ھیں ، بہت کم عمری سے پابندی صوم و صلاۃ کے ساتھہ قلم سے بھی جہاد کر رھے ھیں ۔میرے ديگر بھايئوں آصف احمد بھٹی ۔، محمد احمد ترازی ،جعفر حسین کی طرح ، اللہ پاک آپ سب کو اپنے حفظ وامان میں رکھے آمین ثم آمین
    اللہ پاک میرے وطن میں امن وامان قائم ھوجاۓ آمین

    ھمارے پیارے وطن پاکستان کو کوئ مخلص قیادت میسر آجاۓ آمین

    ھمارے ملک کو ھمشیہ عروج ملے آمین

    ھمارے ملک میں تعمیر وترقی کو فروغ ملے آمین

    ھمارے ملک سے فتنہ و فساد کا خاتمہ ھوجاۓ آمین
    ھمارے پیا رے وطن میں امن وامان ھوجاۓ آمین ثم آمین
    پاکستان زندہ باد

  14. السلام علیکم
    شاہین آپی ! صفدر رضا بھائی حساسیت ان کے ہر ہر لفظ سے عیاں ہے ، میں اسی لیے پر امید رہتا ہوں کہ مجھے معلوم ہے کہ ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیر ہے ساقی ۔ صفدر رضا بھائی اور ان جیسے سارے حساس لوگ اس ملک کا اصل سرمایا ہیں ، اور یہی سرمایا مجھے مایوس نہیں ہونے دیتا ، یہ لوگ مجھے تاریکی کے دوسرے سرے پر روشنی کی ایک کرن دکھاتے رہتے ہیں ۔ مجھے ایسے ہی لوگ پسند ہیں جو صرف غلطی کی نشاندہی ہی نہیں کرتے بلکہ آگے بڑھ کر اسے درست کرنے کی بھی اپنی سی کوشش کرتے ہیں ، حکمرانوں کو ہی برا بھلا کہہ دینے سے شاید فرض تو ادا ہو جاتا ہوں مگر تبدیلی اور بہتری کے لیے ہمیں صفدر رضا بھائی جیسے دوستوں کے ہاتھ مضبوط کرنے ہونگے ۔
    آصف احمد بھٹی

  15. السلام علیکم
    جناب جعفر حسین صاحب ، میں منافق اور منافقت کے بارے آپ کی بات سے پوری طرح متفق ہوں بلکہ آپ نے قرآن پاک کا حوالہ دے کر اپنی بات پر اللہ تعالی کی گواہی بھی ثبت کر دی ہے ۔ جزاکم اللہ خیر ۔
    اور یہ گواہی ہر ہر منافق پر پوری اترتی ہے ، اس میں چھوٹے بڑے کی کوئی تمیز نہیں رہے گی ، ہمیں اپنی قیادت سے ہر ہر منافق کو الگ کرنا ہو گا ، ہر مسلمان اور ہر پاکستانی کو تمام تعصبات اور اختلافات کو ایک طرف رکھ کر سنجیدگی سے سوچنا ہو گا ، اپنے ہر ہر قائد کے قول و فعل کے تضاد اور ابن الوقتی پر غور کرنا ہو گا ، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ یہ جو ہمیں لسانی اور مسلکی حصوں میں بانٹ رہے ہیں ، دسیوں سالوں سے جنہیں ہم لوگ منتخب کر کے ایوانوں میں بھیج رہے ہیں ، یہ تمام ابن الوقت کیا واقعی منافق نہیں ہیں ؟
    اور اگر ہم لوگ اب بھی اپنے ذاتی مفادات کے لیے ہمیں لسانیت اور مسلکی مسائل میں الجھانے والے اور ہم پر حکومت کرنے والوں کے کردار پر غور نہ کر سکے تو شاید بہت دیر ہو جائے گی ۔ یقین جانیں ہمارے بچے ان سب باتوں میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے ، مگر کل ہم ان کے سامنے جوابدہ ہونگے ۔
    آصف احمد بھٹی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *