انٹر نیٹ کا نیا اسلوب

انٹر نیٹ کا نیا اسلوب
عالمی اخبار کے شکریے کے ساتھ میری ایک کتاب جلد ہی منظر عام پر آرہی ہے جس میں عالمی اخبار کے بلاگ پر اسلوب ے نقطہ نظر سے بحث کی گئی ہے ۔ اس حصے کی تحریر کو آپ کے سامنے پیش کر رہا ہوں۔

زبان و ادب کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ جس قدر تبدیلیوں سے گزرتا ہے اسی قدر اس کی زندگی میں توانائی آتی ہے۔ جو زبانیں جامد و ساکت ہوگئیں وہ دم توڑتی گئیں اور تاریخ کا حصہ بن کر رہ گئیں ۔ زبان میں تبدیلیوں کا مطلب ہے کہ اس میں الفاظ ، ضرب الامثال اور محاورات کی شکل میں ذخیرہ ٴ الفاظ میں اضافہ ہوتا رہتا ہے ۔ کئی الفاظ معنی کےسطح پر بھی تبدیلیوں سے گزرتے ہیں ۔یہ لسانی عمل ہر زندہ زبان میں چلتا رہتا ہے۔اس کے علاوہ زبان و ادب کے لیے یہ بھی لازم ہے کہ وہ زمانے کے تقاضوں سے ہم آہنگ رہے ۔ عصری تقاضوں کو اگر کوئی زبان یا ادب نظر انداز کرتا ہےتو اس زبان کا رواج محدود ہوتا جاتا ہے ۔اسی لیے ہر زمانے میں زندہ زبان اور ادب نے اپنے تبدیلیوں کو ہر سطح پر قبول کیا ہے ۔

عہد حاضر کا معاملہ یہ ہے کہ یہ دور تبدیلیوں کا دور ہے ہر لمحہ زندگی میں نت نئی تبدیلیاں آرہی ہیں جو سب کے سب نئی ٹکنالوجی کے سبب ہے ۔ آج کے دور اس معنی میں بھی الگ ہے کہ ہمارے معاشرے پر صرف اپنے خطے اور قرب و جوار کا اثر نہیں مرتب ہوتا بلکہ عالمی سطح پر جو کچھ ہو رہا ہے اس کے کچھ نہ کچھ اثرات ہر معاشرے پر مرتب ہوتے ہیں کیونکہ آج کی دنیا ایک گلوبل گاوٴں ہے ۔ایسے میں ادب بھلا کیوں کر ان تبدیلیوں سے محفوظ رہ سکتا ہے ۔آج دنیا کی زبانوں کے سامنے بقا کا بھی مسئلہ ہےجس کے بارے میں کئی رپورٹس آچکی ہیں ۔جس کے مطابق دنیا کی کئی زبانیں مر چکی ہیں اور کئی مرنے کے قریب ہیں ۔

زبان پر منڈالاتے خطرات کے پیش نظر ہندستان کی حکومت نے بھی ایسی زبانوں کی اِن ڈینجر لینگویجIn danger) language) کے نام سے ایک فہرست بنائی اور ان کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔واقعی یہ ایک حقیقت ہے کیونکہ آج جس طرح دنیا سمٹ کے ایک گاوٴں بنتی جارہی ہے وہیں انگریزی ایک عالمی زبان بننے کے سمت میں قدم بڑھا رہی ہے تاہم دنیا کے کئی ممالک ایسے ہیں جو اپنی زبان کے استعمال کے معاملے میں بڑے محتاط ہیں اور وہ ہر جگہ اپنی زبان ہی استعمال کرتے ہیں جیسے فرانس، چین اور جاپان وغیرہ جیسے ممالک نے نئی تقاضوں کے پیش نظر اپنی زبانوں کو ٹکنالوجی سے ہم آہنگ کر لیا ہے۔اس نظریے کا مقصد یہ ہے کہ وہ زبان کے ساتھ اپنی تہذیب کی برتری اور حفاظت کے لیے پُر عزم ہیں ۔لیکن وہ ممالک جو ترقیات کے حوالے سے پیچھے ہیں وہ مجبوراً ان زبانوں کا استعمال کرتے ہیں اور اپنی زبان کو روزمرہ اور گھریلو ضرورت کے لیے استعمال کرتے ہیں اس لیے آہستہ آہستہ ان زبانوں کا استعمال کم ہوتا جاتا ہے اور وہ عالمی نقشے پر بہت پیچھے نظر آتے ہیں ۔
اردو زبان جو بر صغیر کے ایک بڑے علاقے میں رابطے کی زبان ہے اور دنیا کےبیشتر ممالک میں اپنی بستیاں بنالی ہے اس کے وجود پر بظاہر کوئی خطرہ نظر نہیں آرہا ہے مگر اس کے عروج اور فروغ پر ضرور سوالیہ نشان لگا ہوا ہے ۔حالانکہ دنیا میں بولی جانے والی دس بڑی زبانوں میں اس کا شمار ہے مگر آگے بھی یہ اسی تابندگی کے ساتھ جاری و اسری رہے اس کے لیے ضروری ہے کہ اس زبان کو نئے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور نئی تبد یلیوں کو گوارا کیا جائے ۔
اردو نے نئی ٹکنالوجی کے ساتھ جس سفر کا آغاز کیا ہے اس نے اردو اسلوب کو ایک نئی جہت عطا کی ہے ۔ اردو میں ادب کی تخلیق سے اب تک پیرایہ ٴ اظہار کے رنگا رنگ انداز و اسالیب ملتے ہیں۔ کبھی مفرس اور معرب زبان اور مقفی و مسجع عبارت آرئی اور پُر تکلف انداز بیان اردو کا اہم اسلوب رہا تو کبھی سہل و سلیس اور بے تکلف انداز نے اپنی جگہ بنائی ۔ پہلی جنگ آزادی نے اردو کے پیرایہ ٴ اظہار کو اس لیے بہت زیادہ متاثر کیا کیونکہ اب زندگی کی اصل ترجمانی کو ادیبوں اور شاعروں نے اپنا منشور بنایا اسی لیے اس عہد اس اب تک کے اسلوب اور پیرایہ ٴ اظہار کا جائزہ لیں تو معلوم ہوگا کہ براہ راست انداز بیان کو ترجیح دی گئی ۔ اسی عہد میں غالب کے خطوط کو بہت مقبولیت ملی کیونکہ غالب نے براہ راست اور بے تکلف اظہار کو اپنے خطوط میں جگہ دی او ر مراسلے کو مکالمہ بنا دیا ۔اب انٹر نیٹ بالخصوص بلاگ کی تحریروں نے اسے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے اسے واقعی گفتگو کا انداز عطا کر دی ہے ۔
بلاگ کی تحریروں کی سب بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ خط کی طرح محض دو لوگوں کے درمیان گفتگو نہیں ہے بلکہ یہ ایک مذاکرے کی شکل رکھتا ہے جس گفتگو میں بیک وقت کئی لوگ شریک ہوسکتے ہیں اور اس کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس مذاکرے میں دنیا کے کسی بھی گوشے میں بیٹھے لوگ اس میں شریک ہوسکتے ہیں ۔ بلاگ کی یہ تحریر خط کی تحریر سے ملتی جلتی ہے یا یہ کہیں کہ اس تحریر میں براہ راست گفتگو کے ساتھ سیدھے سادے انداز میں اپنی رائے کے اظہار کا وہ طریقہ ہے جس میں لکھنے والا زبان کے بجائے خیال پر زیادہ توجہ دیتا ہے ۔بلاگ کی یہ تحریریں پڑھنے سے تعلق رکھتے ہیں جہاں زبان و بیان کے نئے گل بوٹے دیکھنے کو ملتے ہیں ۔ آنے والے دنوں میں یہ اسلوب ضرور ایک نئے اسلوب کی شکل رونما ہوگا اور ادب کے ناقدین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائے گا تب اس اسلوب پرتجزیے اورتبصرے کا رواج ہوگا اور اسی بھی اردو کے اسالیب میں ایک نمایاں مقام ملے گا ۔
اب تک چند لوگوں نے ہی اس جانب توجہ دی ہے لیکن انھوں نے بھی اپنے مضامین میں ضمنی طور پر اس کا تذکرہ کیا ہے ۔ میں نے اس سلسلے میں پہل کرتے ہوئے بلاگ کی بعض تحریروں کو اس کتاب میں شامل کر کے اس نئے اسلوب کو متعارف کرانے کی کوشش کی ہے ۔حالانکہ میں نے صرف’ عالمی اخبار‘ کے بلاگ کو اس میں شامل کیا ہے جبکہ اردو کے کئے بڑے بلاگ اور اخبارات کے بلاگ ہیں جن میں بہت ہی دلچسپ بلاگ موجود ہیں ۔ اگر ان بلاگز کے انتخابات شائع کیے جائیں تو ادب کا یہ نیا سرمایہ متعارف ہوسکے اور اپنی جگہ بنا سکے۔
عالمی اخبار کے مدیر اعلیٰ جناب صفدر ہمدانی اور مدیر ڈاکٹر نسیم نگہت کا بے حد شکر گزار ہوں کہ انھوں نے اس بلاگ کی اشاعت کی اجازت دی ۔آسٹریلیا میں مقیم ڈاکٹر نسیم نگہت بہت مصروف رہتی ہیں باوجود اس کے عالمی اخبار کی اشاعت سے ارود کی بڑی خدمت انجام دے رہی ہیں ۔میری اس سعی میں شامل ہونے کے لیے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔
جناب ناصر ناکاگاوا صاحب ایک بڑی کمپنی میں بڑے عہدے پر کام کرتے ہیں ۔ جاپان میں یوں بھی لوگ مشین کی طرح کام کرتے ہیں لیکن اس مشینی زندگی سے وہ ارد وکے لیے کس طرح کام کرتے ہیں یہ حیرت انگیز ہے ۔ ناصرصاحب بھی اردو نیٹ جاپان کے ذریعےاردو کی بڑی خدمت انجام دے رہے ہیں ۔ میں ان کا بھی شکر گزار ہوں۔کیونکہ عالمی اخبار اور اردو نیٹ جاپان اور میرے بلاگ خواجہ اکرام آن لائن کی طرح اردو کے کئی بڑے آن لائن اخبارات و رسائل ہیں جو اردو کی خدمت انجام دے رہے ہیں اور اردو کے سرمائے میں ایک نئے ذخیرے کا اضافہ کر رہے ہیں ۔ میں ایسے تمام آن لائن اخبارات و رسائل کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
اس کتاب میں شامل بلاگ کے تمام خالقوں کو جنھوں نے اپنے خیالات و افکار کا اظہار کیا ہے ان کو بھی داد تحسین دیتے ہوئے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کی تحریروں نے اردو کو ایک نئی جہت عطا کی ہے اورآنے والے دنوں میں آپ کی تحریریں نقش اول کی حیثیت رکھیں گی ۔اردو زبان اور اردو اسلوب میں آپ کا نام زندہ رہے گا۔
انھیں خیالات کے ساتھ میں قارئین سے گزارش کروں گا کہ وہ ان پر اپنی رائے پیش کریں اور وقت نکال کر نئی ٹکنالوجی کو بھی اردو کی حُسن سے آشنا کرائیں۔
میں نے اپنی کتاب میں عالمی اخبار کےجن بلاگ کو شامل کیا ہے وہ یہ ہیں ۔
1. مراسلہ نگاری بمقابلہ بلاگ نگاری
2. اپنے دم پر رواں ہے اردو
3. تعمیل حکم
4. شاعری میں محاوروں کا استعمال
5. نئے سال کا جشن کیوں منائیں ؟
اس بلاگ میں شامل ہونے والے تمام احباب کا شکریہ اور درخواست کہ وہ اپنے خط وکتابت کا پتہ ارسال کر دیں تاکہ وہ کتاب آپ حضرات کو بھیج سکوں۔

16 thoughts on “انٹر نیٹ کا نیا اسلوب”

  1. عالمی اخبار کے مدیر اعلیٰ جناب صفدر ہمدانی اور مدیر ڈاکٹر نسیم نگہت کا بے حد شکر گزار ہوں کہ انھوں نے اس بلاگ کی اشاعت کی اجازت دی ۔آسٹریلیا میں مقیم ڈاکٹر نسیم نگہت بہت مصروف رہتی ہیں باوجود اس کے عالمی اخبار کی اشاعت سے ارود کی بڑی خدمت انجام دے رہی ہیں ۔میری اس سعی میں شامل ہونے کے لیے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں
    ……………………….
    جزاک اللہ اکرام بھائی آپ نے عالمی اخبار کا زکر کیا . بابا صاحب کا زکر بھی ہوا اور میرا بھی .. بھائی صاحب پلیز میرا نام درست لکھ دیجئے ” نائب مدیر ڈاکٹر نگہت نسیم ” .. پلیز . اتنا مستند حوالے لئے سپاس گزار ہوں .
    میرا ایڈریس ہے
    Dr Nighat Nasim
    21 Junction road
    Moorebank
    NSW 2170
    Australia

  2. محترم اکرام صاحب. اس منفرد اور اچھوتے موضوع پر تحقیق اور کتاب کی اشاعت پر مبارکباد. ہماری خوش قسمتی ہے آپ نے عالمی اخبار کے بلاگ بھی اس تحقیق اور کتاب کا حصہ بنائے ہیں. کتاب کو پڑھنے کے بعد بلاشبہ اس پر اظہار خیال کریں گے

  3. محترم المقام ڈاکٹرخواجہ اکرام صاحب کونئی کتاب منظرعام پرلانے کےلئے تہہ دِل سے مبارک بادپیش کرتاہوں ۔واہ کیاخوب۔بلاگ ہے۔طبیعت خوش ہوگئی۔اللہ تعالیٰ عالمی اخباراوراس کی ٹیم اورصاحب علم لوگوں کواُردوکی مزیدخدمت کرنے کی توفیق عطافرمائے۔آمین
    خواجہ صاحب آپ کس قدراُردوزبان وادب کی ترویج اوراس کودورجدیدکے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے تئیںمخلص اور کوشاں ہیں کااندازہ مجھے اُسی روزہوگیاتھاجب آپ نے جموں یونیورسٹی میں مخطوطات سے متعلق لیکچردیاتھا، مجھے یقین کامل ہے کہ آپ کی کاوشوں کے سبب ہندوستان میں اُردوضروری دورجدیدکے تقاضوں سے ضرورہوگی اوریہ زبان تب تک زندہ رہے گی جب تک آپ جیسے مخلص لوگ اُردوزبان کی خدمت میں مگن رہیں گے۔
    خواجہ صاحب آپ نے کہاہے کہ ”میں نے عالمی اخبارکے بلاگ کاتذکر ہ بھی کتاب میں کیاہے“، میں آپ کی اس کاوش کوخراج تحسین پیش کرتاہوں اورمجھے خوشی ہے کہ آپ دورحاضرمیں ہورہی تبدیلیوں پرگہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں اوراُردوزبان کی ترویج اوراس پر انٹرنیٹ کے تیزرفتاری سے ہورہے استعمال سے مرتب ہونے والے اثرات کے مطابق جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہمہ تن مصروف ہیں۔
    خواجہ صاحب آپ نے یہ بھی لکھاہے کہ
    ”عہد حاضر کا معاملہ یہ ہے کہ یہ دور تبدیلیوں کا دور ہے ہر لمحہ زندگی میں نت نئی تبدیلیاں آرہی ہیں جو سب کے سب نئی ٹکنالوجی کے سبب ہے۔ آج کے دور اس معنی میں بھی الگ ہے کہ ہمارے معاشرے پر صرف اپنے خطے اور قرب و جوار کا اثر نہیں مرتب ہوتا بلکہ عالمی سطح پر جو کچھ ہو رہا ہے اس کے کچھ نہ کچھ اثرات ہر معاشرے پر مرتب ہوتے ہیں کیونکہ آج کی دنیا ایک گلوبل گاو¿ں ہے۔ایسے میں ادب بھلا کیوں کر ان تبدیلیوں سے محفوظ رہ سکتا ہے۔آج دنیا کی زبانوں کے سامنے بقا کا بھی مسئلہ ہے جس کے بارے میں کئی رپورٹس آچکی ہیں۔جس کے مطابق دنیا کی کئی زبانیں مر چکی ہیں اور کئی مرنے کے قریب ہیں“۔
    میں آپ کی با ت سے بالکل متفق ہوں اوراس بات کابھی یقین رکھتاہوں کہ آپ جیسے ادب نوازوں کی کاوشوں کے نتیجے میں اُردومرے گی نہیں بلکہ مزیدوُسعت پائے گی۔
    ۔
    میں بھی عالمی اخبارکاادنیٰ ساقاری ہوں اوربلاگ پروقت کی قلت کے باعث پابندی سے توحصہ نہیں لے پاتاپھربھی باباصفدرصاحب اورنگہت آپاکے ساتھ کیے ہوئے وعدہ کوپوراکرنے کےلئے کبھی کبھی اپنی رائے کااظہارکرتاہوںاورمیں خودکوخوش نصیب سمجھتاہوں کہ آپانگہت صاحبہ اورباباصاحب کی نیک دعاﺅں کے سایے میں ہوں ۔ میں آپااورباباکااس لیے بھی مشکورہوں کہ انہوں نے مجھے بلاگ میں نہ صرف حصہ لینے کی دعوت دی بلکہ مجھے بلاگ چلاناتک نہ آتاتھا، مجھے سکھادیا۔اللہ تعالیٰ سے دُعاگوہوں کہ خواجہ صاحب کی نئی کتاب جلدمنظرعام پرآئے تاکہ مجھ ناچیزکوبھی آپ کے خیالات وافکارسے مزیدواقفیت کرنے کاموقعہ مل سکے۔

  4. طارق ابرار
    معرفت روزنامہ اُڑان
    ریذیڈنسی روڈ،نزدجموں کشمیربنک جموں
    اُمیدکرتاہوں کہ خواجہ صاحب کی کتاب کوعالمی سطح پرادبی حلقوں میں پذیرائی حاصل ہوگی۔

  5. اسلام علیکم
    میری جانب سے بھی محترم خواجہ صاحب کو اس کتاب کی اشاعت پر بہت بہت مبارکباد ۔
    اردو زبان اپنے اندر بہت وسعت رکھتی ہے اور شاید یہ زبان دنیا کی پہلی زبان ہے جو اپنے اندر دوسری زبانوں کے الفاظ اس طرح سمو لیتی ہے کہ انہیں اپنا حصہ بنا لیتی ہے ۔اور جن زبانوں میں یہ صلاحیت ہوتی ہے اور اس کے قدر دان اسے ہر حال میں ترقی کرتے دیکھنا چاہتے ہیں وہ زبان ضرور زندہ بھی رہیگی اور ترقی بھی کرے گی ۔
    اس کتاب سے یقیناََ اردو کے بارے میں مزید واقفیت حاصل ہوگی ۔
    جزاک اللہ خیر
    عالم آرا
    وینکور

  6. دلی کے اردو سے محبت کرنے والے ڈاکٹر خواجہ اکرم صاحب کو انٹر نٹ کا نیا اسلوب متعارف کرانے پر مبارک باد پیش کرتے ھیں اردو آنے والے زمانوں میں بھی اسی شان سے زندہ رھے گی اللہ پاک آپ جیسے اردو سے خاص لگاو رکھنے والے اھل علم افراد سلامت رھیں
    گاھے بگاھے اپنی کتاب سے اقتباس ضرور شامل کرتے رھیے گا تاکہ مجھہ جیسے کم علم لوگ اس اس سے استفادہ کرسکیں
    آپ کو اس خاص کتاب کی اشاعت و تیاری پر دلی مبارک باد پیش کرتی ھوں
    دعا ھے کہ اردو کو زندہ و پا‏ئندہ رکھنے والی کاوششوں کو مزیذ فروغ ملے اور جہاں جہاں اردو سے محبت کرنے والے لوگ ھیں آپکی کتاب وھاں وھاں تک پہنچے اللہ کرے زور علم اور زیادہ

  7. بیسویں صدی عیسوی کی یہی دو آخری دہائیاں ہیں جب دنیا بھر میں زبانوں کے فروغ کے بین الاقوامی سطح پرنئے مواقع تیزی سے پیدا ہوئے۔ہمارے ہاں ان نئے امکانات نے اس اندازِ فکر کو پروان چڑھایاکہ اب صرف اُردو ادب کو نہیں بلکہ اُردو لسانیات کو ہمارا مرکزِ نگاہ ہونا چاہیے تاکہ قومی زبان میں علوم و فنون کی تحقیق و تدوین اور ترویج و اشاعت میں حائل عملی دشواریوں کو دور کر کے آنے والے دور کے لسانی مسائل کو بروقت حل کیا جائے۔

    دراصل روزمرہ زندگی میں قومی زبان کا استعمال ہی ہمیں زندہ قوموں کے ہم سر لا سکتا ہے
    گوگل سرچ

  8. نائب مدیرعالمی اخبار اور میری بہن ڈاکٹر نگہت نسیم سلام علیکم ۔ میں نے نام درست کردیا ہے ۔ معذرت اور اور اصلاح کے لیے شکریہ
    مین نے یہ کتاب عالمی اخبار کو معنون کی ہے۔
    یہ کتا ب دو حصوں میں ہے پہلے حصے میں جدید تکنالوجی اور اردو سے بحث کی گئی ہے اور دوسرے حصے میں انٹرنیٹ کے اسلوب سے ۔
    میری یہ کاوش بہت معمولی ہے لیکن امید ہے کہ اس سے نئے مباحچ کے دروازے کھلیں گے۔
    میں ان دنوں حکومت ہند کے ایک بڑے ادارے قومی اردو کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائریئکٹر کی حیثیت سے کام کر رہا ہوں ۔ اس سلسے میں بھی آپ حضرات ےس تعاون کی درخواست ہے کہ آپ بتائیں کہ اردو کے حوالے سے کیا کیا کام کیے جاسکتے ہیں ۔
    اس کے سائٹ کو ملاحظہ فرمائیں
    http://www.urducouncil.nic.in

  9. برادرم خواجہ اکرام۔ ابھی کوئی نصف گھنٹہ لگا کر آپکو لیئے اظہار ممنویت کا ایک تفصیلی تبصرہ لکھا تھا لیکن نہ جانےخالق لوح و قلم کو کیا منظور تھا کہ چشم زدن میں یہ سارا تبصرہ اس برقی سکرین سے غائب ہو گیا۔ ہو سکتا ہے کہ میرے اظہار میں کوئی الفاظ ایسے آگئے ہوں جو تقدیر آپ تک پہنچانا نہ چاہتی ہو۔ لیکن ابھی کچھ دیر بعد خیالات کو دوبارہ مجتمع کرتا ہوں اور آپکی قلمی و تحقیقی مساعی پر اپنی طالب علمانہ رائے اور عالمی اخبار کے ادارتی بورڈ کی جانب سے ایک درخواست اپکی خدمت عالیہ میں پیش کرتا ہوں۔ اسوقت اپنی اس تاریخی کتاب کو عالمی اخبار کو معنون کرنے پر ہم سب کی جانب سے اور خود زاتی طور پر میری جانب سے دلی شکریہ قبول کیجئے

  10. برادر عزیز خواجہ اکرام۔ مجھے سب سے پہلے آپکا شکریہ ادا کرنا ہے اپنی طرف سے بھی اور عالمی اخبار کے ادارے کی جانب سے بھی کہ آپ نے اپنی علمی اور تحقیقی کتاب کو عالمی اخبار کو معنون کیا ہے۔ اس اندھے،گونگے اور بہرے دور میں اللہ پاک نے کچھ آپ جیسے لوگ قلمی عدل کے لیئے رکھے ہوئے ہیں۔ میں سوچتا ہوں کہ آپ چاہتے تو نوے فیصد سے زیادہ ادیبوں،شاعروں اور محققین کی طرح اپنی اس منفرد کتاب کو کسی وزیر۔مشیر یا جعلی پیر کے نام کرتے جہاں سے کوئی فائدہ ہوتا آپکو لیکن آپ نے اس اعزاز کے لیئے جن فقیروں کو منتخب کیا وہ تو صاحبان زر کے ہی مارے ہوئے ہیں۔ایوارڈوں کی دنیا سے میلوں دور،بے وقعت کی شہرت سے تنگ،صحافت کو عبادت سمجھنے والے۔ جبکہ یہ دور تو عبادت کو بھی تجارت بنانے کا دور ہے۔
    آپ ایسے خطہ زمین پر بیٹھ کر اردو زبان اور اردو رسم الخط کی خدمت کر رہے ہیں جہاں کے بڑے بڑے صدارتی ایوارڈ یافتہ ادیب،شاعر اور محقق اردو کو دیوناگری یا رومن میں لکھنے کے حامی بھی ہیں اور عالمی فورمز پر کھل کر اسکا اظہار بھی کرتے ہیں۔ اردو کے نام پر فائیو سٹار ہوٹلوں میں قیام کرنے والے، جہاز کی کلب کلاس میں سفر کرنے والے،اردو کے نام پر عزت و شہرت حاصل کرنے والے اردو کے سینے میں ہی خنجر گھونپ رہے ہیں۔ یہ لوگ یہ سب کچھ شعوری طور پر کر رہے ہیں کیونکہ وہ ترک زبان کی موت دیکھ چکے ہیں اور انکو علم ہے کہ زبان کا سانس روکنے کے لیئے بہترین ہتھیار اسکے رسم الخط کو ختم کرنا ہے۔
    ایسے حالات میں مجھ جیسا فقیر مزاج انسان آپکو اور آپکی ہمت کو سلام کرتا ہے کہ آپ اس مافیا کے درمیان رہ کر بھی اردو کی بقا کے لیئے سر گرم عمل ہیں۔
    یہ سب یقین کیجئے میں اس لیئے نہیں لکھ رہا کہ آپ نے عالمی اخبار کو یا ہمیں یہ عزت دی ہے بلکہ اس لیئے لکھ رہا ہوں کہ یہ آپکی اپنی عزت ہے اس لیئے کہ عالمی اخبار کے سفر کے پہلے روز سے آپ ہمارے ہم سفر ہیں اور ہماری فکر سے آشنا بھی ہیں۔
    انتڑنیٹ کے اس دور میں آپ اتفاق کریں گے کہ جس فرد کے پاس ایک سو ڈالر ہیں وہ اپنی سائٹ بنا کر صحافی،ادیب اور شاعر بن چکا ہے اور ایسے حالات میں ہم جیسے بے زر لوگوں کا کسی مالی اعانت،اشتہار اور وسائل کے بغیر اس معیار کا عالمی اردو اخبار جاری رکھنا ایک معجزہ ہے اور اس تپسیا کا پھل خالق لوح وقلم نے اس صورت میں عطا کیا کہ آپ جیسے عادل قلم کار نے اخبار کو اسکا حق دیا۔
    آپکی یہ کتاب مجھے یقین ہے کہ آنے والے وقتوں میں مستقبل کے محققین کے لیئے مشعل راہ اور تحقیق کا خزانہ ہو گی۔
    کاش ہم اس قابل ہوتے کہ عالمی اخبار کے فورم سے آپکی اس کتاب کا اجراٗ کر سکتے لیکن کیا کریں کہ مالی طور پر نہ ہم اور نہ ہمارا ادارہ اس قابل ہے اور پھر نہ ہی ہم کسی حکومت کے قصیدہ گو ہیں اور نہ ہی کسی خفیہ ایجنسی کے ..پے رول… پر۔ ہم اس قابل بھی نہیں کہ دلی آ کر اس تحقیقی کتاب کی تقریب اجرا میں آپ کے شانہ بشانہ بیٹھ سکتے۔اسکی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ بدقسمتی سے اپنی جنم بھومی وطن عزیز پاکستان ہے اور پاک و ہند کی عوام دشمن سیاست کے ہاتھوں ہم پاکستان نژاد افراد کو بھارت یاترا کا ویزہ ملنا جنت کی کلید ملنے سے مشکل ہے
    ایسے میں بس ایک یہی صورت حال باقی بچتی ہے کہ آپ ہمیں اس کتاب کے اجرا کے موقع پر اپنے ساتھ قلبی اور روحانی طور پر موجود سمجھیں۔
    آخر میں مجھے آپ سے ذاتی طور پر اور عالمی اخبار کے ادارتی بورڈ کی جانب سے یہ درخواست بھی کرنی ہے کہ آپ جیسے محسن اور محقق انسان کو ہم ادارتی بورڈ میں اخبار کا پہلا مشاورتی رکن نامزد کرنا چاہتے ہیں جس سے ظاہر آپکو تو کوئی فائدہ نہیں ہو گا لیکن ہمارا قد بڑھ جائے گا اور اعزاز مل جائے گا۔ اس ضمن میں ادارتی بورڈ کی جانب سے آپکو باقاعدہ الگ سے ایک خط جلد ہی لکھا جائے گا۔
    یہ چند فقرے میں نے ہم سب کی جانب سے اظہار تشکر کے طور پر لکھے ہیں کہ یہ آپ پر احسان نہیں بلکہ آپکا حق ہے اور خالق لوح وقلم کا شکر کہ ہم نے آپکو آپکا حق پہنچانے میں تاخیر نہیں کی۔

  11. بس اکرام بھائی جلدی سے ہمیں اپنا تعارف اور ایک تصویر بھیج دیجئے تاکہ مشاورتی کمیٹی میں آپ کی شمولیت کا باقاعدہ اعلان ہو سکے …اب تو بس آپ کی کتاب کا شدت سے انتظار ہے … اللہ کریم و رحیم آپ کو اس علمی کاوش پر بلندی اور اجر عطا فرمائے .. الہی آمین

  12. خواجہ صاحب
    کتاب کی اشاعت پر مبارکباد قبول کیجیے
    والسلام
    زرقا

  13. تمام احباب کی نیک تمناوں اور مبارک بادیوں کا بے انتہا شکریہ
    صفدر ہمدانی صاحب قبلہ نے جو لکھا ہے وہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے اور میں تو یہ کہتا ہوں کہ اپنے خردوں کو حوصلہ وہمت عطا کرنے کا یہ سلیقہ ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔ میں شکر گزار ہوں کہ ٓپ نے دوبارہ تحریر لکھی ، اس زحمت کے لیے شکریہ حالانکہ ذہنی طور پریہ بڑا بار گراں ہےکہ کمپیوٹر پر کوئی تحریر لکھی اور وہ سیو ہونے سے رہ جائے ، لیکن قبلہ صفدر صاحب نے یہ زحمت اٹھائی ۔شکریہ
    یقیناٍ مجھے بھی خوشی ہوتی اگر ادادرتی بورڈ سے آپ یا بہن ڈاکٹر نگہت نسیم اس رسم اجرا میں شریک ہوسکتے ۔ لیکن کوئی بات نہیں آپ کی دعائیں شریک رہیں گی ۔ اور یہ بھی ممکن ہے کہ میں کسی تقریب میں کبھی ادھر آسکا تو اس کا اہتمام کیا جاسکتا ہے۔
    میری یہ کوشش ہوگی کہ جن احباب کے بلاگ شامل ہیں ( میں نے فہرست درج کر دی ہے) ان کو کتاب بھیج سکوں اس کے علاوہ عالمی اخبار کے پتے پر کچھ کاپیاں ضرور بھیج دوں گا ۔
    لیکن ابھی دس پندرہ دن اور انتظار کرنا ہے ۔

  14. اسّلام علیکم ،ڈاکٹر خواجہ اکرام صاحب اور ساتھ میں معذرت بھی کیونکہ کئ مہینے سے کچھ خانگی پریشانیاں لاحق ہونے کے سبب عالمی اخبار کی بھی شریک محفل نہیں تھی ،
    آپ کا یہ بلاگ میرے لئے بہت ہی پسندیدہ بلاگ ہئے لیکن مجھے اس پر تبصرے کے لئے مذید چند روز درکار ہیں ،کتاب کا اجراء بہت بہت مبارک ہو ،انشاللہ آئندہ چند روز میں تفصیل لکھنے کی کو شش کروں گی
    اللہ حافظ
    زائرہ بجّو

  15. جس تلوار سے مولا ئے کائنات کے سر مبارک پر وار کیا گیا تھا مستند زرائع کے مطابق وہ تلوار شا م کے شاہی محل میں مسلسل کئ دن تک انتہائ جان لیوا زہر میں ڈبو کر رکھّی گئ تھی ،،ہدائت کے روشن چراغون کو بجھانے کے لئے باطلانہ کاوشوں نے ہی آج داعش اور اسی نام کے مسلمانوں کو جنم دیا ہے

  16. یہ تحریر غلطی سےیہاں لکھ دی گئ ہے

    معذرت قبول کی جائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *