وطن کے لیے اشعار

السلام علیکم
ماہِ اگست کی مناسبت سے بیت بازی کے سلسلے میں وطن کے لیے اشعار لکھیے یا نقل کیجئے
والسلام
زرقا
خدا کرے کہ میری ارضِ پاک پر اترے
وہ فصلِ گل جسے اندیشہ زوال نہ ہو
یہاں جو پھول کھلے وہ کھلا رہے صدیوں
یہاں خزاں کو گزرنے کی بھی مجال نہ ہو
خدا کرے کہ مرے اک بھی ہم وطن کے لئے
حیات جرم نہ ہو زندگی وبال نہ ہو

آمین

72 thoughts on “وطن کے لیے اشعار”

  1. اس بلاگ کی خالق بہن زرقا مفتی صاحبہ کے لئے
    کہاں ہو تم ذرا آواز دو سب یاد کرتے ہیں
    یہ سطور علیحدہ سے لکھی ہیں تاکہ اگر مناسب نہ ہوں تو شامل اشاعت نہ کی جایئں۔۔معذرت۔۔

  2. امین ترمذی صاحب نے صہبا اختر علیگ کے اشعار لکھکر مجھے اپنا کراچی کا زمانہ یاد دلادیا جب صہبا اختر علیگ ، جمیل الدین عالی ، عبدالعزیز خالد انکم ٹیکس کے کراچی کے دفتر ( جس میں میں بھی کام کرتا تھا ) میں متعین تھے ، یہ پاکستان کا ابتدائی دور تھا :

    اس بلاگ کے موضوع سے ہم آہنگی کی وجہ سے صہبا اختر کی ایک طویل نظم ” ندائیہ ” سے چند اقتباسات حاضر ہیں:

    شہر قائد کے مکینو ، پوچھتے ہیں یہ عذاب
    کیا یہی ہے قائد اعظم کے احساں کا جواب
    ختم ہوجائے اخوت، ٹوٹ جائیں سارے خواب
    زندگی بن جائے ساحلَ موت کا طوفان کا
    کیا یہی مفہوم تھا ، تخلیق پاکستان کا
    چار سو یہ خوف، یہ وحشت یہ فریا د و فغاں
    آہ یہ دوزخ کے شعلے، یہ قیامت کا دھواں
    بربریت اور یہ وحشت کا عالم الا ماں

    ہم کسی بھی دور میں ، غرقِ جنوں ایسے نہ تھے
    دشمنوں میں جنگ میں بھی بے سکوں ایسے نہ تھے
    آتشِ نفرت نہیں ہے ، آتشِ دوزخ سے کم
    دل اٹھا سکتا ہے کیسے پھول سے بچے کا غم
    بات یہ اس ماں سے پوچھو ، ماں جو دیتی ہے جنم
    ایک بچے کا تبسم ، دوجہاں سے کم نہیں
    ایک گہوارے کی قیمت کہکشاں سے کم نہیں
    کس نے چھیڑے ہیں اجل کے ساز پر وحشت کے راگ
    کب تلک یوں گھر جلیں گے، کب تلک برسے گی آگ
    کب تلک اجڑیں گے آخر ، ماوں بہنوں کے سہاگ
    چاند چہرے ، یوں شبِ وحشت پہ وارے جائیں گے
    کب تلک قبروں میں یہ سور ج اتار ے جائیں گے
    وحشتیں بولیں گی کب تک ، نفرتوں کی بولیاں
    کب تلک اشکوں کی بارش میں، لہو کی ہولیاں
    کب تلک اتریں گی سینوں میں دہکتی گولیاں
    موت کے سائے کی صورت ،زندگی کی دھوپ میں
    جانور ہیں یا درندے ، آدمی کے روپ میں
    آتشیں خنجر چھپے ہیں ، آستیں در آستیں
    آج جو ہے آدمی کے دیدہ و دل میں مکیں
    زہر اتنا تو زمانے بھر کے سانپوں میں نہیں
    آدمیت نوحہ گر ، انسانیت ہے ماتمی
    بھیڑیئے شرمائیں جن سے ، وہ بھی ہیں کیا آدمی
    ختم ہوتی ہے کہاں خونِ بشر کی گفتگو
    موت کرتی ہے تعاقب، ظالموں کا چار سو
    بد دعا دیتا ہے ایسی ، بے گناہوں کا لہو
    خود بھی ہوجاتا ہے اندھا َ چھین کر آنکھوں کا نور
    جو جلائے گھر کسی کا ، خود بھی جلتا ہے ضرور
    ۔۔۔۔۔۔۔
    باقی کے آٹھ بند پھر کبھی ۔
    شاید امین ترمذی صاحب صہبا اختر سے عقیدت ، اپنے وطن کی محبت اور پاکستان کی تاسیس کی خوشی میں صہبا اختر کے بقیہ آتھ بند بھی اس بلاگ میں تحریر فرمادیں۔
    اگر امین ترمذی صاحب یا کوئی اور قاری اس نظم کے بقیہ اشعار کو یہاں نہ لکھ سکیں تو کوئی بات نہیں ، میں ہی لکھ دونگا ۔
    فی الوقت چودہ اگست کی یاد میں صہبا اختر کی اس نظم کا آخری شعر لکھ دینا ضروری سمجھتا ہوں :
    امتحد ہو کر جئیں ، تو ایک طاقت ہم بھی ہیں
    گر سلامت یہ وطن ہے ، تو سلامت ہم بھی ہیں
    فقط:
    پاکستان پائندہ باد
    منظور قاضی از جرمنی

  3. ترمیمات :

    موت کا کی بجائے موت کے پڑھیے ۔ شکریہ
    دشمنو ں میں جنگ کی بجائے دشمنوں‌ سے جنگ ۔ پڑھیے ۔ شکریہ

  4. چودہ اگست قریب آرہی ہے اس لیے صہبا اختر کی نظم کے مزید چار بند حاضر ہیں :
    کیا ہے مقسوم ِ عداوت ، شب نگاہی کے سوا
    لہا تعصب کا ہے حاصل ، روسیاہی کے سوا
    نفرتوں سےکچھ نہیں ملتا ، تباہی کے سوا

    وحشتوں کی رات کا زہراب پی سکتا نہیں
    پیا ر کے سورج کا قاتل ، خود بھی جی سکتا نہیں

    جو بھی جاپر ہے ، وہ جابر ہے، کسی قرئیے کا ہو
    جو بھی ظالم ہے ، وہ ظالم ، کسی حلقے کا ہو
    جو بھی قاتل ہے ، وہ قاتل ، کسی فرقے کا ہو

    جو کسی مظلوم کے لاشے پہ رو سکتا نہیں
    وہ رسولِ پاک ( ص) کی امت میں ہوسکتا نہیں

    نفرتوں کی آگ کا ایندھن بناتے ہیں ہمیں
    آو ان ہاتھوں کو ڈھونڈیں جو لڑاتے ہیں ہمیں
    خود تو کرتے ہیں جراغاں اور بجھاتے ہیں ہمیں

    کب تلک شعلہ گروں کے ہاتھ میں کھیلیں گے ہم
    جرم وہ کرتے رہینگے اور سزا جھیلیں گے ہم

    سر نہیں رکھتی سلامت، یہ فساد و شر کی جنگ
    جیت سکتے ہیں ہمارے حوصلےَ باہر کی جنگ
    ہاں مگر ہم لڑ نہیں سکتے ، کبھی اند ر کی جنگ

    اپنے ہی ہاتھوں کے خنجر کردینگے ہمیں
    خود ہمارے گھر کے شعلے ، خاک کردینگے ہمیں

    باقی کے چار بند آئندہ کے تبصرے میں : :
    فقط
    منظور قاضی از جرمنی

  5. ترمیم :
    لہا تعصب کی بجائے کیا تعصب : پڑھیے : شکریہ
    خنجر خا ک کردینگے ہمیں : پڑھیے ، شکریہ

  6. ترمیم :
    لہا تعصب کی بجائے کیا تعصب : پڑھیے : شکریہ
    خنجر چاک کردینگے ہمیں : پڑھیے ، شکریہ

  7. صہبا اختر کی نظم ندائیہ کے بقیہ اشعار :
    اک خدا ہے ، اک نبی ہے ، ایک ہی قرآن ہے
    ایک ہی کعبہ ہے ہمارا ، ایک ہی ایمان ہے
    ایک ملت ہے ہماری ، ایک پاکستان ہے

    اس وطن کے دشت ودر کی سب فضائیں ایک ہیں
    سارے بھائی ، ساری بہنیں، ساری مائیں‌ ایک ہیں

    پیار کی کرنوں سے کردیں، چاک نفرت کے غلاف
    آو ہم اک دوسرے کی ہرخطا کردیں معاف
    آو پاکستان کی خاطر ، بھول جائیں اختلاف

    نفرتوں کی آگ پہ چاہت کے آنسو ڈال دیں
    آو ہم اس تیرگی کو روشنی میں ڈھال دیں

    کیوں خزاں کی نذر کرتے ہو َ محبت کا چمن
    مہرِ آزادی کو آخر، کیوں لگا تے ہو گہن
    ہاں ابھی بھی وقت ہے ، یہ سوچ لو اہلِ وطن

    جھیلنا ہوگی تمہیں، خود اپنی بربادی کے بعد
    جانے کس کس کی غلامی ، ایک آزادی کے بعد

    ہم کو یہ شعلے نہیں َ چاہت کی شبنم چاہئے
    ہم کو یہ خنجر نہیں ، زخموں کا مرہم چاہئے
    مستقل نفرت کے بدلے ، عشقِ پیہم چاہئے

    متحد ہوکر جئیں ، تو ایک طاقت ہم بھی ہیں
    گر سلامت یہ وطن ہے ، تو سلامت ہم بھی ہیں
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    محبِ وطن پاکستانی شاعر صہبا اختر مرحوم کو حق مغفرت کرے
    ۔۔۔
    فقط :
    منظور قاضی از جرمنی

  8. ایک ہی کعبہ کی بجائے ایک کعبہ ہے ہمارا پڑھیے شکریہ
    ۔۔۔۔
    تما م کمپوزنگ کی غلطیوں کی معافی کے ساتھ
    منظور قاضی از جرمنی

  9. السلام علیکم
    امین بھائی اور قاضی صاحب کی ممنون ہوں کہ اس بلاگ کو بہت اچھے اشعار سے سجایا ہے

    اچھا ہے اہلِ جور کئے جائیں سختیاں
    پھیلے گی یونہی شورشِ حُبِ وطن تمام

  10. ہم وطن یہ گلستان تیرا بھی ہے میرا بھی ہے
    اس کا ہر سود و زیاں تیرا بھی ہے میرا بھی ہے
    قائد اعظم کی کہتے ہیں امانت ہم جسے
    ورثہ یہ اے مہرباں تیرا بھی ہے میرا بھی ہے
    وقت کا ہے یہ تقاضا متحد ہو جائیں ہم
    کب سے دشمن آسماں تیرا بھی ہے میرا بھی ہے
    سوچ تو گلشن کی بربادی کا کیا ہو وے گا حال
    شاخٍ گل پر آشیاں تیرا بھی ہے میرا بھی ہے
    آبٍ راوی ہو کہ آبٍ سندھ ہے سب کے لئے
    دامنٍ موجٍ رواں تیرا بھی ہے میرا بھی ہے
    ہیں محبت کے نقیب اقبال و خوشحال و لطیف
    ان کا فیضٍ بیکراں تیرا بھی ہے میرا بھی ہے
    ( راغب مراد آبادی)

  11. دل دل پاکستان جاں جاں پاکستان
    دل دل پاکستان جاں جاں پاکستان
    ایسی زمین اور آسماں
    ان کے سوا جانا کہاں
    بڑھتی رہے یہ روشنی
    چلتا رہے یہ کاروان
    دل دل سے ملتے ہیں تو چہرہ بنتا ہے
    چہرہ بنتا ہے
    پھول اک لڑی میں پروائیں تو پھرسہرا بنتا ہے
    سہرا بنتا ہے
    ایسی زمین اور آسماں
    ان کے سوا جانا کہا ں
    گھر اپنا تو سب کو جی جان سے پیارا لگتا ہے
    تارا لگتا ہے
    ہم کو بھی اپنے ہر ارمان سے پیارا لگتا ہے
    تارا لگتا ہے
    دل دل پاکستان جاں جاں باکستان
    دل دل پاکستان جاں جاں باکستان

  12. قاضی صاحب ایک بات کی تصحیح ضروری سمجھتے ہوئے آپ کی ایک تحریر کی وضاحت ضروری ہے اسے برائے بحث نہ سمجھا جائے۔ نہ ہی کسی اہل قلم کی عزت کم کرنا میرا مقصد ہے آپ نے صہبا اختر کو علیگ لکھا ہے علیگ ان لوگوں کو کہا جاتا ہے جو علیگڈھ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہوں جبکہ صہبا اختر نے علیگڈھ مسلم یونیورسٹی سے کوئی سند حاصل نہیں کی صہبا اختر نسلاً پنجابی تھے پیدائش 1930 میں کشمیر میں ہوئی ابتدائی تعلیم بہت مشکل حالات میں بریلی میں ہوئی اس کے بعد عیگڈھ مسلم یونیورسٹی میں داخلہ ضرور ہوا تھا اس وقت صہبا کی عمر صرف سترہ سال تھی داخلے کے دو ماہ بعد ہی صہبا پاکستان آگئے اس طرح علیگڈھ مسلم یونیورسٹی سے صرف نام لکھوانے کی حد تک انکا تعلق رہا تقسیم ہند کے بعد وہ کراچی آئے جہاں اسلانیہ کالج میں داخلہ ہوا لیکن اس وقت کے معاشی حالات کے سبب تعلیم جاری نہ رہ سکی پہلی مازمت برما آئل کمپنی میں ملی ارو سندھ کے ایک ریگستانی علاقے لاکھڑا میں پوسٹنگ ہوئی بہت تھوڑے عرصے بعد یہ ملازمت ختم ہوگئی دوسری ملازمت انکم ٹیکس آفس میں ہوئی جو بہ مشکل دو یا تین سال چلی اسکے بعد ایک اور ملازمت ڈی گی ایس ڈی نامی محکمے میں ملی اور پھر فائنلی محلمہ خوراک میں فوڈ انسپکٹر کی ملازمت ملی جہاں وہ ریٹائرمنت کی عمر تک رہے
    صہبا اختر ان واحد شعراء میں تھے جو شعراء کی صف میں بہ زور قوت بازو داخل ہوئے ایک دن آرام باغ کراچی میں ایک مشاعرہ ہو رہا تھا جس میں صہبا
    سامعین میں سے بھاگ کر اسٹیج پر چڑھ گئے اور اسٹیج سیکریٹری کو ایک جانب دھکا دے کر خود کو متعارف کرایا اور اپنا کلام سنانا شروع کردی تھوڑی دیر اسٹیج پر شور شرابہ ہوا پھر انہیں پڑھنے دیا گیا اس طرح اختر علی صہبا اختر بن گئے
    اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ایک اچھے شاعر تھے ان کا مجموعہ کلام سرکشیدہ کے نام سے چار سو صفحات پر مشتمل ہے اور ملّی شاعری میں صہبا اخترکا نام بہر حال سر فہرست ہے نمبر دو پر محسن بھوپالی کا نام آتا ہے بلکہ ملّی شاعری کی تبلیغ اور عوام الناس میں قومی جزبے کو ابھارنے کے لئے سرکار نے انہیں ریڈیو پاکستان ڈھاکہ بھی بھیجا تھا اس طرح میں نے اپنی چھوٹی سی علمی معلومات کے ذریعے صہبا اختر پر کچھ لکھا اور اپنی تحریر پر اعتراض کا دروازہ کھلا رکھا ہے تاکہ میں کچھ اور سیکھ سکوں۔ معذرت اور شکریہ جلد ہی صہبا اختر کی کوئی اور ملّی تحریر شامل اشاعت کرونگا اور آپ سب سے اپنی محبوب مادرٍ وطن کی خوش آئندگی اور زندہ و پائندہ باد رہنے کی دلی دعا کی درخواست کرونگا مجھے وطن عزیز سے دور رہتے ہوئے 35 سال ہوگئے ہیں لیکن آج بھی دعا ہے کہ اللہ میری مٹی کو اس پاک مٹی میں شامل ہونے کی سعادت عطا کرے آمین۔ آپ سب کی دعاؤں کا طالب اور محبتوں کا امین

  13. صبح آزادی نے یارو کیا ہمیں بخشا نہیں
    اس وطن کا کون سا تحفہ ہے جو اپنا نہیں
    خاکدانٍ نور ساماں ‘ آسمانٍ نیل گوں
    یہ طسلمٍ ماہٍ تاباں ‘ یہ ستاروں کا فسوں
    یہ بہاروں کا تبسم ‘ یہ ہواؤں کا جنوں
    برگ و گل ‘ سرو و سمن ‘ دشت و دمن ‘ گلزار و باغ
    کہکشاں در کہکشاں ‘ انجم بہ انجم یہ چراغ
    یہ شرابٍ نور سے لبریز ‘ کرنوں کے ایاغ
    نیلے دریا ‘ سبز میداں ‘ جھلملاتے آبشار
    پگھلی چاندی کی طرح یہ چشمہ ہائے کوہسار
    یہ سمندر جس کے نیلم پر ستارے بھی نثار
    یہ زمینٍ پاک جس کے پاسباں ہیں کوہسار
    میری آنکھوں کے لئے سرمہ ہے جس کا ہر غبار
    یہ میرے نغموں کا گلشن میرے خوابوں کا دیار
    جس کے ہاتھوں میں چھلکتے ہیں محبت کے سبو
    جس کی مٹی میں دمکتا ہے شہیدوں کا لہو
    جس کی خاموشی بھی کرتی ہے مسلسل گفتگو
    ہاں سنو اے خوشنصیبانٍ فضائے خُُم بہ خُم
    نغمہ ہائے سرمدی ہیں اس کی گویائی میں گم
    اٍس کی چُپ کے بھی مخاطب صرف تم ہو صرف تم
    ہاں سنو ! یہ کہہ رہی ہے دلبرانٍ آرزو
    صَرفٍ برگ و گل ہوا ہے لاکھ زخموں کا لہو
    دل ہوئے ٹکڑے ہزاروں ‘ تب ڈھلے ہیں یہ سبو
    اَن گنت یعقوب گذرے ‘ ایک راہٍ صبر سے
    اَن گنت یوسف ہوئے پابندٍ زنداں جبر سے
    تب یہ ایک سورج ہے ابھرا ‘ ظلمتوں کی قبر سے
    جبر کی ارزانیاں تھیں ‘ ظلم کی برسات تھی
    آگ کے بادل گھرے تھے خون کی برسات تھی
    صُبح آزادی سے پہلے سو برس کی رات تھی
    گھٹ گئے ہیں دم تو پھینکی ہے ستاروں پر کمند
    سر کٹائے ہیں ہزاروں تو ہوئے ہیں سر بلند
    صدقہء خونٍ شہیداں ہے یہ خاکٍ ارجمند
    حاصلٍ زہرٍ غلامی ہے مسرت کا سرور
    ظلمتوں میں خونٍ دل سے اس کا ہوتا ہے ظہور
    مفت میں ملتا نہیں ہے صبح آزادی کا نور
    قدرٍ آزادی کرو ورنہ رفیقانٍ بہار
    گر یہ آزادی کسی سے روٹھ جائے ایک بار
    کرنا پڑتا ہے اسے پھر صدیوں اس کا انتظار
    صبح آزادی کا سورج جسم و جاں کا قرض ہے
    اس کی کرنوں کی حفاظت اب تمہارا فرض ہے

  14. امین ترمذ ی صاحب کا شکریہ کہ انہوں نے یہ نہیں لکھا کہ میں نے صہبا اختر کے متعلق کوئی غلط بات لکھی تھی جس کی ” تصحیح انہوں نے ضروری سمجھی ”
    ۔۔۔۔۔۔

