صوبہ سرحد کے بعد صوبہ پنجاب دہشت گردی کی زد میں

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے صدر مقام لاہور میں جمعرات کی صبح تین سرکاری عمارتوں پر نامعلوم دہشت گردوں نے ایک ہی وقت میں حملے کئے ہیں، ان حملوں میں سترہ افراد کے جاں بحق جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پہلا حملہ لاہور کی مصروف ترین شاہراہ اور کاروباری مرکز ٹیمپل روڈ پر واقع وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی عمارت پر کیا گیا۔ جہاں نامعلوم مسلح افراد فائرنگ کرتے ہوئے ایف آئی اے کی عمارت میں داخل ہو گئے جہاں انہوں نے متعدد اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا۔

ایف آئی اے کے دفتر پر فائرنگ کے دوران ہی دوسرا حملہ لاہور کے نواحی علاقے مناواں پر ہوا جس میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ چار شدت پسند ہلاک ہوئے۔ تیسرا حملہ بیدیاں روڈ پر واقع ایلیٹ فورس کے ہیڈکوارٹر پر ہوا جس میں ایک زیر تربیت خاتون سمیت تین اہلکار جاں بحق ہو گئے ہیں۔ حملے میں ایک شدت پسند بھی مارا گیا ہے۔

اب تک کی خبروں کے مطابق تینیوں سینٹرز پرآپریشن مکمل کر لیا گیا ہے ۔۔ ایک بار پھر سارے دہشت گرد مارے جا چکے ہیں ۔ ایک اطلاع کے مطابق دہشت گردوں میں تین خواتین بھی تھیں اور ایک دہشت گرد کی عمراکیس بایئس سال بتائی جاتی ہے ۔۔ صدرزرداری، وزیراعظم گیلانی، تمام دیگر سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے اس واقعہ کی مذمت کر کےاپنا فرض بھی پورا کر لیا ہے ۔۔۔

لیکن دوستو ۔۔۔ کیا بات یہی آ کر ختم ہو جائے گی ؟

کہیں ایسانہ ہو کہ ہماری آپس کی دوریاں ہمیں خشک لکڑیوں سے بنی ہوئی ایسی بوسیدہ عمارت میں نہ بدل دیں جسے نفرت اورعدوات کی آگ بھی جلدی پکڑلیتی ہے اورجو ہلکی سی ضرب سے ڈھے بھی آسانی سے جاتی ہے ۔۔۔

11 thoughts on “صوبہ سرحد کے بعد صوبہ پنجاب دہشت گردی کی زد میں”

  1. اگر ان دہشت گردوں میں “ ایک اطلاع کے مطابق “ تین خواتین “ بھی شامل ہیں تو یہ بے حد عجیب بات ہے ۔
    اب تک تو سرپھرے نوجوانو ں کو ان مردودوں نے اپنی دہشت گرد ٹولی میں شامل کیا اب وہ “ خواتین“ کوبھی اس پاگل پن میں مبتلا کرکے ان سے اپنے مسلمان بھائیوں کو شہید کرنے کی تربیت دے رہے ہیں۔
    طالبان اور القاعدہ کے پاگل تو عورتوں کو ذلیل اور حقیر سمجھکر پردوں کے پیچھے رکھتے ہیں ۔ ان پر تیزاب پھینکتےہیں اور ان کو سرِ بازار رسوا کرتے ہیں ۔ ان پاگلوں نے اب عورتوں کو بھی دہشت گردی کرنے کی تربیت بھی دے دی !!! تعجب ہے۔
    کیا اس تمام ڈرامے میں ہندوستان اور اسرائیل کے ایجنٹوں کا ہاتھ ہے ؟ اس لیے کہ پاکستان کے شیدائی اپنے ہی ملک پاکستان کو تباہ نہیں کرتے۔
    بہر حال : یہ بھیانک خواب بھی ایک نہ ایک دن ٹوٹ جائے گا ۔
    اللہ پاکستان کی حفاظت کرے ۔ آمین

  2. تازہ ترین اطلاعات کے مطابق میجر جنرل شفقات نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آو ر اٹھارہ سال کی عمر کے تھے اور حملہ آوروں میں خواتین شامل نہیں تھیں۔ سو ابتدائی رپورٹ کی تحقیقات سامنے آ چکی ہیں اور دہشت گردی میں خواتین کی شمولیت کی تردید کر دی گئی ہے ۔۔چلیئے خواتین نہیں تھیں پر اٹھارہ سال کی عمر میں دہشت گردی اور اتنے بڑے پیمانے پر ۔۔۔میرے مالک ۔۔۔ کوئی راہ تو آسان ہو ۔۔۔

  3. خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہےکہ پاکستان کی کسی بیٹی نے یہ کام نہیں کیا۔
    مگر کم عمر لڑکوں کو گمراہ کرنا اور ان کے ذریعہ اپنے ملک کو تباہ کرنے کا منصوبہ بنانا قابلِ مذمت ہے۔
    اللہ پاکستان کی حفا ظت کرے ۔

  4. السلام علیکم
    جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس کے پیچھے ہاتھ کسی کا بھی ہو مگر ایک بات بہت عجیب یہ ہے کے ہمارے حکمرانوں اور انتظامیہ کے منہ پر مسلسل طمانچے پڑ رہے ہیں اور وہ پلٹ کر یہی کہتے دکھائی دے رہے ہیں کے اب تو برداشت کر لیا اب کے مار کے دیکھ اور پھر ایک اور طمانچہ پڑ جاتا ہے اور انکے ساتھ کھڑے انتظامیہ کے لوگ ان کو خراج تحسین پیش کرتے دکھائی دیتے ہیں کے کیا اعلی ظرفی کا مظاہرہ کر رہے ہیں سبحان اللہ ۔
    پاکستان آرمی ہو یا پولیس رینجرز یا پھر صدر وزیر اعظم اور دیگر رہنما سب کے سب ایسے آپریشنز کے اختطام پر اپنی ناکامی چھپانے کے لئیے ایک دوسرے کو خراج تحسین پیش کرتے ہی دکھائی دیتے ہیں مگر کوئی اقدامات نہیں کرتے یہ تمام کے تمام مقامات ایسے ہیں کے جہاں ایک ایک سیکنڈ ہائی الرٹ رہنا چاہیے وہاں پانچ فٹ کی دیواریں کوئی بھی پھلانگ کر اندر آ جاتا ہے یرغمال بنا لیتا ہے معصوم جانیں ضائع ہوتی ہیں عوام میں خوف حراس پھیلتا ہے بدلے میں دہشت گرد مارے جاتے ہیں کیونکہ وہ دہشت گرد یہ سوچ کر آتے ہیں کے ہم نے تو مارے جانا ہے مگر انکو یہ کر دکھانا ہے کے یہ ہے تمہاری سکیورٹی ؟
    اور ہمارے اعلی عہدیدار فخریہ انکو مار کر خراج تحسین لیتے دیتے دکھائی دیتے ہیں
    یہ ہے ایٹمی پاور رکھنے والا پاکستان جہاں نا تو جی ایچ کیو محفوظ ہے نا ایف آئی اے نا ہی ایلیٹ فورس کا ہیڈ کوارٹر نا ہی پولیس ٹرینگ سینٹر ۔اگر کچھ محفوظ ہے تو وہ فقط اپنی ناکامیوں پر ایک دوسرے کو خراج تحسین پیش کرنے کا حق محفوظ ہے بس۔۔۔
    اس کے باوجود تعجب کی بات یہ ہے کے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کو محفوظ قرار دیا جاتا ہے اور انکو محفوظ کہتے بھی امریکہ اور یو کے والے ہیں کمال کی بات ہے ۔ جو ممالک ایران جو کے ابھی تک ایٹمی پاور بن کے سامنے نہیں آیا اس کے لئیے تو اتنی سختیاں اور جو ایٹمی پاور ملک ہے اور وہاں آرمی کے ہیڈ کوارٹر تک محفوظ نہیں اس ملک کے لئیے یہی ممالک یہ کہتے دکھائی دیتے ہیں کے ہم جانتے ہیں کے پاکستان کے ایٹمی اثاثے بلکل محفوظ ہیں یہ میری کم علمی کے حساب سے بہت بڑا سوال ہے۔
    قاضی صاحب کیا یہ ہے خودمختار مملکت خداد پاکستان ؟

  5. ہم نے کس کی جنگ کو اپنی جنگ بنا لیا ہے۔ یقین کریں کہ یہ سب دہشت گرد کوئی چند برس پہلے کی پیداوار نہیں۔یہ عشروں سے انہی مقامات پر تھے لیکن انہوں نے پاکستان اور پاکستان کے عوام کے خلاف ایسی کاروائیاں نہیں کی تھیں۔ امریکی مفادات کو بچانے کے لیئے جب ہم نے اپنے مفادات کو داؤ پر لگا دیا تو اب انکا اصل حدف پاکستان اور پاکستان کے غریب عوام اور اہل کار بن گئے۔
    دہشت گردوں کی کمر توڑنے کے سرکاری دعوے فقط لفاظی نکلے اور جی ایچ کیو اور پشاور کے بعد اب ایک ہی دن میں لاہور میں تین حملے سرکاری دعووں کی قلعی کھولنے کے لیئے کافی ہیں۔
    کوئی بھی ذی شعور انسان ان دہشت گردوں کی حمایت نہیں کرتا اور نہ کرے گا لیکن سرکار اور اسکے سلامتی قائم کرنے کے اداروں کی بے بسی پر اب ایک سوالیہ نشان ہے۔
    کہاں ہے اب امریکہ ؟
    کہاں ہے برطانیہ؟
    کہاں ہے یورپی یونین؟
    کیا انکا کام صرف پیسے دینا اور ہمارے حاکموں کا کام پیسے وصول کرنا ہے
    کیا اب لاشوں کی سیاست اور لاشوں کا کاروبار کیا جا رہا ہے۔
    شرم آتی ہے کہ کس منہہ سے کہیں کہ۔۔۔۔ہروردگار رحم کرے گا

  6. السلام علیکم
    ہمدانی صاحب مجھے ایک بات سمجھ نہیں آ رہی کے ایک دم ایسے حالات خراب کیوں ہو رہے ہیں ؟ وہ بھی ایسے وقت میں جب کے تمام پاکستانی عوام کچھ ایشوز پر متحد ہو رہی تھی جیسا کے امریکی کیری لوگر بل کے معاملے پر عوام کا رد عمل آ رہا تھا ۔ساتھ کے ساتھ لاہور کی اگربات کی جائے تو لاہور کی حکمراں جماعت سیکیورٹی رسک کا بہانہ بنا کر ضمنی الیکشن سے بھاگ رہی تھی اور حالات پنجاب کے قدر بہتر تھے مگر ایشو یہی تھا کے حالات خراب ہو سکتے ہیں تو ظاہر سی بات ہے عدالت کا فیصلہ حکمراں جماعت کے حق میں ہی آنا تھا کیونکہ بحالی کے احسانات ابھی تک اتارے ہی جا رہے ہیں مگر جو لوگ الیکشن کے حق میں تھے انکو بھی تو کچھ دکھانا تھا کے ہم سچے تھے تو لاہور کے حالات تو خراب ہونا کوئی انوکھی بات نہیں ہے یہ سب تو جب سیکیورٹی رسک کی درخواست جمع کروائی تھی جب ھی طے ہو چکا تھا کے کچھ نا کچھ تو ہونا ہی ہے اور اس کے ساتھ سرحد کے حالات خراب کرنا تو اس سلسلے کی کڑی جہاں تک میری کم علمی کہتی ہے کے یہ کڑی بلیک واٹر سے ضرور ملتی ہوگی کیونکہ امریکی کیری لوگر بل پر چاہے جتنی وضاحتیں آ جائیں مگر جو شرائط اس میں شامل ہیں وہ جوں کی توں ہیں اور کیری لوگر بل پر دستخط بھی ہونا تھے پاکستانی عوام کے احتجاج کا دم بھی توڑنا تھا ان لوگوں کے ذہنوں کو بھی دوسری جانب منقل کرنا تھا کیونکہ انتظامیہ اور پاکستان آرمی کا ذہن تو جی ایچ کیو پر حملے کے بعد بنا ہی لیا تھا کے تم اپنے جی ایچ کیو تک کی حفاظت نہیں کر سکتے ہو اور باتیں اسی کرتے ہو کے ملکی سلامتی پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی تو آرمی اور حکومتی اہلکاروں کو تو پہلے ہی سمجھا لیا تھا بس رہتی تھی عوام تو عوام کے ذہن اس بل سے ہٹانے کے لئیے سب سے بہتر رستہ یہی تھا کے کچھ ایسا ہو جائے پاکستان میں کی عوام کی توجہ اس بل سے ہٹ کر دوسری جانب چلی جائے تو یہ سب مجھے تو کم از کم اسی سلسلے کی کڑیاں لگتی ہیں
    موجودہ حکومت جو کے مفاہمتی عمل پر گامزن ہے جس میں پاکستانی میڈیا ہمارے سیاسی لیڈران و حکمران سب کے سب بندر بانٹ میں لگے ہوئے ہیں ایسے میں الطاف حسین صاحب کا ملکی صورتحال کو درگزر کر کے کرکٹ ٹیم کے کپتان یونس خان کے حق میں اچھلتا کودتا بیان کے ہم یونس خان کے ساتھ ہیں اور اگر ان کو کپتانی سے ہٹایا گیا تو ہم ملک گیر احتجاج کریں گے مطلب ملکی حالات جائیں جہنم میں انکو کرکٹ ٹیم کی پڑی ہے ؟
    بہت سے ایسے معاملات ہیں جن پر ہمارے سیاسی رہنماوں کا بھرپور رد عمل آنا چاہیئے تھا وہ سب کے سب ملکی حالات کو چھوڑ کر ادھر ادھر کے ایشوز دیکھ رہے ہیں کے ہم میڈیا پر ذندہ بھی رہیں اور اصل ایشوز درگزر کرتے رہیں ؟
    تھوڑا سا بس تھوڑا سا غور کیا جائے تو ایسے بہت سے سوالات کے جوابات ہمکو خود مل جائیں گے کے یہ سب بہت ہی بھیانک سازش چل رہی ہے جس سے سیاسی رہنما میڈیا اور حکمران سب فائدے میں ہیں مگر نقصان میں صرف پاکستان اور پاکستانی عوام ہے
    اس وقت پاکستان کی لیڈر شپ کی ایسی حالت ہے کے کس پر بھروسہ کریں کس پر نا کریں ایک تالاب میں سب کے سب ننگے ہیں
    امریکہ سمیت ہمارے لیڈران تک کو پاکستان ایک ایسا مہرہ ملا ہوا ہے کے اپنے کام نکالنے کے لئیے کہیں بھی کچھ بھی کروا دو ۔دس بیس لوگوں کو جانوں کا نظرانہ دے دو اور اپنا اللو سیدھا کر لو بس سب نے یہی طریقہ اپنایا ہوا ہے ۔
    میڈیا ہمارا اگر اچھالنے پر آئے تو پرویز مشرف کی لندن میں بیڈ روم تک کی خبریں لے آتا ہے تو میرے خیال میں اس وقت تو پاکستان ایسے حالات سے دوچار ہے کے اس پر صرف اور صرف اللہ کاکرم ہی ہو تو ہو ورنہ اللہ کے بندے تو اس کو ٹیشو پیپر کی طرح استعمال کئیے جا رہے ہیں اور بس اس کو ڈسٹ بن میں ڈالنا باقی ہے ۔بس اللہ ہی خیر کرے
    ہو سکتا ہے میرا یہ تجزیہ سراسر غلط ہو مگر پھر بھی آزادی رائے کے تحت میری اپنی جو سوچ تھی وہ میں نے یہاں لکھ دی اب قاضی صاحب مصباح بھائی مناف بھائی نگہت آپا اور خاص طور پر ہمدانی صاحب آپ سے میری یہ گزارش ہے کے اگر میری سوچ غلط ہے تو میری سوچ کو سیدھی راہ دینے کے لئیے ان باتوں کا جواب ضرور دیجئے گا پلیز؟

  7. ماریہ بہن آپ کی تمام باتوں سے متفق ہوں۔ یہ سب کھیل ہے جسمیں کھیلنے والے، میدان، اور تماشائی، سبھی مہرے ہیں۔ کھیلنے والے ہاتھ کو بھی اب تو ہم آپ سب ہی پہچانتے ہیں۔

  8. سیدہ ماریہ علی کاظمی صاحبہ کی تحریر یں اور تبصرے انتہائی فکر انگیز ہوتے ہیں ۔ وہ دل میں اترجانے والی باتیں بڑے ہے بےباک انداز میں لکھتی ہیں ۔ اور پاکستا ن کے حالات کی صحیح طور پر عکاسی کرتی ہیں۔
    اللہ انکو اسی طرح صاف صاف لکھنے اور کہنے کی صلاحیت عطا کرے ۔ آمین
    پاکستان کے حالات آج کل کیا ہیں وہ تو سب پر عیاں ہیں۔
    ان مشکلات کےحل کیا ہیں وہ بھی ہمارے رہنما اور حکومتی ادارے جانتے ہیں۔
    بس جو کچھ وہ جانتے ہیں ان پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
    امریکہ بڑے اطیمنان کے ساتھ کہتاہے کہ 9 ستمبر 2001 کے بعد سے اب تک اس ملک میں کوئی دہشت گرد حملہ نہیں ہوا۔
    اس کی وجہ وہ اپنے ملک میں ان دو حفاظتی اقدامات کو ذمہ دار قرار دیتا ہے۔
    1۔ تمام خفیہ ایجنسیوں کو ایک عہدہ دار کے ماتحت کرنا ۔
    2 ۔ وطن کے دفاع کے لیے Homeland securityکے محکمہ کا قیام
    یہ دو اقدامات پاکستان میں بھی کیے جاسکتے ہیں تاکہ اندرونی حالت کو مضبوط بنا نےمیں مد د ملے۔
    بہر حال : امریکہ تو اپنے دفاع کے لیے ہر طرح کا قدم اٹھا رہا ہے اسی لیے آج تک سوائے ایک دو امریکیوں کے پاکستان میں ایک بھی امریکی کسی دہشت گردی کا شکار نہیں ہوا ۔
    برق گرتی ہے تو بےچارے پاکستانیوں پر ۔
    کیا طالبان اور القاعد ہ کے شیطان امریکیوں سے اتنے خائف ہیں کہ وہ پاکستان میں صرف پاکستانیوں ہی کو اپنی دہشت گردی کا نشانہ بنانے پر تلے ہوئے ہیں۔
    بہر حال : اپنی حفا ظت اپنے ہاتھوں میں ہے ۔ پاکستان کی حکومتوں نے بہت سارے علاقوں کو دہشت گردوں کے رہنے بسنے اور طرح طرح کی جنگی مشقیں کرنے کے لیے کھلا چھوڑ رکھا ہے۔ جنوبی پنجاب کا وہ علاقہ جو بلوچستان سے منسلک ہے اس کے ایک وسیع علاقے میں کوئ پاکستان کی فوج یا پولیس نہیں ۔ وہاں شیطانوں کا راج ہے وہ ہر طرح کی مشقیں کرتےہیں اور وہ پھر لاہور ، پشاور اور کراچی جاکر تباہی مچاتےہیں۔
    خفیہ ایجنسیوں کو نفسا نفسی کی فکر ہے وہ ایک دوسرے سے رابطہ نہیں رکھتیں اسی لیے بہت ساری سازشوں سے بے خبر رہتی ہیں۔
    یہ موضوع نہایت ہی پیچیدہ اور تفصیل طلب ہے اس لیے میں اس تبصرہ کو یہیں ختم کرتا ہوں ۔

  9. تصحیح : میرے تبصرے میں 9 ستمبر 2001 کی بجائے 11 ستمبر 2001 پڑھیے : شکریہ

  10. آپکے یہ الفاظ کہ “پاکستان کی حکومتوں نے بہت سارے علاقوں کو دہشت گردوں کے رہنے بسنے اور طرح طرح کی جنگی مشقیں کرنے کے لیے کھلا چھوڑ رکھا ہے۔ جنوبی پنجاب کا وہ علاقہ جو بلوچستان سے منسلک ہے اس کے ایک وسیع علاقے میں کوئ پاکستان کی فوج یا پولیس نہیں ۔ وہاں شیطانوں کا راج ہے وہ ہر طرح کی مشقیں کرتےہیں اور وہ پھر لاہور ، پشاور اور کراچی جاکر تباہی مچاتےہیں“
    اس کو میں زرا سی وضاحت کردوں کہ شیطانوں کا راج اب پورے پاکستان پر ہے اور سارے پاکستان پر ہی وہ اپنی مشقیں کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں تباہی ہم سب ہی دیکھ رہے ہیں جغرافیائی لحاظ سے اور بین القامی سیاست کے حوالے سے اگر نظرِ ثانی کی جائے تویہ وہ منظر پیش کرنے کی تیاری کر رہے ہیں کہ جس منظر کو دیکھنے کی ہم میں تاب نہیں ہے اللہ خیر کرئے ۔

  11. محترمہ عشرت معین سیما صاحب کی وضاحت کہ “ شیطانوں ک راج اب پورے پاکستان پر ہے “ بہت ہی معنی خیز بھی ہے اور بالکل درست بھی ہے : اس لحاظ سے تو“ شیطانوں کا راج “ پوری دنیا پر ہے۔
    ہمیں فی الوقت پاکستان کی سلامتی کی فکر ہے اس لیے کہ گھر کے چراغ گھر ہی کو جلارہے ہیں ۔ یہ دہشت گرد اور یہ خود کش حملہ آور جن بے قابو علا قوں میں اپنی مشقیں کرتے ہیں ا ن علا قوں پر بھی پاکستانی حکومت کی کڑی نظر ہونی چاہئے ۔

    ہمار ی دلی دعائیں پاکستان کے بہادر سپاہیوں کے ساتھ ہیں جو اپنی جان کی قربانی دے کر پاکستان کو ان شیطانوں سے پاک کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *