
دوستو آج عید کی خوشیوں کی تیاریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک اعتراف مجھے کرنا ہے ۔۔ اور وہ یہ کہ مجھے خاص موقع کے لیئے لکھنا بہت مشکل لگتا ہے ۔۔دنوں ہفتوں سوچتی رہتی ہوں کہ کہاں سے لکھنا شروع کروں اور کیسے سب کا شکریہ ادا کروں جو ہر پل میرے ساتھ اور میری تحریروں میں سانس لیتے ہیں ۔۔ کیسے ان کا شکریہ ادا کروں جو میرے کچھ نہیں لگتے لیکن ان کی دعاوں میں ہر دم آباد رہتی ہوں ۔۔ کیسے ان کا شکریہ ادا کروں جو آج میرے پاس نہیں ، میرے ساتھ نہیں پر وہ ہر لمحہ میرے ساتھ رہتے ہیں اور ان کے ہونے سے میرا ہونا ہے جڑا ہے ، کیسے ان کا شکریہ ادا کروں جو اس جہاں میں نہیں رہے پر ان کی تربیت نے مجھے شکرگزاری سکھائی اور مجھے سلیقہ حیات سکھایا ۔ بس یوں کہہ لیجیئے کہ ہمیشہ ہی سے مجھے میری بے چین طبیعت نے مشکل میں رکھا ہے ۔۔ میں اپنے تمام معزز احباب کی شکرر گزار ہوں جنہوں نے میری ہر تحریر پر پذیرائی کی اور مجھے اہم بنائے رکھا ۔
بے حد شکر گزاری ۔۔ تشکر ۔۔ احسانمندی کو قبول کیجئے ۔
دوستو ۔۔۔ خاص موقع رمضان کا ہو یا عید کا یا کوئی اور مجھے وقت سے پہلے ہی خبط سوار ہو جاتا ہے کہ جلد از جلد اس سے متعلقہ سارے کام ختم کر لیئے جائیں ۔ اس بارے میں آپ میرے گھر اور دفتری احباب سے پوچھ سکتے ہیں کہ مجھے ان سے بھی کتنی ڈانٹ سننی پڑتی ہے ۔
مجھے یہ عادت اپنی ماں سے ورثے میں ملی ہے ۔ ہم نے انہیں ہر تہوار کا جوش و خروش سے استقبال کرتے دیکھا ہے ۔۔ عید کے آنے سے پہلے عید کی تیاری اور رمضان سے پہلے روزوں کی تیاری ۔۔ کھجلہ پھینیاں ، پراٹھے بنانے کی ہدایت ۔۔ ساتھ ابا جی کی لیئے سادہ روٹی بنانے کی تلقین ۔۔ نماز اور قران پڑھنے کی لازمی زمہ داری کے ساتھ حسن سلوک کی ہدایتیں آخر میں الارم والی گھڑیوں کی قسمت کھلنے کی گھڑی اور عید کے لیئے نئی چادریں اور نئے برتن خریدنے کا شوق بھی مجھے انہیں ملا ہے ۔۔
عید پر کھانوں کی تیاریاں اور رات گئے تک کبابوں اور سویوں کی خوشبو، تحائف ک ایک دوسرے چھپانا ۔۔ دوستوں کو کارڈز بھیجنا ۔۔ گھر کے بڑوں ، امی ابا جی اور بھایئوں سے الگ الگ عیدی وصولنا ۔۔ اور ان کے لیئے مزے مزے کے کھانے بنانا ۔۔۔۔ آج بھی جیسے سب میری یادوں کا انمول حصہ ہیں ۔۔
اسی لیئے عید مجھے ہمیشہ ہی مذہبی روایات اور تہذیب کا منتقل ہو نا لگتی ہے ۔۔ آج میں وہی سب کرتی ہوں جو میری امی جی کیا کرتی تھیں ۔ گو کہ اب ان کی صحت انہیں یہ سب کرنے کی اب اجازت نہیں دیتی ۔۔ لیکن یہ سچ ہے کہ انہوں نے بڑی آسانی سے اپنی زات اور اپنے تجربے ہم سب میں رکھ دئے ہیں ۔
اب میں وہی خوشیاں وہی رکھ رکھاؤ اپنے بچوں میں رکھ رہی ہوں ۔۔ عید کی صورت مذہب اور روایات کی منتقلی جاری ہے ۔۔
ایک دن پہلے ہی سے گھر کو صاف کرنا ۔۔ نئی چادریں بچھانا ۔۔ نئے گلدان سجانا ۔۔ صبح کے ناشتے کے لیئے کباب ، پڑاٹھے ، پوریاں آلو کا صالن اور سویاں بنانا جانے خودبخود کیسے ہو جاتا ہے ۔ پھر نماز کے بعد۔۔۔۔ سب کا دوپہر تک ڈایئنگ ٹیبل پر ہی بیٹھ کر باتیں کرتے جا نا عید کا لازمی جزو لگتا ہے ۔۔
بیچ بیچ میں کبھی فون یا کبھی مہمان بھی ہماری گفتگو کا حصہ ہو جاتے ہیں ۔۔ اپنے گھر اور سسرال میں ان کے وقت کے حساب سے فون پر دعا سلام کے عید مبارک سلامت کے شورکے ساتھ ہی عید کا رنگ اور گہرا ہوجاتا ہے ۔۔ بچے عیدی کے لیئے شور مچاتے ہیں تو میں بھی ان کے ساتھ عیدی کا نعرہ لگا کر ان جیسی ہو جاتی ہوں ۔۔ اور عید مجھے جانے کہاں سے کہا لے جاتی ہے ۔۔ جہاں میں ہوتی ہوں اور میری انمول یادیں ۔۔
یادیں تو سب کی ہی انمول ہوتی ہیں ۔۔ اس لیئے سوچا کہ کیوں نہ سب سے پوچھا جائے کہ وہ عید کی خوشیاں کیسے منا رہے ہیں ۔
ہم سب کو ہم سب کی طرف سے عید مبارک ۔۔ عید مبارک ۔۔ عید مبارک

عید کی خوشی بھی اللہ پاک کا حکماور روزے داروں کا انعام ہے ورنہ پاکستان کے روز بروز خوں آشام ہوتے حالات میں کیسی عید؟ عید منانا جیسے ایک جُرم لگتا ہے
آج عید کا دن ہے
قرآ ن کریم میں اﷲتعالیٰ کاارشاد ہے: ’’اے پیغمبر ؐ ! آپ ؐ فرمادیجیے کہ اگر تم اﷲکو چاہتے ہو تو میری پیروی کرو ،یعنی ہر کام جس طرح میں کرتا ہو ں اسی طرح تم بھی کرو تو اﷲتعالیٰ تمہیں اپنا محبوب بنالے گا ۔‘‘ ا<س آیت میں اﷲتعالیٰ نے صاف بتایا ہے کہ آنحضرت محمدمصطفی صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم اﷲتعالیٰ کے محبوب ہیں ،اﷲجل شانہ نے اپنے حبیبؐ کو سارے عالم کے لیے بہترین نمونہ بنایا،اس لیے ہم پر لازم ہے کہ اﷲکی عبادت اس طرح کریں، جس طرح اُس کے حبیب ؐنے کی اور اپنی زندگی اس اندازپر گزاریں ،جیسے حضور اکرمؐ نے گزاری، تو ہم بھی اﷲتعالیٰ کے محبوب بن جائیں گے ۔ مسلمان بھائیو !سب سے پہلے نہایت مسرت کے ساتھ ’’عید الفطر ‘‘کے مقدس موقع پر آپ کو اپنے قلب کی گہرائیوں سے مبارک بادپیش کرتا ہوں۔ اﷲتعالیٰ ہم سب کے روزے تراویح اور دیگر عبادات کو قبول فرمائے اور اپنے انعام یافتہ بندوں میں شامل فرمائے۔ آج کا دن ہمیں چند اُمور کی جانب دعوتِ فکر دے رہا ہے کہ عید الفطر کے حقیقی معنی ومفہوم کیا ہیں ؟اِس عید کی مسرتوں سے کیو ں کر لطف اندوز ہونا چاہیے اور عید الفطر کی مخصوص رسوم کی ادائیگی کا مقصد کیا ہے ؟ مادّی نقطہ نظر کا حامل کوئی بھی شخص جب کسی قسم کی کوئی بھی کامیابی حاصل کرتا ہے تو اس کا دل مسرتوں سے لبریز ہوجاتا ہے اور مختلف پیرائیوں میں اپنی اس خوشی کا اظہا ر کرتا ہے۔ آپ اچھی طرح جانتے ہیں کہ جب کسی کو کوئی دولت نصیب ہوتی ہے کوئی منصب یاکوئی اعزاز بخشا جاتا ہے یا قدرت اسے اولا د کی نعمت سے نوازتی ہے ،پھر اس کی اولا د کی شادی کی تقریبِ سعید ہوتی ہے تو وہ مختلف طریقوں سے اپنی خوشی کا اظہا ر کرتا ہے ،اس سے اوپر کی سطح پر کچھ لو گ قدرتی نعمتوں کے حصول پر اپنی خوشیوں کے اظہا ر کے عادی ہوتے ہیں ،مثلاً سورج کی پرستش کرنے والے سورج سے حاصل ہونے والی روشنی اور حرارت کو بنیا دی اہمیت دیتے ہیں اور سورج کی ان خوبیوں کے سبب اس کی خوب تعریف کرتے ہیں ،اسی مقصد کے لیے وہ شمسی سال کے پہلے روز نئے سال کی سالگرہ مناتے اور خوب خوشیا ں مناتے ہیں ،اسی طرح زرعی ممالک مثلاًہندوستان میں بسنت اور ہولی کے موقع پر لوگ عید کا سماں پیدا کردیتے ہیں ،لوگ یہ خوشی اس توقع پر مناتے ہیں کہ خزاں کے جانے اور بہار کے آنے کے ساتھ ہماری فصلیں خوب پھلیں پُھولیں ۔لیکن لوگوں کا ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو یہ یقین رکھتا ہے کہ دُنیا اور دُنیا وی زندگی آنی جانی چیز یں ہیں اور مادّی خوشیاں محض چند روزہ ہیں اور اسی بنیا د پر ان کا اندازِ فکر یہ ہے کہ چونکہ یہ خوشیاں عارضی ہیں،اس لیے ان کی اہمیت معمولی ہے،اصل خوشی وہ ہے جو دائمی ہو اور اس کے لیے خوشیاں مناناحقیقت سے قریب تر ہے، حقیقی نعمت وہ ہے جو ہمیں اﷲسے قریب کردے، اس لیے کہ تمام نعمتوں کا منبع وہی ہے ۔اسی طرح حقیقی عظمت وہی ہے،جو ہمیں قدرت کی جانب سے عطا ہو،اس لیے اﷲہی تمام نعمتوں کا سر چشمہ ہے ۔ اﷲتعالیٰ تمام خوبیوں ،بڑائیوں،نعمتوں اور قوتوں کا مالک حقیقی ہے اور وہی ا پنی مخلوق کو نعمتیں عطا کرنے والا ہے۔اگر کوئی اﷲتعالیٰ کا محبوب بن جاتا ہے تو دُنیا کا سب سے مال دار عظیم آدمی وہی ہوجاتا ہے ،اس کے علاوہ اﷲکو بھلا دینے والی جو بھی ناجائز دولت کسی کے پاس ہے ،وہ رحمت نہیں ،بلکہ زحمت ہے،افسوس کہ انسانوں میں یہ کمزوری عام ہوگئی ہے۔ قرآن مجید میں اﷲرب العزت نے اسی جانب اشارہ کرتے ہو ئے کہا کہ جب انسان کو اﷲتعالیٰ نعمتوں سے نوازتا ہے تو وہ اﷲہی کو بھلا بیٹھتا ہے اسی طرح قرآن مجید میں مسلمانوں کو تنبیہ کی گئی کہ ’’تمہارامال اور تمہا ری اولاد تمہارے لیے آزمائش ہے ‘‘اورفرمایا گیا کہ’’ تمہارے پاس جو کچھ ہے وہ ختم ہوجائے گا اور جو اﷲتعالیٰ کے پاس ہے وہ ہمیشہ رہنے والا ہے ‘‘ پس نعمت وہی ہے جو منجانب اﷲہو اور جو ہمیں اﷲکے قریب کرکے اس کا محبوب بنادے ہر ذی شعور آدمی ایسی ہی نعمت کے حصول پر فخر کرسکتا ہے، خوشیاں مناسکتا ہے ،ایسی خوشی دائمی اور ثمر آور ہوگی ۔’’رمضان المبارک ‘‘عام مہینوں کی طرح ایک مہینہ ہے، جو قمری سال میں نویں نمبر میں آتا ہے ۔جن ایام میں اللہ کی نعمتیں نازل ہوئیں،انہیں ایّام اﷲکہا جاتا ہے اور ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ ہم ان ایّام کو یاد رکھیں اور ان کا چرچا کریں۔ رمضان المبارک وہ مہینہ ہے،جس میں اﷲتعالیٰ کی سب سے عظیم نعمت ہم پر نازل کی گئی ،وہ نعمت جو اپنے جلومیں خدا کی بے شماررحمتیں لیے ہوئے ہے اور جس نے ہمیں اللہ کی نعمتوں کے صحیح استعمال کا طریقہ سمجھایا ،جس نے ہمیں صراطِ مستقیم دکھائی، وہ نعمت جس کے متعلق باری تعالیٰ نے فرمایا:’’ ہم نے تم پر یہ کتاب اُتاری، جو ہر چیز کا روشن بیان ہے اور ہدا یت، رحمت اور بشارت ہے۔‘‘ مسلمانوں کے لیے یہ عظیم نعمت اﷲتعالیٰ کی کتاب ہے، جسے قرآن ِمجید کے نام سے یاد کیا جاتا ہے ،قرآن مجید میںخود بار ی تعالیٰ فرماتا ہے: ’’رمضان وہ مہینہ ہے، جس میں قرآنِ پاک نازل کیا گیا جو لوگوں کے لیے ہدایت رہنمائی اور فیصلے کی روشن باتیں رکھتا ہے ۔‘‘ آج عید الفطر کے دن اسی نعمت خداوندی کے حاصل ہونے کی خوشی منانے کا دن ہے۔ آج کا دن یوم تشکّر ہے ،آج اﷲتعالیٰ اور اس کے رسول ؐپر ایمان رکھنے والے بند گان ِ خدا اپنے گھر بار چھوڑ کر خانہ ٔ خدا میں جمع ہو گئے ہیں تاکہ نعمتوں کے عطا کرنے والے منعم حقیقی کا شکریہ ادا کرسکیں ۔ آج عید کا دن ہے ،اسلامی خوشیوں کا دن۔ احادیث ِمبارک میں آیا ہے کہ جب بندہ ٔخدا کی رحمت سے پُراُمید ہوکر اپنے گھر سے عید گاہ کی جانب اﷲکی تکبیر ۔اَﷲُ اَ کْبَرْ اَﷲُاَ کْبَرْ لاَاِلٰہَ اِلاَّ اﷲُوَاﷲاَ کْبَرْ ﷲُاَ کْبَرْ وَللّٰہِ الْحَمْدُ کہتا ہو ا،رواں دواں ہوتا ہے تو فرشتے اس کا استقبال کرتے ہیں اور اس پر رحمتوں کی بارش برساتے ہیں ۔اس وقت ہاتف ِ غیب سے آواز آتی ہے:’’ میرے بندے کو اس کا پورا اجر ملے گا ۔‘‘ عید کے دن کی خوشیوں کی ابتداءجہاں ایک طرف بارگاہ ِ الٰہی میں 6 تکبیروں کے ساتھ سجدۂ شکر بجا لانے سے ہوتی ہے۔ وہاں اپنے مال کی قربانی بہ صورت صدقۃ الفطر دینے سے ہوتی ہے ۔ان تعلیمات کا لب ِ لباب یہ ہے کہ ہم اﷲکو نہ بھولیں اور اسی پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنی منزل کی طرف قدم بڑھاتے رہیں۔ میںاس موڑ پر آپ کو خطرے سے آگاہ کرناچاہتا ہوں ۔ہوشیار ! آپ نے رمضان سے جو خیروبرکت حاصل کی ہے ،اس کی حفاظت کریں جس طرح مادّی اشیاء کے چور ہر وقت مادی چیزوں کو چوری کرنے کی تاک میں لگے رہتے ہیں ،بالکل اسی طرح نفس وشیطان وہ چور ہیں جو روحانی خزائن کی چوری کرنے کی فکر میں غلطاں وپیچاں رہتے ہیں ۔ آج عید کا دن ہے ۔آج آپ روحانی خزانوں کو کماکر بے حد مسرور ہیں ۔اﷲتعالیٰ کی بے پایاں رحمتوں کے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔ اﷲتعالیٰ کی جانب سے مغفرت کی ہوائیں چل رہی ہیں ۔ایسے میں شیطان کی پُر فریب چالوں میں آنے سے ہوشیار رہیں ۔لہٰذا ہوشیا ر رہیے ! اپنے ایمان کے نازک آئینے کو شیطان کے خطر ناک حملوں سے محفوظ رکھیے ۔ ان مجاہدوں اور ریاضتوں کی حفاظت کریں جو رمضان المبارک کے دوران آپ نے کیے۔ اس سبق کو فراموش نہ کریں، جو ابھی حاصل ہیں جس میں رمضان کے روحانی معاہدے کے دوران آپ کو یاد کرایا گیاتھا کہ دن میں روزوں کا تقدّس بحال رکھنے کے لیے اپنے نفس کو جائز اور قانونی خواہشات سے روکا اور رات کو اپنی نیند اور آرام کو قربان کیا اور اب آپ کو پہلے سے بھی کہیں زیادہ ناجائز کاموں سے بچنا ہے بلکہ ہر اس عمل سے پرہیز کرنا ہے ،جس میں شیطانی عمل کاذرّہ برابر بھی دخل ہو۔ رمضان میں آپ نے معمول سے زیادہ عبادت کی ہے، اب بھی اللہ کی یا د کو دل سے نکلنے نہیں دینا اے بلند وبالا عالی شان مکانات ومحلات میں رہنے والو! اے نرم ونازک بستر وں میں آرام کرنے والو،بڑی بڑی اور قیمتی گاڑیوں میں گھومنے والو،تھوڑی دیر کے لیے ذرا اپنے ان بدقسمت بہن بھائیوں کے بارے میں سوچو،جنہیں دووقت کا کھا نا نصیب نہیں اور جن کے پاس تن ڈھانپنے کے لیے کپڑا تک نہیں ۔ اے زرق برق دیدہ زیب ،اے فیشن ایبل کپڑے پہننے والواور اپنے گھرکی مردہ زمین کی آرائش وزیبائش کرنے والو!یاد رکھو کہ تمہارے قیمتی لباس اور تمہاری یہ عیاشیا ں تمہیں اس وقت تک کوئی اعزازواکرام نہیں عطا کریں گی،جب تک کہ تمہاری آئندہ آنے والی نسلیں ،اس تعلیم سے آراستہ نہیں ہوجاتیں ،جو دُنیا اور آخرت میں اعزاز کا سبب بنیں گی، تمہیں صرف اسی صورت میں محترم تصوّر کیا جائے گا، جب تم ساری قوم کو قابل احترام بنا دو اوریہ جب ہی ممکن ہے کہ جب تمہاری قوم کے پاس ایمان ،علم اور عملِ صالح جیسی نعمت ہوگی۔ میرے عزیز بھائیو! ذرا اپنے قرب وجوار کی دوسری اقوام کو بھی دیکھو،اے میرے بھائیو! آپ کہاں ہیں اور کیا سوچ رہے ہیں ؟آپ کب بیدار ہوں گے؟ اﷲتعالیٰ آپ کو بصارت اور بصیرت عطا کرے تاکہ آپ دیکھ سکیں اور سوچ سکیں ۔ایمان کی رسّی کو مضبوطی سے تھامے رہیں ۔ میں آپ کے لیے دُعا گوہو ں اﷲتعالیٰ میری دُعاؤں کو مستجاب فرمائے (آمین )
پیش نظر مضمون نامور مبلغِ اسلام علامہ شاہ عبدالعلیم صدیقی کا وہ تاریخی خطبہ عید الفطر ہے ۔جو اُنہوں نے 1950ء میں پورٹ آف سپین میں نماز عید اجتماع کے موقع پر دیا تھا ۔
عیدالفطر : عظمت و فضیلت
مولانامحمد ناصرخان چشتی
’’عید‘‘کالفظ ’’عود‘‘سے بناہے،جس کامعنیٰ ’’لَوٹنا‘‘اور’’خوشی‘‘کے ہیں،اللہ تعالیٰ ہرسال اس دن اپنے بندوں پرانواع واقسام کے انعامات اوراحسانات لوٹاتاہے۔یہ دن فرزندانِ اسلام کے لیے مسرّت وشادمانی کادن ہے ٭…٭…٭ عید اور خو شی کا یہ دن مسلمانوں کا عظیم اور مقدّس مذہبی تہوار ہے، جو ہر سال ما ہِ شوال المکرم کی یکم تا ریخ کو انتہا ئی عقیدت و احترام ، جو ش و جذبے اور خوشی ومسرّت کے سا تھ منا یا جاتا ہے۔عید الفطر، دراصل تشّکر وامتنان، انعا م و اکرام اور ضیافتِ ِخداوندی کا دن ہے کہ رمضان المبارک کا تمام مہینا عبادت و ریاضت ، روزوں اور نما زِ تراویح میںمشغول رہنے کے بعد شوّال کی پہلی تا ریخ کو اللہ تعالیٰ اپنے عبادت گزار اور اطاعت گزاربندوںکو انعام واکرام ،بے شماررحمتیںوبر کتیں، بے حساب اجرو ثواب اور اپنی رضا ایسی بیش بہا دو لت و نعمت عطا فر ما تا ہے۔ حضر ت عبد اﷲ ابن عبا سؓ سے رو ا یت ہے کہ حضور اکرمؐ نے ارشا د فر ما یا: ــ’’جب عید الفطر کی رات آتی ہے، تو اس کا نا م آسما نوں پر لیلتہ الجائزہ (یعنی انعام و اکرام کی رات)لیا جا تا ہے۔ جب عید کی صبح ہوتی ہے، تو اﷲتعالیٰ فر شتوں کو تمام شہروں میں بھیجتا ہے، وہ زمین پر اتر کر تما م گلیوں اور راستوں پر کھڑے ہوجا تے ہیں اور ایسی آواز سے(جسے جنّات اور انسانوں کے علا وہ ہر مخلو ق سُنتی ہے ) پُکا رتے ہیں کہ اے اُمّتِ محمدؐ ! اُس رَبّ ِکر یم کی با رگاہ کی طرف چلو، جو بہت زیادہ عطا فرمانے وا لا ہے اور بڑے سے بڑا قصور معا ف فرمانے والا ہے ۔ جب لو گ عید گاہ کی طرف نکلتے ہیں تواللہ تعالیٰ فرشتوں سے فرماتاہے کہ اس مزدورکاکیابدلہ ہے جواپناکام پورا کر چکا ہو؟ فرشتے عرض کرتے ہیں:’’ باری تعالیٰ !اس کابدلہ یہ ہے کہ اسے پوری مزدوری دے دی جائے۔‘‘اللہ تعالیٰ فرماتاہے: ’’اے فرشتو! میں تمہیں گواہ بناتاہوںکہ میںنے انہیں (رمضان المبارک کے روزوںاور قیام اللیل کے بدلے) اپنی رضااور مغفرت عطاکردی ہے۔‘‘ اللہ تعالیٰ بندوںسے ارشادفرماتاہے:’’اے میرے بندو!مجھ سے مانگو، مجھے اپنی عزّت وجلال کی قسم!آج کے دن تم اپنے اجتماعِ عیدمیںدُنیاوآخرت کے بارے میں جوسوال کروگے میں تمہیں عطاکروںگا۔ اپنی عزّت وجلال کی قسم! جب تک تم میرا خیال رکھوگے میںتمہارے عیوب پرپردہ ڈالوںگااور تمہیں مجرموں اور کافروں کے سامنے رُسوا نہیں کروںگا،پس اب تم مغفور(بخشے ہوئے)ہوکراپنے گھروںکو لوٹ جائو،تم نے مجھے راضی کرلیااور میںتم سے راضی ہوگیا۔ فرشتے آج عیدکے دن اُمّت محمدؐ کوملنے والے اس اجروثواب کودیکھ کربہت خوشیاں مناتے ہیں۔‘‘ ( الترغیب والترہیب/ مجمع الزوائد) دین ِاسلام خیرالادیان اور اُمّت محمدیہؐ خیرالامم ہے،اس لیے اس کا عیدمنانے کاطریقہ بھی سب سے منفرد،جُدا،ممتاز، نرالااور بہترین بلکہ فطرت کے تقاضوںکے عین مطابق ہے۔دینِ اسلام کے فطری ہونے کی بڑی دلیل یہ ہے کہ اسلام زندگی کے ہرموڑپر کامل انسانی اورفطری ہدایات دیتاہے۔حیات وممات، خوشی وغمی بلکہ زندگی کے ہر شعبے میںبہترین اُصول دیے گئے ہیں۔ اب ہم دیکھتے ہیںکہ اسلامی اصول وقوانین کے لحاظ سے عیدالفطر کی کیاحقیقت ہے اورایک دوسرے کوعیدکی مبارک بادپیش کرنے سے کیامراد ہے اور عید درحقیقت کس کے لیے ہے۔ کسی عرب شاعر نے بہت ہی خوب صورت اور دل نشین انداز میں عید کااسلامی مفہوم ومقصود بیان کیاہے: لَیْسَ الْعِیْدُلِمَنْ لَبِسَ الْجَدِیْدُ اِنَّمَا الْعِیْدُ لِمَنْ خَافَ الْوَعِیْدُ (عیداُس کی نہیںہے کہ جس نے نئے کپڑے پہن لیے بلکہ عیدتو درحقیقت اُس کی ہے جو عذابِ الٰہی سے ڈر (کرگناہوں سے بازرہ گیا) یعنی عیداُس شخص کی نہیںہوتی جوصرف نئے اور جدیدتراش خراش کالباس پہن لے، خوش بُو لگالے،زیب وزینت کرلے اور مختلف انواع واقسام کے کھانے وغیرہ سے لطف اندوزہو بلکہ عیدتواُس کی ہے جس نے تقویٰ وپرہیزگاری اختیار کی اور اپنے نیک اعمال کی بہ دولت اللہ تعالیٰ کی رضاکو حاصل کرنے میں کام یاب ہوگیا۔جس نے رمضان المبارک میںخوب عبادت کے ذریعے نیکیوں،رحمتوں اوربرکتوںسے اپنے نامۂ اعمال کولبریز کیاہواور حقوق اللہ وحقوق العبادکوپورا کرکے سعادت دارین کوپالیاہو،حقیقی عیدتو درحقیقت ایسے شخص کے لیے ہے۔ عید کس طرح منانی چاہیے؟ اس سلسلے میں خلیفۂ دوم امیرالمؤمنین حضرت عمر فاروق ؓ کانمونہ عمل ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔عیدکے دن لوگ کاشانۂ خلافتِ فاروقی پرحاضرخدمت ہوئے توکیا دیکھتے ہیںکہ امیرالمؤمنین حضرت عمر فاروق ؓ دروازہ بندکرکے زاروقطار رورہے ہیں،لوگوں نے عرض کی، اے امیرالمؤمنین!آج توعیدکادن ہے اورخوشی و مسرت منانے کادن ہے،آج یہ خوشی کی جگہ روناکیسا ہے؟ آپؓ نے اپنے آنسوپونچھتے ہوئے ارشادفرمایا:’’ اے لوگو!یہ عیدکادن بھی ہے اور وعیدکادن بھی ہے۔آج جس خوش نصیب کی نمازیں،روزے اورصدقہ وخیرات مقبول ہوگئے ہیں،بلاشبہ اُس کے لیے آج عید(حقیقی خوشی)کادن ہے لیکن آج جس کی نمازاور روزوںکوردکردیا گیاہو،اس کے لیے آج وعیدکادن ہے ۔میں اس خوف سے ڈررہا ہوں کہ مجھے یہ نہیں معلوم کہ میں اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میںمقبول ہواہوںیاغیرمقبول کردیا گیاہوں۔‘‘ روایت میں آتا ہے کہ خلیفۂ انقلاب وخلیفۂ ثانی امیرالمؤمنین حضرت عمرفاروقؓ نے عیدکے دن اپنے فرزندِارجمند کوپرانی قمیص پہنے دیکھاتوآپؓ کی آنکھوںمیںآنسو آگئے۔ بیٹے نے کہا: ’’ ابّا جان!آپؓ عید کے دن کیوںرو رہے ہیں‘‘آپؓ نے فرمایا:’’اے پیارے بیٹے! مجھے اندیشہ ہے کہ آج عید کے دن جب لڑکے تجھے اس پرانی قمیص میںدیکھیںگے توتیرا دل ٹُوٹ جائے گا۔‘‘آپؓ کے عظیم بیٹے نے بڑا ہی دل رُبااورپیاراجواب دیا: ’’ابّاجان!آج دل تواس کاٹوٹے گا،جو رضائے الٰہی کونہ پاسکاہویااس نے اپنے والدین کی نافرمانی کی ہو۔ مجھے اُمیدہے کہ آپؓ کی رضاکی بہ دولت اللہ تعالیٰ بھی مجھ سے راضی ہوگا۔‘‘یہ سُن کرحضرت عمر فاروق ؓ نے اپنے عظیم بیٹے کو گلے سے لگا لیا اور اپنی مستجاب دُعائوںسے نوازا۔(مکاشفۃ القلوب) قرآن مجیدکامطالعہ کرنے سے معلوم ہوتاہے کہ گزشتہ قومیں اور اُمّتیںبھی عید مناتی تھیں۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے واقعہ ’’بُت شکنی‘‘سے پتا چلتاہے کہ اُن کی قوم بھی ایک خاص دن عید مناتی تھی ،مگر تاج دارِختم نبوت پیغمبر انقلاب آنحضرت محمد مصطفی صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کی بعثتِ مبارکہ کے بعدعید اورخوشی منانے کا انداز اور طریقہ ہی بدل گیا۔ اسلام سے قبل عیدوںمیں لہوولعب،کھاناپینااورکھیل کودہوتا تھا، اب عید میں نمازِدوگانہ اور ذکرِالہٰی ہوتاہے۔پہلے عیدوں میںغریبوں کو دُور کیاجاتاتھا، اب غریبوںکوگلے لگایا جاتا ہے، پہلے عیدوں میںفضول خرچی اورخرافات ہوتی تھیں،اب اس دن صدقہ وخیرات اور فطرانہ ادا کیاجاتاہے۔ خوشی کی وہ تقریب جس میں غریب اور نادار لوگوں کو شریک نہ کیا جائے، اللہ تعالیٰ اور اسلام کی نظر میں سخت ناپسندیدہ ہے۔ اس لیے رحمتِ دوعالم ؐ کا فرمانِ عالی شان ہے: ’’ روزوں کی عبادت اُس وقت تک زمین وآسمان کے درمیان معلّق(لٹکی ہوئی یعنی بارگاہ ِ خداوندی میں غیر مقبول)رہتی ہے ،جب تک کہ صاحبِ نصاب مسلمان صدقہ فطر ادا نہیں کرلیتا۔‘‘ (صحیح مسلم/ جامع ترمذی) ایک اورحدیثِ مبارکہ میںرسولؐ اللہ نے ارشاد فرمایا: ’’صدقۂ فطرروزوں کو لغو اورگندی باتوں سے پاک کرنے اور مسکینوں کی روزی کے لیے مقرّرکیا گیا ہے۔‘‘ (سنن ابی دائود) صدقۂ فطرکی ادائیگی سے اہلِ ایمان کودوفائدے حاصل ہوتے ہیں، روزے کی حالت میںجو خراب باتیں زبان سے نکلیں، صدقۂ فطرکے ذریعے روزہ ان سے پاک ہوجاتاہے۔ دوسرا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ عید کے دن ناداروںاور مسکینوں کی مددہوجاتی ہے اور وہ بھی عیدکی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں۔ صدقۂ فطرادا کرنے والا شخص، جس قسم کی گند م یاآٹا خود استعمال کرتا ہے، اس کے سوادوکلو گرام یا اس کی قیمت ادا کرنی ہوگی۔ واضح رہے کہ صدقۂ فطر کے واجب ہونے کے لیے روزہ رکھنا یا بالغ ہو ناشرط نہیں ہے۔ صدقۂ فطرہرصاحبِ ِنصاب بالغ مسلمان مردوعورت پرفرض ہے۔ مالکِ نصاب ہونے سے مراداتنا مال ہے جوحاجت اصلیہ کے علاوہ ساڑھے باون تولے چاندی (612.36گرام)یا ساڑھے سات تولے( 87.48 گرام) سونے کی رائج الوقت بازاری قیمت کے برابرہو۔ فقہائے کرام نے کہا ہے کہ اگر اموال متفرق ہوں (یعنی کچھ سونا ، کچھ چاندی اورکچھ دیگر اموال ہوں) یا صرف چاندی ہو تو زکوٰۃ اورصدفۂ فطرمیںچاندی ہی کے نصاب کا اعتبار ہوگا تاکہ ناداروں کو فائدہ ہو۔ دیگرعبادات کی طرح زکوٰۃ اورصدقۂ فطربھی گھرکے ہرصاحب ِنصاب پرالگ الگ فرض ہے،لہٰذا والدین اور اولاد، شوہر اور بیوی میں سے جس کے پاس بھی نصاب کے مطابق مال ہوگا، اُس پر زکوٰۃ اورصدقۂ فطرفرض ہے اور اسے اپنے مال میں سے ادا کرنا ہوگا۔ ا لبتہ اگر شوہر بیوی کی طرف سے یا اولاد والدین کی طرف سے ان کی مرضی سے زکوٰۃ اورصدقۂ فطرادا کریں، تو ادا ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ صدقۂ فطرمیںگھرکے سربراہ یاکفالت کرنے والے شخص پر تمام زیرِ کفالت افرادکا صدقۂ فطر دینا واجب ہے،خواہ ان افراد میں کوئی شبِ عیدصبح صادق سے پہلے پیداہواہو تواس کا بھی صدقۂ فطرہ دینا واجب ہے۔ ایسا ضعیف العمریا بیمار شخص جس میں روزہ رکھنے کی قدرت نہ ہو اور نہ ہی آئندہ اس کے اتنے صحت مند ہونے کی اُمید ہو کہ وہ روزہ رکھ سکے گاتو اُس صورت میں وہ ہر روزے کے بدلے فدیہ دے۔ فدیے کی مقدارفی روزہ ایک صدقۂ فطر کے برابرہے۔ اللہ تعالیٰ نے دائمی مریض اور انتہائی بوڑھے افراد کے لیے روزہ نہ رکھنے کی اجازت و رُخصت دی ہے۔ قرآنِ مجید میں ارشادباری تعالیٰ ہے: ’’اور جو لوگ روزہ رکھنے کی طاقت نہیں رکھتے وہ بطورِ فدیہ (ہرروز) ایک مسکین کو کھانا کھلا دیں۔‘‘ (سورۃ البقرہ:185) اس آیت قرآنی کی روشنی میں علمائے کرام فرماتے ہیں کہ بہت زیادہ بوڑھے، کم زور اور جن لوگوںکوایسادائمی مرض لاحق ہو جس کی بناء پروہ روزہ رکھنے کی طاقت نہ رکھتے ہوں توایسے لوگ پورے مہینے کے روزوں کا فدیہ دے دیں۔ جس طرح قربانی کے جانوروںمیں نبی کریم ؐنے تنوّع کو مشروع و مسنون فرمایا، اسی طرح رسول اکرمؐ نے صدقۂ فطر میں بھی تنوّع کو مشروع فرمایا ہے۔ حضرت ابوسعیدخدریؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریمؐ کے زمانے میں ہم ایک صاع(چار کلو گرام) طعام یا ایک صاع (چارکلو) کھجور یں یا ایک صاع (چارکلو) جَو یا ایک صاع (چار کلو) کشمش صدقۂ فطر ادا کرتے تھے۔ جب حضرت معاویہ ؓ کا زمانہ آیاتو گندم آگیا۔ اُنہوں نے فرمایاکہ میری رائے میں نصف صاع (دو کلو) گندم ان کے چار کلو کے برابر ہے۔ (صحیح بخاری،سنن ابودائود،سنن ترمذی) علامہ غلام رسول سعیدی تفسیر’’تبیان القرآن ‘‘میں رقم طراز ہیںکہ: ’’جس طرح قربانی کے جانوروں میںتنوّع ہے اور ان کی کئی اقسام ہیں، اس طرح صدقۂ فطر میں بھی تنوّع ہے اوراس کی کئی اقسام ہیںاور جو لوگ (مال ودولت کے حساب سے) جس حیثیت کے ہوں وہ اسی حیثیت سے صدقۂ فطر ادا کریں، مثلاً جو کروڑ پتی لوگ ہیں وہ چار کلو پنیر کے حساب سے صدقۂ فطر ادا کریں اور جو لکھ پتی ہیں وہ چار کلو کشمش کے حساب سے اور جو ہزاروں روپے کی آمدنی والے ہیں وہ چار کلو کھجور اور سیکڑوںکی آمدنی والے دو کلو گندم کے حساب سے صدقۂ فطرادا کریں۔ (بحوالہ تبیان القرآن جلد7صفحہ761) یکم شوّال المکرم یعنی عیدالفطر کے دن جس شخص کے پاس ضرورت سے زائد اور نصاب کے مطابق رقم موجود ہو، اس پر اپنے اور اپنے زیرِ کفالت افراد کا فطرہ ادا کرنا واجب ہے۔ فطرے کے وجوب کے لیے نصاب پر سال گزرنا یا سال بھر’’صاحبِ نصاب‘‘ رہنا شرط نہیں ہے، یہی صورتِ حال قربانی کے وجوب کی ہے، جب کہ اس کے برعکس ’’فرضیت ِزکوٰۃ‘‘ کے لیے سال بھر ’’صاحبِ نصاب‘‘ رہنا شرط ہے۔ اگر کسی کے پاس عیدالفطر کے دن یعنی یکم شوال المکرم کو وقتی ضرورت سے زائد کم از کم نصاب زکوٰۃ کے برابر رقم نہیں تھی، تواُس پر صدقۂ فطر واجب نہیں ہے۔ صدقۂ فطر ،نمازِ عید سے قبل ادا کردیناچاہیے کہ یہی سُنّت ہے لیکن اگر کسی مجبوری کی وجہ سے نمازِ عیدسے پہلے ادا نہیں کر سکا تو عمر بھر اس کی ادائیگی کا وقت ہے، جب بھی ادا کرے گا، واجب ساقط اور صدقۂ فطر ادا ہو جائے گالیکن مسنون اوربہتر یہ ہے کہ صدقۂ فطرنمازِعیدسے پہلے ہی ادا کر دینا چاہیے بلکہ ہو سکے تو رمضان المبار ک کے مقدّس ومتبرک مہینے میں ادا کردے کہ اس کا اجروثواب بے حدو بے حساب ہوگااور دوسرے یہ کہ صدقۂ فطر کی ادائیگی سے غریب اور نادارلوگ بھی اپنی عید کے لیے خاطرخواہ سامان کر سکیں گے۔ عید کے دن صبحِ صادق شروع ہوتے ہی صدقۂ فطرواجب ہوجاتا ہے، لہٰذا جو شخص شبِ عیدکوصبح صادق سے پہلے وفات پاگیایا فقیر ہو گیاتواس پرصدقۂ فطرواجب نہیںہے، اسی طرح اگرصبحِ صادق سے پہلے بچّہ پیدا ہوگیاتواس کابھی صدقۂ فطر باپ/سرپرست پرواجب ہے۔ مردمالک نصاب پر اپنی طرف سے اور اپنے تمام نابالغ بچوں کی طرف سے صدقۂ فطرواجب ہے ۔ اگربچّہ خود نصاب کا مالک ہے تواس کاصدقۂ فطراسی کے مال سے دیاجائے گااور مجنون اولاد اگرچہ بالغ ہو لیکن غنی نہ ہوتواس کا صدقۂ فطراس کے باپ پرواجب ہے اور غنی ہوتواس کے مال سے دیاجائے۔ صدقۂ فطرواجب ہونے کے لیے روزہ رکھنااورروزے دارہوناشرط نہیں ہے، اگر کسی عذر مثلاًسفر،بیماری یا بڑھاپے کی وجہ سے یامعاذاللہ بلاعذرروزہ نہ رکھا، تب بھی صدقۂ فطرواجب ہے۔ صدقۂ فطرکے مصارف وہی ہیں جو زکوٰۃ کے ہیںیعنی جنہیں زکوٰۃ دے سکتے ہیںانہیں فطرہ بھی دے سکتے ہیں ،سوائے عاملین کے،کیوں کہ ان کے لیے زکوٰۃ ہے، فطرہ نہیں ہے۔ ایک صدقۂ فطرکئی آدمیوں کو اورکئی آدمیوں کے صدقات ایک آدمی کو دیے جا سکتے ہیں،جن مستحق رشتے داروںکوزکوٰۃ اورصدقۂ فطردینا جائزہے، انہیں دینے سے زکوٰۃ وصدقے کے ساتھ ساتھ صلہ ٔرحمی کا ثواب بھی ملتا ہے۔ دینی مدارس کے طلبا کو زکوٰۃ ،صدقۂ فطراورفدیہ کی رقم سے وہ صدقہ جاریہ بن جاتا ہے اور اس رقم سے خریدی گئی کتاب یا اس غذا کی طاقت سے حاصل کیاگیا علم جب تک جاری رہے گا،اس شخص کو بھی برابرثواب ملتا رہے گا یعنی جس کے مال سے وہ کتاب یاعلم حاصل کیا گیاہو،اس کا اجروثواب قیامت تک جاری وساری رہتا ہے۔ عیدکے دن تمام صاحبانِ ایمان مساجداور عیدگاہوں میں حاضر ہوکراپنے رَبّ تعالیٰ کے حضور نہایت خشوع وخضوع کے ساتھ نمازِعیداداکرتے ہیں،اَشکِ ندامت بہاکراپنے گناہوں، خطائوںاورلغزشوںسے توبہ کرتے ہیںاوراپنے ملک و قوم کی سلامتی و استحکام اوربقا ، ملّتِ اسلامیہ کے اتحادو اتفاق، امن وسلامتی اورخوش حالی کے لیے دُعائیں مانگتے ہیں۔ نمازِعید کایہ منظرکتناایمان افروز اور روح پروَر ہوتاہے ۔ جس میں تمام اہلِ ایمان کارنگ ونسل کے فرق وامتیاز کے بغیربڑاایمان افروزاورُروح پروراجتماع ہوتاہے،جس میں امیر و غریب،حاکم ومحکوم،شاہ وگدا اکٹھا ہوکرنمازعیداداکرتے ہیں۔ ایک ہی وقت میںاللہ تعالیٰ کے حضورسجدہ ریز ہوتے ہیںاور ایک ہی وقت میںسب کی زبان پر ایک ہی کلمہ ، ایک ہی تلاوت، ایک ہی ذکر، ایک ہی تسبیح وتحمیداور ایک ہی دُعا ہوتی ہے،اُمّت ِ مسلمہ اجتماع عید کے موقع پر اپنے خالق ومالک کے حضور سر بہ سجود ہو کر اطاعت و بندگی کی عملی تصویرپیش کرتی ہے۔ عیدالفطر کا عظیم تہواروسیع پیمانے پراُخوّت ،بھائی چارے،اتحاداور اتفاق کا درس دیتاہے۔اسی اتحاد وا تفاق سے مسلمانوںکے قلوب اوراذہان کومعمور کرنے کے لیے آج کے مبارک اور عظیم دن نمازِعید کے اجتماع کااہتمام کیاجاتاہے۔یہ اجتماع ہزاروں، لاکھوں افرادکااجتماع ہوتاہے جوصرف ایک امام کی آوازپرسب کے سب بِلاچون وچراحرکت کرتاہے۔صرف ایک امام کی آوازپرسب کے سب رکوع وسجود کرتے ہیںاوراُٹھتے بیٹھتے ہیں،جسمانی ہم آہنگی کے اس دل کش اور دل آویز نظارے میں بڑی لذّت اوربڑاکیف و سرورحاصل ہوتاہے۔ آیئے!آج عیدکے مبارک دن کے اس عظیم اجتماع میںہم اپنے اللہ تعالیٰ کے حضورخلوصِ دل سے یہ عزمِ مصمم کریںکہ آج سے ہماراجوبھی قدم اُٹھے گا ، آج سے ہماری جو بھی آوازاُٹھے گی، آج سے ہم جو بھی کام کریںگے،وہ اسلام کی سربلندی، اُمّت مسلمہ کے اتحاد واتفاق اور خصوصاً اپنے ملک وملت اورقوم ومعاشرے کی بہتری اور استحکام کے لیے کریں گے اورآج سے ہم اپنے درمیان پھیلی ہوئی تمام نفرتوں، اختلافات اورلسانی ومسلکی تعصبات کوختم کریںگے اور اتحادواتفاق، مساوات اور بھائی چارے کو فروغ دیںگے اورہرقدم پرمحبتوںکے چراغ جلائیں گے۔ یکم شوّال المکرم 2ہجری کو عیدالفطر کے موقع پرنمازِ عیدکاآغاز کیا گیا۔فقہ حنفی کے مطابق نمازِ عید ہر اُس شخص پر واجب ہے جس پر نمازِ جمعہ فرض ہے۔ نمازِعیدبغیر اذان واقامت کے پڑھی جاتی ہے اوراس کاوقت چاشت سے لے کر نصف النہار شرعی تک ہے۔ عیدالفطر کی نماز تاخیرسے پڑھنا اور نمازِ عیدالاضحی جلدی سے پڑھنا مستحب ہے اور اس میں نمازِعید کے بعددوخطبے پڑھنا بھی سُنّت ہیں۔اسی طرح فقہائے احناف کے نزدیک نمازِعیدمیں چھ زائدتکبیریںپڑھنا واجب ہیں۔ اس کے علاوہ نمازِعیدالفطر سے پہلے کچھ کھا پی لینا بھی سُنّتِ نبویؐ ہے۔ عیدالفطر کے دن حسبِ ذیل کام کرنا سُنّت اور مستحب ہیں۔ حجامت بنوانا،ناخن تراشنا، مسواک کرنا،غسل کرنا،نئے یاصاف ستھرے کپڑے پہننا،خوش بُو لگانا اور عیدگاہ جانے سے پہلے کوئی میٹھی چیز(طاق عدد میں)کھانا، نمازِ عید سے پہلے صدقۂ فطر ادا کرنا، نمازِ فجر مسجد میں پڑھ کر عیدگاہ جانا، راستے میں تکبیرات تشریق پڑھنا، عیدگاہ آتے اورجاتے راستہ تبدیل کرنا، خوشی ومسرّت کا اظہارکرنا، آپس میں عید کی مبارک باد دینا اوربعدازنمازِعید مصافحہ و معانقہ کرنا(یعنی گلے ملنا)،وغیرہ۔ حضرت جابرؓ بیان کرتے ہیں کہ رسولؐ اللہ عید کے دن (عیدگاہ آتے جاتے)راستہ تبدیل فرماتے تھے۔‘‘(صحیح بخاری، مشکوٰۃ المصابیح) علمائے کرام فرماتے ہیں کہ راستہ تبدیل کرنے میں چند حکمتیںیہ ہیں: n دونوں راستے نمازی کی عبادت اورذکر کی گواہی دیں۔ n ان راستوں کے رہنے والے جِنّ وانس اس کے ذکر اور عبادت کے لیے گواہ ہوں۔ n دونوں راستوں کو ’’جائے عبادت‘‘کی گزر گاہ بننے کی فضیلت حاصل ہو۔ n دونوں راستوں پر شعائرِ اسلامی کا اظہار ہو۔ n متعدد جگہوں پر ذکرِالٰہی کا اظہار ہو۔ n دونوں طرف کے رہنے والے رشتے داروں اور دوست واحباب سے ملاقات ہوجائے۔ n راستے میں اگر قبرستان ہو تو قبروں کی زیارت کاموقع بھی حاصل ہوجائے۔ n دو راستے اختیار کیے جائیں تا کہ زیادہ محنت ومشقّت کرنے سے زیادہ اَجروثواب حاصل ہو۔ n نمازِعید کے لیے جانے والے نمازیوںکے ذکر سے دونوں راستوں کے بے نمازیوں کے ضمیرپرضرب لگے اور انہیں یہ خیال آئے کہ ایک یہ لوگ ہیں جو اللہ تعالیٰ کی عبادت کے لیے جا رہے ہیں اور ایک ہم ہیںکہ جنہیں سال کے بعد بھی نماز پڑھنے کا ہوش نہیں ہے۔(شرح صحیح مسلم: جلد2صفحہ661) ٭…٭…٭ ماہِ شوال کے چھےروزے: حضرت ابو ایوب انصاریؓ بیان کرتے ہیں کہ رسولؐ اللہ نے ارشاد فرمایا: ’’جس شخص نے رمضان المبارک کے (سارے) روزے رکھے اور پھر اس کے بعد شوّال میں چھے (6) روزے رکھے تو یہ ہمیشہ روزے رکھنے کی مثل ہے۔‘‘ (صحیح مسلم،مشکوٰۃ المصابیح) علامہ یحییٰ بن شرف نووی (متوفی676ھ ) لکھتے ہیں کہ عیدالفطر کے بعد شوّال المکرم کے یہ چھے روزے پے درپے اور متواتر رکھنے چاہئیں اور اگر یہ روزے متفرق کرکے رکھے یاشوال کے آخر میں رکھے تب بھی متابعت کی فضیلت حاصل ہو جائے گی۔ علمائے کرام فرماتے ہیں کہ یہ چھے روزے ہمیشہ روزے رکھنے کے برابر اس لیے ہوں گے کہ ایک نیکی کااجر وثواب دس گنا ہو تا ہے۔ اور رمضان المبارک کے تیس روزے اور شوال المکرم کے چھے روزے مل کر چھتیس(36)روزے ہوئے، دس سے ضرب دینے کے بعد حاصل ِضرب تین سو ساٹھ(360)ہوا، چوں کہ سال میں قمری مہینوں کے اعتبار سے تقریبا تین سو ساٹھ (360)دن ہوتے ہیں ، اس لیے جو شخص رمضان المبارک کے سارے روزے رکھنے کے بعد شوال المکرم کے چھے روزے بھی رکھتا ہے تو اسے تین سو ساٹھ روزوں کا اجروثواب ملے گا۔ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کی تمام عبادتوں،حاجات اوردُعائوںکواپنی بارگاہ میںاپنی رحمتِ کاملہ اوراپنے حبیب آنحضرت محمد مصطفی صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے صدقے قبول فرمائے اورہم سب کو نیک اعمال کرنے کی توفیق،طاقت اورہمت عطافرمائے۔(آمین)
عید ،اسلامی تہذیب و ثقافت کا حسین مظہر
مصطفٰی کمال
عیدالفطر رمضان المبارک کے پورے روزے رکھنے کے بعد یکم شوال کو آتی ہے جو روزہ داروں کے لیے مسرت و شادمانی اور مغفرت کی نوید لاتی ہے شوال کا یہ پہلا ہی دن روزہ داروں کی مغفرت کا دن ہے۔ عید الفطر یہ دو عربی الفاظ کا مجموعہ ہے عید اور فطر ۔ عید عود سے بنا ہے یہ لفظ آرامن زبان میں بھی موجود ہے جس کے معنی پلٹ کر آنا ۔ واپس لوٹنا۔ روایات میں آتا ہے کہ مسلمانوں نے اپنی پہلی عید الفطر یکم شوال 2ہجری مدینہ منورہ میں منائی ۔ آنحضور صلی اللہ علیہ وآلہ ِ وسلم نے دوگانہ واجب کی اِمامت فرمائی ا سکے بعد ایک نہایت فصیح و بلیغ خطبہ ارشاد فرمایا۔ عیدگاہ کا یہ مقام آج بھی موجود ہے جو مسجد غمامہ کے نام سے معروف ہے۔ یہی وہ مسجد غمامہ ہے جہاں آنحضورؐ اکثر نماز استسقاء اُمت کے ساتھ ادا کرتے رہے ہیں مسجد نبوی میں قائم باب الاسلام سے اگر باہر نکلیں تو پیش نظر مسجد غمامہ ہوگی۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کے بعد حقیقی عید تو انہی خوش نصیب لوگوں کی ہے جنہوں نے رمضان المبارک کی رحمت و بخشش اور مغفرت کے مہینے میں دن کو روزے رکھے رات کو تراویح میں قرآن مجید کو پڑھنے اور سننے کی سعادت حاصل کی ۔ سحری اور افطاری کے وقت اللہ تعالیٰ کی نعمتوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ اُس کے انوار و برکات کو خوب سمیٹا اور پھر کتنے خوش نصیب اور حقیقی مبارکباد کے اور خوشیوں کے مستحق وہ لوگ ہیں جنہوں نے رمضان المبارک کے روزے رکھنے کیساتھ ساتھ اعتکاف میں بیٹھنے اور شبِ قدر جیسی بخشش و مغفرت کی عظیم رات کو پا کر اپنے لیے دنیا اور آخرت کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے آپ کو جنت کا مستحق بنایا۔ حضور اقدسﷺ کا ارشاد پاک ہے کہ رمضان المبارک کی آخری رات میں اُمتِ محمدیہ ﷺ کی مغفرت کر دی جاتی ہے۔اس رات کو لیلۃ الجائزہ یعنی انعام کی رات کہا جاتا ہے۔ ایک اور حدیث میں ہے کہ نبی پاک ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ رمضان المبارک کے بعد جب عید کی صبح ہوتی ہے تو اللہ تعالیٰ فرشتوں کو تمام شہروں میں بھیجتے ہیں وہ زمین پر اُتر کر تمام گلیوں اور راستوں کے سروں پر کھڑے ہو جاتے ہیں اور ایسی آواز سے جس کو جنات اور انسانوں کے سوا ہر مخلوق سنتی ہے پکارتے ہیں کہ اے اُمتِ محمدیہﷺ اُس کریم کی عطا کی طرف چلو جو بہت زیادہ عطا فرمانے والا ہے ۔ پھر جب لوگ عید گاہ کی طرف نکلتے ہیں تو حق تعالیٰ ، فرشتوں سے دریافت فرماتے ہیں کہ کیا بدلہ ہے اِس مزدور کا جو اپنا کام پورا کر چکا ہو ۔ وہ عرض کرتے ہیں کہ اے ہمارے معبود اور ہمارے مالک اس کا بدلہ یہی ہے کہ اس کی مزدوری پوری پوری دے دی جائے۔ تواللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں کہ ’’فرشتو میں تمہیں گواہ بناتا ہوں کہ میں نے ان کو رمضان المبارک کے روزوں اور تراویح کے بدلہ میں اپنی رضا اور مغفرت عطا کر دی ہے‘‘ اور بندوں سے خطاب فرما کر ارشاد ہوتا ہے کہ’’ اے میرے بندو مجھ سے مانگو میری عزت کی قسم، میرے جلال کی قسم آج کے دن اِس اجتماع میں مجھ سے اپنی آخرت کے بارے میں جو سوال کرو گے عطا کرونگااور دنیا کے بارے میں جو سوال کروگے اس میں تمہاری مصلحت پر نظر کرونگا۔ میری عزت کی قسم جب تک تم میرا خیال رکھوگے میں تمہاری لغزشوں کو معاف کرتا رہوں گا۔ میری عزت کی قسم اور میرے جلال کی قسم میں تمہیں مجرموں اور کافروں کے سامنے ذلیل اور رسوا نہیں کرونگا۔ بس اب بخشے بخشائے عیدگاہ سے اپنے گھروں کو لوٹ جاؤ۔ تم نے مجھے راضی کر دیا اور میں تم سے راضی ہو گیا۔ پس فرشتے اِس اجرو ثواب کو دیکھ کرجو اُمتِ مسلمہ کو عیدالفطر کے دن ملتا ہے خوشیاں مناتے ہیں اور کھِل جاتے ہیں۔عیدمسرت و شادمانی کا پیغام ہے جس کے دامن میں فرحت و مسرت ، راحت و انبساط اور رنگینی و شادمانی نظر آتی ہے ۔ عید اسلامی تہذیب و ثقافت کا حسین مظہر ہے۔ کس طرح اسلام اپنے ماننے والوں کو خوشی و مسرت کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ عیدکا بڑا اجتماع مسلمانوں میں اخوت و رواداری ، بھائی چارے محبت و مروت اور اتحاد و اتفاق کا آئینہ دار ہے۔ عیدکی نماز کے بعد رشتے دار عزیز و اقارب اور دوست سب ایک دوسرے سے گلے ملتے ہیں جس سے محبت و پیار کے جذبات اُجاگر ہوتے ہیں۔ عیدگاہ میں رنگ برنگ کے کپڑے پھولوں کے ہار ، عیدی کی تقسیم اور چہروں پر حسین مسکراہٹ ایک ایسا روح پرور منظر پیش کرتے ہیں جس سے کوئی ذی روح متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ عید کے موقع پر توحید و رسالتؐ کے پیغام کو فروغ دینے کیلئے اور عظمت خدا وندی کا اعتراف کرنے کیلئے تکبیریں پڑھی جاتی ہیں تاکہ دین اسلام کا پرچار بھی خوشیوں اور مسرتوں کے ساتھ جاری رہے ۔ اللہ اکبر اللہ اکبر۔ کی صدائیں عیدگاہ میں چاروں طرف گونجتی ہیں۔ یہ فلک شگاف تکبیریں نہ صرف سطوت اسلام کا اظہار ہیں بلکہ اتحادِ ملتِ اسلامیہ کی عملی تصویر ہیں۔ تاجدارِ مدینہ، ہادی برحق اور انسانیت کے نجات دہندہ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وآلہ ِ وسلم عید کے دن سفید کپڑے پہنتے ۔ عزیز و اقارب، صحابہ اکرامؓ اور دیگر مکاتب فکر کے لوگوں سے ملتے ۔ حتیٰ کہ آپؐ گلیوں میں پھرنے والے معصوم بچوں پر دست ِشفقت فرماتے اور اگر کوئی یتیم بچہ مل جاتا تو اسے اپنے کندھوں پر بٹھا لیتے ۔ اس کی دلجوئی فرماتے جس سے ٹوٹے ہوئے دل بھی عید کی مسرتوں سے باغ باغ ہو جاتے۔
عیدالفطر کے فضائل قرآن و حدیث کی روشنی میں
مولانا حافظ دوست محمد ہزاروی
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ’’تم (رمضان البارک کی )مطلوبہ گنتی پوری کرو اور اللہ تعالیٰ کی بڑائی بیان کرو کہ اس نے ہدایت دی تاکہ تم شکرادا کرو. احادیث مبارکہ میں آیا ہے کہ عید الفطر کی رات فرشتے حکم الہٰی سے راستوں اور گلیوں میں ندا کرتے ہیں: ’’اے مسلمانو! تمہیں اِس ماہ مبارک کے روزے رکھنے کا حکم تھا، تم بجالائے۔ تمہیں راتوں میں نماز پڑھنے کا حکم ملا ،تم کا ربندر ہے، اب اُٹھو اور عید گاہ میںجاکر اپنے پروردگار کے سامنے صف بستہ مؤدب کھڑے ہو، جب تم وہاں سے لوٹو گے تو تمہارے سب گناہ بخشے ہوئے ہوں گے۔‘‘ حدیثِ مبارکہ میں آیا ہے کہ عید الفطر کی رات کو فرشتے گلی کُوچوں میں صدادیتے ہیں، جسے جِنّ و انسان کے سوا تمام مخلوق سُنتی ہے :’’ اے امت محمدؐ اپنے پروردگار کے حضور آئو۔ تمہارا پروردگار بے حد بخشنے والا ہے۔ چھوٹی سی نیکی بھی قبول کرلیتا ہے۔ اور بہت بڑا گناہ معاف کردیتا ہے۔‘‘ جب لوگ عیدگاہ میںصف بستہ باادب حاضر ہوتے ہیں توا للہ تعالیٰ پوچھتا ہے ’’اے فرشتو! بتائو کہ محنت سے اپنا کام کرنے والے مزدور کا معاوضہ کیا ہونا چاہیے؟ فرشتے عرض کرتے ہیں: ’’یااللہ! معاوضہ یہی ہے کہ اس کی مزدوری پوری دی جائے۔‘‘ ارشاد ہوتا ہے: ’’اے فرشتو! گواہ رہو، میں اپنے نیک بندوں کو رمضان کے روزے اور راتوں کی نمازوں کے بدلے اپنی خوش نُودی اور ان کے گناہوں کی مغفرت سے مالا مال کرتا ہوں۔‘‘ پھر فرماتا ہے: ’’اے میرے بندو! مجھ سے مانگو، مجھے اپنی عزّت و جلال کی قسم، اس موقع پر اپنی دینی و دُنیاوی حاجت جو کچھ مجھ سے مانگوگے، قطعاً تمہیں دوں گا۔‘‘ یہ سُن کر فرشتے خوش ہوتے ہیں اور اُمّت کو بشارت دیتے ہیں۔ ‘‘(تذکرہ الوعظین)حضرت انسؓسے روایت ہے کہ عید الفطر کی صبح حضرت جبرائیل ؑ حسبِ ارشاد ِالٰہی آنحضرت محمد مصطفی صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کی خدمت میں حاضر ہونے کے لیے ستّر ہزار فرشتوں کی فوج تیار کرتے ہیں۔ سب کے ہاتھ میں جھنڈیاں ہوتی ہیں۔ حضرت اسرافیلؑ دائیں اور میکائیلؑ بائیں صف میں ہوتے ہیں ،یہ فرشتے عرش کے نیچے آتے ہیں۔ جہاں نور کی قندیلیں آویزاں ہیں اور انبیاؑء و شہدا ء اور صلحاء کی اَرواح قیام پذیر ہیں۔ اُن کے درمیان ایک نہایت نورانی قندیل ہے۔ جس کی روشنی چاند سورج کی روشنی پر بھی غالب ہے اور چاند سورج کو بھی اُس سے روشنی پہنچتی ہے۔ اس قندیل کی چوڑائی ستّر ہزار برس کی راہ اورلمبائی کا علم اللہ کے سوا کسی کو نہیں۔ حضرت جبرائیلؑ ملائکہ ؑ کو لے کر حضور اکرمؐکے حضور میںاللہ تعالیٰ کی طرف سے تحفہ ٔدُرود و سلام پیش کرکے اَدب سے کھڑے ہوجاتے ہیں۔ آنحضرت محمد مصطفی صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم متوجّہ ہوکر فرماتے ہیں: ’’ جبرائیل ؑ! کیاقیامت برپا ہوگئی۔‘‘ وہ کہتے ہیں:’’ابھی نہیں۔‘‘ حضوراکرم ؐ فرماتے ہیں: ’’پھر کیسے آنا ہوا۔ ‘‘وہ عرض کرتے ہیں: ’’آج عید کا دن ہے، آج وہ دن ہے کہ رحمتِ الٰہی جوش زن ہے۔ آج رمضان کے روزے داروں تراویح و تسبیح پڑھنے والوں اور فقراء و مساکین کوصدقہ دینے والوں کو ثواب عظیم ملے گا۔ سب لوگ صدقۂ فطرہ ادا کرکے میدان عیدگاہ میں دو گانۂ عید ادا کرنے کے لیے جمع ہوں گے یارسولؐ اللہ! اگر آپ صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم آج اپنی اُمّت کی شادمانی ملا حظہ فرمانے کے لیے دنیا میں تشریف لے چلیں‘‘ حضورِاکرمؐ دریافت فرماتے ہیں: ’’عرشِ الٰہی کی جانب یہ آواز کیسی بلند ہورہی ہیں؟‘‘ حضرت جبرائیل ؑ جواب دیتے ہیںکہ انبیاؑء ، شہداء و مومنین و صالحین کی اَرواح ہیں، جو آج کے مبارک دن کی خوشی میںمشغول ہیں اور حضور اکرمؐ کی خدمت میں التجا کرتی ہیں کہ اگر آپؐ دُنیا کی طرف تشریف لے جائیں تو ہمیں بھی ہم رکابی میں چلنے کی اجازت ملے، کیوںکہ ُدنیا میں اپنے متعلقین سے ہمارے دل لگے ہیں، آج حضور اکرمؐ کے طفیل میں اُنہیںدیکھ آئیں گے۔‘‘ رسولؐ اللہ ارشاد فرماتے ہیں : ’’اے پاک روحو! اگر تمہارا یہی ارادہ ہے تو میرے ساتھ آئو۔‘‘ حضور سرور کائناتؐ اپنی اُمّت کو دیکھنے کے لیے دُنیامیں تشریف لاتے ہیں۔ تزک و احتشام سے اس مبارک جلوس کا زمین پر نزول ہوتا ہے۔ امام نمازِ عید سے فارغ ہوتا ہے تو سب ارواح واپس چلی جاتی ہیں۔ ا س کے بعد اُن کے پس ماندگان میں سے جو شخص مساکین اور محتاجوں کو کھانا اور خیرات دے کر اس کا ثواب میّت کو بخشتا ہے وہ میّت خوش ہوکر اُس کے لیے دُعائے خیر کرتی ہے۔ ایک مرتبہ عیدکے دن آنحضرت سروردو عالمؐ کے گھرمیں کھانے کے لیے کچھ نہیں تھا، جب آپؐ عیدگاہ جانے لگے، توحضرت عائشہ صدیقہؓ نے فرمایا:’’ آج آپ ؐ کی کسی بی بی کے یہاں کچھ کھانے کو نہیں ہے۔‘‘ آپؐ نے تبسم فرمایا اور ارشاد فرمایا: ’’یہ وہ وقت ہے کہ مجھ پر اتمامِ نعمت ہوا،یہ وہ ساعت ہے کہ مجھ پر فقر کا اطلاق پورا ہوا۔تم غم گین نہ ہو۔‘‘ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: ’’میں اس سے خوش ہوں، مگر عادت کے موافق فقرا،بیوائیں اور یتیم آئیں گے۔ اُن سے شر مندگی ہوگی۔‘‘ آپؐ نے فرمایا:’’ہمیں اور اُنہیں اللہ تعالیٰ دے گا۔‘‘ یہ کہہ کر آپؐ عیدگاہ تشریف لے گئے ، جب واپس آئے تو دیکھا کہ آپؐ کے دروازے سے فقراء کھانا لیے جاتے ہیں۔ جب آپؐ گھر میں تشریف لائے تو حضرت عائشہؓ نے فرمایا : ’’صحابہ کرامؓ کو بلا لیجیے آکر کھانا کھالیں۔‘‘ آپؐ نے پوچھا:’’ یہ کہاں سے آیا۔‘‘ انہوںنے فرمایا :’’حضرت عثمانؓ نے ساٹھ اونٹ آٹے، دس اونٹ روغن اور دس اونٹ شہد ، سوبکریاں اور پانچ سو دینار نقد بھیجے ہیں۔‘‘ آپؐ نے جوشِ شفقت و رحمت سے فرمایا:’’اے اللہ تعالیٰ !عثمانؓ بن عفان پر حساب آسان کردے۔‘‘ حضرت جبرائیل ؑ نے حاضر خدمت ہوکر کہا: ’’اللہ تعالیٰ نے آپؐ کی دُعا حضرت عثمان ؓ کے حق میں قبول کی، اُنؓ سے روزِقیامت حساب نہ ہوگا۔‘‘ آپؐ نے فرمایا: ’’جو کوئی عید کے دن بیوہ کو ہانڈی چڑھوا دے، یعنی کچھ دے ،جسے وہ پکا کر کھائے، اللہ تعالیٰ اُس سے ایک برس کاحساب نہ پوچھے گا۔‘‘ حضرت سعید ابنِ جبیرؓ سے مروی ہے کہ رسول ؐاللہ نے فرمایا: ’’یومِ فطر کا اکرام کیا کرواور معاصی اور ضرر سے بچاکرو۔‘‘ اکرام سے مراد غسل کرنا، کپڑے بدلنا، ناخن ترشوانا، مونچھیں کم کرنا، مسواک کرنا،خوش بُو ملنا،صدقہ ٔ فطر دینااور نماز کے لیے باہر آنا ہے۔ حدیثِ مبارکہ میں ہے: ’’جس نے عید الفطر پر عطر ملا ،اُس کو دوزخ کی آگ مَس نہ کرے گی۔‘‘ ایک اور حدیثِ مبارکہ ہے: ’’جس نے یومِ فطر کو غسل کیا وہ دہشت ِنفخ صور سے امن میں ہوگیا۔‘‘ اور فرمایا:’’جس نے عید کی نماز پڑھی،وہ وعید سے امن میںہوگیا۔‘‘ آنحضرت محمد مصطفی صلّی اللہ علیہ وآلہ وسلّم نے عید کے دن غریبوں، مسکینوں، یتیموں، محتاجوں، ضرورت مندوں، بیوائوں کو اس خوشی میں شریک کرنے کے لیے صدقۂ فطرادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ صدقۂ فطر ادا کرنے کے تین فائدے ہیں، روزوں کا قبول ہونا، موت کی سختی سے محفوظ ہونااور عذاب ِقبر سے امن پانا۔(تذکرۃ الوعظین) ایک روایت میں ہے سرور کائنات علیہ التحیتہ والصّلوٰت نے فرمایا: ’’اے مومنو! ضحیہ کو اپنا مرکب بنائو اور صدقہ ٔ فطر کو اپنا توشہ کرو اور جنّت کو آراستہ کرو۔ صدقۂ فطر دینے والے کے تمام روزے اللہ تعالیٰ قبول فرماتا ہے اور تمام گناہ بخشش دیتا ہے اور مرنے کے بعد فرشتے اس کی قبر کی زیارت کے لیے آتے ہیں۔ وہ قیامت کے دن بُراق پر سوار ہوکر جنّت میںجائے گا۔‘‘‘ یہ بھی وارد ہے: ’’صدقۂ فطر ادا کرنے والے کو ہر دانے کے بدلے میں اللہ تعالیٰ ایک سال کی عبادت کا ثواب دیتا ہے اور ہردانے کے بدلے میں جنّت میں اس کے لیے ایک گھر بناتا ہے ۔ ہر دانے کے بدلہ میں اسے ایک حور عطافرمائے گا۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ’’بے شک ،اُس نے نجات پائی، جس نے تزکیۂ نفس کیا ،رمضان میں روزے رکھے اور اپنے پرورگار کا ذکر کیا، رمضان میں تراویح ادا کی اور نماز پڑھی، دوگانۂ عید ادا کیا۔‘‘ علاوہ دن کے شبِ عید الفطر کے فضائل بھی بہ کثرت ہیں، جس طرح دن میں نماز اور نیک کاموں کا کثیر اَجر ملتا ہے۔ اسی طرح رات میںبھی اللہ تعالیٰ کو یاد کرنے کا ثواب بے حد ہے۔(انیس الواعظین)جو شخص عید الفطر کی نماز کے بعد چار رکعت نماز نفل اس طرح پڑھے کہ پہلی رکعت میںسورۂ ٔفاتحہ کے بعد سورہ ٔاعلیٰ، دوسری رکعت میں سورہ ٔفاتحہ کے بعد سورۂ شمس پڑھے، تیسری رکعت میں فاتحہ کے بعد سورۃاللیل پڑھے، چوتھی رکعت میں سورہ ٔفاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص پڑھے تو اللہ تعالیٰ اس کے پچاس سال پچھلے اور پچاس سال آئندہ کے گناہ معاف فرماتا ہے، ایک قرآن کا ثواب ملتا ہے اور دُنیا بھرکے تمام یتیموں کو کھانا و کپڑا دینے کا ثواب ملتاہے۔
اسلام علیکم
اآپ سب کو میری اور میرے سب گھر والوں کی طرف سے عید بہت بہت مبارک ۔
کاش اس رمضان ھم نے جو اچھائیاں اپنائے رکھیں ان پر ہمیشہ قائم رہ سکیں ۔اور اللہ کی خوشنودی اور اس کے احکامات کی بجا آوری کو اپنی زندگیوں کا مقصد بنائے رکھیں ۔آمین ثمہ آمین
عالم آرا
جزاک اللہ۔ عید کی خوشیوں میں مصروف دوستوں اور احباب کے پاس ایک دوسرے کو عید مبارک کہنے کا بھی وقت نہیں۔ کیا یہ مجموعی بے حسی نہیں ہے۔ ہم نے عالمی اخبار کے بلاگ کو شاہراہ عام یا ہجوم نہیں بنایا ورنہ یہاں بھی شہد کی مکھیوں اور گندگی کے ڈھیر پر بیٹھنے والی مکھیوں کے درمیان فرق نہ ہوتا۔ ہم نے منتخب اور چنیدہ درجن بھر لوگ ساتھ رکھے جنہیں فکری ہم سفر سمجھا۔ لیکن یہ درجن بھر لوگ بھی یوں لگتا ہے اسی ہجوم کا حصہ ہیں۔ وہ عالم و علیم ہم پر ہماری سوچ اور فکر پر رحم کرے
آج عید کا تیسرا دن ھے ۔عالمی اخبار کے وسیلے سے تمام عالم اسلام کو عیدالفطر کی مبارکباد ۔ ۔ اس دعا کے ساتھ کہ عالم اسلام میں امن قائم ھو اور ھم حقیقی قلبی مسرت کے ساتھ ایک دوسرے کو عید مبارک کہنے کے قابل ہو جائیں۔ جیسا کہ آغا جی نے بھی اسی بلاگ میں کہا ھے کہ
” ۔ ۔ ۔ عید کی خوشی بھی اللہ پاک کا حکم اور روزے داروں کا انعام ہے ورنہ پاکستان کے روز بروز خوں آشام ہوتے حالات میں کیسی عید؟ عید منانا جیسے ایک جُرم لگتا ہے ۔ ۔ ۔”
یقین جانیۓ ھم پاکستان میں رہنے والے رسما عید مبارک کہہ رھے ھیں لیکن دل کی کیفیت اللہ ھی جانتا ھے ۔ سب لوگ یہی کہتے ھیں کہ سوگ تین دن کا ھوتا ھے ۔ لیکن جب ھر تیسرے دن دھماکے ھو رھے ھوں تو پھر سارا سال ھی ھم سوگ سے نہیں نکل پاتے ۔ لہذا اللہ سے یہی دعا ھے کہ ملک میں امن قائم ھو تاکہ ھم بھی حقیقی عید منا سکیں ۔ آمین
بھائیوں اور بہنوں!اس مرتبہ میں بھی غفلت کا شکار ہو گیا معافی چاہتا ہوں عید مبارک؟
عید سعید ان کی ہے بخشش ہو ئی نصیب
یہ فرماگئے حدیث میں اللہ کے حبیب (ص)
کہ برباد وہ ہوا کہ گنوایا یہ ماہِ خاص
رویا کرےسال بھروہ شخص بد نصیب
میرے سارے علمی ادبی قلمی اور قلبی دوستوں کو عید کی مبارک باد
میری عید اس بار بہت مختلف گذری
میرا جان سے عزيز بھائ صفدر رضا رضوی عمرے کے لیے سعودیہ گیا ھوا ھے تو سارا وقت اس سے رابطے میں ھی گذرا
اس نے دعا مانگنے والے انسان دوستوں کے لیے خانہ کعبہ کے گرد تقربیا گھٹنوں کے بل چلتے ھوۓ دعا کی
کہ بارالہہ میرے خاندان کے وہ افراد میری بہنیں والدہ اور وہ ديگر افراد جوخلق خدا کے لیے دعا کرتے ھیں
انکی دعاوں کو شرف قبولیت عطا فرماء ساری دینا اور خاص کر پاکستان میں خون ریزی کا سلسلہ موقوف ھوجاۓ آمین ثم آمین
ایک عجب سی اداسی تہواروں پر ھمقدم ھوجاتی ھے
تنہا لوگوں کے دکھہ بھی عجیب ھوتے ھیں
اسی لیے عید کے تین دن بخار اور شدید کھانسی میں گذرے ورنہ میں کم سے کم اپنے دوستوں کو عید کی مبارک باد تو ضرور دیتی ھوں آپ لوگوں سے اتنی محبت و عقیدت ھے کہ کھبی کبھی پوری پوری رات بھی عالمی آخبار کے لیے لکتھے ھوۓ دل سے خوشی سے لکھتے ھوۓ گذرتی ھے
آج کافی دن کے بعد آفس آئ ھوں تو بیرونی دینا سے رابطے کا واحد زریعہ یعنی انٹر نٹ کے ذریعے آپ سب سے ملنے کا پرمسرت موقعہ میسر آیا ھے
اللہ کرے دینا میں ھر جگہ امن وامان ھوجاۓ آمین ثم آمین
اور اللہ پاک محمد احمد ترازي بھائ کو دارین میں اجر عظیم عطا فرماۓ کہ اتنی بہترین علمی معلومات فراھم کی
سلامت رھیے بھائ
اللہ پاک آپ کے قلم کو کوثر وتسنیم جیسی روانی اورآب زم زم جیسا رواں تر فرماۓ آمین ثم آمین
تاخیر سے عید کی مبارک باد دینے پر معافی کی خواستگار ھوں
اللہ کرے آپ سبکا ھر دن عید جیسا ھو آمین ثم آمین
پیاری دوست میں نے آج ہوسپتل سے تمہیں فون کیا تھا پر تم نے نہیں اٹھایا تھا ۔ اور تواور تمہاری پیغام والی آنٹی بھی سوئی ہوئی تھی ۔۔ چلو انشاللہ کل بات ہوگی ۔۔ اب تمہاری طبعیت کیسی ہے
تسلم ايدك يا باشا صور جميله فعلا بانتظار المزيد من الصور وشكرا