    ۔ : انہیں شاید صہبا اختر کی پاکستان کی ابتدائی زندگی کا علم نہیں جب وہ خود اپنے آپ کو صہبا اختر ” علیگ” لکھا کرتا تھا (حالانکہ اس نے علیگڑھ سے کوئی سند یا ڈگری حاصل نہیں کی تھی ) ۔ اس لحاظ سے امین ترمذی صاحب نے صہبا اختر کی غلطی کی نشا ندہی اور تصحیح کی اوور اسکی وضاحت کی جس کا شکریہ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔
    مجھے اور سب کو اس بات کا علم تھا کہ اس نے علیگ کا لفظ صرف اسکے علیگڑھ یونیورسٹی میں چند ماہ گذارنے کی وجہ سے استعمال کرنا شروع کیا تھا (ممکن ہے کہ اس نے علیگڑھ یونیورسٹی سے اپنے دلی لگاو کی وجہ سے یا پھر دوسروں پر رعب جمانے کےلیے اپنے نام کے ساتھ ” علیگ ” کا لفظ استعمال کرنا شروع کیا ) ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    میری مختصر عرصہ کی دوستی ، صہبا اختر سے انکم ٹیکس آفس کراچی میں اسکی ( اور میری ) ملازمت کے دوران ہوی ( نوٹ : صہبا اختر کی ” بہ مشکل دو تین سال کی ” اس ملازمت کا تذکرہ امین ترمذی صاحب اپنے مندرجہ بالا تبصرہ میں کرچکے ہیں)۔
    ۔۔۔۔۔
    میرے پاس صہبا اختر کی کوئی تصنیف نہیں ہے ، صرف ایک نظم ندائیہ ، جنگ اخبار میں برسوں پہلے پڑھی تھی جسے میں صہبا اختر کی یاد میں اپنے پاس ابھی تک محفوظ رکھا ہوں ۔ اور اس نظم کو عالمی اخبا ر کے قارئین کی خدمت میںاوپر کے تبصروں میں پیش کرچکا ہوں ۔
    ۔۔۔
    میں خوش ہوں کہ اسکی کتاب سر کشیدہ سے امین ترمذی صاحب اپنے تبصروں میں ، انتخابات پیش کررہے ہیں۔ اور انہوںنے صہبا اختر کی مختصر سی سوانح عمری بھی اپنے تبصرہ میں لکھدی ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔
    میں یہ تبصرہ امین ترمذی صاحب سے بحث کےلیے نہیں بلکہ صرف ایک حقیقت کی وضاحت کے لیے لکھرہا ہوں۔
    فقط :
    علم کا خواہاں
    خیراندیش
    منظور قاضی ۔ بی اے عثمانیہ ، ایم بی اے ،گولڈن گیٹ یونیورسٹی ، سان فرانسیسکو ، کیلی فورنیا
    فی الحال مقیم جرمنی

  15. ساغر صدیقی کی نظم : بعنوان ” ہر اک فرد خیبر شکن ہو ہمارا ”
    خدایا ! ہمیں فتح و نصرت عطا کر
    جہانِ مسلماں کو وسعت عطا کر

    ہے پھر صدق مہر و رضا کی ضرورت
    ہمیں سرفروشی کی عادت عطا کر

    ہر اک فرد خیبر شکن ہو ہمارا
    جوانوں کو حیدر ( رض) کی قوت عطا کر

    چٹانوں سے ٹکرائیں تیرے فدائی
    سمندر کو چیریں وہ جراءت عطا کر

    صدا قت کا پرچم رہے جگمگاتا !
    فضاوں سے کھیلیں وہ فطرت عطا کر

    مری بھیگی پلکوں کی فریاد سن لے
    مرے گلستاں کو لطافت عطا کر

    مری عرض سن ! کملی والے کا صدقہ
    تجھے سبز گنبد کے ہالے کا صدقہ
    ۔۔۔۔۔
    فقط:
    منظور قاضی از جرمنی

  16. ساغر صدیقی کی ایک اور نظم : ” پاکستان کےسیاست داں ”

    گرانی کی زنجیر پاوں میں ہے
    وطن کا مقدر گھٹاوں میں ہے

    اطاعت پہ ہے جبر کی پہرہ داری
    قیادت کے ملبوس میں ہے شکاری

    سیاست کے پھندے لگایے ہوئے ہیں
    یہ روٹی کے دھندے جمائے ہوئے ہیں

    یہ ہنس کر لہو قوم کا چوستے ہیں
    خد ا کی جگہ خواہشیں پوجتے ہیں

    یہ ڈالر میں آئین کو تولتے ہیں
    یہ لہجہ میں سرمائے کے بولتے ہیں

    ہے غارت گری اہلِ‌ایماں کا شیوہ
    بھلایا شیا طیں نے قرآں کا شیوہ

    اٹھو نوجوانو وطن کو بچاو
    شراروں سے حدِّ چمن کو بچاو
    ۔۔۔۔
    فقط :
    منظور قاضی از جرمنی

  17. ساغر صدیقی نے یہ نظم پاکستان کے تیئس سال کی سالگرہ پر لکھی تھی مگر اس کا اطلاق پاکستان کے باسٹھ سال پر بھی ہوسکتا ہے:
    بیت چکے ہیں تئیس سال کی بجائے اب ساغر صدیقی کی روح سے معذرت کے ساتھ ” بیت چکےہیں” باسٹھ ” سال ” بھی کہا جاسکتا ہے :
    اس نظم کے تین بند حاضر ہیں :
    بیت چکے ہیں” باسٹھ ” سال
    گونگا ماضی اندھا حال
    اجڑے پنچھی ٹوٹی ڈال
    پھیلے ہیں انجانے جال!
    بیت چکے ہیں ” باسٹھ ” سال

    عزم سے خالی ہے دستور
    جہد و عمل کے منزل دور
    شمع قیادت ہے بے نور
    گلشن میں پھولوں کا کال
    بیت چکے ہیں ” باسٹھ ” سال

    عقل و فراست ہیں بیمار
    فکر ونظر والے بیکار
    دیدہ ء وحشت ہے بیدار
    لرزاں ہے ہمت کی ڈھال
    بیت چکے ہیں ” باسٹھ ” سال

    ساغر صدیقی کی کتاب شبِ آگہی سے
    ۔۔۔۔
    پاکستان پائیندہ تابند ہ باد شاد باد منزلِ مراد
    ۔۔۔۔
    فقط :
    منظور قاضی از جرمنی

  18. یہ دل یہ جان وار دو، میرا وطن سنوار دو
    حیات جس کا نام ہے بہادروں کا جام ہے
    یہ جام جھوم کر پیو، جیو تو بے دھڑک جیو
    یہ دل یہ جان وار دو، میرا وطن سنوار دو

    زمین پر نہیں قدم، ہوا بھی ہاتھ میں نہیں
    گزرتے وقت کا کوئی سرا بھی ہاتھ میں نہیں
    چلے چلو تو پھر کدھر پہنچنا ہے کہیں اگر
    وہ نفرتوں کو پیار دو، میرا وطن سنوار دو
    یہ دل یہ جان وار دو، میرا وطن سنوار دو

    کسی کی کمتری کو عزت و وقار کا نشہ
    کسی کو زور و زر کسی کو اقتدار کا نشہ
    نشے میں دھت تمام ہیں، نشے تو سب حرام ہیں
    یہ سب نشے اتار دو، میرا وطن سنوار دو
    یہ دل یہ جان وار دو، میرا وطن سنوار دو

    حرم کو جائے گی اگر یہ راہ گزر تو جاؤں گا
    نہ جی سکا تو حق کے راستے میں مر تو جاؤں گا
    خدا سے جو کرے وفا، چلے جو سوئے مصطفے
    مجھے وہ شہ سوار دو، میرا وطن سنوار دو
    یہ دل یہ جان وار دو، میرا وطن سنوار دو

    چنے تھے جس قدر گلاب، خار خار ہو گئے
    بنے گئے تھے جتنے خواب تار تار ہو گئے
    گلاب ہیں نہ خواب ہیں عذاب ہی عذاب ہیں
    چمن کو پھر بہار دو، میرا وطن سنوار دو
    یہ دل یہ جان وار دو، میرا وطن سنوار دو

  19. السلام علیکم! مجھے تقریر کی تیاری کے حوالے سے مدد چاہیئے۔ موضوع “وطن کی مٹی گواہ رہنا” اور ” ہم خوار ہوئے تارک قراآن ہو کر”

  20. اپنے اجداد سے شرمندہ ہیں اے پاک وطن
    ہم نے تعبیر کو پھر خواب بنا ڈالا ہے
    شبیرشاہد

  21. السلام علیکم! مجھے تقریر کی تیاری کے حوالے سے مدد چاہیئے۔ موضوع “وطن کی مٹی گواہ رہنا” اور ” ہم خوار ہوئے تارک قراآن ہو کر”

  22. بہت عمدہ اشعار ، تمام شرکاء کا بہت شکریہ
    عاطف شہزاد از جرمنی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *