سچ کی اذیت ہی یہی ہے کہ وہ اتنا اجلا ہوتا ہے کہ آنکھیں چندھیا دیتا ہے اور کڑک دار اتنا کہ دل ہلا دہتا ہے ۔ سچ کو ہی ثبات ہے اتنا جھوت اپنی بقا کی جنگ کا بگل بجا دیتا ہے ۔ یہ لڑائی ازل سے ابد تک کی ہے ۔ ہمارا لکھنا صرف ایک گواہی ہے جو سچ کے حق میں ہو گئی تو حشر میں سرخرو ہوئے ۔ سب سے پہلی بات یہ کہ کوئی بھی ماں باپ تہذیبی ، معاشرتی اور قانونی حساب کتاب سے اٹھارہ سال کی عمر کے بعد کے بچوں کے کسی کئے گئے اچھی اور بری بات کا زمیدار نہیں ہوتا ،ہاں صرف مذہبی حوالے سے اس کے اچھے برے کا گناہ ثواب صدقہ جاریہ کی صورت چلتا رہتا ہے ۔
چیف جسٹس کے بیٹے ارسلان نے جرم کیا ہے یا نہیں کیا ۔۔۔ اس سے چیف جسٹس کے اچھے برے کردار کو ملانا نہیں چاہئے ۔ ہمیں ہنوز انفرادی اچھائیوں کو مد نظر رکھنا چاہئے ۔ کیا اچھے ماں باپ کے گھر بری اولاد نہیں ہوتی یا پھر برے ماں باپ کی اچھی اولاد نہیں ۔۔ تاریخ سیکنڑوں مثالوں سے بھری پڑی ہے ۔
ہمیں اس وقت کا انتظار کرنا چاہئے جب تک فیصلہ نہیں آجاتا ۔۔ اور اس بات کو سراہنا چاہیئے کہ چیف جسٹس نے اپنے گھر کو قانون سے بالا تر نہیں سمجھا حالانکہ وہ چاہتے تو یہ معاملہ عدالت سے باہر ختم ہو سکتا تھا ۔ اب سچ اور جھوٹ کو اپنے اپنے حق میں گوائیاں تو لانی ہی ہیں ۔۔
ہمارا کام صرف اتنا سا ہے کہ دلائل سامنے رکھتے ہوئےاپنے دل و دماغ کو ٹھنڈا رکھنا ہے اور ہر مثبت اور سچی تبدیلی چاہے وہ زرہ برابر بھی ہو اس کا ساتھ دینا ہے ۔ اس کی گواہی دینی ہے کیونکہ اللہ کریم زرہ برابر نیکی بھی ضائع نہیں کرتا اور زرہ برابر گناہ کا بھی حساب لے گا ۔۔ اللہ سے دعا کرتی ہوں کہ انصاف کی کتاب کا یہ سنہرا باب سچے حروف سے لکھا جائے ۔

اس حوالے سے جناب ارشاد احمد عارف کی ایک خوبصورت تحریر دیکھئے
عنوان :وہ شمع کیا بجھے جسے روشن خدا کرے
بلی کے بھاگوں چھینکا ٹوٹا۔ ڈاکٹر ارسلان افتخار کو مالیاتی سکینڈل میں ملوث اپنے ہم نوالہ و ہم پیالہ دوستوں کے ماتحت ہوتے ہوئے قانون کے سامنے عزت دار، باوقار، انصاف پسند، روشن ضمیر والدنے لاکھڑا کیا مگر مسرت و شادمانی کے ڈنکے پیپلزپارٹی کی صفوں میں بج رہے ہیں۔ بیانات اور مطالبات ان لوگوں کی طرف سے آرہے ہیں جو احتساب، انصاف اور عدلیہ کا لفظ سن کر اڑنچھو ہوتے ہیں جیسے کو ّا تیر کمان سے۔ دعویٰ پھربھی یہی ہے کہ اس سازش میں حکومت ملوث نہیں۔ گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے گزشتہ روز ارشاد فرمایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے تک چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چودھری عہدہ چھوڑ دیں،طویل رخصت پر چلے جائیں، ہر معقول شخص اس مطالبہ کی تائید کرتا اگر این آر او فیصلے کے بعد صدر آصف علی زرداری توہین عدالت کے جرم میں سزا پر ،وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور این آئی سی ایل کیس میں چار کروڑ روپے کی برآمدگی پر مخدوم امین فہیم اقتدار کے ایوانوں کو الوداع کہہ کر تبلیغی جماعت کے ساتھ چلہ کاٹنے جا چکے ہوتے اور موصوف خود بھی ان کے ساتھ توبہ تلا میں مصروف نظر آتے۔
اپنے عظیم المرتبت والد کی قومی سطح پر عزت و توقیر، بین الاقوامی سطح پر احترام اور بااثر حلقوں میں موجود جذبہ انتقام کی پروا کئے بغیر ڈاکٹر ارسلان افتخار نے احمد خلیل، زاہد رفیق اور احمد حسین ایسے مشکوک کرداروں پر بھروسہ کیوں کیا جن کے بحریہ ٹاؤن سے تعلق، وزیراعظم ہاؤس سے رابطوں اور ملتان کے ترقیاتی منصوبوں میں شرکت سے پوری دنیا واقف ہے۔ وہ اپنے نادان دوستوں یا دانا دشمنوں کے مشورے پر فیلڈ مارشل ایوب خان کے صاحبزادے گوہر ایوب خان کی طرح کاروبار کی طرف مائل کیوں ہوئے، یہ کیوں بھول گئے کہ نامور باپ کے بچوں کو ہر قدم پھونک کر رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کے ہر قول و فعل کی زد ماں باپ پر پڑتی ہے اور والد گرامی کی بے پناہ عدالتی مصروفیات کے باوصف والدہ محترمہ نے برخوردار کی کارباری و سماجی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت کیوں محسوس نہ کی؟
یہ اہم سوالات ہیں جن کا جواب عدالتی تحقیقات میں سامنے آئے گا مگر یہ اعتراف ملک ریاض حسین کے علاوہ عدالت عظمیٰ کے سامنے پیش ہونے والے ہر شخص نے کیا اور عدالتی ریکارڈ بھی گواہ ہے کہ چیف جسٹس افتخار حمد چودھری کسی طور پر اس معاملے میں ملوث نہیں اور انہوں نے کسی کیس میں ریلیف نہیں دیا۔ عظمت کردار کے بغیر جرأت اور بے خوفی کسی کے نصیب میں کہاں؟ دوسری طرف یہ واضح اور ناقابل تردید حقیقت ہے کہ بیالیس مقدمات میں ریلیف نہ ملنے کے باوجود ڈاکٹر ارسلان پر سرمایہ کاری جاری رہی اور ان کی سرگرمیوں کی قدم قدم پر ویڈیوز بنتی رہیں۔ سیدھے سادے نہیں اصل میں نہ تو کئی کردار بیک وقت متحرک ہوتے ہیں نہ ان کی ڈاکومینٹیشن ہوتی ہے اور نہ کرسٹینا لیمب سے رابطے کئے جاتے ہیں بلکہ یہ ایک مکمل سازشی منصوبہ نظر آتا ہے جو تین سال قبل کہیں نہ کہیں تیار ہوا۔ ملک ریاض اور وزیراعظم ہاؤس سے وابستہ ارسلان کے دوستوں احمد خلیل اور زاہد رفیق نے چیف جسٹس کے صاحبزادے کو دوستانہ اعتماد کے جال میں پھنسایا اور عین اس وقت افشا کا فیصلہ کیا جب وزیراعظم کی نااہلی، میمو سکینڈل اور اس نوعیت کے دیگر مقدمات کے فیصلے آنے والے ہیں۔
سب جانتے ہیں کہ کرسٹینا لیمب کے پاکستان میں کس کس سے رابطے ہیں اور انہیں ماضی میں کن سرگرمیوں کی بنا پر ملک بدر کیا گیا تھا۔ اعتراف کرنا چاہئے کہ اس سازشی منصوبے میں میڈیا بری طرح استعمال ہوا اور منصوبہ سازوں کو اس حد تک کامیابی ملی کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی ذات اور خاندان پر سر عام تبصرے ہونے لگے تاہم انہوں نے از خود نوٹس اور بنچ سے علیحدگی اختیار کرکے مخالفین کا پہلا اور کاری وار ناکام بنا دیا ہے۔ کسی جج اور چیف جسٹس سے عدالتی ریلیف لینے کے لئے سرمایہ کاری، اس کے کسی عزیز کو ٹریپ کرکے ویڈیو فلمیں بنانا اور صدر مملکت کے علاوہ وزیراعظم کے وکیل سے تبادلہ خیال بذات خود جرم اور گہری سازش ہے جبکہ ارسلان کے سفری و خریداری اخراجات برداشت کرنے والے بھی عموماً وزیراعظم ہاؤس میں دیکھے جاتے ہیں، اس لئے اس سکینڈل کا ایک فریق تو اپنے ہی جال میں پھنس چکا ہے اور گہری سازش کا ثبوت بھی فراہم کر رہا ہے۔
البتہ ارسلان کو مجرم ثابت کرنے کے لئے قانونی ثبوت درکار ہیں لہٰذا کوئی شقی القلب اور خوف خدا سے عاری شخص ہی اپنے جذبہ انتقام کی تسکین کے لئے چیف جسٹس پر انگشت نمائی کرسکتا ہے مگر جن کے دل و دماغ پر ہمیشہ اپنے ذاتی، خاندانی اور سیاسی و گروہی مفادات کی دھن سوار رہتی ہے وہ تاخیری حربوں اور مخالفانہ تشہیری مہم کے ذریعے چیف جسٹس اور اعلیٰ عدلیہ دونوں پر دباؤ بڑھائیں گے اور عام انتخابات تک معاملے کو طول دینے کی کوشش کریں گے تاکہ سموک سیکرین میں اپنے مکروہ اور بدنما چہرے چھپا سکیں۔ اگر (1)عدلیہ متحد رہی، برادر ججوں نے دباؤ اور ترغیات کا مردانہ وار مقابلہ کیا کسی مصلحت کا شکار نہ ہوئے، عدل و انصاف کے ترازو کا پلڑا کسی کی طرف جھکنے نہ دیا۔ (2)مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف نے عدلیہ کا ساتھ دیا اور (3)میڈیا نے حکومت یا ضمیر کے خریداروں کے ہاتھوں استعمال ہونے سے انکار کر دیا تو یہ واقعہ آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف احتساب کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا۔ اپنے لخت جگر کو احتساب کے لئے پیش کرنے والا چیف جسٹس ہی بااثر اور طاقتور شخص سے اس کے اپنے اعمال اور بیٹوں، بھائیوں، بھتیجوں کے افعال کے بارے میں بے خوف و خطر باز پرس کر سکتا ہے کوئی اور نہیں اور یہی قوم کی دیرینہ خواہش ہے۔
اگر جمہوری قوتوں، آزاد عدلیہ اور فعال میڈیا نے کسی قسم کی کمزوری دکھائی تو کامیابی اپنی کالک عدالت کے چہرے پر ملنے والوں کو پھر بھی نہ ہوگی۔ غیر جمہوری قوتیں,1958 1977,1969اور 1999ء کی طرح مضبوط ہو کر ہمیں بری بھلی جمہوریت ، آزاد عدلیہ اور فعال میڈیا سے محروم کر دیں گی اورہم سرنگ کے آخری سرے پر ٹمٹماتی روشنی کو بجھا کر قوم کو مایوسی، بے یقینی اور بے بسی کی تاریکی میں دھکیل دیں گی کیا ہم سب اس کے لئے تیار نہیں؟ بالکل نہیں، ہرگز نہیں۔ چیف ترے جانثار، اٹھارہ کروڑ اور پچاس ہزار، عدل و انصاف کی یہ شمع بجھنے نہ دیں گے۔
آزاد عدلیہ کی بدولت ہی معاشرے میں گند کی صفائی ممکن ہے
چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس افتخار محمد چودھری نے اپنے بیٹے ڈاکٹر ارسلان افتخار کیخلاف کرپشن کے الزامات میں شروع کئے گئے ازخود نوٹس کیس سے خود کو الگ کرلیا ہے۔ اب اس کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے مسٹر جسٹس جواد ایس خواجہ اور مسٹر جسٹس خلجی عارف حسین پر مشتمل دو رکنی سپیشل بنچ کریگا۔ گزشتہ روز دوران سماعت فاضل چیف جسٹس نے باور کرایا کہ انہیں اپنے برادر ججزپر مکمل اعتماد ہے۔ اب لوٹ مار بند ہونی چاہئے اور چاہے انکا بیٹا بھی کیس میں ملوث کیوں نہ ہو، عدالت فیصلے صادر کرتی رہے گی۔ فاضل چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ اتنے بڑے بزنس مین کی جانب سے رشوت دینے کا مقصد کیا تھا۔ وہ 22 سال سے جج کے فرائض ادا کررہے ہیں اور انہیں ہمیشہ ہائی پروفائل کیس ملتے رہے ہیں۔ انکے پاس تو اپنا گھر اور گاڑی بھی نہیں۔ قرآن میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ آپ اپنی اولاد کے اعمال کے ذمہ دار نہیں۔ وہ اس کیس کی سماعت کے دوران اپنے بیٹے کو بیٹا نہیں کہیں گے بلکہ ایک شخص ارسلان عدالت کے سامنے کھڑا ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ وہ قسم کھا کر کہتے ہیں کہ انہیں ارسلان کے کاروبار کا علم نہیں۔ لوگ بڑی باتیں کرتے ہیں ۔کس کو کیا پتہ کہ اسکی زندگی کے دن کتنے ہیں۔ رب چاہے تو ابھی پانچ منٹ میں بلالے۔ اس کیس کی کارروائی کھلی عدالت میں ہوگی۔
اگرچہ ارسلان افتخار خود پر عائد ہونیوالے ان تمام الزامات کی نفی اور تردید کرچکے ہیں اور خود کو بے گناہ قرار دے رہے ہیں تاہم اب انکا معاملہ ایک باقاعدہ کیس کی شکل میں عدالت عظمیٰ میں پیش ہوچکا ہے اس لئے الزامات کے صحیح یا غلط ہونے کا فیصلہ اب عدالت نے ہی کرنا ہے تاہم چیف جسٹس آف پاکستان نے اپنے بیٹے پر کرپشن کے الزامات کا ازخود نوٹس لیکر اور پھر اس کیس کی سماعت کرنیوالے بنچ میں خود نہ بیٹھنے کا فیصلہ کرکے عدلیہ کی تاریخ میں جو درخشندہ روائت قائم کی ہے وہ بلاشبہ عدلیہ کی آزادی اور انصاف کی عملداری کے حوالے سے تاریخ کے اوراق میں سنہری الفاظ میں محفوظ رہے گی جبکہ عدلیہ کی آزادی کا سہرا بھی چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے ہی سر ہے جس کی پاداش میں مشرف کی جرنیلی آمریت کے دوران انہیں اپنے منصب سے معطلی اور پھر پوری عدلیہ کے پابند سلاسل ہونے کا سزا وار ہونا پڑا۔
ان کے بے باک اور جراتمندانہ کردار کے باعث ہی انکے خلاف شروع دن سے سازشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا اور مشرف کے دور میں پہلے دو وکلاءکو کھڑا کرکے انہیں بعض سکینڈلز کی زد میں لانے کی کوشش کی گئی اور پھر ان وکلاءکے عائد کردہ الزامات کی بنیاد پر ہی انہیں آرمی ہاﺅس میں طلب کرکے مشرف نے اپنے حق میں رام کرنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے باوردی جرنیلوں کے سامنے جرات انکار کا مظاہرہ کیا تو انہیں غیرآئینی طریقہ سے وہیں پر معطل کرکے گھر بھجوا دیا گیا اور پھر سپریم جوڈیشل کونسل میں انکے خلاف ریفرنس دائر کردیا گیا۔ اس ریفرنس میں سرخرو ہو کر وہ بحال ہوئے تو انکی موجودگی میں عدلیہ کی آزادی سے خوف محسوس کرنیوالے حکومتی اور غیرحکومتی عناصر نے انکے خلاف پھر سازشوں کے جال بننا شروع کردئیے اوران کے بیٹے ڈاکٹر ارسلان کے تقرر کے معاملہ کو بھی اچھالا گیا تاہم وہ کسی دھمکی یا الزام سے مرعوب ہونے کے بجائے انصاف کی عملداری کے عزم پر کاربند رہے، نتیجتاً جنرل مشرف نے 3 نومبر 2007ءکو ملک میں ایمرجنسی نافذ کرکے آئین معطل کردیا اور پی سی او کے تحت اعلیٰ عدلیہ کے تمام ججوں کو ازسرنو حلف اٹھانے کی ہدائت کی۔ آزاد عدلیہ کے باوقار ججوں نے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی قیادت میں اس جرنیلی غیرآئینی حکم کی تعمیل سے بھی انکار کردیا اور اس جرات انکار کی پاداش میں سپریم کورٹ کے ججوں کو گھروں میں نظربند ہونا پڑااور ہائیکورٹوں کے 60 سے زائد ججوں کو گھروں کو جانا پڑا۔
اس کے باوجود کہ وزیراعظم خود اور وزیراعظم کے بیٹے بھی عدالت کے بلانے پر متعدد بار کورٹ میں پیش ہوئے لیکن آزاد عدلیہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کرنے سے گریز کرتے رہے۔بالخصوص اپنے خلاف مقدمات کے فیصلوں سے روگردانی کرتے ہوئے آئین اور قانون کے تقاضوں کی بھی غلط تاویلیں پیش کرنا شروع کردیں جبکہ وزیراعظم گیلانی کیخلاف توہین عدالت کے کیس کے باعث تو حکمران پیپلز پارٹی اور اسکے اتحادی عدلیہ کے بالمقابل آگئے۔ اس کیس میں وزیراعظم کی سزا کے بعد سپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کی بنیاد پر سزا کیخلاف اپیل دائر نہ کرنے کا فیصلہ کرکے بھی عدلیہ کے فیصلے کو بائی پاس کرنے کی کوشش کی گئی۔
اس وقت چونکہ سپریم کورٹ میں حکومت اور بیوروکریسی کے ارکان کیخلاف کرپشن کے متعدد کیس زیرسماعت ہیں اور کرپشن کے بعض مقدمات کے فیصلے بھی حکمرانوں کو ناگوار گزرے ہیں جبکہ لاپتہ افراد اور مہران بنک سکینڈل کے حوالے سے بعض خفیہ اداروں کے معاملات بھی سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہیں اس لئے بادی النظر میں یہی محسوس ہوتا ہے کہ عدلیہ کو دبانے اور انصاف کی عملداری سے ہٹانے کی نیت سے موجودہ وقت کا انتخاب کرکے چیف جسٹس کے صاحبزادے سے متعلق سکینڈل منظرعام پر لائے گئے ہیں۔
اگر ڈاکٹر ارسلان پر عائد ہونیوالے الزامات میں صداقت ہے تو یقیناً وہ آزاد عدلیہ کے ذریعے قانون کے تقاضوں کے مطابق اسکی سزا بھگتیں گے جبکہ اس معاملے میں چیف جسٹس نے کسی لگی لپٹی سے کام لینے کے بجائے خود نوٹس لیا اور اب عدالت کے روبرو الزامات سامنے آنے پر انہوں نے ججز کے کوڈ آف کنڈکٹ کی دفعہ 4 کو مدنظر رکھتے ہوئے خود کو متعلقہ بنچ سے الگ کرلیا ہے اس لئے چیف جسٹس کے صاحبزادے کی وساطت سے آزاد عدلیہ پر گند اچھالنے کی کوشش کرنیوالے عناصر کو بھی یقین ہونا چاہئے کہ اس کیس میں بھی عدالت عظمیٰ کے روبرو انصاف کے تمام تقاضے پورے ہوں گے۔
اگر چیف جسٹس افتخار محمد چودھری اس معاملہ کا اپنے ازخود اختیارات کے تحت بروقت نوٹس نہ لیتے تو آزاد عدلیہ کو رگیدنے کیلئے سازشی عناصر کی چالیں کامیاب بھی ہوسکتی تھیں۔ فاضل چیف جسٹس نے اس معاملہ میں جہاں عدلِ جہانگیری کی یاد تازہ کی، وہیں خلفائے راشدین کے مروجہ انصاف کا ہماری آج کی سوسائٹی پر اطلاق ہونے کی بھی بنیاد رکھ دی ہے۔ اب توقع کی جاسکتی ہے کہ آزاد عدلیہ کی بدولت معاشرے سے کرپشن کی لعنت کا تدارک اور گند کی صفائی ممکن ہے۔ اس تناظر میں چیف جسٹس آف پاکستان کا بے خوف، بے لاگ اور ارفع کردار لائق تحسین ہے۔ اب ضروری ہے کہ سیاسی یا ذاتی مقاصد کی خاطر کسی پر بے سروپا الزامات لگانے اور بغیر کسی ثبوت کے ایسے الزامات کی میڈیا پر تشہیر کرنے کی روش کی بھی سرکوبی کی جائے۔
ایک طرف ”اندھا دھند“ کمائی ہوئی دولت بیرون ملک قیمتی اثاثوں اور ڈالروں کے پہاڑ ہیں تو دوسری طرف عزت و افتخار کی بلندیاں۔ ۔ ۔ ۔
بالآخر فتح کس کی ہوتی ہے یہ تو وقت ہی بتائے گا ۔ ۔ ۔ ۔ کیونکہ ابھی بلیک میلنگ کے راز فارش ہونے ہیں اورخرید و فروخت کی رنگین داستانوں نے ہماری نگاہوں کو خیرہ کرنا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ عام طور پر پاکستان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہاں ہر شے دولت سے خریدی جاسکتی ہے اور ہر شے بکتی ہے قلم، ذہن، ضمیر، سوچ عہدے ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
لیکن اب 65برس کے بعد اسکا فیصلہ ہونا ہے کہ کیا پاکستان میں ہر شے بکاؤ مال ہے۔ ۔ ۔ ۔؟ بہت سے مفروضے اور ”متھ“ غباروں کی مانند پھٹیں گے اور پاکستان کی تاریخ ایک نئی کروٹ لے گی۔ ۔ ۔ ۔ مجھے لگتا ہے کہ یہی میرے رب کی منشا ہے کہ پرانے مفروضوں کے غباروں سے ہوا نکالی جائے ۔ ۔ ۔ ۔حالات کو نئے سانچے میں ڈھالا جائے ۔ ۔ ۔ ۔جھوٹ، فریب، لوٹ مار، خزانہ چوری، عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ، بے انصافی اور لاقانونیت کے پیمانے بدلے جائیں۔ ۔ ۔ ۔افق سے ایک نئی صبح طلوع ہو۔ ۔ ۔ ۔ عمل طویل ہوتا ہے لیکن دیرپا۔ ۔ ۔ ۔
اگر آپ کو میری فریاد محض خوش فہمی اور حسن ظن لگے تو اپنی تاریخ کے اوراق پلٹ کر دیکھ لیں کیا کبھی ہماری تاریخ میں اتنے تھوڑے عرصے میں اتنے زیادہ واقعات کرپشن، لوٹ مار، بے انصافی، لاقانونیت، بلیک میلنگ وغیرہ کے سامنے آئے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ کیا کبھی یوں عوام کے ضمیر کو جھنجوڑا گیا ہے۔ ۔ ۔ ۔ کیا کبھی عدالتیں اتنی متحرک، جاندار، طاقتور اور آزاد رہی ہیں ۔ ۔ ۔ ۔کیا کبھی لوٹ مار، دھوکہ دہی اور بددیانتی کی داستانیں یوں سننے اور دیکھنے کو ملی ہیں۔ ۔ ۔ ۔؟
جب قدرت کو تبدیلی منظور ہوتی ہے تو اسکے لئے آہستہ آہستہ سامان پیدا کیا جاتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ آپ دیکھ لیں کیا جسٹس افتخار چودھری وہی ہیں جو مشرف کے سامنے حرف انکار سے پہلے تھے۔ ۔ ۔ ۔؟ وہ جسٹس افتخار چودھری علامہ اقبال کے الفاظ میں مر چکا جس نے مشرف کی بغاوت اور حکومت کا تختہ الٹنے کو نظریہ ضرورت کے مطابق جائز قرار دیا تھا۔ ۔ ۔ ۔
لیکن حرف انکار کے بعد ایک نیا افتخار چودھری جنم لے چکا جو پہلے سے مختلف ہے اور جو تنہا پاکستان میں کرپشن اور لاقانونیت کے خلاف جہاد کر رہا ہے ۔ ۔ ۔ ۔ چس نے اپنے بیٹے پر الزامات کا نوٹس لیا ہے اور اسے کٹہرے میں کھڑا کرکے خود متعلقہ بنچ سے الگ ہوگیا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔مجھے یقین ہے کہ اگر ارسلان پر لگائے گئے الزامات ثابت ہوگئے تواسے سزا ہوگی اور اس سزا سے افتخار چودھری کو سکون حاصل ہوگا ۔ ۔ ۔ ۔
ارسلان کی شہرت مشکوک تھی لیکن مسئلہ یہ نہیں۔ ۔ ۔ ۔ دراصل یہ مقابلہ ہے ایک بہت بڑی بلیک میلنگ کا چھوٹی بلیک میلنگ سے۔ ۔ ۔ ۔ بڑی بلیک میلنگ لوگوں کو خریدنے، ناجائز کام کروانے، حکمرانوں، سیاستدانوں، افسروں، جرنیلوں و غیرہ کی جیبیں بھرنے کی عادی ہے۔ ۔ ۔ ۔ اس نے اسی انداز سے دولت کے انبار لگائے ، اربوں بیرون ملک ٹرانسفر کرکے اثاثے خریدے اور بینک بیلنس کے پیٹ بھرے۔ ۔ ۔ ۔دہائی کے اندر اندر لاکھ پتی سے کھرب پتی بننا ایسا جادو ہے جو سر چڑھ کر بولتا ہے اور یہ ایسا جادو ہے جو جائز طریقوں سے الہ دین کا چراغ مہیا نہیں کرسکتا۔ ۔ ۔ ۔ اس دولت کے انبار تلے مظلوموں کا خون بھی ہے اور بے زبان شہریوں کے حلال طریقے سے کمائے گئے وسائل بھی۔ ۔ ۔ ۔ جو مختلف حربوں سے ہتھیائے گئے۔ ۔ ۔ ۔
حرص وہوس کے خزانے اس لئے بھرنے ضروری ہیں کہ کروڑوں خرچ کرنے ہیں لوگوں کو خریدنے کے لئے۔ ۔ ۔ ۔پھر جرنیلوں، فوجی افسروں ، حکمرانوں کے رشتے داروں وغیرہ وغیرہ کو نوکریاں دے کر اپنی ماتحتی میں بھی لینا ہوتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ حیف صد حیف ان جرنیلوں اور افسروں پر جو آٹھ آٹھ پلاٹ دوران سروس حاصل کرنے کے بعد بھی اپنی ہوس کو لگام نہیں دے سکے اور چند لاکھ کے عوض غلط کام کرنے کے لئے اپنی قیمت لگوا بیٹھے۔ ۔ ۔ ۔ پھر اس بے تحاشا کمائی گئی دولت سے صحافیوں، اینکر پرسنوں اور کالم نگاروں کے منہ بھی موتیوں سے بھرنے مطلوب ہوتے ہیں تاکہ بوقت ضرورت کام آئیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔
اب وہ کام آرہے ہیں، کسی کو پلاٹ ملے، کسی کو بیرون ملک فلیٹ، کسی کو دولت اور کسی کو نہایت قیمتی تحائف اور کچھ ضرورت مندوں کو گاڑیاں اور ان ضرورت مندوں میں حکمرانوں اور سیاستدانوں کے صاحبزادگان بھی شامل ہیں۔ ۔ ۔ ۔ آخر اتنی وسیع و عریض بلیک میلنگ نے ایک دن پھٹنا اور کھلنا ہی تھا۔ ۔ ۔ ۔ اچھا ہوا خود آپ اپنے جال میں صیاد آگیا ۔ ۔ ۔ ۔ خود ہی غصے اور انتقام کی آگ میں جل کر اس نے بم پر پاؤں دے مارا۔ ۔ ۔ ۔اگر قدرت کو حالات بدلنا مقصود ہے تو بلیک میلنگ کی ساری کہانیاں طشت ازبام ہوں گی۔ ۔ ۔ ۔ افسانے حقیت بنیں گے۔ ۔ ۔ ۔ جھوٹ پر پردے ڈالنے والے بے نقاب ہوں گے ۔ ۔ ۔ ۔دولت نے جن زبانوں کو قید کر رکھا ہے وہ خود بولیں گی۔ ۔ ۔ ۔ ۔
یہ بھی بعید نہیں کہ معاملہ آگے بڑھے تو لوٹ کھسوٹ، بلیک میلنگ، منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کی وارداتیں بے نقاب ہوں تو شاید بیرون وطن سے ڈالر اندرون ملک لانے کی کوئی سبیل نکلے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ جس انداز سے حالات کروٹ لے رہے ہیں اور نت نئے اسکینڈلز سامنے آرہے ہیں مجھے یہ حالات کی تبدیلی کا اشارہ لگتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ کیونکہ ہم بحیثیت قوم بہت بھگت چکے۔ ۔ ۔ ۔ بہت سزا برداشت کر چکے۔ ۔ ۔ ۔ اب حالات کو بدلنا چاہئے۔ ۔ ۔ ۔ قدرت کو ہم پر رحم آنا چاہئے۔ ۔ ۔ ۔
اسی لئے لوگ کہتے ہیں کہ یہ بہت بڑی اور گہری سازش ہے جس کا مقصدافتخار چودھری کو ”جہاد“ اور ”سچ“ کی سزا دینا ہے ۔ ۔ ۔ ۔ان اداروں سے انتقال لینا ہے جو ان کی مرضی کے مطابق نہیں چلتے۔ ۔ ۔ ۔ وقت بتائے گا کہ سازش کیا تھی۔ ۔ ۔ ۔؟ کون جیتا اور کون ہارا۔ ۔ ۔ ۔؟
قدرت کا قانون یہی ہے کہ بالآخر فتح سچ کی ہوتی ہے۔ ۔ ۔ ۔ ماضی میں پاکستان میں ایسا نہیں ہوتا رہا لیکن مجھے یقین ہے کہ انشاء اللہ اب ایسا ہی ہوگا۔ ۔ ۔ ۔ کیونکہ حالات بدلنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ ۔ ۔ ۔ قدرت کو ہم پر رحم آگیا ہے ۔ ۔ ۔ ۔صیاد خود اپنے جال میں پھنس گیا ہے ۔ ۔ ۔ ۔ لٹیرے خود بے نقاب ہونے والے ہیں ۔ ۔ ۔ ۔ بس آپ ذرا صبر کیجئے ۔ ۔ ۔ ۔
اور
کھلی آنکھوں سے بدلتا منظر دیکھتے رہئے۔ ۔ ۔ ۔ ۔
یقیناً
اللہ کریم زرہ برابر نیکی بھی ضائع نہیں فرماتا
اور
زرہ برابر گناہ کا بھی حساب لیتا ہے ۔ ۔ ۔ ۔
اللہ کریم زرہ برابر نیکی بھی ضائع نہیں فرماتا
اور
زرہ برابر گناہ کا بھی حساب لیتا ہے ۔ ۔ ۔ ۔
واقعی اگر انسان کی سمجھ میں یہ بات آجائے تو ذرا سوچیئے دنیا کیا سے کیا بن جائے.
پھر حج کا موسم آرہا ہئے اور شنید ہئے کہ ہر حاجی سے 2سو ریال بطور رشوت و صول کئے جائیں گے ایک سو حکومت کا بدنا م زمانہ ایجنٹ اپنی جیب میں رکھّے گا اور دوسرا سو اسٹاف کی بندر بانٹ میں خرچ کیا جائے گا ،
وائے انسان کہ تیری قیمت کتنی ارزاں ہئے کہ چار دن کی زندگی کے بعد قبر کی زندگی کا تصّور کئے بغیر ضمیر کو بیچنا تیرے لئے کتنا آسان ہئے زرا تو سوچ لے قارون اپنے ان خزانوں سمیت زین میں دھنس گیا جس کی چابیاں کئ سو اونٹوں پر لے کر چلتا تھا ،
شدّاد کی جنّت بھی اللہ نے کس گوشےء ارض میں چھپا دی اور شدّاد ملکلمو ت سےکہتا رہ گیا کہ ایک نظر اپنی بنوائ ہوئ جنّت کو دیکھ تو لو ں پھر روح قبض کرنا لیکن حیات و موت کے مالک سے اجا زت نہیں ملی
ایک منصف وقت بھی ہے اور شاید وہی بہترین منصف ہے جو ایسے فیصلے کرکے دکھاتا ہے کہ دیکھنے والے اور سہنے والے ششدر رہ جاتے ہیں۔ بہترین حکمتِ عملی یہی ہونی چاہیئے کہ جذبات کی رو میں بہنے کی بجائے صبر کا دامن تھاما جائے اور تسلی کے ساتھ وقت کے فیصلےکا انتظار کیا جائے، تاکہ حقیقت عیاں ہو سکے۔ مگر ہم پاکستانیوں کی روٹی اس وقت تک ہضم نہیں ہوتی جب تک اپنی رائے اور اپنے فتووں کی پھوہار سے مدِ مقابل کے چشمے آلودہ نہ کرلیں۔
ارسلان کے سلسلے میں بھی اس وقت ملک کا ہر ہر فرد بہترین وکیل اور انصاف پسند ترین جج بنا ہوا ہے۔ ہر طرف ایسا شور و غوغا ہے کہ جیسے صرف یہی ایک مسئلہ دنیا کا آخری مسئلہ ہے۔ جبکہ شاید حقیقت کچھ اور ہو۔ لوگوں نے میمو، بجلی، اصغر خان کیس، لاقانونیت، ٹارگٹ کلنگ، عصمت دری، تیزاب پاشی اور بنیادی انسانی حقوق کی دستیابی کو یوں یکسر فراموش کردیا کہ جیسے یہ تمام ہمالیہ پگھل گئے ہوں۔ یا پھر کھلونوں کے ان شوقینوں کو ایک اور نئے کھلونے سے بہلایا جا رہا ہو۔
لاکھوں کی ایک بات قمر بیٹے کی ایک بات،،،، یا پھر کھلونوں کے ان شوقینوں کو ایک اور نئے کھلونے سے بہلایا جا رہا ہو
۔
مدّت پوری ہونے تک پوری قوم ایک جھنجھنا اور بجاتی رہئے گی،
اسلام علیکم ساتھیو
بات یہ نہیں کہ کیا ہوا مجھے تو خوشی یہ ہے کہ ایک قدم تو اچھائی کی طرف بڑھا ۔کم از کم بڑوں کے بھی احتساب کا وقت تو آیا ۔
لیکن ایک بات عجیب ہے کہ صرف ایک ادارے سے تعلق رکھنے والے صحافیوں اور اینکرز کو دوست بنا یا گیا ۔ اب اس میں کیا منطق تھی یہ تو اللہ ہی جانے ۔
اب چاہئے یہ کہ جتنے ایسے کیس عدالت میں ہیں جن کا تعلق بڑوں سے ہے سب کو ہی نمٹانا چاہئے تاکہ ہمیں اپنے لئے کچھ سوچنے کا بھی موقعہ ملے ورنہ اسی تگ و دو میں انتخاب آجائینگے اور ہم پھر نہ جانے کن کن پر مہر لگا اآئینگے ۔
ضروری ہے کہ الیکشن سے پہلے پہلے یہ سارا جھمیلہ ختم کیا جاےتاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے ۔یہ محاورہ آج کل ہم بہت سُن رہے ہیں ہر سیاست دان کے منہہ سے ،جبکہ ہمیں لگتا ہے کہ اب تو دودھ میں بھی دودھ ڈھونڈے ہی سے نظر آتا ہے بس پانی ہی پانی ہے ۔
مگر اچھا قدم اُٹھے تو سراہنا ضرور چاہئے کہ ہمیں ایسے اقدامات کی بہت ضرورت ہے جو ہمارے اعتماد کو بحال کر سکیں ۔
تنقید اچھی بات ہے ضرور ہونی چاہئے لیکن جب کچھ اچھا ہو تو فراغدلی سے اسے اچھا بھی کہنا چاہئے ۔یہ میری سوچ ہے ۔
اللہ میرے ملک میں انصاف کا بول بالا کرے ۔ اور سب کو انصاف مل سکے آمین
بہن زائرہ یہ دکھ ہم جب تک سہتے رہینگے جب تک انصاف کو طاقت نہیں ملے گی ۔افسوس ہوتا ہے کہ حج جیسا عظیم فریضہ بھی ایماندار ہاتھوں میں نہیں ہے ۔یا پھر یہ ساری افواہیں ہیں ۔
عالم آرا
وینکور
میں قمر کے ہم خیال ہوں کہ ہمیں فیصلوں کا انتظار کرنا چاہئے ..
میں آپا سے صد فیصد متفق ہوں کہ ” تنقید اچھی بات ہے ضرور ہونی چاہئے لیکن جب کچھ اچھا ہو تو فراغدلی سے اسے اچھا بھی کہنا چاہئے ” کیونکہ یہ میری بھی سوچ ہے ۔
بجو ہم ہر وقت کے بہلائے گئے ہیں لیکن اس قوم کو معلوم اب ہوا ہے .. یہی تو ابتدائے شعور ہے .. اسی پر میں خوش بھی ہوں اور پر امید بھی .
احمد بھائی جزاک اللہ
چیف جسٹس کے صاحبزادے ارسلان افتخار کی مبینہ کرپشن کے ازخود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کررہا ہے ۔ سماعت کے آغازپراٹارنی جنرل عرفان قادر نے چیف جسٹس کے بینچ میں بیٹھنے پراعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی دفعہ سینتالیس کے تحت چیف جسٹس اس مقدمے کی سماعت نہیں کرسکتے۔ جس پر چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے ریمارکس دیئے کہ میں چیف جسٹس ہوں اور کسی کو بھی طلب کرسکتا ہوں۔ بیٹے کے معاملے میں بھی انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ آپ کے اعتراض کا ذکر فیصلے میں کریں گے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کیس کا فیصلہ قرآنی آیات کے مطابق کریں گے۔ اس موقع پر ملک ریاض کے پرنسپل سٹاف آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ ملک ریاض علاج کے سلسلے میں لندن میں ہیں اس وجہ سے نہیں آسکتے ان کی عدم موجودگی میں بحریہ ٹاؤن کے معاملات ان کے بیٹے علی ریاض سمیت دس افراد دیکھتے ہیں۔ جسٹس جواد نے اس موقع پرریمارکس دیئے کہ چیف جسٹس کا بیٹا بڑا آدمی نہیں ۔ سپریم کورٹ کے طلب کرنے پر ملک ریاض کے کاروبار کا تمام ریکارڈ اور ٹی وی اینکر پرسنز عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس کے بیٹے کے وکیل سردار اسحٰق نے عدالت سے استدعا کی کہ میرے موکل نے الزامات سے انکار کیا ہے۔ عدالت تاریخ دے تو جواب دیں گے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس کیس میں آپ کو لمبی تاریخ نہیں ملے گی۔ دوسری جانب ارسلان افتخار کا کہنا ہے کہ ان پر لگائے گئے الزامات انہیں بدنام کرنے کی سازش ہیں جبکہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے انہیں گھر سے بے دخل کرنے کی تصدیق کردی ہے۔
گوگل سرچ
ہمارا کام صرف اتنا سا ہے کہ دلائل سامنے رکھتے ہوئےاپنے دل و دماغ کو ٹھنڈا رکھنا ہے اور ہر مثبت اور سچی تبدیلی چاہے وہ زرہ برابر بھی ہو اس کا ساتھ دینا ہے ۔ اس کی گواہی دینی ہے کیونکہ اللہ کریم زرہ برابر نیکی بھی ضائع نہیں کرتا اور زرہ برابر گناہ کا بھی حساب لے گا ۔۔ اللہ سے دعا کرتی ہوں کہ انصاف کی کتاب کا یہ سنہرا باب سچے حروف سے لکھا جائے ۔
آہ ھم کتنے قہرزدہ عصر میں جی رھے ھیں جہاں ھر صبح ، صبح کاذب ھے ، ھر شے مشکوک ھے کوئ کسی پر یقین کرنے کو تیار ھی نیہں ، اس موضوع پر ھمارے بہت ھی باعمل با صلاحیت قلم کار محمد احمد ترازی بھائ نے بہت تفصیل سے اس کیس کے بارے میں لکھا ھے
، دیکھیے اس خیر و شر کی جنگ میں کس کی جیت ھوتی ھے ، ؟
اس کالم میں آپ جھوٹ پڑھیں گے۔ جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں پڑھیں گے۔ یہ میرا آپ سے وعدہ ہے، میں فطرتاً جھوٹا ہوں، جھوٹ بولنا میری عادت ہے۔ میں آپکو جھوٹے قصے سناؤں گا، آپ کو جھوٹی کہانیاں سناؤں گا۔ پچھلے 62 برسوں سے آپ نے صرف سچ سنا ہے، سچ پڑھا ہے اور سچ دیکھا ہے۔ آپ جھوٹ کا نام تک بھول چکے ہیں۔ میں آپ کو یاد دلاؤں گا کہ جس طرح سکّے کے دو رخ ہوتے ہیں اسی طرح سچ کے سکّے کا دوسرا رخ جھوٹ ہوتا ہے۔
آپ سوچ رہے ہوں گے کہ یہ باولا کون ہے جو کھلم کھلا جھوٹ بولنے کے درپے ہے۔ اس شخص کا ارادہ کہیں پاکستان پر حکومت کرنے کا تو نہیں ہے؟
آپ غلط سوچ رہے ہیں بھائی۔ میں حقیر فقیر قسم کا گندا بندہ ہوں، محکوم ہوں، میری کیا مجال کہ حاکم بننے کے خواب دیکھ سکوں۔ ہمارے ہاں حاکم بننے کیلئے آپکے والد کا حاکم ہونا ضروری ہے۔ میرے کہنے کا مطلب ہے کہ ہمارے ہاں ایم این ایز کے بچے این اے اور ایم پی ایز کے بچے ایم پی اے بنتے ہیں۔ انہیں میں سے وزیر، وزیراعلیٰ اور وزیراعظم بنتے ہیں۔ پاکستان میں وڈیروں، چوہدریوں، سرداروں ، پیروں اور مرشدوں کے خاندانوں کیلئے اسمبلیوں میں نسل در نسل سیٹیں مختص ہوتی ہیں۔ ساس، بہو، سسر بیٹے بیٹیاں، پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں، چاچے، مامے، کزن اور ٹیلنٹڈ کزن اسمبلیوں میں ایک ساتھ بیٹھے ہوئے نظر آتے ہیں۔ اب آپ خود ہی سوچیں کہ ان حالات میں مجھ جیسا حقیر فقیر پاکستان کا حاکم کیسے بن سکتا ہے۔ خاص طور پر جبکہ میری بیوی ابھی زندہ ہے۔
میں جھوٹ اس لئے بولنا چاہتا ہوں کہ میرے دل میں وطن اور وطن کے لوگوں کا درد ہے۔ اس سے پہلے وطن اور وطن کے لوگوں کا درد مجھے جگر میں محسوس ہوتا تھا۔ اس سے پہلے سارے جہاں کا درد مجھے جگر میں محسوس ہوتا تھا۔ تب میں گلی کوچوں میں گاتا پھرتا تھا۔
سارے جہاں کا درد ہمارے جگر میں ہے
پھر ایک کیا، دونوں جہاں کسی کی محبت میں ہار کے، ہم چل پڑے شب غم گزار کے۔ تب ایک جہاں کی جگہ وطن نے سنبھال لی۔ تب میں مارا مارا پھرتا تھا اور رک رک کر یہ کہتا تھا ”سارے وطن کا درد ہمارے جگر میں ہے“۔
ایک ڈاکٹر نے مجھے اپنے پاس بلایا اور کہا تھا ”بیٹا، تیرے جگر میں وطن کا درد نہیں ہے، تجھے ہیپا ٹائٹس سی ہوگیا ہے“۔
میں ڈرگیا تھا۔ وطن کا درد میں نے جگر سے دل کی طرف منتقل کردیا تھا۔ تب سے مجھے وطن کا درد جگر کی بجائے دل میں محسوس ہوتا ہے۔
پچھلے 62 برسوں سے عوام نے صرف سچ سنا ہے، سچ پڑھا ہے اور سچ دیکھا ہے۔ حکمرانوں نے عوام سے صرف سچ بولا ہے۔ سچ کی اس قدر بوچھاڑ اچھی نہیں ہوتی۔ تاریکی کے بعد آنے والی روشنی آنکھوں کو اچھی لگتی ہے۔ لگاتار روشنی میں رہنے سے آنکھیں چندھیا جاتی ہیں۔ ہم بینائی کھوبیٹھتے ہیں۔ لگاتار میٹھا کھانے سے آپ ذیابیطس کے مریض ہوجاتے ہیں، آپ کے گردے خراب ہوجاتے ہیں، آپ ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا ہوجاتے ہیں، آپ دبلے ہوتے جاتے ہیں اور ایک روز غائب ہوجاتے ہیں۔ ویسے بھی میٹھا کھانے کا مزہ کچھ پھیکا کچھ تیکھا، کچھ کڑوا کھانے کے بعد آتا ہے۔ حلوہ کھانے سے دانت کھٹے نہیں ہوتے۔ کچھ کھٹا کھانے کے بعد آپ جان جائیں گے کہ دانت کھٹے ہونا کس کو کہتے ہیں۔ اسی طرح اندھیرے کے بعد اجالا اچھا لگتا ہے، رات کے بعد دن اچھا لگتا ہے۔ جھوٹ سننے کے بعد سچ اچھا لگتا ہے۔
لگاتار استعمال میں رہنے کی وجہ سے بیچارہ سچ گھس گیا ہے، اپنی قدر کھوبیٹھا ہے۔ لوگ بھول چکے ہیں کہ جھوٹ کیا ہوتا ہے اور جھوٹا کسے کہتے ہیں۔ پچھلے دنوں رحمان ڈکیت کے ہلاک ہونے کی خبر آئی تھی۔ ہر خبر کی طرح یہ خبر بھی سچ تھی کیونکہ سرکار کبھی جھوٹ نہیں بولتی۔ اس کے بعد میں نے کئی مرتبہ اپنی گنہگار آنکھوں سے رحمان ڈکیت کو ٹیلیویژن پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے دیکھا ہے لیکن لوگ بضد ہیں کہ رحمان ڈکیت مارا جاچکا ہے۔ ان کے کان سچ سننے کے عادی ہوچکے ہیں، وہ سچ کے سوا کچھ نہیں سنتے۔
یہ تشویشناک صورتحال ہے، سچ سننے، سچ پڑھنے اور سچ دیکھنے کی اس قدر عادت اچھی نہیں ہوتی۔ سرکار تو آخر کار سرکار ہوتی ہے۔ انڈا دے یا بچہ دے۔ یہ سرکار کی مرضی پر منحصر ہے۔ کون جانے سرکار کس کروٹ بیٹھے اور جھوٹ بولنا شروع کردے۔ سرکار کے منہ سے لگاتار 62 برس سچ اور صرف سچ سننے کے بعد سرکار کے منہ سے ایک جھوٹ سننے کے بعد لوگ سکتے میں آجائیں گے۔ وہ اتنا بڑا صدمہ برداشت نہیں کرسکیں گے۔ پوری قوم کوما میں چلی جائیگی۔
ایسی بپتا پڑنے سے پہلے میں لوگوں کو ذہنی طور پر جھوٹ سننے کے لئے آمادہ کرنا چاہتا ہوں۔ بہت سچ سن چکی ہے یہ قوم!ْ نصف صدی اور اضافی بارہ برس چھوٹا عرصہ نہیں ہوتا۔ ایک شخص کے سینئر سٹیزن ہونے کے بعد سٹھیانے کیلئے اتنا عرصہ کافی ہوتا ہے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کی آبادی میں 35 فیصد لوگوں کے دماغ میں خلل ہے۔ ان اعدادوشمار میں یقیناً صداقت ہے۔ کوئی سبب تو ہے کہ چھوٹے بڑے موبائل فون پر پانچ روپے میں پوری رات بات کرتے ہیں، اور دن بھر دفتروں، دکانوں، اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اونگھتے رہتے ہیں اور خراٹے لینے لگتے ہیں۔ ان حالات میں میرا قومی فرض بنتا ہے کہ میں لوگوں کو جھوٹ سننے پر آمادہ کروں اور جھوٹ کا بول بالا کروں۔
ایک عرصے سے میں گلی کوچوں، سڑکوں، چوراہوں اور بازاروں میں صدا لگاتے پھرتا تھا ”ہے کوئی خدا کا نیک بندہ جو مجھے اپنے سمعی، بصری اور اشاعتی ادارے سے جھوٹ بولنے کی اجازت دے!“
کیا مجال کہ کسی کے کان پر جوں تک رینگتی، مجھے بعد میں پتہ چلا کہ انسان کے سر میں طرح طرح کی وبائیں اور بلائیں پڑجانے کے بعد جوؤں نے اپنا مسکن بدل لیا ہے، اپنا حلیہ تک تبدیل کرلیا ہے۔ اب جوئیں انسان کے سر میں رہنے کے بجائے سوٹ پہن کر اور ٹائی لگا کر سیکریٹریٹ میں رہنے لگی ہیں۔ یاد رہے کہ سیکریٹریٹ سرکار کا سر ہوتا ہے جس میں جوئیں سیکشن آفیسر، ڈپٹی سیکریٹری، جوائنٹ سیکریٹری اور سیکریٹری کا روپ دھار کر رہنے لگتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے ہاں حکومتیں اکثر اوقات سرکھجاتے نظر آتی ہیں۔
جس ملک اور معاشرے میں صرف سچ بولا جاتا ہو، ایسے ملک اور معاشرے میں جھوٹ بولنا اور سراسر جھوٹ لکھنا آسان کام نہیں۔ میں اپنے انجام سے واقف ہوں۔ جھوٹ لکھنے کی پاداشت میں ہوسکتا ہے مجھ پر کاروکارری کا الزام لگا کر مجھے قتل کردیا جائے۔
ہوسکتا ہے مجھ پر بلاسفیمی کی تہمت لگا کر میرا سر کاٹ کر تن سے الگ کردیا جائے لیکن میں دھن کا پکا ہوں، بچپن سے آج تک جتنے گانے میں نے سنے ہیں ان سب گانوں کی دھنیں مجھے یاد ہیں۔ خاص طور پر راگ درباری کی دھن گنگنانے میں اپنا ثانی نہیں رکھتا۔
لہٰذا مجھے کچھ بھی ہوجائے، حالات دگرگوں ہوجائیں، میں کہتا پھروں گا ”سچ کھپے“۔
چونک گئے نا؟ میں جانتا تھا آپ چونک جائیں گے۔ آپ سوچ رہے ہوں گے کہ یہ شخص جو جھوٹ بولنے اور جھوٹ لکھنے کے درپے تھا، اچانک ”سچ کھپے“ کیوں کہہ بیٹھا ہے! سچ چاہئے“۔
لفظ ”کھپے“ کے دو معنی ہیں۔ ایک معنیٰ سے آپ بخوبی واقف ہیں۔ تب اس لفظ کو بڑی پذیرائی ملی تھی جب صدر پاکستان آصف علی زرداری نے فرمایا تھا ”پاکستان کھپے“ یعنی ”پاکستان چاہئے“۔
اس کے بعد دوسری بوتل کھولیں گے“۔
ایک اور مثال : ”امریکی ڈالروں کا یہ انبار کھپے یعنی ختم ہوجائے، اس کے بعد دوسرے انبار پر ہاتھ ماریں گے“۔
اب آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ میں نے ”سچ کھپے“ کس حوالے سے استعمال کیا ہے۔
امر جلیل کا ایک کالم
اب اتنا بھی سچ نہ بولیں
ہاہاہاہا
شکر ہے قمر کو بھی ہنسی آئی ورنہ قمر تو ہر وقت استاد کی طرح لگتا ہے
ہاہاہاہاہاہاہاہا،،،،بہت دیر کی مہرباں آتے آتے ،شاہین حیدر کی پیش کردہ امر جلیل کی تحریر نے تو ماحول کو گل گلزار کر دیا ،سب بھول کر داستان کی بھول بھلیّوں میں کھو گئ جب تحریر ختم ہوئ تب پتا چلا میں سچ کہانی پڑھ رہی تھی
پیوستہ رہ شجر سے امّید بہار رکھ
میں بھی اپنے پیارے وطن کے لئےایک مثبت امّید کے ساتھ ہی جی رہی ہوں ،
انشاللہ میرے وطن پر بھی اللہ کی نظر کرم ہو گی
بہن عالم آراء سلامت رہئے ،یہ تو ہر دور میں ہوتا آیا ہئے خیر اور شر کی جنگ تو ہر زمانے کا وطیرہ ہئے ،لیکن یہ بھی ایک مسلّمہ حقیقت ہئے کہ قوموں کی تباہی اس وقت آتی ہئے جب وہاں سے ہدائت کے سلسلے اپنا کام کرنے کے بجائے خاموش ہو جاتے ہیں ،
خدا وند کریم ہم پر کرم اور رحم کرے آمین
اپنے سب محترم ساتھیوں اور بیٹوں ،بیٹیوں کے لئے بہت سی دعائیں
دعاگو زائرہ بجّو
اسلام علیکم ساتھیو
بہن زائرہ خوش رہئے سلامت رہئے ۔ ہم تو جب پیچھے مڑ کر دیکھتے ہیں تو یہ ہی لگتا ہے کہ برائی کو سہنا بھی ظلم ہے بالکل اسی طرح جیسے برائی کو چھپانا اور اس کے خلاف آواز نہ اٹھانا ۔ اب اگر آوازیں اٹھ رہی ہیں تو مجھے لگتا ہے کہ انہیں دبنا نہیں چاہئے جب تک کہ سچائی نکل نہ آئے ۔
مشکل صرف اتنی ہے کہ غلط بیانی اس قدر ہو گئی ہے کہ شاید ہمارے روز مرہ کا حصہ بن گئی ہے ۔جس کی وجہ سے ہم کسی بھی بات کا یقین نہیں کر پاتے ۔ یہ ہی وجہ ہے کہ افواہوں کا ایک ریلہ نکل پڑتا ہے اور اصل حقیقت تک پہنچنے کے لئے مہینوں انتظار کرنا پڑتا ہے ۔ میرا خیال ہے کہ ایسے مقدمات کا فیصلہ جلد از جلد آنا چاہئے تاکہ کردار کشی اور افواہیں دم توڑ دیں ۔
بس خوشی یہ ہے کہ کچھ تو بھلا ہونے جا رہا ہے ۔اللہ کرے کہ ایسے تمام مسائل جلد ہماری جان چھوڑ دیں ۔
کہتے ہیں بہت سے پردہ نشینوں کے نام آئینگے ۔بس دعا یہ ہے کہ ایک دفعہ تو پردہ اٹھ ہی جائے ۔
اللہ ہم سب پر فضل فرمائے ۔آمین
عالم آرا