عالمی اخبار کا پانچ سالہ سفر بلندی اور کامیابی کا سفر ۔از؛ ڈاکٹر نگہت نسیم ۔سڈنی

aa
میں جب یہ مضمون لکھنے بیٹھی تو مجھے یقین ہی نہیں ہوا کہ ایساہو اہے . عالمی اخبار کے ساتھ ساتھ میں نے بھی پانچ برسوں میں بلندی اور کامیابی کا سفر کر لیا ہے ۔ میں نے جانے کتنی خبریں لکھیں ، بلاگ لکھے اور کتنی نظمیں اور افسانے لکھ ڈالے ، کتنے ہی جید قلمکاروں کی تخلیقات پڑھیں اور کتنے ہی لکھنے والوں سے ملاقاتیں ہوئیں اور بہت سارے نئے لکھاری اور احباب شامل کارواں ہوئے ۔۔ شاید اتنا کچھ ایک انسان کی زندگی میں ہونے کے لئے ایک عمر کافی نہ ہو پر مجھے کہنے دیجئے کہ ان پانچ برسوں میں عالمی اخبار سے وابسطہ ہر فرد نے میری طرح اپنا اپنا تخلیقی سفر طے کیا اور الحمدوللہ ہم کا سفر جاری و ساری ہے ۔

سفر کی جب بھی بات ہو تی ہے تو مجھے جانے کیوں سڑک کے دائیں طرف فٹ پاتھ پر رستہ ڈھونڈنے والا بوڑھا نابینا شخص یاد آجا آتا ہے جس سے مجھے جانے کیوں اتنی انسیت تھی کہ میرا جی کرتا تھا کہ گاڑی روک کربس اسے جاتا دیکھے جاؤں ۔ میں کئی سال الزبتھ روڈ سے گزرتی ہوئی اپنے ہوسپٹل جاتی رہی تھی ۔۔ پونے نو بجے کےقریب اکثر سگنل کے پاس جہاں سے مڑ کر مجھے اپنے ہوسپٹل کی کار پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنی ہوتی تھی۔ اسی سڑک کے دائیں جانب فٹ پاتھ پر وہ نابینا جا رہا ہوتا تھا۔ اکثر جب سگنل بند ملتا تو میں دیر تک اس کے کالے چشمے اور سفید چھڑی کو دیکھتی رہتی اور میری نظریں اس وقت تک اس کا تعاقب کرتیں رہتیں جب تک وہ سڑک ٹوٹلتا ہوا گزر نہ جاتا ۔۔ مجھے آج عالمی اخبار کے ساتھ اپنا ہی نہیں ہر قلمکار کا سفر اسی نابینا کی سفید چھڑی جیسا لگ رہا ہے جو اسے خود پر یقین اور اعتبار جیسی منزلیں سونپ کر منزل کی طرف لے جاتا ہے ۔

اس نابینا کو دیکھ کر میں اکثر یہ بھی سوچا کرتی تھی کہ خوابوں کے دیکھنے کے لئے آنکھوں کی روشنی کی کوئی ضرورت نہیں ہوتی ۔ اس لیئے کسی نابینا اور بینا کے لئے خواب تو خوابوں میں کوئی فرق نہیں ہوتا ۔ مجھے لگتا ہے کہ جیسے ہمیں اپنی ایک آنکھ کو ہر وقت خوابوں سے بھرا رکھنا چاہیئے تاکہ وہ محبت اور سکون کی وادیوں میں کھوئی رہے اور دنیا میں خوشیاں بانٹتی رہے ۔ اور اپنی دوسری آنکھ کو کھلا رکھنا چاہئے تاکہ دنیا کے تلخ حقائق سے آگہی بھی رہے اور ہر آنے والی مصیبت و پریشانی کا ادراک وقت سے پہلے ہو جائے ۔ اور یہ بھی کہ وقت پڑنے پر خواب دیکھنے والی آنکھ کو بھی بیدار کر لیا جائے تاکہ مل کر حالات کا مقابلہ کیا جاسکے ۔خواب دیکھنے والے لوگ تو “ زندہ لوگ “ ہوتے ہیں۔

یہ بہت بڑا سچ ہے کہ جو لوگ عمر بھر آنکھیں کھلی رکھتے ہیں وہ خوابوں کی زبان سے ناواقف رہتے ہیں اور دنیا سے بیزار مایوس پھرتے ہیں ۔ پر وہ لوگ جو خواب دیکھنے والے ہوتے ہیں وہ اپنی عمر آسودگی سے جیتے ہیں اور کبھی مایوس نہیں ہوتے ۔ دراصل خواب ہی منزل کی طرف پہلا قدم ہوتا ہے ۔۔۔

جو سچ پوچھویئےتو پانچ برس قبل میں نے جب عالمی اخبار کا خواب دیکھا تھا اور یکم نومبر دوہزار آٹھ اپنے اس خواب کوجب حقیقت بنایا تو اس وقت میری ایک نہیں دونوں آنکھیں خوابوں سے بھری ہوئی تھیں ۔ مجھے کہنے میں کوئی تامل نہیں ہے کہ میں نے خواب دیکھنے والی آنکھوں کے ساتھ مشکلات کا سامنا کیا ۔۔ اللہ کریم رحیم نے ہر موقع پر میری راہنمائی فرمائی ، مجھے استقامت عطا کی ۔۔۔ میرے سفر کو رواں رکھا اور مجھے کبھی تھکنے نہ دیا ۔

میرا ایمان ہے کہ خواب انسان کو خوش طبعی اور اور اس کی بلند خیالی کو پرواز عطا کرتے ہیں ۔ خواب انسان کو ایسی منزلوں کی طرف لئے چلتے ہیں جہاں سفر رکتے نہیں اور انسان کبھی تھکتے نہیں ۔۔ اللہ پاک نے بلند خیالی ہی کو اس عزت سے نوازا ہے کہ وہ انسان کو کامیابی ، شہرت اور دولت پر غرور نہیں کرنے دیتی ۔ ۔۔۔ انسان کو دنیاوی جاہ مرتبے کی لالچ اور دنیا دار نہیں ہونے دیتی ۔ خواب دیکھنے والا انسان آزاد رہتا ہے اور اپنی کسی ایک کامیابی کو آخری کامیابی نہیں سمجھتا ۔۔۔۔

آج پانچ برس بعد بھی میری دونوں آنکھیں خوابوں سے بھری ہوئی ہیں ۔۔۔ عالمی اخبار کے ساتھ بلندی اور کامیابی کا سفر طے کرنے والی میں ، اپنی اور اپنے ہم رکابوں کی اس کامیابی کو آخری نہیں سمجھتی ۔۔۔ اور اس خوشی کے موقع پر سب اہل قلم کو تحفہ تبریک پیش کرتی ہوں ۔

16 thoughts on “عالمی اخبار کا پانچ سالہ سفر بلندی اور کامیابی کا سفر ۔از؛ ڈاکٹر نگہت نسیم ۔سڈنی”

  1. ا سّلام علیکم میرے تمام معزّز صاحب قلم ہم نشینوں،

    صد ہزار مبارک عالمی اخبار کے اجراء اورصفدر بھیّا کی سالگرہ

    تم جگ جگ جیو ہزاروں سا ل

    میں خود بھی کینیڈا کے کئ معروف اخبارات میں لکھ رہی تھی ،لیکن عجیب بات ہوئ کہ عالمی اخبار پر آکر بس یہیں کی ہو رہی اس میں میرے کسی ارادے کا دخل نہیں ہے بس جب سے یہاں آئ ہوں مجھے اتنی ہی فرصت نصیب ہے کہ چار حرف لکھ کر عالمی پر حاضری دے سکوں ،بہت سے شکوے بھی آئے بہت سی معزرتیں بھی کرنی پڑیں لیکن تنگ دامانئ وقت نے مجھے کہیں اور جانے ہی نہیں دیا

    میرا جنم دن بھی آٹھ نومبر ہے ،اور بفضل تعالٰی پینسٹھ برس کی عمردراز اللہ نے عطا کی ہے ،میرے خواب میرے جینے کی آرزو برقرا ر رکھّے ہوئے ہیں میں اپنے خواب صرف نیند کے دورانئے میں ہی نہیں دیکھتی ہوں جاگتی آنکھوں سے بھی دیکھتی ہوں ،اور اپنے جاگتی آنکھوں کے خوابوں کی تعبیر بھی جاگتی آنکھوں سے پاتی ہوں

    دعاگو ہوں کہ بارگاہ ربّ ا لعزّت عالمی اخبار کے تمام لکھاریوں اور قارئین کو مزید علم عطا کرے اور ہمارا یہ علمی مدرسہ اپنے علمی خزانوں سے معاشرے کو معمور کرتا رہےآمین

    دعاگو زائرہ بجّو

    مسسی سا گا
    انٹاریو ،کینیڈا

  2. صد ہزار بار مبار کباد،

    چند لفظوں کا نذرانہ نگہت نسیم کے نام

    تمھاری سخت کوشی میں رت جگوں کا شمار کیا

    تمھاری بے نیند آنکھوں میں رت جگوں کا خمارکیا

    اور ان خمار آلود آنکھوں میں بسنے والے

    حسین خوابوں کا تزکرہ کیا

    ہو سامنے جب حسین رستہ

    تو گزرے سفر کی صعوبتوں کی حکائتیں کیا

    جو رستہ کٹھن تھا سارا ،گزر گیا ہے

    وہ قافلہ جو سفر کے عالم میں

    حیران ، حیران سا تھا

    وہ منزلوں کی جانب ہے گامزن اب

    ا ب اس کے سامنے دئے ہیں روشن

    چراغ روشن ہے ،قندیل روشن

    اور روشنی کے اس قافلے کی نسیم رہبر

    چلی جو لے کرعالمی کے حروف روشن

    ازقلم زائرہ بجّو

  3. السلام علیکم
    اخبار کی پانچویں سالگرہ پر مبارکباد
    مبارک کے اصل مستحق تومیر کارواں محترم ھمدانی صاحب ہیں ۔اللہ اُنہیں سلامت رکھے آمین
    والسلام
    زرقا

  4. زرقا بیٹی سلامت رہو ،

    شکر ہے کجا ،کجا نظر آنے والی ہستی تم اس بلاگ پر زرا جلدی نظر آگئیں ،

    لیکن دیکھو میرے خیال میں میر کارواں کی پس پردہ لگام نگہت کے ہی ہاتھوں کی مرہون منّت ہے ،(صفدر بھیّا سے معذرت کے ساتھ)

  5. زائرہ عابدی صاحبہ۔ یہ دیوانوں کا کام ہے اور اسمیں نہ میرا کمال ہے نہ نگہت نسیم کا۔ یہ دیوانوں کی ایک جماعت ہے جو کسی مالی منفعت،تشہیر اور مفاد کے بغیر دن رات اسی کام میں لگی ہے۔ اس اخبار میں دو لفظ لکھنے والا بھی ہمارا ہم سفر ہے اور ہم سے کسی طرح کم نہیں۔ اگر سب کے نام اور کام گنوانے لگا تو ایک مکمل مضمون بن جائے گا۔ ایک پیسے کے بغیر جزبہ حُر کے ساتھ انٹرنیٹ پر بی بی سی،وائس اف امریکہ،ڈان، جنگ اور ایسے ہی ظالم اداروں کے درمیان موجود رہنا ہی معجزہ اور اللہ پاک کا کرم ہے۔
    خود زرقا مفتی ہماری پہلے دن کی ساتھی اور ہم سفر ہیں اور خاموش مجاہدہ کی طرح اول روز سے شعبہ ادب سنبھالے ہوئے ہیں
    یہ معاملے کمٹمنٹ یعنی عزم کے ہیں اور اس جوہر عزم کے بغیر درجنوں لوگ اس قافلے میں شامل ہوئے اور پھر کہیں گم ہو گئے

  6. میری جانب سے تمام عالمی اخبار کی ٹیم اور قارئین کا مبارک باد

  7. السلام علیکم
    اخبار کی پانچویں سالگرہ پر مبارکباد
    مبارک کے اصل مستحق تومیر کارواں محترم ھمدانی صاحب ہیں
    اللہ کریم اُنہیں سلامت رکھے آمین
    ہماری جانب سے تمام عالمی اخبار کی ٹیم بالخصوص بابا صفدر ہمدانی،باجی نگہت نسیم اور تمام قارئین کو دلی مبارک باد قبول ہو

  8. اخبار کی پانچویں سالگرہ پر مبارکباد
    مبارک کے اصل مستحق تومیر کارواں باباصفدر ھمدانی صاحب ہیں
    اللہ کریم اُنہیں سلامت رکھے آمین
    ہماری جانب سے عالمی اخبار کی ٹیم بالخصوص بابا صفدر ہمدانی باجی نگہت نسیم اور تمام قارئین کو پانچویں سالگرہ کی دلہ مبارک باد قبول ہو

  9. چلو بھئ میرا ووٹ عوام النّاس نے ویٹو کر دیاہے لیکن بھیّا کا کہنا بہت خوبصورت ہے کہ یہ دیوانوں کی جماعت ہے ،بےشک اگر دیکھا جائے تو ہمین تاریخ کے کسی مقام پر یہ پڑھنے کو نہیں ملا کہ ہمارے ائمّہ ء طاہرین اپنے علم کی تقسیم کا اتنا اتنا معاوضہ لیتے تھے ،پڑھا تو یہ پڑھا کہ وہ اپنی گزر اوقات کھیتی باڑی یا باغبانی سے کرتے تھے ،موالائے کائنات کبھی اپنی روزی کھجور کی دکان پر کھجوریں فروخت کر کے ،اور کبھی یہودی کے باغ میں کنوئیں سے پانی دے کر کماتے تھے ،،

    تو پھر جب اللہ نے ہماری شاہراہ زندگانی پر ایسے نقش قدم ثبت کئے ہیں تو اللہ کریم ورحیم ہم سب کو اپنا اپنا قلیل ہی سہی علمی ورثہ بغیر مالی منفعت کے تقسیم کرنے کی توفیق عطا کرے

    آمین

  10. میرے اچھے عالمی آخبار تم کو عزت و ترقی محبت و استقامت کا بڑھوتی اور کمال کا
    ایک نوزايئدہ پودے سے تناور درخت بننے کا سفر مبارک ھو

    میں بھی تمھاری چھاوں میں پروان چڑھی ھوں
    مجھے بھی تمھاری سرپرستی نے نام دیا ھے
    مجھے بھی تمھاری 5 ویں سالگرہ کا جشن منانا ھے
    میرے اچھے اور منفرد عالمی آخبار تم سے میرا
    ایک بہت خاص طرح کا ربط اور رشتہ ھے
    میں نے جو برسوں کے تعطل کے بعد دوبارہ قلم سے رشتہ استوار کیا تھا تو صرف تمھاری وجہ سے
    اور مجھے بھی یہاں بہت عزت ملی بہت پیار ملا
    دیوانوں کی اس خاص محفل میں میں نے خرد سے دوستی کی
    مجھے اس آخبار نے اتنا کچھہ عطا کیا ھے کہ تنگی دامانی کا احساس ھونے لگا ھے
    میں دل کی اتھاہ گہرايئوں سے اس مبارک موقع پر مبارک باد پیش کرتی ھوں
    اور یہ تو صرف یکم نومبر کی بات نیہں ھے ھم نومبر کے پورے مہینے کو کامیابی اور ترقی کا میہنہ کہتے ھیں
    کہ اس ماہ میں عالمی آخبار کے روح رواں میر کارواں کا جنم دن بھی ھے ا
    عالمی آخبار کو تاخیر سے اوراس کے روح رواں کو میر کارواں کو پیشگی مبارک باد دیتی ھوں
    ستاروں پر کمند ڈالنے والی ھستیوں کو بھی انکی محنت و محبتوں کے ثمر بار لمحات پر مبارک باد
    میری بہت ھی عظیم تر دوست اور بہت ھی اچھی بہن ڈاکٹر نگہت نسیم کو
    عالی مقام جناب شمس جیلانی صاحب کو
    بہت ھی محترم کمال کی ذھانت و لطافت اور قلم سے بہت محبت کرنے والی بہت اچھی بہن زرقا مفتی کو بہت مبارک باد

    انشا اللہ آنے والے دنوں میں عالمی آخبار اوج کمال پر ھوگا
    ساری ادبی دنیا میں صرف اور صرف عاملی آخبار کا ھی چرچا اور چار سو شہرت ھوگی آمین ثم آمین
    عالمی آخبار تم جیو ھزاروں سال
    سالگرہ مبارک ھو

  11. آپ سب کا بہت بہت شکریہ ۔۔۔ پیاری بجو دعاوں کے لیے ممنون ہوں

  12. سیّدہ زائرہ عابدی نے کہا ہے:
    November 1, 2013 بوقت 12:00 pm ایڈٹ
    صد ہزار بار مبار کباد،

    چند لفظوں کا نذرانہ نگہت نسیم کے نام

    تمھاری سخت کوشی میں رت جگوں کا شمار کیا

    تمھاری بے نیند آنکھوں میں رت جگوں کا خمارکیا

    اور ان خمار آلود آنکھوں میں بسنے والے

    حسین خوابوں کا تزکرہ کیا

    ہو سامنے جب حسین رستہ

    تو گزرے سفر کی صعوبتوں کی حکائتیں کیا

    جو رستہ کٹھن تھا سارا ،گزر گیا ہے

    وہ قافلہ جو سفر کے عالم میں

    حیران ، حیران سا تھا

    وہ منزلوں کی جانب ہے گامزن اب

    ا ب اس کے سامنے دئے ہیں روشن

    چراغ روشن ہے ،قندیل روشن

    اور روشنی کے اس قافلے کی نسیم رہبر

    چلی جو لے کرعالمی کے حروف روشن

    ازقلم زائرہ بجّو
    پیاری بجو آپ کی منظوم محبت میرے لیئے فخر اور اعزاز کی بات ہے ۔۔ آپ کی کشادہ نظری کو صد سلام ۔۔ سلامت رہیے ۔۔ بے حد شکر گزار ہوں

  13. میری پیاری بیٹی

    نگہت نسیم اللہ پاک تمھیں کامیابی اور کامرانی کی مزید بلند منزلیں عطا کرے ،تمھارے عزم صمیم کو اور بھی استقامت عطا کرے آمین اور عالمی اخبار کی یہ خدمت علمی وعالی سے تم اپنے اوج کمال کو پہنچو،بے شک میں میری مادرانہ محبّت اور پیارتمھارے نام تمھین دعائیں دے کر مجھے خود سکون مل جاتا ہے کیونکہ تم حقیقی معنوں میں اس کی مستحق ہو

  14. ڈئیر شاہین سلامت رہو

    تمھاری دعا ؤں پر میری جانب سے صد ہزار آمین

  15. صفدر بھیّا کی نذر چند حرف پیش خدمت ہیں

    تم جگ جگ جیوہزاروں سال

    قطعہ :

    میرے بھیّا،
    جنم دن مبارک ،مبارک تمھیں
    تہنیت کی یہ ساعت مبارک تمھیں
    عالمی کا جنم دن مبارک تمھیں
    ماہ پارہ کی سنگت مبارک تمھیں
    ،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
    عالمی اخبار کی سالاری کے نام

    میں نقش ہمہ داں لے کے چلا جانب منزل
    سب یاران ہمہ کف میرے ہمرا ہ چلے ہیں

    میں قافلہ سالار سہی لیکن میرے ساتھی
    تھامے ہیں رسن میرے متن میرے چلن کی

    از قلم زائرہ بجّو

    صفدر بھیّا کے نام جو چند حرف دوسرے بلاگ پر لکھے تھے مین نے انہیں یہاں دوبارہ لکھا ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *