ماں ….. از……….. ڈاکٹر نگہت نسیم

nn4

آج الحمدوللہ میری امی جی بفضل خدا تعالی ، بصدقہ حضور اکرم صلہ اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کی آل پاک اور آپ سب کی دعاؤں کے طفیل روبصحت ہیں ۔ یوں تو سب کو ہی اپنی اپنی ماں سب سے جدا اور پیاری لگتی ہیں پر پھر بھی ماؤں میں کچھ مائیں بلکہ جدا سی دکھتی ہیں ۔ ان میں سے ایک ماں میری ماں بھی ہیں ۔

میری ماں انتہائی صابر ہے ۔۔ انہوں سانحہ ایسٹ پاکستان میں گھر بار سب لٹا دیا تھا پر انہوں نے آج تک گلہ نہیں کیا ۔ عام عورتوں کی طرح عیش و آرام اور دولت زیوروں کو کبھی یاد نہیں کیا ۔۔ ہمیشہ کہتیں جو اپنے فضل سے دے سکتا ہے اسے پورا ختیار ہوتا ہے جب چاہے لے بھی لے ۔ وہ ایک ڈھارس کی طرح غربت میں سارے کنبے کو اپنے پروں میں سمیٹ کر بیٹھی رہی ۔

میری ماں انتہائی شفیق اور مہربان عورت ہیں ۔ انہوں نے نہ صرف ہمیں پالا بلکہ اپنے دیوروں اور نندوں کو بھی بہن بھائیوں کی طرح پالا اور ان کی شادیاں اپنے ہاتھوں سے انجام دیں ۔ حتی کہ ان وہ مقام بھی اللہ تعالی نے عطا کیا کہ میری چاچی جی خالدہ مرحومہ جنہیں میری ماں سے سے ماں اور بہنوں جیسا پیار تھا وہ کسی کو ان کی جگہ بیٹھنے نہ دیتی تھی کہ پہلے میری آپا جیسی بنو پھر ان کی جگہ پر بیٹھنا ۔

میری ماں ایک بہادر خاتون ہیں ۔ جب میں نے ڈاکٹر بننے کی خواہش کا اظہار کیا تو میری ماں پورے خاندان سے ٹکرا گئیں ۔ مجھے پڑھائی کے ہوسٹل رہنا پڑنا تھا جس کے لئے کوئی راضی نہ تھا ۔ اس وقت صرف میری ماں نے مجھ پر بھروسہ کیا اور اپنی دعاؤں کے آنچل کو پھیلا دیا۔ انہوں نے چلتے وقت صرف ایک بات کہی ۔ جب بھی کوئی کام کرنا ایک بات دھیان میں رکھنا تم اس خاندان کی لڑکیوں کے لئے بارش کا وہ پہلا قطرہ ہو جو گلشن کو مہکا بھی سکتا ہے اور اجاڑ بھی سکتا ہے ۔ تم اپنے پیچھے آنے والوں کے لئے راستے کھول بھی سکتی ہو اور ان کے راستے بند بھی کر سکتی ہو ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

میری ماں نے ہم سب کو مہر و وفا اور خدمت گزاری کا سبق دیا ۔ میں جب سسرال کے لئے گھر سے رخصت ہوئی تو میری ماں نے مجھ سے کہا بیٹی میری ایک بات ہمیشہ یاد رکھنا ۔۔ اگر تمہارے سسرال والے تمہیں کم کھلائیں تو یہ سمجھنا کہ انہوں نے بھی کم ہی کھایا ہو گا اور وہ تمہیں تمہاری حثیت سے کم رکھیں اور کم درجہ کا پہنائیں تو یقین رکھنا وہ بھی اسی سفر میں ہیں ۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے نم آنکھوں سے کہا کہ “ تم گھر داری کا ہر مقدمہ صرف مہر ومحبت اور وفا سے جیت سکتی ہو ۔۔۔۔

میری ماں گزشتہ سات برسوں سے بیمار ہیں ۔وہ چلنے پھرنے سے معذور ہیں انہیں بس ایک بات کا غم ہے کہ وہ اب خدمت گزار نہیں رہی ۔ وہ جیسے ابا جی کی پہلے خدمت کر پاتی تھیں اب نہیں کر پارہی ۔ ہم جب ان سے ملنے جاتے ہیں تو وہ بھاگ بھاگ کر ہم پر واری صدقے نہیں ہو پاتیں ۔ انہیں یہ غم بھی رہتا ہے کہ وہ مجھ سے ملنے میری پاس نہیں آ سکتیں اور ہر با رمجھے ہی آنا پڑتا ہے ۔

ہم آٹھ بہن بھائی ہیں ۔۔ ہم اپنی ماں پر جان نثار کرتے ہیں ۔۔۔۔۔ہم ان کے شفیق مہربان آنچل میں پروان چڑھے ہیں پر ہم میں سے کوئی ان کی سیرت و کردار کی گرد کو نہیں پا سکا ۔۔۔ اے اللہ سلامتی رکھ میری والدین پر ۔ ان پر ایسی ہی مہربانی فرما جیسی انہوں نے بچپن میں ہم پر فرمائی تھی ۔۔ الہی آمین

امی جی کو یاد کرتے ہوئے ایک نظم ہوئی ۔۔ آپ سب کی بارگاہ فکر میں نم آنکھوں سے پیش ہے

ماں
مجھے یا دہے وہ دن
جب میں نے
تجھے خود سے الگ دیکھا تھا
خود کو تجھ سے بڑا سمجھا تھا
اپنی عقل کل سے تیری محبت کو پرکھا تھا
اپنی گڑیوں کو تجھ سے “تیری نہیں “ کہہ کر چھینا تھا
خود کھانے کی ضد میں تیرے ہاتھوں کو جھٹکا تھا
تیرا ہاتھ پکڑنے کی بجائے دیواروں کو سہارا سمجھا تھا
میرے ہاتھ میں کئی کتابیں تھیں اور تجھے علم کی پڑی تھی
کتنی آسانی سے “تجھے کچھ نہیں آتا ماں “ یہ کہہ دیا تھا
اور
تو نے بھی تو ہنس کر کہہ دیا تھا ۔۔ مجھے بھی بتاؤ نا کیا لکھا ہے ان میں
وہ تیرا میرے ساتھ دن رات کا جاگنا
مجھے ہر آفت سے محفوظ رہنے کی دعا دینا
میری دوستوں کی لمبی فہرستیں ۔۔ اور تیرا مسکرا دینا
وہ میری لغزشیں
وہ میری نافرمانیاں
وہ میری نادانیاں
سب کچھ اپنے آنچل میں چھپا کر سب سے چھپا لینا
میری آنکھوں میں تیری یادیں دعاؤں کی صورت نم ہیں
میری اچھی ماں ۔۔ سنو ۔۔
میری بیٹی اب بڑی ہو گئی ہے
میری عقل اور سمجھ سے بھی بڑی ۔۔
مجھے معاف کر دو ماں ۔۔۔ بس ایک شکوہ ہے میراتجھ سے
میں تجھ جیسی ہوتی ۔۔ یہ دعا کیوں نہیں کی تھی ۔۔۔!

ڈاکٹر نگہت نسیم

12 thoughts on “ماں ….. از……….. ڈاکٹر نگہت نسیم”

  1. ظفر جب یاد آتی ہے مجھے ماں
    دعاؤں کے میں دفتر دیکھتا ہوں
    —————————————

    یہ ظفر خوش قسمتی ہوگی اگر مادر مری
    اور چھ کے ساتھ کرلیں زیرِ پا شامل مجھے

  2. بہت اچھی بہن اور عزيزترین دوست ڈاکٹر نگہت نسیم ماں جی گھر آگیں ھیں یہ بہت خوشی کی خبر ھے اللہ پاک انکا سايہ تادیر تم سب کے سروں پر قايم رھے امین ثم آمین
    اپنی والدہ ماجدہ کے بارے میں تمھارے تاثرات پڑھ کر بہت فخر ھوا واقعی جس گھر میں اتنی حمکت و دانش کی باتیں کرنے والی ماں ھوتی ھے اس گھر کا ھر بچہ خوب پھلتا اور ترقی کرتا ھے ، اور دنیا میں اپنا اور اپنے والدین کا اپنے خاندان کا اپنے وطن کا نام روشن کرتا ھے

    تمھاری نظم بہت اچھی ھے
    بلاگ میں ماں جیسی عظیم ھستی کا تذکرہ ھے
    اللہ پاک ھم سب کو والدین کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرماۓ آمین ثم آمین
    کہ جن بچوں سے والدین راضي رھتے ھیں ان سے رب راضی رھتا ھے
    ماں خوش ھوتی ھے تو لگتا ھے کہ کہکشاں زمین پر اتر آئ ھے
    ماں کا وجود راحت و شادمانی ھے
    ماں سکھہ چھاوں ھے
    ماں سراپا عطا ھے
    ماں ڈھارس و سہارہ ھے
    ماں کی ھستی بڑی انمول ھوتی ھے
    ماں جیسی دولت قسمت والوں کو ملتی ھے
    جو خوش بخت اس نعمت کی قدر کرتے ھیں
    اللہ پاک ان گھروں میں خوب برکت عطا فرماتا ھے
    ماں ھمشیہ معاف کرتی ھے
    ماں ھمشیہ بہت ایثار کرتی ھے
    ماں ھمشیہ خود دکھہ اٹھاتی ھے مگر اپنے بچوں کے لیے سکھہ کی دعا کرتی ھے
    ماں بچوں کو دیکھہ کر جیتی ھے خوش ھوتی ھے
    بچہ روتا ھے تو ماں بھی بے چین ھوجاتی ھے
    ماں کا دل کائنات کا سب سے خوبصورت اور حساس قلب ھوتا ھے جہاں صرف بچے کی خوشی اور اسکی بہترین تعلیم وتربیت ھی ماں کا محور و مقصود ھوتا ھے
    ماں کا وجود برکت و راحت
    ماں کا وجود سعادت و چاھت
    ماں کا وجود سراپا شفقت
    ماں سراپا محبت
    اللہ پاک ساری ماوں کو سلامت رکھے آمین ثم آمین

  3. ظفر جب یاد آتی ہے مجھے ماں
    دعاؤں کے میں دفتر دیکھتا ہوں
    —————————————

    یہ ظفر خوش قسمتی ہوگی اگر مادر مری
    اور چھ کے ساتھ کرلیں زیرِ پا شامل مجھے
    ظفر جعفری بھائ بہت خوب
    یہ تو بس ماں کی محبت میں کہے گیے الفاظ ھیں جنکا کوئ مول نیہں ھے
    سلامت رھیں

  4. اللہ تعالی نے ماں کے دل کو محبت کے ایک بہت خاص خمیر سے بنایا ھے

    اس کائناتی قلب میں اپنے بچے کے لیے جو طلسماتی پیار کا انمول جذبہ بھر دیا ھے وھی جذبہ بچے کو اپنی آغوش میں لینے کی سرشاری ماں کو 9 ماہ تک دکھہ جھلینے کی ھمت عطا کرتا ھے ماں کی آغوش سے بڑی کر کوئ پرسکون جگہ نیہں
    بچہ چاھے نیوبورن ھو
    یا 60سال سے زا‏ئد کا ھر ایک کو ماں کی ضرورت رھتی ھے
    میں ابھی اس بلاگ کو دیکھہ کر سوچ رھی تھی کہ ماں یغنی الام کا مرتبہ کتنا افضل ھے
    کہ اللہ تعالی نے قران کریم کو بھی ام الکتاب کہا ھے

  5. قرآن کریم والدین کے ساتھ احسان ونیکی اور ان کے حقوق کی رعایت پہ تاکید کرتے ہوئے دو مستقل آیتوں میں ماں کے مقام اور حمل کے دوران اس کی غیر عادی زحمات کی طرف اشارہ کررہا ہے اور حمل کے زمانے کو بہت سخت زمانے کے نام سے یاد کرتا ہے۔

    ” ووَصّینا الانسانَ بوالدیہِ ، حملتہُ امّہ وھنا علی وھن وفصالہ فی عامین ان اشکُر لی وَلوالدیک الیّ المصیر”[1]

    ہم نے انسان کو اس کے ماں باپ کے متعلق نصیحت کی ہے کہ اس کی ماں مصائب برداشت کرتے ہوئے اس حمل میں رکھا اور اس کے دودھ پینے کی مدت دو برس ہے کہ اے انسان تو میری اور اپنے ماں باپ کی شکر گزاری کر(اور تم سب کو) میری ہی طرف لوٹ کر آنا ہے۔

    ایک اور مقام پہ قرآن فرماتا ہے :

    ووَصّینا الانسان بوالدیہِ احساناً حملتہُ امّہ کُرھاً ووَضعتہُ کُرھا”[2]

    ہم نے انسان کو اپنے والدین کے ساتھ حسن سلوک کرنے کا حکم دیا ہے ،اس کی ماں نے اسے تکلیف جھیل کر پیٹ میں رکھا اور تکلیف برداشت کر کے اسے پیدا کیا۔

    ماں ایک ایسی ہستی کا نام ہے جو اپنے بچے کی خاطر تمام تکالیف برداشت کرلیتی ہے اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ اپنے بچے سے محبت کرتی ہے اگر اس کے دل میں محبت نہ ہوتی تو وہ ہر گز سختیاں برداشت کرنے کے لئے تیار نہ ہوتی لہذا ماں کا مقام بہت بلند ہے جسے صرف قرآن ہی میں نہیں بلکہ روایات میں تلاش کیاجاسکتا ہے ماں کے حق کے متعلق روایات میں بھی بہت زیادہ تاکید کی گئی ہے، امام صادق علہ السلام نے منقولہ ایک حدیث میں ہم پڑھتے ہیں کہ ایک انسان پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں آیااور کہنے لگایارسول اللہ ! میں کس کے ساتھ نیکی کروں ؟اپنی ماں کے ساتھ،اس نے عرض کیا اس کے بعد،آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا، اپنی ماں کے ساتھ،تیسری بار پھر اس نے عرض کیا اس کے بعد؟آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پھر فرمایا اپنی ماں کے ساتھ نیکی کرولیکن چوتھی بار اس نے عرض کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا اپنے باپ کے ساتھ ۔[3]

    امام سجاد علیہ السلام اپنے رسالہ حقوق میں ماں کے حق کو بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں : ماں کا ادا کرنا انسان کے لئے ناممکن ہے لیکن اگر خدا وندمتعال کی توفیقات اس کے شامل حال ہوجائیں تو تب انسان ماں کے حق کو ادا کر نے پہ قادر ہوپائے گا کیونکہ ماں نے حمل کے دوراں جو سختیاں اور مشکلات برداشت کی ہیں اس کے علاوہ بچے کی پیدائش کے بعد جو زحمات اور فداکاریاں انجام دیتی ہے ان کی تلافی نہیں کی جاسکتی۔
    گوگل سرچ

  6. والدین کے ساتھ حسن سلوک اور ان کے حقوق کی ادائیگی کے لئے قرآن حکیم اور احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں واضح احکامات ہیں۔ ماں کے حقوق کی ادائیگی کو اسلام نے خصوصی اہمیت دی ہے اور بندے کے لئے اللہ کی محبت کو سمجھانے کے لئے بھی اس نے ماں کی محبت کی مثال دی ہے کہ وہ ماں سے سترگنا زیادہ پیار کرتا ہے۔ جنت ماں کے قدموں کے نیچے ہے کا مطلب ہے کہ ساری عبادتیں مل کر بھی ماں کی خدمت کے برابر نہیں ہو سکتیں اس لیے مرتے دم تک اس حق کی ادائیگی میں ہمہ وقت مستعد رہنا چاہیے، اس سے ہماری زندگیوں میں پایا جانے والا بگاڑ اور بے سکونی کا خاتمہ ہو گا

  7. ماں کا وجود روشنی اور خوشبو ہے، روشنی اور خوشبو کو قید کر کے نہیں رکھا جاسکتا۔ اسی لئے ماں کی محبت کے دائرہ کار میں پوری دنیا سمائی ہوئی ہے۔ ماں کی فطرت امن، تحفظ اور محبت کی تمنائی ہے۔ ماں وہ عظیم ہستی ہے جو محبت میں حاصل کرنے کی بجائے سپردگی کا جذبہ رکھتی ہے۔

    اسلام نے دنیا میں سب سے زیادہ والدین کی اطاعت کو اہمیت دی ہے اور یہاں تک حکم دیا ہے کہ اگر ماں اور باپ دونوں میں سے کوئی تمہارے سامنے بوڑھا ہو جائے تو اسے اُف تک نہ کہو۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی معاشرے کی معیشت برباد ہوتی ہے تو اس میں انسانی رشتوں کا بھی وہ مقام نہیں رہتا جو حقیقت میں ہونا چاہیے۔ ہمارا یہ ٹوٹتا ہوا سماج بہت سی تبدیلیوں کا شکار ہو رہا ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ ماں کا مقدس رشتہ ہمیشہ سب سے زیادہ قابل احترام رہا ہے۔ لفظ ماں ایک ایسے احساس کا اظہار ہے جس سے دل و دماغ کو سکون ملتا ہے۔ ماں کا ذکر لبوں پر آتے ہی خوشی سی چھا جاتی ہے۔

    اسلام میں خالق حقیقی رب العالمین کے بعد خالق مجازی ماں اور اس کی مامتا کو سب سے عظیم گردانا جاتا ہے۔ خالق کائنات نے خلوص و وفا اور ایثار و محبت کی اس پیکر کو پوری انسانیت کیلئے رحم و کرم اور انس و محبت کا منبع بنایا ہے۔

    ۔ ماں کائنات کی سب سے قیمتی متاع اور سب سے عظیم سرمایہ ہے اس کی شفقت، محبت اور خلوص و وفا کسی تعارف کا محتاج نہیں۔
    گوگل سرچ

  8. ماں جو اللہ سبحانہ و تعالیٰ کا دیا ہوا وہ سب سے حسین اور خوبصورت تحفہ ہے جس کے بغیر کائنات کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔
    خدائے بزرگ و برتر اسی انسان کو زندگی کی عظمت اور بے حد و حساب نعمتیں، ترقیاں اور مقام عطا فرماتاہے جو ماں کی محبت اور چاہت کو زندگی بھر اپنے ایمان کا جزو بنائے رکھتا ہے ۔’’کیا اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی طرف سے یہ ماں کی عظمت کا سب سے بڑا اعتراف نہیں کہ روز قیامت اللہ تعالیٰ ہر بنی نوع انسان کی شناخت اس کے مقام اور مرتبے سے نہیں، اس کے قبیلے سے نہیں بلکہ صرف اور صرف اس کی ماں کے نام سے کرے گا۔ قرآن پاک میں اللہ کا فرمان ہے’’ میرے سوا کسی کی عبا دت مت کرو اور اپنے والدین کے ساتھ مہربان رہو‘‘ اس سے بلند رتبہ ماں باپ کا کیا ہو سکتا ہے کہ خدا نے اپنی وحدانیت کی تقلید کرنے کے ساتھ ماں کے ساتھ مہربانی سے پیش آنے کا حکم دیا ہے۔ ماں باپ کا نا فرمان اگر خود کو کامیاب اور مشہور گرداننے لگتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے کیونکہ وہ ہر وقت اللہ کے قہر کے نشانے پر رہتا ہے۔ ماں جو اپنی اولاد کی خاطر اپنی ذات تک کی نفی کر دیتی ہے، ماں جس کے دل کے متعلق کوئی کچھ نہیں بتا سکتا کوئی جان نہیں سکتا اور نہ ہی کوئی سمجھ سکتا ہے بلکہ سچ یہ ہے کہ ماں خود کو بھی نہیں جان سکتی۔ ماں کا دل اللہ تعالیٰ نے اس خاص انداز میں ترتیب دیا ہے کہ جس کی وسعتیں اس قدر بے کراں ہیں کہ اس میں دنیا بھر کا پیار، محبت، ایثار اور قربانی سمٹ کر رہ گیا ہے۔ ماں جس کے پیار میں کوئی غرض پوشیدہ نہیں ہوتی اگر ایک پرندے اور جانور کو اپنی اولاد کی پرورش کرتے ہوئے دیکھیں تو اسے ان سے کس چیز کا صلہ یا کس قسم کی امید ہوسکتی ہے اسی لئے اللہ رب العزت اپنی

    کتاب مبین میں ارشاد فرماتا ہے’’اور کہہ کہ اے پروردگار ان پر رحم فرما اسی طرح جیسے انہوں نے بچپن میں مجھے پالا‘‘۔ (سورہ بنی اسرائیل) اللہ اپنے بندوں سے اپنی بے مثل محبت کا اظہار بھی ماں کی مثال سے منسوب کرتے ہوئے دیتے ہیں شاید یہی وجہ ہے کہ عمر کے اس حصے میں بھی جب کبھی مجھے اپنی ماں کے پاس جانا ہوتا تو مجھے ایسا لگتا کہ میں ایک دن کابچہ ہوں اور اس بھری دنیا میں میری ماں ہی ایسی ہے جو میری سب سے زیادہ پْرخلوص دوست ہے جو خدا کے بعد میری ہر کمزوری اور ہر راز سے واقف ہے لیکن خدا کی طرح وہ اسے کسی پر ظاہر نہیں کرتی حتیٰ کہ مجھ پر بھی نہیں۔میں سچ کہتا ہوں کہ ’’دنیا کی کوئی بھی جنت ماں کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی‘‘ رتوں کے بدلنے سے، موسموں کے آنے جانے سے، دنوں کے الٹ پھیر سے، زمانے کے تغیرو تبدل سے بہت کچھ بدل جاتا ہو گا مگر ماں کی جدائی کا گھاؤ نہ تو بھرتا ہے اور نہ ہی حالات و واقعات کی کروٹیں ماں کی جدائی کے صدمے سے توجہ ہٹا سکتی ہیں۔ گود سے گور تک ماں کے سوا اورکچھ

    نہیں یہ دنیا اس قدر دلفریب اور رنگین ہے کہ انسان سب کچھ بھول کر اس کی رعنائیوں میں کھو کر رہ جاتے ہیں مگر یہ سب کبھی بھی اس ماں کا نعم البدل نہیں بن سکتے جو دنیا کیلئے سب سے خوبصورت اور فطرت کا سب سے رنگین تحفہ ہے۔ میری ماں کا تعلق ماؤں کے اس قبیلے سے تھا جو اولاد کو ہر وقت اپنے اندر سموئے رکھتی ہیں ایسی ماں جو محبتیں لٹانے والی شفیق مہربان اور اپنے اندر چاہتوں کا سمندر لئے ہوئے ہوتی ہیں۔ ماں کوئی بھی ہو اپنی اولاد کیلئے نعمت عظمیٰ سے کم نہیں۔ فرمان رسول اللہ ہے کہ اگر میں اپنے والدین یا ان دونوں میں سے کسی ایک کو پا لیتا اور میں نماز میں سورۃ الفاتحہ پڑھ چکا ہوتا تو اس حالت میں اگر میری ماں مجھے آواز دیتیں تو میں نماز چھوڑ کر انہیں فوراً جواب دیتا ’’اماں جی میں حاضر ہوں‘‘ کس قدر عظیم نام ہے ماں اور کتنی عظیم ترین ہے ماں کی مامتا خود ذات باری نے صفا اور مروہ کی پہاڑیوں کو ماں کی محبت اور ایثار کی علامت کے طور پر قابل احترام بنا دیا ورنہ ان دو پہاڑیوں میں کیا تھا سو ائے اس کے کہ وہاں ایک متفکر ماں اور پریشان ممتا اپنے بیٹے حضرت اسماعیلؑ کی پیاس سے تڑپتی ہوئی آواز پر پانی کے چند قطروں کیلئے تپتی ہوئی ریت اور دہکتی ہوئی سنگلاخ چوٹیوں کے اردگرد بھاگتی رہی ایسی عظیم ماں کے وہ سات چکر جو اس نے صرف اور صرف اپنی مامتا کی پیاس بجھانے کیلئے اس بے آب و گیاہ تپتے دہکتے صحرا میں لگائے تھے اللہ سبحانہ و تعالیٰ کو اس قدر بھا گئے کہ ننگے پاؤں سخت ترین گرمی میں ننھے اسماعیلؑ کیلئے پانی کی تلاش میں دیوانہ وار ادھر ادھر بھاگتے ہوئے ان سات چکروں کو قیا مت تک تمام مسلمانوں کیلئے باعث حج بنا دیا۔ماں کی بے ادب اور گستاخ اولاد اس بات پر غور کیوں نہیں کرتی کہ ’’ اللہ اور اس کے رسول پر ایمان رکھنے والوں کیلئے قیامت تک جاری و ساری رہنے والا بیماریوں سے شفا دینے والا آب زم زم کا تحفہ کیا پروردگار عالم کی طرف سے روز حساب کے مالک کی طرف سے اولاد کیلئے ایک ماں کی وارفتگی کا انعام نہیں، احترام نہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ دنیا کی کوئی بھی جنت ماں کے بغیر نا مکمل رہتی ہے!
    گوگل سرچ سے استفادہ کیا ھے

  9. معزز دوستو یہ بلاگ اس لئے لکھا کہ ہم سب مل کر اپنے والدین کے احسانوں کو یاد کریں . ان کا شکریہ جتنا ہو سکے ان کی حیات میں بھی ادا کر یں … آپ سب سے التماس ہے کہ اپنے اپنے والدین کے بارے میں لکھئے . ان کی اچھی باتیں ہمیں ببھی بتایئے .. کیا پتہ ان کی کہی ہوئی کوئی بات ان کے لئے صدقہ جاریہ بن جائے .. اپنے اسلاف سے ملنے کا .. ان کی اعلی اقدار دوسری نسل تک منتقل کرنے کا اس سے اچھا اور موقع کیا ہو گا …

    شاہین تمہاری محبتوں کی شکرگزاری ممکن ہی نہیں .. تمہارے فون نے بہت بہت خوشی دی اور حوصلہ دیا .. سلامت رہو

    ظفر بھائی آپ کی آمد مجھے کتنی خوشی دیتی ہے اس کا آپ سوچ بھی نہیں سکتے .. اللہ کریم آپ کو صحت و سلامتی عطا کرے .
    الہی آمین

  10. اسلام علیکم
    بہن نگھت نسیم آپ سب کو والدہ صاحبہ کا صحت یاب ہونا بہت بہت مبارک ہو ۔اللہ ان لکا سایہ آپ سب کے سر پر ہمیشہ ہمیشہ قائم رکھے آمین
    عالم آرا
    وینکور

  11. بہت نگہت اسلام علیکم ورحمہ۔ میری طرف سے امی کی صحت یابی پر دلی مبارکباد قبول کرو اور میرا بھی سلام عرض کردو ۔ کیونکہ وہ تمہارے رشتہ سے میری بھی ماں ہیں کہ تمہیں بہن جو بنا یا ہے یہ انکشاف تم نے آج کیا کہ تم لوگ مشرقی پاکستان میں رہے ہو۔ میں نے تو 54 19 میں اسے چھوڑدیا تھا۔ میرطرف سے میری پرانی نظم ماں پیش َ خدمت ہے۔

    ہے نوید ِ صبح وہ خود زندگی کی شام ہے
    ماں کہ اک سایہ بھی ہے، راحت بھی ہے ،آرام ہے

    جس کے قد موںمیں ہے جنت اس کو ہی کہتے ہیں ماں
    وہ خدائے لم یزَ ل کا اک بڑا انعام ہے

    بات چھوٹی ہو مگرخود ہی تڑپ جاتی ہے ماں
    محسن ِ انسانیت ، چارہ گر ِ آلام ہے
    ! خود تو گیلے میں رہے کہ نیند بچوں کی عزیز

    سر ہے پٹی پر کبھی پینتی میں بھی بسرام ہے

    سچح ہے کہ تعریف ِ ماں آساں نہیں ممکن نہیں
    ماں سے ہے ممتا بنی ، یہ چاہتوں کا نام ہے

  12. ماں

    میں ڈھونڈتا ہی رہتا ہوں لمحات عید کے
    آکر چلے بھی جاتے ہیں دن رات عید کے
    دیتی تھی ماں دعائیں، ہوئ جب سے وہ جُدا
    باقی ظفر رہے نہ وہ جذبات عید کے
    ————————-
    ماں کے آنسو

    اِن آنسؤں کا رتبہ کیا پوچھتے ہو میں نے
    جب بھی مجھے ملے ہیں اِن سے وضو کیا ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *