بی بی اندر آنا منع ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مجھےآج بھی اچھی طرح یاد ہے کہ میں نےآج سے دوسال پہلے پہلی مرتبہ الحمراہال لاہورمیں مدیحہ گوہرکاسٹیج ڈرامہ “بلھا”دیکھا تو میرے دل میں اسی وقت یہ خیال آیا کہ میں اس عظیم صوفی بزرگ کے دربارپرحاضری دینے کیلئے قصورجاؤں گی،لہذااس مقصد کی تکمیل کیلئے میں

تیسرے روزلوگوں سے پوچھتی پچھاتی بابابلھے شاہ کے دربارپر پہنچ گئی وہاں پر جا کرمیں نے بڑی ہی دلچسپی سے پورے مزارکی زیارت کی میں نے وہاں ایک چندے کی صندوقچی دیکھی میرادل چاہاکہ میں بھی حسب توفیق اس میں پیسے ڈال دوں میں نے اپنے پرس سے پیسے نکالے اوربابابلھے شاہ کی قبرکےقریب رکھی صندوقچی میں  ڈالنے کیلئے آگے بڑھی، فوراًہی کچھ لوگوں نے مجھے اندرآنےسےروک دیا اورمیرے ہاتھ سے پیسے کھینچتے ہوئے کہاکہ بی بی اندرآنا منع ہےآپ نے جو پیسے ڈالنے ہیں ہمیں پکڑائیں ہم خود ڈال دیتےہیں خواتین اندرنہیں آیاکرتیں  ۔۔۔۔مجھے یہ بھاشن دینے والے کئی لوگ بظاہر پڑھے لکھے نظر آ رہےتھے مجھے اپنے عورت ہونےپر پہلی مرتبہ ملال ہوا ، عین اسی لمحےمجھے اپنا ایران کی زیارات کا دور یاد آگیا وہاں امام علی رضا علیہ السلام کے تعویز کے چار کونوں میںسے دو کونےعورتوں کی زیارت کیلئے مختص تھے اور دو کونےمردوں کی زیارت کیلئے اگر ہم نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے تعویز کو دیکھیں تو وہاں پر بھی عورتوں کے ساتھ یہ امتیازی سلوک نظر نہیں آتاوہاں کھڑے ہوئے میرے خاموش لب اور حیرت زدہ آنکھیں اہل قصور سے یہ سوال کر رہی تھیں یہ تعلیمات تو نہ تھیں بابا بلھے شاہ کی ۔۔۔۔۔۔۔۔

39 thoughts on “بی بی اندر آنا منع ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔”

  1. بہن جی ! سلام” علیکم
    یہ کیا رُخ دکھا دیا آپ نے ہمیں ہمارے معاشرے کا ؟
    جتنی جہت میں جہالت ہمارے وطن میں پھیلی ہے اس کی مثال کہیں بھی نہ ملے گی، آپ نے امام رضا علیہ السلام اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ریاض مقدسہ کی مثال ساتھ نہ دی ہوتی تو شاید “میرے” لیے بات سمجھنی مشکل ہوتی، میں یہ نہ کہوں گا کہ یہ سلوک بلھے شاہ اور محمد و آلِ محمد علیہم السلام میں فرق کی بنا پر ہے بلکہ یقیناً اس کی وجہ وہ فرق ہے جو دیگر ممالک اور ہمارے وطن کے مابین ہے، اگر نبی (ص) کا روضہ مبارک ہمارے یہاں ہوتا تب بھی ہم کسی سے شاید کوئی رعایت نہ برتتے-

  2. نادیہ جی !کچھ لوگ ٹھیکیداربن گئے اس دین کے جو میرے اللہ نے اپنے نبی اور ہمارے پیارے آقاﷺ پر سلامتی کی صورت میں نازل کیا، اس سلامتی والے دین کو جس نے جتنا سمجھااس پر عمل کیاہمارے ہاں اس کے ٹھیکیدارپیداہوگئے اور انہوں نے اس میں سے اپنی تاویلیں، اپنے فتوی نکالنا شروع کردئیے۔۔شریعت کے دائرے میں رہ کر سلامتی والے دین کے ہر پہلو سے برکتیں سمیٹی جا سکتی ہیں لیکن ایسی سوچ کیسے دی جائے۔۔بلھا ساری زندگی اس سوچ اورایسے لوگوں سے لڑتا رہا ۔۔وائے نصیب کے اس کے مزارکےمجاوربھی وہی لوگ بن بیٹھے۔۔میں کم علم اس پر کیالکھوں ۔۔بس اتنا جانتا ہوں آپ کا دل ٹوٹا۔۔ایک انسان کا دل ٹوٹا۔۔۔مسجد ڈھا دے مندرڈھادےدل نہ کسے داڈھاویں ہو۔۔۔غلطی معاف، صوفی لوگ ایسے ہی تو نہیں کہہ گئے۔۔۔۔

  3. پڑھ پڑھ علم ہزار کتاباں ، کدی اپنڑے آپ نوں‌پڑھیا نئیں
    جا جا وڑدے مندر مسیتی ، کدی من اپنڑے وچ وڑیا نئیں.

    نادیہ بخاری صاحبہ.ماشااللہ.سب سے پہلے تو اس فقیر کی طرف سے دلی مبارکباد قبول کریں کہ صرف دو روز میں آپ نے کیسی اچھی ٹائپ سیکھ لی ہے. دیکھا آپ بیکار میں گھبرا رہی تھیں.اب بس لکھیئے کہ اللہ تعالیٰ نے قلم اور اظہار کی دولت اپنے چنیدہ لوگوں کو عطا کی ہے.
    آپ کا یہ نیا بلاگ بھی دعوت فکر ہے.

    اللہ اللہ. کیا ظلم ہے کہ اللہ کا پیارا حبیب جسے پروردگار نے جہالت ختم کرنے کے لیئے بھیجا تھا اسکی نوے فیصد امت جہالت میں مبتلا ہے اور اسی صورت حال سے ملاؤں نے فائدہ اٹھایا ہے. کاش مسلمان آج بھی حصول تعلیم نہ سہی حصول علم کی طرف راغب ہو جائیں.
    جس بابا بلھا شاہ کے مزار کے واقعے کی بات آپ نے کی اسی بابا بلھا نے کہا تھا…..
    میری بکل دے وچ چور نی میری بکل دے وچ چور
    سادھو کس نوں کوک سناویں میری بکل دے وچ چور
    چوری چوری نکل گیا تے جگ وچ پے گیا شور
    میری بکل دے وچ چور نی میری بکل دے وچ چور
    مسلماں سویاں توں ڈردے ہندو ڈر دے گور
    دو ویں ایسے دے وچ مر دے ایہو دوہاں دی کھور
    میری بکل دے وچ چور نی میری بکل دے وچ چور
    کتھے رام داس کتھے محمد علیہ اسلام ایہو قدیمی شور
    مٹ گیا دوہاں دا جھگڑا نکل پیا کجھ ہور
    میری بکل دے وچ چور نی میری بکل دے وچ چور
    عرش منور بانگاں ملیاں سنیاں تخت لاہور
    شاہ عناءیت کنڈہاں پاءیاں لک چھپ کچھدا ڈور
    میری بکل دے وچ چور نی میری بکل دے وچ چور
    جس ڈھونڈیا تس نے پایا نہ جھر جھر ہویا مور
    جیہڑا لیکھ متھے دا لکھیا کون کرے بھن توڑ
    میری بکل دے وچ چور نی میری بکل دے وچ چور
    پیر پیراں بغداد اساڈا مرشد تخت لاہور
    اوہ اسیں سبھ اکو کوءی اوہو گڈی تے ڈور
    میری بکل دے وچ چور نی میری بکل دے وچ چور
    ایہ تسیں وی آکھو سارے اوہو گڈی تے ڈور
    میں دسناں تسیں پگھڑ لیاؤ بلھے شاہ دا چور
    میری بکل دے وچ چور نی میری بکل دے وچ چور
    میری بکل دے وچ چور نی میری بکل دے وچ چور

    بابا بلھے شاہ

  4. نادیہ صاحبہ آپ نے شاید پچھلے دو چار سال میں حضور (ص) کے رو ضہ مبارک پر حا ضری نہیں دی ،اب وہاں بھی جہالت کے ٹھیکیداروں نے خواتین کے داخلے کیئے اوقات مقرر کر دیئے ہیں۔ اس وقت دونو طرف قنا تیں لگا کر ایک کوری ڈور بنا دیا جاتا ہےاور دور سے زیارت کرا دیتے ہیں۔اور وہ ریاض الجنہ میں بھی دا خل نہیں ہوسکتی ہیں ۔آج سے دس سال پندرہ سال پہلے تک وہ ہر جگہ اور ہر وقت آ ، جا سکتی تھیں ۔
    اور خیر سے وطن ِعزیز میں تو بہت سے اللہ کے گھروں یعنی مسا جد کے دروازے بند ہیں۔

  5. شمس جیلانی ، عبدالمناف اور ہمدانی صاحب۔۔۔آخر کیوں ؟ایسا رویہ کیوں اختیارکیاجارہاہے؟کیاعورتوں کو روحانیت سے عاری مخلوق سمجھاجانےلگاہے؟ کیا ٹھیکیداران اسلام اسے صرف بچہ جننے کی مشین سمجھتے سمجھتے اسے اسی کھاتے میں ڈالنے کےچکروں میں ہیں ؟عورتوں میں دل نہیں ، جذبات نہیں ،احساسات نہیں ،کیاحب رسول ﷺ، حب الہیٰ نہیں کہیں یہ سرٹیفکیٹ تو نہیں دے دیا۔۔۔۔۔اس عورت کو جس کی تعظیم میرے نبی ﷺیوں کیاکرتے تھے کہ جگرگوشہ رسول فاطمہ زہرا رضی اللہ عہنماتشریف لاتی تو اٹھ کر استقبال کرتے،ازواج مطہرہ آپ کے حسن سلوک کی معترف تھیں ۔۔کم علم ہوں کئی مثالیں موجودہیں بیان نہیں کرپارہا شاید بھول چکا ہوں ۔۔۔۔لیکن بات برحق ہے۔۔احباب بتائیں ایسا کیوں کیا جارہاہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

  6. نادیہ بتول بخاری صاحبہ!

    سب سے پہلے تو یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ آپ عظیم ہستیوں کے مزاروں پرحاضری کا اتنا جذبہ رکھتی ہیں ، اور جہاں تک ان خود ساختہ “ہدایتکاروں “ کا تعلق ہے تو انہیں اگر اتنا احساس ہوجائے کہ مزار پر آنے والے افراد اس عظیم بزرگ کے کتنے چاہنے والے ہیں اور وہ کس جذبے کے ساتھ یہاں تک پہنچتے ہیں تو وہ اس اجاراداری کو چھوڑ کر محبت اور پیار کو بانٹا شروع کردیں ، لیکن ایسے لوگ اکثر علم اور شعور سے عاری ہوتے ہیں اور دوسرا یہ کہ وہاں کی انتظامیہ کی یہ کوتاہی اور بے بسی ہے کہ انہوں نے عظیم ہستی کے مزار کو ایسے لوگوں کے سپرد کردیا جو محبت کے بجائے نفرت پھیلا رہے ہیں ، اعلیٰ حکام کو مقامی انتظامیہ کی غفلت کا نوٹس لینا چاہیے ۔
    بہرحال ! خداتعالیٰ آپ کو اس جذبے کا اجر عطا فرمائے اور دعا ہے کہ آپ جب دوبارہ وہاں جائیں تو ایسے لوگوں کو ہدایت آچکی ہو ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

  7. السلام علیکم
    معذرت کے ساتھ عورتوں کو اب بھی دوسرے درجے کی مخلوق تصور کیا جاتا ہے.
    مجھے اس کا احساس سب سے پہلے حج کے دوران ہوا.
    جب پہلے دس پندرہ دن میں حجرِ اسود کو بوسہ دینے کا موقع نہ ملا تو اپنے شوہر کے ساتھ اندرونی دائرے میں طواف کیا. لیکن ناکام ہو کر واپس آ گئی . حجرِ اسود کے ساتھ کھڑے سپاہی سے مدد کی التجا کی تو اُس نے کہا کہ احسن سنہ یہ ہے کہ تم عورتیں اشارے سے ہی بوسہ دو
    ایک بار ملتزم کو چھونے کا موقع ملا تو ایک غضبناک بزرگ نے یلا یلا حرام حرام کے نعرے لگانے شروع کر دیے جوابا میں نے بھی اُس کو غضبناک نظر سے دیکھا
    بہر حال اپنی جلد گھبرانے والی طبیعت کے پیشِ نظر طوافِ زیارت حرم کی چھت پر کیا اور وہیں سے حجرِ اسود کا نظارہ بھی نصیب ہوا
    تین سال بعد عمرہ کے لیے گئی تو نمازِ ظہر کے بعد حجرِ اسود کی زیارت ہو سکی
    مدینہ منورہ میں خواتین کے لیے روزہ ء اقدس کی زیارت کے اوقات مقرر ہیں خواتین روزے کی جالی کو چار فٹ کے فاصلے سے دیکھ سکتی ہیں ریاض الجنہ میں نوافل ادا نہیں کر سکتیں کیونکہ یہ مردوں کے حصہ میں ہے
    ہمارے ہاں بھی عورتوں سے امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے حالانکہ مردوں کو برتری اس لیے دی گئی کہ وہ ہمارے لیے کما کر لاتے ہیں
    جو خواتین برسرِ روزگار ہیں اپنے کنبوں کی ضروریات پوری کر رہی ہیں وہ کس طرح کمتر ہیں
    اس کے بارے میں کوئی فتویٰ نہیں آتا
    والسلام
    زرقا

  8. سب سے پہلے تو تمام احباب کو سلام عرض رکھتا ہوں اور بالخصوص محترمہ نادیہ صاحبہ کو اس نازک موضوع پر اپنا قلم اٹھانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں.
    میرا خیال ہے کہ اس بلاگ جیسا ہی ایک بلاگ پہلے بھی قبلہ جناب منظور قاضی صاحب نے لکھا تھا جس کا لب لباب کچھ گھرو طرز کا تھا، کہ کھانا پکانے میں مرد کیوں نہیں ساتھ دے رہے، یا عورتیں ہی اس کام کی چکی میں پستی رہیں گی؟ لیکن اس بلاگ کا زاویہ اور کینواس بہت بڑا اور دقیق ہے. میں اپنی حد تک کوشش کرنا چاہتا ہوں کہ اپنی ٹوٹی پھوٹی اردو میں کچھ لکھ سکوں.
    بلاگ کے عنوان کے حساب سے تو ایک چیز سمجھ میں آتی ہے کہ یہ مسئلہ (یعنی درگاہوں کے اندر خواتین کے نہ جانے والا) پنجاب کے اکثر درگاہوں میں پایا جاتا ہے، جب کہ سندھ، اور بلوچستان میں یہ رویہ کسی بھی درگاہ میں نہیں پایا جاتا! لیکن چونکہ میرا تعلق سندھ سے ہے، یہ بات میں بڑے وثوق سے کہتا ہوں کہ سندھ کی درگاہوں پر اکثریت زائرین تو عورتیں ہی ہوتی ہیں!
    میں نے پہلے پہل غالباّ بیانوے میں سرکار بلہا شاہ کی درگاہ پر حاضری دینے گیا تھا. مجھے یاد ہے کہ اس وقت مزار پر ایک چھوٹا سا کمرہ (کوئی آٹھ چھ فیٹ) بنا ہوتا تھا. اور مزے کی بات یہ ایک بورڈ باہر ہی لگا ہؤا کرتا تھا کہ: “مزار کے اندر خواتیں کا داخلہ ممنوع ہے.” مجھے ایک دھچکا سا لگا تھا، پھر میں جب درگاہ پر بیٹھے گادی نشین قبلہ جناب غلام حیدر قادری صاحب سے اس بات کا تذکرہ کیا تو مجھے جواب ملا تھا کہ: “کافی بد تہذیبی ہوتی تھی پہلے اندر، لیکن جب سے خواتیں کا داخلہ بند کیا ہے، اب سکون ہے”. (میرے پاس رکارڈ ہیں یہ جملے)
    لیکن پھر یہی رویہ میں نے جب دوسری درگاہوں پر بھی دیکھا تو ایک عالی مرتبت صاحب سے پوچھا کہ کیا ماجرہ ہے؟ لیکن اس صاحب کے جواب سے بھی مجھے تشفی نہیں ہوئی. اس وقت میں ایک سندھی جریدے میں ڈائری لکھتا تھا. سو مجھے ایک موضوع ملا، لہٰذا تھوڑی بہت تحقیق کرنا شروع کردی.
    اور نتیجہ مجھے عجیب ملا. یعنی آپ سب حیران بھی ہونگے کہ تصوف میں چاروں مکتبہ فکر (قادریہ، نقشبندیہ، سہروردیہ اور چشتیہ) کے ولی صفت کی درگاہوں میں پورے سندھ میں ایک بھی درگاہ مجھے چشتیہ سلسے کی نہیں ملی، جب کہ پنجاب میں چشتیہ سلسلہ بہت عام ہے. قوالی صرف چشتیہ سلسلے میں ہے، اور پورے سندھ میں قوالی کہیں نہیں ملتی….
    چونکہ سرکار بلہا شاہ کا تعلق قادریہ سلسے سے ہے، لیکن وہاں پر بیٹھے گادی نشین سے لیکر عام زائر تک سب چشتیہ مکتبہ فکر کے پیروکار ملینگے. اور ایک اہم بات… کہ چشتیہ درگاہ پر عورتوں کا داخلہ بند ہی ملتا ہے. (خصوصی طور پر پاکستان میں.) ورنہ بھارت، جہاں سے سرکار خواجہ معین الدین چشتی رح سے اس سلسے کا سفر شروع ہؤا وہاں ایسا نہیں ہوتا.
    بہرحال یہ تو تھی یہاں کی درگاہوں پر جنس کے حساب سے دوہرے معیار پر بات. لیکن اب ذرا غور سے دیکھینگے تو ان تمام درگاہوں کے صاحبٍ مدفن کی شاعری میں آپ کو تمام کے تمام سائل کردار مؤنث ملینگے.
    جیسے اوپر کے ایک تبصرے میں محترم سائیں صفدر ھمٰدانی صاحب نے بلہا شاہ سرکار کی ایک کافی درج کی ہے.
    میاں محمد بخش رح، سے لیکر، فرید رح، لال حسین رح کی تمام کافیوں میں مؤنث کردار ہی ہے.
    لیکن مادی طور پر ان درگاہوں میں ہم نے مؤنث کے داخلہ پر پابندی لگا دی!
    عجب ہے!
    اصل میں ہم اپنے رویوں میں سچ یہ ہے کہ کافی قدر کھوکھلے اور منافق ہیں. یہاں ہم ایسا ہی دیکھتے ہیں جیسے کہا جاتا ہے کہ بوٹی حرام شوربہ حلال!
    ملکہ ترنم نورجہاں مرحومہ، جن کا تعلق اسی قصور سے تھا، وہ جب اللہ رکھی تھی، تب وہ تو درگاہ میں اندر عام جاتی تھی. (اسی کے بقول، یہ بھی رکارڈ ہے میرے پاس) اس وقت کی قومی اسمبلی کی اسپیکر جو کہ ایک عورت ہے، فرض کریں کہ وہ درگاہ پر حاضری دینے جائے تو اس کے لیے سب دروازے کھل جائیں گے.
    جب بادشاہی مسجد میں لیڈی ڈائنا اندر تک آسکتی ہے اس دور میں اگر محترمہ نادیہ صاحبہ کو ایک درگاہ میں اندر جانے سے منع کیا جائے تو سوائے ہمارے “منافقانہ رویوں” کے اور کیا کہا جا سکتا ہے!

    (جاری ہے)

  9. زرقا جی۔ یہی دراصل جہاد ہے۔ اس تعصب اور امتیاز کے خلاف آواز بلند کرنا۔اپنے حصے کا احتجاج کرنا۔ لیکن اس بے حسی کو کیا کہیں کہ ایسے موضوعات کو چھیڑنے والے بھی ہم ہی ہوتے ہیں اور ان پر تبصرہ کرنے والے بھی ہم۔ یہی تو وہ مجموعی بے حسی ہے جس نے ہمیں اپنی ہی نظروں میں ذلیل کیا ہوا ہے۔
    میرا خدا جانتا ہے کہ میں ایسے مقامات مقدسہ پر جاتا ہوں تو ایسے حالات پر وہاں کی انتظامیہ سے ضرور احتجاج کرتا ہوں اور اگر وہاں نہ کر سکوں تو واپس آ کر ضرور لکھتا ہوں تا کہ اپنے حصے کا احتجاج کر سکوں۔ہمارے ہاں رپورٹ درج کروانے کا رواج ہی نہیں اور ہر چیز کو ”اللہ کی رضا ہی یہی تھی کہہ کر” ختم کر دیتے ہیں۔حالانکہ یہ اللہ کی رضا نہیں اپنی معذوری ہے۔

  10. جب بادشاہی مسجد میں لیڈی ڈائنا اندر تک آسکتی ہے اس دور میں اگر محترمہ نادیہ صاحبہ کو ایک درگاہ میں اندر جانے سے منع کیا جائے تو سوائے ہمارے “منافقانہ رویوں” کے اور کیا کہا جا سکتا ہے!
    فیاض امر ہمیشہ کی طرح نہایت مدلل اور بھرپور تبصرہ
    ایسے کرؤ کہ اب ڈیانہ کے ساتھ پاکستان کی ”خاتون ابدی” ہیلری آف کلنٹن اینڈ کلنٹن آف لوئینسکی کا نام بھی شامل کر لو۔

  11. میری بہن زرقا صاحبہ نے اس بلاگ کی وسعت کو تھوڑا اور بڑا کر کے مجھے دوسرا تبصرہ لکھنے کی جسارت بخشی ہے.
    اب ذرا جملہ سنیے: ” تم عورتیں اشارے سے ہی بوسہ دو!” اور یہ کہ “اس کے بارے میں کوئی فتویٰ نہیں آتا!”
    کیا ہم ایک لمحہ کے لیے تاریخ کی پیچیدہ گلی میں جا سکتے ہیں اب؟ کہ ہمیں اس سوال کا جواب شاید مل جائے، یا یہی ملے کہ ایسا کیوں ہے!
    تو چلیں: تمام عمرانیات کے عالم اس بات پر متفق ہیں کہ آج سے پانچ یا چھ ہزار برس پیچھے “دؤرٍ اموی” تھا. یعنی، جسے ہم عرفٍ عام میں کہیں عورت راج. ہندو مذہب اسی دور کی پیداوار ہے، جہاں نعمتوں، یا زحمتوں کو بانٹنے “والا” نہیں بلکہ “والیاں” ہوتی ہیں.
    مثال: دنوی آسائشوں کو دینے والی لکھشمی دیوی، سکون دینے والی درگا دیوی، سر سنگیت کی سرسوتی دیوی، بارشوں کے لیے بھی لکھشمی دیوی، عذاب یا موت دینے والی کالی دیوی وغیرہ وغیرہ…
    اسی طرح اب اگر مشرقٍ وسطیٰ میں دیکھیں گے تو یہ رویہ وہاں بھی یام ہی ملے گا. ایشتار دیوی، ہیرا دیوی، زہرہ دیوی، وغیرہ …. یونان سے لیکر بابل (آج کا عراق) تک ان کا راج ہؤا کرتا تھا. بابل کے اموی دور کو مکمل ختم کرنے کا سہرہ تاریخ لکھتی ہے کہ فارسی سائرس دی گریٹ (جسے ہم حضرت سکندر ذولقرنین ع س) کے نام سے جانتے ہیں، جس نے وہاں سے ایشتار دیوی کا مندر بالکل ختم کرکے ایک خدا کی عبادت کرنے کا قانون لاگو کیا. یہاں یہ یاد رہے کہ اہلٍ عرب اس وقت تک سوائے بدؤوں کے اور کچھ بھی نہ تھے. بہرحال انسانی نفسیات کے مطابق ایک شدت کو دوسری شدت ختم کرتی ہے، اسی نظریہ کے حساب سے اموی دور مشرقٍ وسطیٰ سے بالکل ختم ہؤا اور متبادل کے طور پر “ابوی دور” کی ابتدا ہوگئی. جس میں مردوں نے مذہب کی آڑ میں مؤنث جنس کے ساتھ کیا کیا، کیا! وہ یہاں چنداں بتانے کی ضرورت نہیں.
    اب اس ابتدائی دور میں پروپیگنڈا کے ذریعے عورتوں کے تمام حقوق ختم کیے گئے. جس کی باقیات ہمارے ہاں کیا، آجکل بھی تمام کرہ ارض پر ان تمثیلوں میں عام ملے گی، جیسے:
    – عورت کا عقل اس کے پاؤں کی ایڑی میں ہوتا ہے.
    – عورت کی آدھی گواہی.
    – عورت یعنی چادر اور چار دیواری.
    – عورت مرد کی ملکیت.
    – عورت یعنی فتنہ.
    – عورت مرد کے تباہی کا سبب، وغیرہ
    تو کہنے کا مقصد یہ کہ یہ ایک شدت کی پیداوار ہے جس نے عورتوں کو سچ تو یہ ہے کہ دوسرے درجے کا انسان قرار دیا.
    اب قرآن کیا کہتا ہے اس سلسلے میں. آپ بھلے سورہ نساء کی آیہ کریمہ پڑھیں لیکن اس میں کہیں عورتوں کی تذلیل نہیں بلکہ انہیں ایک انسان اور برابر کا انسان سمجھا ہے. اب یہ نا سمجھی ہے کہ ہم نے اپنے اپنے مطلب کی طرف اپنی ٹانگیں سکیڑنا شروع کی، اس میں کم از کم اسلام کا کوئی ہاتھ نہیں.
    اول تو یہ بھی ہے کہ پورا قرآن ہدایت کا سرچشمہ ہے، لیکن یہ ہدایت…. سب کو نہیں ملنے والی! صرف تقویٰ والوں کو، صرف ایمان والوں کو ملتی ہے. باقی پڑھیں، اسے جو سمجھ کر…. پڑھتے تو سب ہی ہیں نہ! امامٍ کعبہ سے لیکر ایک عام مسلمان تک، لیکن یہ کیا طی ہے کہ امامٍ کعبہ کو ہدایت ملتی ہے؟ جن کو ہم خادم الحرمین کہتے ہیں ان کو ہدایت ملتی ہے؟ کون جانے؟ کہ کون ہے ہدایت پر. ہاں باقی ایک بات ضرور سمجھ میں آتی ہے، کو ایمان والے کون ہیں، ان کے اوصاف کیا ہیں، وہ میں نہیں کہتا، قرآن پاک سے ہی رجوع کریں تو معلوم ہوجائے گا.
    اب جوہرٍ قرآن، سورہ العصر کو ذرا دیکھیں!
    “زمانہ حال کی قَسم! بیشک انسان خسارے میں ہے. سوائے ان لوگوں کے جو ایمان لے آئے اور نیک عمل کرتے رہے اور (معاشرے میں) ایک دوسرے کو حق کی تلقین کرتے رہے اور باہم صبر (استقامت) کی تاکید کرتے رہے.”

    خیال کیا کہ کس زمانے کی قسم کھائی جارہی ہے؟ آج سے چودہ سؤ برس پچھلے زمانے کی؟
    نہیں، آج کی، ابھی کی، زمانہ حالٍ استمراری کی. کہ انسان خسارے میں ہے! ہاں پر وہ نہیں جو ایمان لائے، اور کون لائے ایمان؟ جو حق کی تلقین کرتے رہے، اور صبر یا استقامت قائم کی، یعنی توازن قائم کیا!
    اب اگر دیکھیں گے تو خود ہی پتہ چل جائے گا کہ عصری تقاضاؤں کے ساتھ کون انصاف کر رہا ہے؟
    کیا ہم ؟
    سرکار! میں تو کہتا ہوں کہ ہم نام کے مسلمان تو ہیں لیکن کام کے مسلمان اب یہاں سے ھجرت کرکے کسی مغربی کونوں میں بیٹھے ہیں. کعبہ سب کا ہے جو اس کو اپنا سمجھتے ہیں، کیا عورت کیا مرد!
    کوئی فرق نہیں، بس یہ کہ منافق کے لیے نہیں! لیکن کیا کیا جائے، جب منافق ہی مسندٍ حکومت پر براجماں ہو تو!
    پھر عورت کو حجرٍ اسود کو بوسہ دینے کے لیے ایسا ہی تو کہا جائے گا کہ: ” تم عورتیں اشارے سے ہی بوسہ دو!”
    اب کون سنائے گا فتویٰ؟

    دعاگو
    فیاض امر

  12. افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ محترمی صفدر ھمٰدانی کا تبصرہ بعد میں چھپ گیا اور میں اپنے تبصرے کی دوسری قسط لکھنے میں محو تھا.
    حاضر سرکار…… ڈائنا مرحومہ کا نام تو ایسے تمثیلی سا لکھا. بالکل بجا فرمایا…. دیکھیے گا اب. اگر خدا نخواستہ ہیلری شیلری وغیرہ اگر پاکستان میں آئی تو یہی حکمراں انہیں سینڈل سمیت پتہ نہیں کیا کیا مقدس زیارات کرائیں گے.
    بڑا پیارا لکھا آپ نے. سلامت رہیے. 🙂

  13. فیاض جی نہایت مدلل اور مفصل.کاش یہ کوتاہ قد اور کوتاہ عقل بھی ان تحریروں کو پڑھ سکیں.
    ایسے ہی بھجنگ قسم کے فلسفیوں اور دانش کے بغیر دانشوروں نے باب العلم کے نام سے بھی ایسے اقوال منسوب کیئے ہیں کہ…..
    عورت ناقص العقل ہے
    عروت نصف عقل ہے
    عورت خوش معاشرت بچھو ہے
    عورت سے مشورہ کرؤ اور اگر کرؤ تو جو ہو کہے اس سے الٹ کرؤ
    لاحول ولا
    شہر علم کا دروازہ کہاں اور یہ سطحی باتیں کہاں جنکو انکے طویل خطبات میں سے نکال کر سیاق و سباق کے بغیر پیش کیا گیا ہے.
    اور وہ خود جو جنگوں سمیت کتنے ہی موضوعات پر دختر رسول،خاتون جنت اور اپنی زوجہ سے مشورے کرتے رہے.
    اللہ ملاں اور دانش کے بغیر دانشور کے شر سے بچائے کہ یہاں ”والناس” کا ورد بھی دم توڑ جاتا ہے

  14. بڑے دنوں کے بعد فیاض امر صاحب کی تحریر میں وہی عمق پایا جو انکی ابتدائی تحریروں میں ہوتی تھی ۔ انکا تبصر ہ بقول صفدرھمدانی صاحب : “ نہایت مدلل اور مفصل “ ہے ۔
    میں چونکہ پنجابی نہیں ہوں اس لیے سید بُلّھے شاہ قادری شطاری قصوری رح ( المتوفی 1757 ء ) کی شاعری سمجھ نہیں سکتا ۔
    کاش کہ محترمہ بلاگ نگار نادیہ بخاری صاحبہ اس عظیم پنجابی شاعر کی شاعری اور اسکے تصوف کے فلسفہ پر کچھ تبصرے کردیتیں ۔
    جن محرکات نے انہیں بلھے شاہ رح کے مزار پر پہنچا یا ان کا تبصرہ بھی کیا جاتا تو ہمارے علم میں اضافہ ہوجاتا ۔ کیا وہ صرف اس ڈرامے سے متاثر ہوکر گئیں جن کو وہ لاہور کے الحمرا ہال میں دیکھ چکی تھیں ۔ اس ڈرامے کی کیا باتیں انہیں اتنی اچھی لگیں کہ وہ بلھے شاہ رح کے مزار ( قصور ) میں جاکر دھکے کھا کر واپس آگئئیں ۔ !!!!

    ویسے : ہ حقوقِ نسواں کا مسئلہ تو صدیوں پرانا ہے جو آہستہ آہستہ برسوں میں طئے ہوہی جائے گا۔

    مجھے بلھے شاہ کی شاعری اور انکے فلسفے اور انکے تصوف کے متعلق کچھ معلومات چاہیں تاکہ میں انکی شاعری کے مختلف پہلووں اور انکے محرکات کو سجمھ سکوں ۔
    فیاض امر صاحب نے جس بات کی طرف اشارہ کیا میں اسی کی طرف کچھ کہنا چاہتا ہوں وہ یہ کہ بلھے شاہ رح نے اپنی بیشتر شاعری ایک عورت کی زبان میں کیوں کی؟ میں ان کا جو بھی شعر یا بند سنتا ہوں اس میں وہی نسوانی اندازِ تخاطب ہے جو عورتوں پر صادق آتا ہے ۔
    صفدر ھمدانی صاحب نے جو ویڈیو اس بلاگ میں شامل کیا ان کو سن کر میں کافی متاثر ہوا۔ خاص طور پر بلھے شاہ کے اشعار سننے کے قابل ہیں: “میں کسوں کسوں دسّاں یہ راز دیا ں گلّاں “
    بلھے شاہ رح کی شاعری اور انکے تصوف پر تبصروں کا منتظر :
    خیر اندیش :
    منظور قاضی از جرمنی

  15. بھائی ناصر زیدی ساحب نے مجھ کو بھائی صفدر اور بھا ئی عبد المناف کے ساتھ مخاطب کر کے سوال پو چھا ہے۔ لہذا جواب کے بجا ئے میں صرف ایک جملے جواب دینا پسند کرنگا۔
    کہ پہلے علم مسلمان کا ورثہ تھا اب جہالت ہے۔

  16. “میں کِنّوں کِنّوں دسّاں یہ راز دیاں گلّاں “ پڑھئے : شکریہ
    بلھے شاہ رح آج سے دو سو تیس سال قبل پنجاب میں اپنی شاعری کا رنگ جما کر دنیا سے رخصت ہوگئے مگر انکی شاعری آج کل کے حالات پر بھی صادق آتی ہے۔ اسی لیے وہ پنجاب ہی کے نہیں بلکہ پورے پاکستان اور ہندوستان کے مقبول شاعر مانے جاتے ہیں۔ انکی اشعارخاص طور پر سِکھوں میں کافی مقبول ہیں۔ یہ بلھے شاہ کی شاعری کا کمال ہے۔
    انکی نعت (ص) کے چند اشعار :
    سَیو ہُن میں ساجن پائیونی
    ہر ہردے وچ سمائیونی

    بھر کے وحدت جام پلائیو
    منصور ے نوں مَست کرئیو
    اس توں انا الحق آپ کہائیو
    پھر سولی پکڑ چڑھا ئیونی

    سیو ہن میں ساجن پائیونی
    ہر ہردے وچ سمائیونی

    انا احد دا گیت سنائیو
    انا احمد ہوں پھر فرمائیو
    انا عَرًب بے عین بتائیو
    پھر نام رسول دُہرائیونی

    سیو ہن میں ساجن پائیونی
    ہر ہر دے وچ سمائیو نی

  17. سارے احباب سے معذرت کے ساتھ یہ تبصرہ لکھ رہا ہوں. (معذرت اس لیے کہ شاید پہلے پہل ایسا لگے کہ بلاگ کے موضوع کا جوہر رک رہا ہے، لیکن قبلہ جناب منظور قاضی صاحب نے ایک اور بھی موضوع چھیڑ دیا ہے، جو کہ اپنے انجام پر بلاگ کی نوعیت کے ساتھ ہم آہنگ ہوجائے گا. انشاء اللہ)
    تو سوال تھا کہ: “بلھے شاہ رح نے اپنی بیشتر شاعری ایک عورت کی زبان میں کیوں کی؟ ”
    سو میں نے جیسے اوپر عرض کیا کہ پچھلی دہائی میں ایک سندھی جریدے میں ایک ڈائری چھپتی تھی، وہ میں لکھتا تھا. اپنی ریلویز کی ملازمت کے دوران پاکستان کے بڑے بڑے شہر دیکھنے کو ملے اور حسبٍ حال میری یہ کوشش رہتی تھی کہ میں وہاں کے حالات، طرزٍ زندگی اور وہاں کی درگاہوں پر حاضری دوں اور ساتھ ساتھ میں کچھ ان پر لکھوں بھی. شکر الحمد اللہ کہ اس ڈائری کو کافی پذیرائی بھی ملی. انہی دنوں مجھے یہ سوال اپنے ذہن میں ابھرتا تھا کہ ہمارے مشرقی کلاسیکل شعراء جن میں اکثریت اولیاء اللہ کی ہی ہے، آخر کار ان کی بیشتر شاعری بزبانٍ مؤنث کیوں ہے. اور پھر میں نے اپنے مفروضے کی بنیاد پر ایک ڈائری کالم لکھ بیٹھا اور وہ چھپ بھی گیا. چھپنے کے کچھ ہی مہینے کے بعد مجھے جو ندامت کا احساس ہؤا، خدا خدا!…. میرے مولیٰ معاف کرنا!
    آج تک مجھے اس شرمندگی کا احساس چلو بھر پانی میں ڈوب مرنے کی جیسے ترغیب دیتا ہے. میں غلط تھا. بعد میں، میں نے ایک اور کالم لکھ کر تمام سندھی پڑھنے والوں سے معافی مانگ بھی لی تھی، لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں آج تک شرمندہ ہوں.
    – بہرحال مجھے جواب مل گیا تھا.
    سرکار! بات صرف حضرت بلہا شاہ کی ہی نہیں ہے، آپ فقیر حسین (شاہ حسین عرف مادھو لال حسین رح) جو کہ پنجاب کی کلاسیکل شاعری اور تصوف میں راگ کے ایک قسم “کافی” کا بادشاہ مانے جاتے ہیں، ذرا ان کا کلام پڑھیے:
    “ماں اے نی میں کنوں آکھاں، درد وچھوڑے دا حال نی…..”
    “رکھ کتن نال دھیان کڑیے!”
    فرید رح کو دیکھیے:
    “تو من نہ من او مان بھرا، تے ساڈا عرض کرن ہے فرضی” (یہاں مان بھری نہیں ہے)
    سرکار میاں محمد بخش کا کلام دیکھیے، اب سندھ میں آجائیے.
    کمال کے اولیاء شاہ عبداللطیف بھٹائی سرکار کے پورے “شاہ جو رسالو” میں سات مؤنث کو گایا گیا ہے. سسئی، مارئی، مومل، سوہنی، سورٹھ، لیلیٰ، اور کوئنرو…. یہ سب مونث ہیں. حتیٰ کہ سرکار کا باقی کلام بھی جو کہ توحید اور وطن کی محبت پر بھی مبنی ہے اس میں بھی ننانوے ابیات مؤنث کی زبانی ہیں، حالانکہ شاعر رح خود مذکر ہے.
    آجائیں سچل سرمست رح کی طرف: سارے کا سارا کلام مؤنث کی ترجمانی میں ہے.
    اسی طرح ایرانی کلاسیکل شاعری میں بھی رازی، خیام وغیرہ کی تمام کاوشوں میں لفظ “محبوب” ہے بجائے “محبوبہ” کے! کہیں اکہ دکہ ایسے اشعار ملتے بھی لیکن جیسے نہ برابر کے.
    بھارتی کلاسیکل شاعری دیکھیں،
    لکڑی جلے کوئلہ بھیو، کوئلہ جلے بھیو راکھ
    میں پاپن کچھ ایسے کہ نہ کوئلہ بھئی نہ راکھ!
    ……….
    تو یہ ماجرا کیا ہے؟
    تصوف میں مونث کی زبانی مذکر کے گیت کیوں؟ حالانکہ شعراء سب مذکر!
    ………
    پھر ایک دن مجھے “میرے بابا سائیں” نے کان مروڑی کر کے فرمایا:
    “تصوف قطرہ کا سمندر سے واپس مل جانے والا سفر ہے…. کائنات میں کچھ بھی نہ تھا، حتیٰ کہ کائنات بھی نہیں، پر “وہ” تھا!
    پھر “خالق” نے “مخلوق” بنائی.
    اب جنس تو ضرور طیء ہونا ہے، لہٰذا یہاں “خالق” مذکر” ہے، اور تمام “مخلوق مؤنث”.
    اس لیے اہلٍ دل (اہلٍ طریقت) جب بھی ثنا کرتے ہیں تو وہ کوئی ثنا مخلوق کی نہیں بلکہ “خالق” کی ہوتی ہے. اب یہ کیسے ممکن ہے کہ کوئی ولی صفت انسان “خالقٍ حقیقی” کے عشق میں مستغرق ہو، اور اپنی شاعری میں جب وہ “اپنے خالق” کی بات کر رہا ہو، تب وہ مذکر ہی رہے؟
    یہ ممکن ہی نہیں…..
    اسے رب کی ذات کے آگے مرد بن کر نہیں بلکہ ایک عورت بن کر ہی جانا چاہیے.
    …………
    دوسرا جواب یہ دیا کہ : “مرد اپنی ذات میں بکھرا ہؤا ملتا ہے، اور عورت اپنی ذات میں مکمل ہوتی ہے. مرد کو مانگنا نہیں آتا، لیکن عورت کو مانگنا آتا ہے. (یہ تصوف کے حساب سے بات ہے)
    وہ جب مانگنے پر آجائے تو اس کی آنکھوں میں پانی جو آتا ہے، وہ بڑے معصوم ہوتے ہیں، وہ ہی تو آنسؤ کہلواتے ہیں. لیکن مرد جب مانگتا ہے تب وہ روتا نہیں، تب وہ تڑپتا نہیں، روتا بھی ہے تو اس شدت سے نہیں جس شدت سے ایک عورت روتی ہے. لہٰذا جب یہ ولی لوگ خالق سے مانگتے تھے، بھر چاہے جو بھی مانگتے تھے، تب وہ عورت کا روپ اختیار کر تے تھے. عورت میں فطری عاجزی ہے، اور مرد میں تفخر……..
    ……….
    پھر اگر بلہا سرکار اپنے رب کو راضی کرنے کے لیے اس حد تک کہے کہ “میں کنجری بن کے یار مناونا اے”
    تو کیا برا؟
    ………..
    یہاں سرکار بھٹائی کا ایک بیت کوشش کرتا ہوں اردو میں ترجمہ کرنے کی. (یا مولیٰ مجھے معاف کرنا گر غلطی ہوجائے تو)
    لیلا، منتیں کرو، کہ یہ جہاں ہے مانگنے کے لیے
    گر منتوں سے بھی نہ مانے تو پھر بھی کرلے ترلے
    امید کا دامن نہ چھوڑلے، کہ ساجن ہے سننے والا!
    ……….
    اب مزید کیا میں لکھوں….. میرا خیال ہے کہ اتنا کافی ہے، اس سوال کی مناسبت سے.
    …………….
    اب آتے ہیں، ہمارے عصری معاشرے کے منافقانہ رویہ پر.
    جب وہ! کہ جس کے دروازے پر محترمہ نادیہ صاحبہ کو باہر روکا گیا، وہ ایک ناچنے والی کا روپ بنا کر بھی اسے منانے کے لیے تیار ہے، کہ جب بھی وہ سرکار عالمٍ وجد میں آتے یا استغراقی کیفیت میں چلے جاتے تو اپنی مردانگی کو اپنے وجود کے لبادے سے دور پھینکتے، اور مونث بن جاتے، کیونکہ وہ جانتے تھے کہ “وہ رب ایک عظیم ترین مذکر” ہے اور اس کے دروازے پر مجھے مؤنث ہی بن کر ترلے کرنے ہیں، تو مجھے نہیں سمجھ آتی اس سرکار رح کی روح کو کتنی ٹھیس پہنچتی ہوگی جب وہ اپنی درگاہ پر “مونث” کو زبردستی ہٹاتے دیکھتے ہونگے!
    خدا معاف کرے.

  18. جی میں سب سےپہلےتوآپ تمام محبت کرنےوالےدوستوں کی مشکورہوں،خاص کرعبدالمناف صاحب،محمدناصرصاحب،صفدرہمدانی صاحب،شمس جیلانی صاحب،میاں محمدآصف صاحب،زرقامفتی صاحبہ،امرفیاض صاحب،منظورقاضی صاحب کی،صفدرہمدانی صاحب نےجوخوبصورت ویڈیواٹیچ کی ہےاس سےبلاگ میں جان آگئی،مجھےسےمنظورقاضی نےجوبابابلھےشاہ کی تاریخ پوچھی ہےتومختصراًمیں یہ بتاناچاہوں گی کہ بابابلھےشاہ نےایک سیدگھرانےمیں آنکھ کھولی اورشاہ عنایت کی مریدی اختیارکی حالانکہ شاہ عنایت کاتعلق ایک آرائیں خاندان سےتھاجوکہ بڑی حیرت کی بات تھی کہ سیدخاندان کےہوتےہوئےانہوں نےایک آرائیں خاندان کےبزرگ کواپنامرشد بنایااوراگرہم مرشد کی تاریخ دیکھیں توپتہ چلتاہےکہ شاہ عنایت کےوالدین کےہاں شاہ عنایت کی پیدائش کافی عرصےبعدہوئی ان کے والدین بےاولاد تھےاوراولاد کی جستجو میں یہ اوچ شریف حضرت جلال شاہ سرخ بخاری کےدرباررپراولاد کی غرض سےگئےکہ سید ہمیں اولاد عطاکراس لئےان کانام شاہ عنایت رکھاگیایعنی شاہ نےعنایت کیا بابابلھے شاہ نےجب ان کی مریدی اختیارکی توان کےسیدگھرانےنےان پراعتراض کیالیکن بابابلھے شاہ کی اپنے مرشد سےاتنی عقیدت تھی کہ اپناگھربارمرشد کےعشق میں چھوڑدیااوریہاں تک کہ شاہ عنایت بابابلھےشاہ سےناراض ہوگئے توان کومنانےکےلئےباقاعدہ ایک کوٹھےپرجاکرایک طوائف سےرقص کی تربیت لی اورگھنگروبندکرناچ کےاپنےمرشدکومنایااورساری عمرپیاراورمحبت کادرس دیتےرہےاوراس کےعلاوہ اوربہت کچھ میرےدماغ میں آرہاہےکہ لیکن سمجھ نہیں آرہاکیالکھوں اورکیانہ لکھوںبار

  19. جزاک اللہ فیاض امر صاحب آپ نےااپنی تفصیلی وضاحت سے میرے تشویش دور کردی ۔
    لکڑی جلے کوئلہ بھیو ، اور کوئلہ جل بھیو راکھ
    میں پاپن کچھ ایسے کہ نہ کوئلہ بھئی نہ راکھ!
    اس شعر کے دوسرےمصرعہ میں “ جلی “ شامل کردیں تو یوں ہوجائے گا :
    میں پاپن کچھ ایسے “ جلی “ کہ کوئلہ بھئی نہ راکھ
    ۔۔۔۔۔
    آپ کے والدین نے آپ کے نام کے ساتھ امر لکا کر آپ کو فیاض امر کردیا۔ اللہ کرے ایسا ہی ہو۔
    سائیں : خوش رہو

  20. امر فیاض صاحب کی مدلل اور پر مطالعہ تحریرنے دل ودماغ کو بھرسا دیا۔ماشاءاللہ انہوں نے اس موضوع پر بہت خوبصورت اور بصیرت آمیزباتیں کی ہیں جی خوش ہوا،اللہ انہیں خوش رکھے۔۔۔ان کے الفاظ ، دلائل اور جذبات محفوظ کئے جانےکے قابل ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔

  21. آپ سب کی خدمت میں سلام عرض ہے مجھے بہت دکھ ہے کہ عورت کو اتنا چھوٹا کیا جاتا ہے جس کو بیان کرنا میرے لیے بہت مشکل ہے۔ اسلام میں ایک عورت کی شہادت قابل قبول نہی 2 ہونی چاھیے۔ اگر مرد گاڑی کے نیچے ا کر مر جاے تو جتنا بھی دیا مقرر ہو تو پورے کا پورا ادا کرنا پڑتا ہے اگر یہ واردات عورت کے ساتھ ہو تو آدھا دیا ادا کیا جاتا ہے۔ مردوں کو عورت پر سوتن لانے کی اجازت ہے۔ عورت کو سزا دینے کی اجازت ہے۔ عورت انہی مردوں کو جنم دیتی ۔ لیکن وہ عورت کو اپنی جایداد سمجھتے ھیں۔ ارے بہن میری کیوں خفا ہوتی ہو۔ عورت سڑکوں پر بیچی جاتی ہے۔ کبھی کبھی تو دم گھٹتا ہے۔ ھم عورتوں کو دوسرے درجہ کا انسان مانا جاتا ہے۔ sorry for spelling mistakesبہت کچھ لکھنے کو دل چھاتا ہے قلم اجازت نہی دیتی

  22. جی سائیں محترم منظور قاضی صاحب، بالکل بجا فرمایا۔ میری ٹئیپنگ سے “جلی“ لفظ رہ گیا جسے بر وقت آپ نے پورا کر دیا، احسان آپکے۔ خوش رہیے۔
    ۔۔۔۔
    سرکار محمدناصر زیدی صاحب! السلام علیکم۔ آداب، کہ آپ کو میری باتیں اچھی لگی، پسند کرنے کی مہربانی۔ دلی دعائیں ہیں آپ سب کے لیے ۔
    ۔۔۔۔
    باقی ایک عرض ہے عالمی اخبار کی انتظامیہ سے۔ وہ یہ کہ یہ موضوع جب تک مغربی معاشرے اور مشرقی معاشرے کی منافقنہ باتوں تک ہو، تب تک نہ صرف قابلٍ ہاضمہ ہے، بلکہ لائق تحسین بھی ہوسکتا ہے، لیکن جیسے ہی اس کا رخ اہلٍ عرب (جو کہ فطری بات ہے پھر اسلام اور قرآن پاک میں آجائے گا) تو ایک زلزلہ بھی آ سکتا ہے۔ اور ہم سب جانتے ہیں کہ ہم “سچ“ سننے کو ابھی تیار نہیں۔
    مثال جیسے اوپر محترمہ سعیدہ نثار علی صاحبہ نے ایک خفیف سا اشارہ کیا ہے۔ کیا یہ ممکن ہے کہ اس بلاگ کو یہاں ہی تمت بالخیر کریں؟
    یا یہ خاص استدعا کی جائے کہ “اسلام“ کو چھوڑ کر باقی رویوں پر لکھا جائے!
    کیونکہ: ڈھائے ہیں ستم بہت اپنوں نے ، کی طرح ہم بھی ڈسے ہوئے ہیں ان عربوں سے۔
    خدا پاک آسانیاں عطا کرے سب کو۔ آمین
    دعاگو
    امر فیاض

  23. سلام امر فیاض صاحب “سچ“ سننے کوکبھی کوی تیار نہیں ہوتا۔ اب ہم کبھی ان مسایل پر گفتگو نیہں کریں گے۔ اگر کسی کو ہماری بات بری لگی ہو تو معافی چھاتی ہوں۔ سعیدہ نثار علی۔

  24. نادیہ بتول بخاری صاحبہ کا شکریہ کہ انہوں نے بلھے شاہ رح کی سوانح عمری کو اختصار سے پیش کیا۔ یہ معلوم کرکے حیرت ہوئی کہ بلھے شاہ رح بھی اپنے استاد شاہ عنایت رح سے اتنے ہی متاثر تھے جس طرح مولانا جلال الدین رومی رح اپنے استاد شمس تبریز رح سے تھے۔
    بلھے شاہ کی شاعری ہر ایک کے دل میں اتر نے والی شاعری ہے۔
    ۔۔۔۔
    نادیہ بتول بخاری صاحبہ اس بات پر افسوس نہ کریں کہ بلھے شاہ رح کے مزار کے مجاوروں نے انھیں بلھے شاہ رح کے مزار کے قریب حاضری دینے کا موقعہ عطا نہیں کیا۔ مگر بلھے شاہ رح مزار میں نہیں اپنے چاہنے والوں کے دل میں رہتے ہیں ۔ آپ کے دل میں بھی وہ موجود ہیں اس لیے جشن منائیے اور خوش رہئیے۔
    ۔۔۔۔
    جہاں تک آزادیء نسواں کا تعلق ہے تمام دنیا کے عورتیں اس مصیبت میں مبتلا ہیں ۔خود امریکہ میں بھی عورتیں اپنے جائز حقو ق کے لیے دن رات لڑ رہی ہیں۔
    پاکستان کی عورت بھی اپنے جائز حقوق لے کر رہے گی۔
    اسرار الحق مجاز نے عورت کو اسطرح مخاطب کیا ( یہ ہی نصیحت آج کل کی پاکستانی عورت پر بھی صادق آتی ہے )
    ترے زیرِ نگیں گھر ہو، محل ہو ، قصر ہو، کچھ ہو
    میں یہ کہتا ہوں تو ارض و سما لیتی تو اچھا تھا

    سنانیں کھینچ لی ہیں سر پھرے باغی جوانوں نے
    تو سامانِ جراحت اب اٹھا لیتی تو اچھا تھا

    ترے ماتھے پہ یہ آنچل بہت ہی خوب ہے لیکن
    تو اس آنچل سے اک پرچم بنالیتی تو اچھا تھا

  25. سعیدہ نثار علی صا حبہ شکر یہ آپ خفا نہ ہوںآپ کا اندازِ گفتار بہت اچھا ہے آپ دل کھول کر لکھیں
    منظور قاضی صا حب میں تو ایک نا لا ئق سٹوڈنٹ ھوں آپ کا حکم تھا میں نے کو شش کر ڈالی
    آپ اگر منا سب سمجھیں تو شاھ شمس تبر یز رح کے حا لا ت زند گی پر روشنی ڈالیں

  26. وعلیکم السلام سعیدہ نثار علی صاحبہ! خدا آپ کو جاوداں سکون عنایت کرے۔ آمین
    میں نے ایسی کوئی بات نہیں کی واللہ، لیکن پھر بھی اگر آپکو کچھ میرا لفظ اچھا نہ لگا ہو تو خدارا ایک چھوٹا اور نادان بچہ سمجھ کر معافی دے دیجیے،
    میں نے اس لیے یہ بات عرض رکھی تھی کہ دائمی سچ ابھی تک پاتال میں پڑا ہؤا ہے، جسے ابھی تک ہم نہیں پہنچ پا رہے۔ بس یہی بات ہے۔
    پلیز مجھے معاف کردیجیے، اگر آپکو میری بات اچھی نہ لگی ہو تو۔
    دعاگو
    امر فیاض

  27. نادیہ بتول بخاری صاحبہ سے عرض ہے کہ میں بھی ایک کم علم انسان ہوں جسے علم کی تلاش عمر کے آخری لمحوں تک رہے گی۔

    شمس تبریز اور مولانا روم جیسے عظیم شعرا ارر علما پر میں کوئی تحقیقی مضمون نہیں لکھ سکتا۔ میرے پاس نہ کوئی لائبریری ہے اور نہ کوئی کتابوں کا ذخیرہ ہے جس کی مدد سے کسی پر کچھ لکھ سکوں ۔
    صرف گوگل اور ویکی پیڈیا کا سہارا لیا کرتا ہوں مگر ان میں بھی کوئی قابلِ تشفی علم موجود نہیں ہے ( اب تک )

    کبھی کبھی کسی شاعر کی کتاب ہاتھ لگ جاتی ہے تو اس پر اپنے بلاگ لکھدیتا ہوں وگرنہ من ہہ خاکم کہ ہستم کا معاملہ ہے۔

    ہاں عالمی اخبار کے قارئین میں سے کوئی ان موضوعات پر لکھدے تو ہم سب کے علم میں اضافہ ہوتا رہےگا۔

    بلھے شاہ کے اس گیت کو پاکستانی اور سکھ موسیقاروں سے سن کر دل خوشی سے جھوم جاتا ہے: “ بلھیا : کی جانا میں کون ؟ ؟ “ ۔
    اس گیت کے ہر ہر بند میں ایک افسانہ ہے ایک نصیحت ہے ایک پیغام ہے ۔ نہ میں یہ ہو ں اور نہ میں وہ ہوں والی بات کہکر یہ کہنا کہ “ کی جانا میں کون“ اسی فلسفہ کو حل کرنے کی کوشش تمام علما اور شعرا ہزاروں سال سے کررہے ہیں مگر جواب نہیں ملتا ۔ ‘ بلھیا : کی جانا میں کون ؟ “
    کمال کی بات ہے کہ بلھے شاہ رح آج سے دوسو تیس قبل جو کچھ کہ گیا ہےاس کا اطلاق آج کل کے حالات پر بھی ہوتا ہے۔

    ( کبھی کبھی ایسا محسو س ہوتا ہے کہ موجودہ شعرا نے آ ج کل کے حالات دیکھکر بلھے شاہ کے نام سے پنجابی اشعار شامل کردیے ہیں۔ )
    بہر کیف :
    منظور قاضی از جرمنی

  28. قاضی صاحب اسلام علیکم
    نادیہ صاحبہ کی خواہش اور آپ کے حسب الکحم چند سطور لکھ رہا ہوں موقع ملا تو آئندہ کچھ مزید تفصیل لکھونگا کل ایک مشاعرے کے سلسلے میں آسٹن گیا تو ڈاکٹر پنہاں صاحبہ سے بھی ملاقات ہوئی تھی آج میرا ریڈیو پروگرام ہے اس لئے مختصراً یہ حاضر ہے میں نے مولانا رومی پر ایک ریڈیو پروگرام کیا تھا تو یہ دیکھ لیجئے جلد ہی انشا اللہ شمس تبریزی پر تفصیلی مضمون کی کوشش کرونگا.
    مولانا رومی؛..سن1207 سے سن 1273 تک … صوفی شاعر. نام جلال الدین پیدائش بلخ خراسان جواب افغانستان میں ہے آپ کے والد حضرت بہاء الدین اپنے زمانے کے مشہور عالم تھے علاؤالین محمد خوارزم شاہ سے ان کی اَن بَن ہوگئی اس لئے وطن کو خیر باد کہہ کر مغرب کا رخ کیا مولانا روم اس وقت کم سن تھے نیشا پور کے قریب حضرت فریدالین عطار سے ان کی ملاقات ہوئی تو انہوں نے جلا ل الدین کو گود میں لے کر دعائیں دیں اور اس کے بڑے آدمی ہونے کی پیشین گوئی کی. انکے والد ایشیائے کوچک کے شہر قونیہ میں بس گئے جو اب ترکی میں واقع ہے. ارضِ روم میں سکونت اختیار کرنے کے سبب مولانا روم یا رومی کے نام سے مشہور ہوگئے. مولانا کا زمانہ بڑا پُر آشوب تھا لیکن حالات آپ کی ذہنی ترقی میں حارج نہ ہوئے. اکتسابِ علم کے بعد آپ نے روحانیت کی جانب توجہ مبذول کی پہلے برہان الین ترمذی کی شاگردگی میں رہے اور پھر ایک صوفی درویش شمس تبریزی کی صحبت اختیار کی شمس سے اپ کی عقیدت و والہانہ عشق کی حد تک بڑھ گئی اور وہ کچھ اتنی بڑھی کہ مولانا رومی کے معتقدین و شاگرد اور ان کے بیٹے شمس تبریز کے سخت خلاف ہو گئے اور انہیں تنگ کرنے لگے جس پر شمس تبریز قونیہ چھوڑ کر چلے گئے اور ان کا کوئی پتہ نہ چلا ان کے فراق میں مولان رومی کی کیفیت انتہائی مجنونانہ ہو گئی تو ان کا ایک بیٹا شمس تبریز کی تلاش میں نکلا اور بہ کوشش تمام انہیں ڈھونڈ لایا لیکن کچھ عرصے بعد پھر ایسا ہی ہوا اور اس بار شمس تبریز نے جو قونیہ چھوڑا تو پھر ان کا کوئی پتہ نہ چلا کچھ عرصے بعد شمس تبریزی کے انتقال کی خبر ملی ایک خیال ہے کہ مولانا رومی کے بیٹوں نے انہیں قتل کیا تھا
    ا س طرح 1245 میں شمس تبریزی کے انتقال کے بعد مولانا رومی نے صوفیانہ درویشی کا ایک سلسلہ ان کے نام سے قائم کیا
    جس کے پیرو مولاوی یا تصوف کی اصطلاح میں سماعی کہلائے
    مولانا رومی کی شاعری صوفیانہ خیالات سے پُر ہے مگر جو چیز انکی شہرت کا باعث بنی وہ انکی مشہور مثنوی جو مثنویء مولانا روم کہلاتی ہے جس کا ایک مشہور شعر حاضر ہے
    مثنوی مولویء معنوی و مصطفوی. ہست قرآں بر زبانِ پہلوی
    اس مثنوی میں مولانا روم نے تمام مسائلِ تصوف کو حکایت اور نصیحت آموز افسانوں سے حل کیا ہے آپ کا قونیہ میں انتقال ہوا اور وہیں دفن ہوئے ان کا مقبرہ ان کے آبائی قبرستان سے بہت قریب ہے جبکہ شمس تبریز کا مقبرہ جس کے ساتھ ایک شاندار مینار بھی بنایا گیا ہے ملتان( پاکستان ) میں ہے

  29. واہ بھئ واہ آپ نے تو میرا اور منظور قا ضی صا حب کے سا تھ سا تھ سا رے دوستوں کا بھلا کر دیا تر مذ ی صا حب میں آپ کی بے حد ممنون ھوں

  30. میں امین ترمذ ی صاحب کو وعلیکم السلام کہتے ہوئے انکا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مولانا رومی ( جسے علامہ اقبال رح بھی اپنا روحانی پیر سمجھتے تھے ) کی سوانح عمری اور ان کے پیر و مرشد شمس تبریز رح کے زندگی اور موت کے بارے میں لکھا۔

    مثنوی مولانا روم کی ایک یادگار تصنیف ہے جس کا اردو میں کوئی ترجمہ شائد اب تک نہیں ہوا۔ کاش کہ اردو ترجمہ ہوجائے تاکہ ان کے فلسفہ کو اور انکی مثنوی کو اچھی طرح سمجھا جائے ۔

    میں کئی سال پہلے ، خوش قسمتی سے قونیا ( ترکی ) جاکر مولانا روم کے مزار کی زیارت کرچکا ہوں ۔ وہاں پر زائرین کا ہجوم رہتا ہے ۔

    تعجب ہے کہ مولانا شمس تبریز رح ترکی سے نکل کر اتنی دور ملتان آئے اور وہیں پر وفات پائی ۔ مشکل یہ ہے کہ ترکو ں کو شمس تبریز رح کی آخری زندگی کے متعلق زیادہ علم نہیں ہے ۔ وہ صرف مولان روم کے بارے میں تھوڑی بہت معلومات رکھتے ہیں اور درویشوں کے رقص و سرود کے متعلق بہت کچھ کہ سکتے ہیں۔
    مولانا روم کی شاعری اور ان کے فلسفوں کو امریکہ کے ہالی ووڈ حلقوں میں کافی مقبولیت حاصل ہے۔
    ایک زمانے میں عمر خیام نیشاپوری پر بھی مغربی علما نے کافی تحقیق کی اور اسکاٹ فٹز جیریلڈ نے ان کی رباعیات کا انگریز ی میں ترجمہ بھی کیا ۔
    امین ترمذی کے معلومات افزا تبصرہ کا شکریہ ۔
    انہوں نے ڈاکٹر پنہاں سے آسٹن میں ملنے کا بھی تذکرہ کیا۔ وہ خوش نصیب ہیں کہ انہیں ڈاکٹر پنہاں کی قربت نصیب ہوئی ۔ عالمی اخبار انکی کمی کافی محسوس کرتا ہے۔ انکے متعلق میں غالب کے اس شعر میں تبدیلی کرکے کہتا ہوں کہ :
    ہیں اور بھی اردو کے سخنور بہت اچھے
    کہتے ہیں کہ پنہا ں کا ہے اندازِ بیا ں اور
    وہ جہاں بھی رہیں خیریت سے رہیں ۔ ہماری نیک دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔
    ۔۔
    فقط: علم کا خواہاں : منظور قاضی از جرمنی

  31. امر فیاض سلام نہیں مجھے آپ کی بات بری نہی لگی۔ ایسے ہی افسوس ہوا۔ سب سچ بلنے س گھبراتے ہیں

  32. السلام علیکم. اس بلاگ کا موضوع کیا تھا، لیکن سبحان اللہ موضوع بڑے پر عقیدت منظر کی طرف جا رہا ہے، جس کے لیے میں محترمہ بلاگ نگار نادیہ جی کا دلی طور پر شکریہ بجا لاتا ہوں. اب لگے سر ایک اہم معلومات بھی یہاں درج کرتا چلوں.
    سرکار فرید عطار رح کی مشہور کتاب “تذکرۃ الاولیاء” کے چھٹے مسند بردار سرکار “حضرت ابراہیم ابن ادھم رح” کہ جو انگریزی ادب میں “ابو بن ادھم” کے نام سے بھی مشہور ہیں، وہ حضرت دوسری ہجری صدی کے بہت بڑے پائے کے صوفی بزرگ گذرے ہیں. آپ کے لیے داراشکوہ نے اپنی کتاب “سکینۃ الاولیاء” میں لکھا ہے کہ:
    پورا نام: ابراہیم بن ادھم بن سلیمان بن منصور بن یزید بن جابر
    کنیت: ابو اسحٰق
    آپ رحمۃ اللہ علیہ کے حالات بہت کم دستیاب ہیں آپ رحمۃ اللہ علیہ بلخ کے بادشاہ تھے کسی واقعہ سے متاثر ہو کر تارک الدنیا ہو گئے اور صحرا نوردی کرتے ہوئے نیشا پور کے نواح میں پہنچ گئے وہاں ایک غار میں نو سال تک مصروف ریاضت رہے پھر مکہ معظمہ چلے گئے اور کچھ عرصہ تک وہیں عبادت و ریاضت میں مشغول رہے۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کو بہت سے بزرگان دین سے شرف نیاز حاصل رہا حضرت جنید بغدادی رحمۃ اللہ علیہ کے بقول آپ رحمۃ اللہ علیہ فقراء کے تمام علوم و اسرار کی کنجی ہیں۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کا مشہور قول ہے کہ جب گناہ کا ارادہ کرو تو خدا کی بادشاہت سے باہر نکل جائو۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کے سال وفات کے بارے میںاختلاف ہے، بہرحال مختلف روایات کی روشنی میں آپ رحمۃ اللہ علیہ کی وفات (160ھ / 776ء اور 166ھ/783ء) کے عرصہ کے دوران قرار پاتی ہے ۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کے مزار کے متعلق بھی اختلاف ہے کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ آپ رحمۃ اللہ علیہ شام میں مدفون ہیں۔ بعض روایات کے مطابق آپ رحمۃ اللہ علیہ کو بلاد روم کے ایک بحری جزیرہ میں سپرد خاک کیا گیا ۔ ایک روایت کے مطابق آپ رحمۃ اللہ علیہ کا مزار بغداد ( عراق) میں ہے ایک خیال یہ بھی ہے کہ آپ رحمۃ اللہ علیہ بلاد روم کے ایک قلعہ’’ سوقین‘‘ میں مدفون ہیں۔
    چلتے چلتے وہ واقعہ جو کہ تذکرۃ الاولیاء میں درج ہے وہ یہاں پر پیش کرتا ہوں.
    کہتے ہیں کہ جوانی کے ایام میں کچھ غلطیاں سرزد ہونے کی وجہ سے پشیمانی کا احساس ہؤا اور گوشہ نشینی اختیار کی. بادشاہی محل کے ایک سنسان کونے میں اللہ پاک کی عبادت میں محو ہونے لگے، کہ ایک رات اچانک انہیں لاٹھی کے فرش پر ٹکرانے کی آواز آنے لگی، سرکار نے اپنے چوکیدار کو بلوایا اور جو پھر ایک پیرسن باریش آدمی کو ساتھ لیکر آیا. حضرت ابراہیم بن ادھم رح نے دریافت کیا کہ آپ کون ہیں اور یہاں کیا کر رہے ہیں؟ جس پر اس باریش انسان نے جواب دیا کہ “حضور شام سے میرا ایک اونٹ غائب ہوگیا ہے میں اسے ڈھونڈہ رہا ہوں!”
    تب سرکار نے فرمایا: اے مورکھ، کیا تمہارا اونٹ اس محلات میں آسکتا ہے؟
    تب اس باریش انسان نے جواب دیا: “مورکھ میں ہوں یا آپ؟ جب ایک اونٹ اس محلات میں نہیں آسکتا تو تم اللہ پاک کو یہاں کیوں تلاش کر رہے ہو!؟
    کہتے ہیں کہ وہ دن کہ سرکار نے اپنی محلات ٹھیک کپل وستو گوتم بدھ کی طرح چھوڑی اور پورے نو برس جنگلوں میں تیاگ کرگئے.
    اب ذرا دو اہم باتیں آپ تمام دوستوں کے ساتھ بیان کرتا چلوں.
    سرکار ابراھیم بن ادھم رح کی کافی باتیں حضرت ابراھیٰم علیہ السلام اور گوتم بدھ سے ملتی جلتی نظر آتی ہیں.
    مثال گوتم نے اپنئ محلات، بیوی بچہ سب کچھ نروان حاصل کرنے کے لیے تیاگ کیا، اور یہاں سرکار ابراہیم بن ادھم رح بھی ٹھیک وہ ہی کرتے دکھائی دے رہے ہیں.
    حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے بیٹے کو قربان کرنا چاہا، لیکن وہ تو نبی تھا اور اس کا بیٹا اسے جوں کا توں مل گیا، لیکن سرکار ابراہیم بن ادھم ر ح سے جب کافی برس کے بعد اس کا بیٹا مکہ میں آکر ملا تو سرکار کی آنکھیں فرطٍ جذبات سے نم ہوگئی، اور ٹھیک اسی وقت اسے اچانک خیال آیا کہ میرا بیٹا میرے اور اللہ کے درمیاں آرہا ہے تب سرکار نے دعا مانگی کہ اے اللہ اگر میرا بیٹا میرے اور تمہارے درمیاں آرہا ہے اور میرے لیے گہن بن رہی تو اسے بیشک اپنے پاس بلالے.
    اور پھر وہ ہی ہؤا یعنی، جیسے ہی سرکار اپنے بیٹے سے بغلگیر ہوکر جدا ہؤا، تو اس کی روح پرواز کر چکی تھی.
    لیکن لیکن….. اہم بات یہ ہے کہ اس سرکار یعنی حضرت ابراہیم بن ادھم رح کی درگاہ کا یقینی طور پر کہیں بھی کوئی سراغ نہیں مل رہا ہے،
    جیسا کی اوپر آپ سب نے پڑھا، لیکن چلیں، میں آپ کو ایک تاریخ کا اور بھی رخ دکھاتا چلوں.
    آپ کے پاس اگر گوگل ارتھ انسٹال ہے تو اسے ذرا “ستائیس چوبیس چونتیس ڈاٹ چھبیس (نارتھ) اٹھسٹھ انچاس تینتیس ڈاٹ اکہتر (ایسٹ)” پر گھمائیں. آپکو ٹھیک وہاں ایک درگاہ نظر آئیگی. یہ درگاہ یہاں صدیوں سے بنی ایک قبر پر کوئی دو سؤ برس ہوئے ہونگے کہ ایک بزرگ جس کا نام حاجی محمد عاقل رح تھا اس نے بنوائی، زبانی تاریخ یہ بتائی جاتی ہے کہ اسے خواب میں آیا تھا کہ میں “ابراھیم بن ادھم ہوں”، اور یہاں میرا مسکن ہے، لہٰذا آپ کو یہ شرف دیا جاتا ہے کہ یہاں آکر میری قبر پر رکھوالی کریں. وہ دن حاجی عاقل رح وہاں (جو کہ پاس ہی میں رہتا تھا) گیا، اور وہاں نگہبانی کرنے لگا.
    برٹش دؤر کی گزیٹ اس بات کی شاہد ہے کہ یہاں بڑے بڑے امراّ و رئوساّ آتے تھے، اور یہ جان کر حاضری دیتے تھے کہ یہاں “حضرت ابراھیم بن ادھم رح” مدفون ہیں. مزے کی ایک اور بھی بات ہے کہ یہ درگاہ ایک پہاڑی سلسلہ پر واقع ہے جسے یہاں جیوگرافی میں ہم “ادھم سلطان کی پہاڑیاں” کے نام سے پڑھتے آرہے ہیں. اسی پہاڑی کے نیچے صدیوں پرانا ایک قبرستان بھی موجود ہے جو کہ اوائلی ادوار سے “پردیسیوں کا قبرستان” بلایا جاتا ہے.
    تاریخ خیرپور میں بھی اس درگاہ کو “ابراہیم بن ادھم” کی درگاہ کہا جاتا ہے. ہم خود کو بڑا خوشنصیب سمجھتے ہیں کیونکہ ہمارا گھر درگاہ کے نیچے ہی ہے بس.
    بات نکلی تھی حضرت شمس تبریز رح کی کہ وہ سرکار مولانا رومی رح کے پیر و مرشد تھے لیکن ملتان میں مدفون ہے، اور یہاں بھی ایسا ہی ہے کچھ.
    واللہ اعلم با الصواب

    دعاگو
    فیاض امر

  33. زرقا مفتی صاحبہ نے مولانا جلال الدین رومی رح کی مثنوی کا اردو ترجمہ اس بلاگ میں شامل کردیا ۔ جزا ک اللہ
    ایک عظیم عالم اور صوفی کے کلام کا اردو ترجمہ پہلی بار پڑھنےکا موقعہ مل رہا ہے ۔
    ۔۔۔۔

  34. امین ترمذی صاحب منظور قاضی صاحب زرقا مفتی صاحبہ امر فیاض صاحب یہ تو بہت اچھا ہوا کہ اس بہا نے ہمیں بہت کچھ جاننے کو مل رھا ھےسعیدہ نثار علی صاحبہ پلیز ھما ر ی خا طر نا ر اضگی چھو ڑدیں

  35. نادیہ بتول بخاری صاحبہ نے اپنا بلاگ تو عورتوں کے ساتھ جو ناانصافی ہو رہی ہے اس پر احتجاج کےلیے شروع کیاتھا جس کا انشا اللہ ضرور مثبت نتیجہ نکلے گا ۔ ( امید پہ دنیا قائم ہے )
    اس بلا گ کا فائدہ یہ ہوا کہ بلھے شاہ رح کے متعلق معلومات میں اضافہ ہوا اور انکا کلام اچھے اچھے فن کاروں سے سننے کا موقعہ ملا۔ ساتھ ہی ساتھ فیاض امر صاحب کی تحریر سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ابراہیم ابن ادھم رح ملک ملک کا سفر کرکے خیر پور میں اور شمس تبریز رح ملک ملک کا سفر کرکے ملتان میں مدفون ہیں ۔ مگر فیاض امر صاحب نے اپنی تحریر واللہ اعلم باالصواب ( خدا ہی بہتر جانتا ہے ) پر ختم کرکے یہ بھی واضح کردیا کہ زبانِ خلق چاہے جو کچھ کہے ، صرف اللہ ہی جانتا ہے کہ حقیقت کیا ہے!!
    ( میں اس سلسلہ میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ حضرت عیسیٰ کی والدہ مریم رح ترکی کی ایک جگہ ( ایفسس ) میں اپنی زندگی کا آخری حصہ گذار چکی ہیں اور یہ جگہ دنیا بھر کے عیسائیوں کی زیارت گاہ بن گئی ہے ۔ واللہ اعلم باالصوب) ۔
    نادیہ بتول بخاری صاحبہ کے بلاگ سے جو فائد ے ہوے ہیں ان میں امین ترمذی صاحب کی مولانا جلال ایدین رومی رح کے متعلق اور شمس تبریز رح کے متعلق معلومات شامل ہیں ۔
    اس بلاگ کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوا کہ زرقا مفتی صاحبہ نے مثنوی مولانا روم کے اردو ترجمہ کی لنک کو اس بلا گ میں شامل کردیا ۔

    اس طرح یہ بلاگ معلومات کا خزانہ بن گیا ہے ۔ جزاک اللہ
    ۔۔۔
    نادیہ بتول بخاری صاحبہ اور سعیدہ نثار صاحبہ اور رخسانہ ناز صاحبہ اسی طرح عالمی اخبار میں لکھتی رہیں اور سب کے علم میں اضافہ کرنے کے مواقع عطا کرتی رہیں۔

  36. واجب الاحترام، ذی عز و وقار جناب امین ترمذی صاحب۔
    سلام مسنون۔
    حسب حکم نا چیز حاضر ہے۔ چونکہ بات اب بہت آگے جا چکی ہے اور اپنے اندر کئی ذیلی موضوعات کو سمیٹ چکی ہے، اس لئے میرا تبصرہ بھی شاید مختلف خیالات کا ایک ملغوبہ لگے۔ طوالت کی پیشگی معذرت، لیکن اہل دل احباب سے مطالعے کی درخواست ہے۔
    آپکی تحریر کے حوالہ سے اتنا کہوں گا کہ ایک انتہائی خوبصور ت علمی کاوش ہے جو مختصر انداز میں تاریخ کا اہم دریچہ وا کرتی ہے۔ بلکہ میں یہ کہوں گا کہ اگر آپ جناب شمس تبریز (رح) اور مولانا رومی (رح) کی حیات ہائے مقدسہ پر کم از کم تین چار اقساط پر مشتمل مضمون ترتیب دے دیں تو انٹر نیٹ کی دنیا میں ایک حوالہ کے طور پر محفوظ رہے گا۔ ساتھ میں آپ محولہ مآخذات کا تذکرہ بھی کر دیں تو ان ہستیوں پر تحقیق کے شائقین کے لئے یہ مضامین ایک علمی خزینے کا کام کر سکتے ہیں۔ آپ کی کوشش مستحسن ہے، اور امید ہے آپ میری گزارش کو جلد عملی جامہ پہنائیں گے۔
    جہاں تک محترمہ نادیہ بخاری کے بلاگ کا تعلق ہے تو سچ یہی ہے کہ حوا کی بیٹیاں اپنے روز خلقت سے ہی مسائل کا شکار ہیں۔ یہ مسائل مشرقی معاشرے تک محدود ہیں اور نہ ہی اسلامی روایات تک۔ مغرب میں عورت کی حالت زار، مشرق سے بد تر ہے۔ وہ یوں کہ اگر حضرت بلھے شاہ علیہ الرحمہ کے مزار پو خواتین کا داخلہ اس لئے منع ہے کہ وہاں برائی کا خوف تھا تو مغرب میں عورت کو ہر اس جاء پر جانے کی مجبوری کا سامنا ہے جہاں جو اس کے لئے محل احترام نہیں۔ مشرق میں غیرت کے نام پر استحصال ہو رہا ہے تو مغرب میں یہی عورت بے غیرتی کی بھینٹ چڑھ رہی ہے۔ اسکا حل کیا ہے، مجھے نہیں معلوم، لیکن اتنا ضرور جانتا ہوں کہ ہم لوگ اگر چاہیں بھی تو خود اپنے گھر کی خواتین کو بھی یہ حقوق دلوانے میں ناکام رہیں گے۔ اسکا سبب یہی ہے کہ کوئی بھی معاشرہ خواتین کو انکا جائز مقام دینے کو تیار نہیں۔ مجھے اپنے گھر کی خواتین کی سے کوئی خوف نہیں کہ وہ دربار بلھے شاہ میں تنہا جائیں یا داتا کی نگری میں پھریں۔ لیکن ان خونخوار بھیڑیوں کا وہ تنہا مقابلہ کیسے کریں گی جو تنہا عورت کی تاڑ میں ہر آلہ وار سمیت تیار رہتے ہیں۔
    دربار بابا بلھے شاہ میں جب خواتین کا داخلہ بند کیا گیا تو اسکا سبب محض یہ نہ تھا کہ خدانخواستہ سبھی خواتین اس برائی کا حصہ تھیں، لیکن اسکا سبب وہ درندے تھے جن سے محترم خواتین کی عصمت و وقار کا بچانا تھا۔ سعودی عرب میں بھی تقریبا یہی مسائل در پیش ہونگے۔ امام رضا (ع) کے حرم مقدس کو دو حصوں میں بانٹ دیا گیا ہے۔ نصف خواتین کے لئے اور نصف مردوں کے لئے۔ کیوں؟ اسباب وہی ہیں جو دربار بلھے شاہ میں درپیش تھے۔ اب کچھ لوگ حرم مقدس کی اس تقسیم کے بھی خلاف ہیں، جس کے سبب طواف کرنے میں رکاوٹ آتی ہے۔ اسی لئے حرم خدا و رسول (ص) کو بانٹ رکھنے کی بجائے اوقات کی تقسیم کا شکار کر دیا گیا ہے۔ میں خود ایک صوفی نسل کی پیداوار ہوں جہاں تصوف نسل در نسل سلسلہ قادریہ کی تعلیمات کے مطابق رائج رہا ہے اور ہے۔ میرے جد بزرگوار سید عبد القادر جیلانی المعروف سید عبدالقادر آخرین جو پیر صاحب پگاڑو کے جد سید بقاء علی انہی کے مرید تھے، جنکا مزار مقدسہ پیر کوٹ سدھانہ ضلع جھنگ میں مرکز زیارت ِ خاص و عام ہے۔( سید بقاء علی، پیر جوگوٹھ کے صاحب مزار پیر راشد سائیں المعروف روزی ڈاھنی کے دادا تھے)۔ اس مزار پر لوگ چلہ کشی کیا کرتے تھے اور یہاں شب و روز برابر رونقیں رہتی تھیں، لیکن اسی قسم کے مسائل کے سبب اب یہاں رات کو باقاعدہ تالہ بندی ہوتی ہے اور چلہ کشی وغیرہ کے لئے سجادگان سے خصوصی اجازت کی ضروت ہوتی ہے۔
    اس لئے مجھے کہنے دیجئے کہ خواتین کے حقوق کے غصب کے سبب گو کہ خواتین مزارات پر مکمل آزادی سے تو نہیں جا سکتیں، لیکن یہ ان کو ثانوی مخلوق مان کر نہیں، بلکہ معاشرتی گھناؤنے پن کے سبب ہے اور در اصل مرد زائرین کے منہ پر صاحبان مزار مرد ہائے قلندر کا تمانچہ ہے کہ تم زیارت پر تو آئے ہو، لیکن اپنے معاشرے کو کسقدر پراگندہ کر چکے ہو۔
    پاکستان میں بازاروں اور عوامی مقامات پر خواتین پر جس طرح جملے کسے جاتے ہیں اور جو بد تمیزی روا رکھی جاتی ہے، اس سے بخوبی عیاں ہے کہ دربار کے اندر جہاں خاص تعویذ قبر ہوتا ہے، وہاں تنگ جگہ پر کیا کچھ بد تمیزی ممکن نہیں۔ میں بصد معذرت کہنے پر مجبور ہوں کہ جس ملک کا وزریر اعظم بد اخلاقی کا موقع ضائع نہ کرتا ہو، وہاں عام شہری سے آپ کیا توقع رکھ سکتے ہیں( میں ان صفحات کے تقدس کے سبب واقعہ درج کرنے سے گریزاں ہوں، لیکن آپ احباب نے اسکی فلم تک دیکھ رکھی ہوگی)۔

    اب ایک اور اہم سوال اٹھایا گیا کہ صوفی حضرات خود اپنے کلام میں تانیث کیوں استعمال کرتے تھے تو اسکی حقیقت تو اہل اللہ کو معلوم۔ لیکن ہمیں جو سبق پڑھایا گیا ہے، اس کے مطابق اسکا سبب یہ نہیں کہ خالق و مخلوق کی جنس کا تعین کیا جائے۔ کیونکہ خالق کو مذکر و مؤنث کی تقسیم کا شکار کرنا اسکے شایان نہیں۔ جو قبل امکان ہو، اس کے لئے تذکیر و تانیث کی ضرورت نہیں۔ یہ ضرور ہے کہ خالق نے خود اپنے لئے مذکر صیغہ استعمال کیا ہے، لیکن وہ خود لیس کمثلہ شیاء کا مصداق ہے، اور صیغوں کی بندش ہماری عقول کی نا رسائی کے سبب ہے، ورنہ اسنے مخلوق کے لئے بھی مذکر و مؤنث دونوں صیغے استعمال کئے ہیں، اس طرح مذکر کی بڑائی اور تانیث کی تصغیر ثابت نہیں ہوتی۔ ۔ بلکہ اگر صوفیاء اس نظرئیے کے قائل تھے تو پھر تو وہ خود معاشرے کو کم تر اور بہتر کی تقسیم کا شکار کر گئے!
    جو ہمیں معلوم ہے، اس کے مطابق شاعری میں تانیث استعمال کرنے کا ایک سبب شاعری پسند احباب کی توجہ طلب کرنا تھا کہ کسی بہانے ان کو پیغام مل سکے اور اس کے ساتھ ساتھ اس کا باطنی سبب یہ کہ روح مؤنث اور جسم مذکر ٹھہرا ہے۔ سسی و پنہل کی کہانی ہو یا ہیر رانجھا، یہ تو محض شاعری کے دلداہ معاشرے کی توجہ کے لئے استعارے تھے، ورنہ ہیر ہمیشہ روح رہی ہے جسے پاکر بھی ہر جسم کا رانجھا سدا کھو دیتا ہے۔
    ایک آخری بات کہتا چلوں کہ اسلام خود خواتین کو چند حدود میں بصد احترام رکھنے کا قائل ہے، جہاں انکی حیثیت ایک ثانوی شہری کی نہیں، لیکن فطری کمزوری کے سبب ہے۔ انگریزی کا بھی ایک مقولہ ہے کہ فرائیلٹی دائی نیم از ومین کہ کمزوری تیرا ہی نام عورت ہے۔ اسکا سبب کیا ہے؟ بات مزید طویل نہیں کروں گا، لیکن اتنا ضرور ہے کہ جناب امیر علیہ السلام سے کسی نے پوچھا کی آخر مرد کیوں چار شادیاں کر سکتا ہے اور عورت نہیں، تو فرمایا کہ عورت ایک برتن کی مانند ہے، جس میں اگر ہر کوئی کھائے تو پتہ نہیں چلے گا کہ کس کا جھوٹا ہے۔ اگر زیادہ شوہر ہوں تو کینوکر معلوم ہو کہ اولاد کا نسب کس کے ذمے ہے؟ آج دنیا اتنی ترقی کر چکی لیکن جانتی ہے کہ وائیٹ ہاؤس کے نام نہاد مہذب در ودیوار میں بھی تنہا مونیکا لیونسکی اپنی عزت نہیں بچا سکتی، اور خود گناہ کا حصہ بن جاتی ہے۔ اس معاشرے میں یہ مسائل از سے ہیں اور تا ابد رہیں گے۔ ان کا حل در اصل خدا کو ہی معلوم۔ لیکن ہم چونکہ اپنے کئے کے ذمہ دار ہیں، اس لئے اس سلسلے میں اٹھنے والے ہر ظلم کے خلاف، آواز و عمل کا حصہ ہیں۔
    طوالت کی بار دیگر معذرت۔

  37. سعیدہ آپا سلام مسنون عرض ہے۔
    آپ سے گزارش ہے کہ اس ضمن میں کھل کر لکھئیے کہ ہم لوگ یہاں خود کو حرف آخر نہیں، بلکہ خالی از ابجد مان کر آتے ہیں۔ فکری اختلاف زندگی کا حسن ہے، جس میں یقینا کلیتا سبھی درست نہیں ہو سکتے۔ اس لئے مجھے اپنی کم مائیگی کا پیشگی اعتراف ہے۔ لیکن آپکی تحریر سے مجھے محسوس ہوا کہ آپ بہت کچھ کہنا چاہتی ہیں۔ اس لئے براہ کرم سمندر پر بند مت باندھئیے۔
    نا چیز مصباح
    (ترجمان اخبار)

  38. سلام مصباح آپ کی بات کاملان درست ہے۔ فکری اختلاف زندگی کا حسن ہے، اسی لیے تو بحث ہو سکتی ہے۔ لکھوں گی ضرور کچھ عرصہ کے بعد آجکل طبیعت اجازت نہی دے رہی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *