’ وہ کنول جو مرجھا گیا ‘۔۔۔۔ کس کی گردن پہ ہوگا اس بے گناہ کا خون ؟

امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے مقتول فہیم کی بیوہ شمائلہ کنول نے اپنے شوہر کے قاتل کی رہائی کے خدشے پر زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کرلی ۔
فیصل آباد کی رہائشی شمائلہ کنول ، جن کی چھ مہینے پہلے لاہور کے رہائشی فہیم سے شادی ہوئی تھی ، نے اتوار کی صبح پانچ بجے کے قریب اس خدشے کے پیشِ نظر کہ کہیں ان کے شوہر کے قاتل کو رہا نہ کردیا جائے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کرلی ۔

قاتل ریمنڈ ڈیوس نے نہتے فہیم کو موت کی نیند سلا دیا اور اس قتل کو ’ ذاتی دفاع ‘ کا جواز بنایا لیکن شمائلہ کنول کا قاتل کون ہے ؟

کس کی گردن پہ ہوگا اس بے گناہ کا خون ؟

انسانی حقوق کی علمبردار کون سی نام نہاد تنظیم اس جنازے کو کندھا دینے آگے بڑھے گی ؟

کیا یہ صرف شمائلہ کا قتل ہے یا پوری پاکستانی قوم کی موت ؟

27 thoughts on “’ وہ کنول جو مرجھا گیا ‘۔۔۔۔ کس کی گردن پہ ہوگا اس بے گناہ کا خون ؟”

  1. شمائلہ تم نے کیوں اتنی جلدی کردی ؟ کیا تمھیں اپنی حکومت پہ ذرا بھی اعتبار نہیں تھا ؟
    دیکھو تم نے اپنے حکام کو یہ پیغام ” کہ اے ظاہری مَردو لیکن باطنی مُردو میری چُوڑیاں اب تم پہن لو کہ میں تم سے زیادہ باغیرت نکلی “ دے کر کوئی اچھا نہیں کیا ۔ ابھی تو ان بچاروں کی وزارتوں کا ردو بدل ہونا تھا ، کیا پتہ کوئی ’ غیرت مند مرد ‘ ہی وزیرِ داخلہ بن کر تمھیں انصاف دلا دیتا !

    تمھیں ہم پہ بھی اعتبار نہیں رہا ۔ دیکھو ٹیونس میں ایک خود کشی نے کیا آگ لگا دی ، کیا ہماری غیرت پہ تمھیں کوئی شک تھا کہ ہم تمھارے فہیم کے قاتل کو بھول جاتے ؟ مانا ہم روٹی کپڑے مکان اور اب پانی بجلی گیس کی ستائی قوم ہیں لیکن ہیں تو پاکستانی ناں ! کیا ہم ٹریفک کی چند بتیاں اور اشارے بھی نہ توڑ سکتے ؟ لیکں تم نے انتظار ہی نہیں کیا آخر فہیم کے قتل کو کون سی صدیاں گذر چکی تھیں ، یہی کوئی پچیس تیس دن کی ہی تو بات ہے ۔

    خیر اب تم ہم سے بہت دور جا چکی ہو ۔ عالم ارواح سے تمھاری اپنے ملک پہ اچھی طرح نظر ہوگی ۔ وزارتِ قانون ، وزارتِ داخلہ ، وزارتِ خارجہ ، وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور بچے جمہوروں کی کارکردگی کا بغور مشاہدہ کرتی ہوگی ۔ تمھیں یقین ہوگیا ہوگا کہ امریکہ ہماری کتنی منت سماجت کررہا ہے اور ہم اسے ذرا بھی لفٹ نہیں کرا رہے ۔ اور اب تو ہم اسے تمھارے خونِ ناحق کا بھی پورا پورا حساب لیں گے ۔ دیکھو ابھی سے ہی ہر طرف جلوس نکلنے شروع ہوچکے ہیں جن سب کا ایک ہی نعرہ ہے :

    شمائلہ ہم شرمندہ ہیں
    تمھارے قاتل زندہ ہیں

  2. کبھی سوچیں جہاں دعائیں بھی بددعائیں بن جایا کریں اُن شور زدہ زمینوں میں صرف نفرت اور موت ہی کاشت ہوا کرتی ہے۔اب کوئی بھی چاہے تو میری اس بات کو یہ کہہ کر رد کر دے کہ صفدر ھمدانی قنوطیت کا مارا ہے اور ناامیدی پھیلاتا ہے اور مثبت بات نہیں کرتا۔لوگوں کو حوصلہ نہیں دیتا۔
    یا ایہالناس۔اللہ نہ کرے کہ آپ میں سے کسی کو گھر میں فاقے برداشت کرنا پڑیں۔آٹے،چینی اور پٹرول کے لیئے لمبی لائن میں لگنا پڑے۔صبح گھر سے جانے والے کو امام ضامن باندھ کر بھیجنا پڑے اور یہ امام ضامن بھی کام نہ کرے،تو پھر آپ سے پوچھوں گا کہ مایوسی اور ناامیدی کون پھیلاتا ہے۔ جہاں ایک مقتول کی بیوی اپنے شوہر کے قاتل کو سزا کی تمنا لیکر خود کشی کر لے وہاں آپ ہی جیسے قوی القلب ہی درس امید دے سکتے ہیں۔ مجھ جیسا تو مرنے والے کی قبر میں خود کو لیٹا ہوا محسوس کرتا ہے

  3. فانی بدایونی کا یہ شعر یاد آرہا ہے کہ :

    یارب تری رحمت سے مایوس نہیں فانی
    لیکن تری رحمت کی تاخیر کو کیا کہیے

    ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مرحومہ اللہ کی رحمت کی تاخیر سے مایوس ہوگئی تھیں ۔
    اللہ مرحومہ کو جنت میں جگہ دے: آمین

  4. جناب جاوید اقبال کیانی صاحب ، اسلام علکیم۔

    وہ کنول جو مرجھا گیا۔ کس کی گردن پر ھوگا اس بے گناہ کا خون؟۔ ۔

    میرا دل چاھا رھا ھے فہیم کی نوجوان بیوہ کے سرھانے بیھٹہ کر اس کی بند آنکھوں میں بسے سارے خوابوں کی راکھہ کے ٹو کی چوٹی پر رکھہ آوں اور ساری دنیا کو بتاوں کہ دنیا کا سب سےبڑا منافق امریکہ ھے
    دنیا کا سب سے بڑا جلاد امریکہ ھے۔ دنیا کا سب سے بڑا مکار امریکہ ھے ، ھمارے غاضب حکمرانوں کی کم زوریون کی وجہ سے آج پاکستان کا کوئ شہر کوئ قضبہ کوئ جوان کوئ انجیئر کوئ سائندان کوئ ڈاکٹر محفوظ نیہن ھے، چاھے وہ ڈاکٹر عافیہ ھو ۔

    کھبی کبھی مجھے لگتا ھے کہ یہ میرے عصر کے واقعات نیہن ۔یہ کسی اور عہد کی روایات ھیں

    یہ ایام جہالت کے قصے ھیں ۔ یہ کسی تاریک دور کی حکا یتں ھیں ،

    وہ چند دنوں کی بیاھی دن جس کے ھاتھوں سے ابھی سہاگ کی مہندی کے نقش بھی مدھم نیہن ھوۓ تھے ۔ ھم کو کیوں حیرانی ھورھی ھے ھم تو رھین قوم ھیں اور ھارے بے ضمیر حکمرانوں نے پوری نسل کو گروی رکھا ھے اور اس کے بدلے میں ھماری جانوں کو معمولی کیڑوں مکوڑوں سے زیادہ اھمیت نیہن حاصل ھے۔ فہیم نے ایک غیرمللکی اور خاص کر ایک امریکی کی مشکوک کاروائ اور سرعام گود میں پستول رکھنے کی وجہ سے جب ھمارے مللک میں کھلے عام بدمعاشی کرنے والے مشکوک امریکی ریمینڈ ڈیوس کی تصویریں اپنے کموبايئل کیمرے سے بنائ تو اس بات پر فیضان اور فہیم کو لاھور کے مزنگ چوک میں گولی مار دی ۔ کتے کی موت پر انسانی حقوق کی تنظمیں شور مچاتی ھیں ، مگر کسی پاکستانی نوجوان کی زندگی کی کوئ قیمت نیہن ھے۔ اسی لیے اپنی انکھوں میںڈھیر سارے خوابوں کی کرچیاں سمیٹے فیہم کی بیوہ شمائلہ فیہم نے زھریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی ۔ ۔ کیونکہ اپنے شوھر کے بغیر بھری جوانی میں بیوگی بھی موت کا ھی دوسرا نام ھے ۔ شمائلہ کی بند آنکھوں میں جو مکتوب ھے ، اس کو تو سب پڑھ سکتے ھیں ، ھمارے حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ۔ تیونس سے ایک مظلوم کی آگ سے جھلسی تصویروں نے عالم عرب میں فرعوں اور ظالم حکمرانوں کو ھلا دیا ھے ۔

  5. جناب صفدر ھمٰدانی صاحب
    ” مجھ جیسا تو مرنے والے کی قبر میں خود کو لیٹا ہوا محسوس کرتا ہے “
    مرشدِ محترم ، صرف آپ ہی نہیں بلکہ ہر ذی شعور اور باغیرت مرد و زن اپنی بے بسی پہ خود کو زندہ درگور ہی سمجھتا ہے ۔ یہ ملک ہمیں لے کر دینے والے ہمیں بے سہارا اور بے آسرا چھوڑ کر جب سے ہم سے رخصت ہوئے ہم اتھاہ گہراہیوں اور تاریکیوں سے باہر ہی نہ نکل سکے ۔ قیادت دن بدن یوں روبہ زوال رہی کہ ناامیدی کے سائے گہرے ہی ہوتے گئے ۔ آج ملک میں شاید ہی کوئی پُر امید انسان مل سکے ، کوئی اپنے مسقبل سے ناامید ، کوئی قیادت سے نا امید تو کوئی ملک کے مستقبل سے ہی نا امید کیونکہ چہار سُو اندھیر نگری یا پھر اندھیرا ہی اندھیرا ۔

    وحشی قاتل کا کیس گو کہ عدالت میں ہے اور اس پہ رائے زنی مناسب نہیں لیکن شمائلہ کنول کی دور بینی اور پھر پوری قوم کے منہ پہ تھپڑ جیسا فیصلہ بھی ایک تاریخ رقم کر چکا ہے ۔ اس معصوم نے جان لیا ہوگا کہ وحشی قاتل کو بچانے تو اس کے ملک کی حکومت اور اپوزیشن دونوں ایک ہو کر ہمارے حکمرانوں کو آنکھیں دکھانے پہنچ چکی ہے لیکن اِدھر نہ تو حکومت اور نہ ہی اپوزیشن میں یہ ہمت ہے کہ وہ اس امریکی وفد سے ملنے سے ہی انکار کردے جو ہمارے بکاؤ مال کی معرفت ہماری عدالتوں کو خریدنے آیا ہے ۔

    بلاگ کو زینت بخشنے کا بے حد شکریہ ۔

  6. محترم جناب منظور قاضی صاحب ،

    ” ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مرحومہ اللہ کی رحمت کی تاخیر سے مایوس ہوگئی تھیں “

    قبلہ ، ہمیشہ یہی سنا ہے کہ خدا کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں ۔ مرحومہ نے اپنی معصوم جان اسے واپس لوٹا کر اپنے لئے تو اس کی رحمت طلب کر لی ہے لیکن ان ظالموں اور وحشیوں کے لئے اس کے قہر اور جبر کو پکارا ہے ۔ انشاء اللہ یہ خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔

  7. محترمہ شاھین حیدر رضوی صاحبہ ،

    ” دنیا کا سب سے بڑا منافق امریکہ ھے
    دنیا کا سب سے بڑا جلاد امریکہ ھے
    دنیا کا سب سے بڑا مکار امریکہ ھے “

    محترمہ ، دنیا کے کسی بھی خطے بالخصوص اسلامی دنیا کے کونے کونے میں آپ کے سنہرے اقوال کی نفی کرنے والا شاید ہی کوئی ہو ۔

    خاتم النبیین (ص) کے بعد یہ سلسلہ بند ہوچکا ورنہ اس نمرود سے نبٹنے کو ایک نئے ابراہیم اور اس فرعون کو کچلنے کو ایک نئے موسٰی کی ضرورت ہے ، یا پھر عہدِ حاضر کے ابرہا کے اس لشکر کو نیست و نابود کرنے کو ابابیلوں کی آمد کی دعا ہے ۔ اور یہ معجزہ بھی ہوکر رہے گا ۔ یہ حقیقت دنیا ایک بار روس کی تباہی کی شکل میں دیکھ چکی ہے اور اب وہ دن بھی دور نہیں جب امریکہ کا زوال بھی دنیا دیکھے گی ، انشاء اللہ ۔

    ” یہ ایام جہالت کے قصے ھیں ۔ یہ کسی تاریک دور کی حکا یتں ھیں “

    محترمہ ، یہ نہ ایام جہالت کے قصے ہیں اور نہ کسی تاریک دور کی حکا ئیتیں بلکہ رب کائینات کے اس فرمان ، سورۃ العصر ، کی تعبیر ہے کہ ’ بے شک انسان خسارے میں ہے ‘

    جس ملک کے افراد کو ہمارے حکمران آنکھ یا سر اٹھا کر نہیں دیکھ سکتے انہیں دیکھنے کی گستاخی نجانے فہیم مرحوم نے کیوں کر ڈالی ۔ جن کے ڈرونز کی طرف ہمارے حکمران آنکھیں بند کئے بیٹھے ہیں ان کی گود میں پستول دیکھ کر نجانے وہ کیوں پریشان ہوگیا اور جن کے سیٹلائیٹ ہمارے حکمرانوں کی خوابگاہوں تک کی تصویریں بنا لیتے ہیں وہ ان کے وحشی چہروں کو اپنے موبائیل میں نجانے کیوں اور کس کے لئے محفوظ کرنا چاہتا تھا ؟ وہ یہ سب کیوں بھول گیا تھا کہ وہ کس ملک کا باشندہ ہے ؟

    ” کتے کی موت پر انسانی حقوق کی تنظمیں شور مچاتی ھیں ، مگر کسی پاکستانی نوجوان کی زندگی کی کوئی قیمت نہیں ھے“

    محترمہ ، آپ یہ کیوں بھلا بیٹھیں کہ خود ہمارے حکمران کن کے اشاروں پہ اپنی دُمیں ہلاتے نہیں تھکتے ۔ امریکی میڈیا ہمارے صدور کو اپنے صدور کے پالتو کتوں کے کارٹونوں کی شکل میں پیش کرتا ہے جسے یہ اپنے لئے فخر سمجھتے ہیں تو پھر انسانی حقوق کی تینظیموں کے لئے کون معزز ٹھہرا ۔۔ایک بھکاری ملک کا بیکار باشندہ یا کشکول بھرنے والوں کا کتا ؟

    لیکن یہ خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔ اس کے ایک ایک قطرے کا حساب ہوگا کیونکہ خدا کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں ۔

    آپ کے قیمتی وقت کا بے حد شکریہ ۔

  8. جناب جاوید اقبال کیانی صاحب ، سلامت رھیں ،خوش رھیں خوشحال رھیں آمین

    دنیا کا سب سے بڑا دھشت گرد بدمعاش امریکہ اپنی دھشت گردی کی وجہ سے ساری دنیا میں بے امنی ، بے اطمینانی اور تشدد پھیلا رھا ھے، اور دھشت گردی کے فروغ کے لیے جس قسم کا آیئڈیل ماحول اس کو درکار تھا وہ ھمارے سابقہ اور حالیہ بے ضمیر حکمرانوں نے اس کو فراھم کر دیا ھے اب وہ آزاد ھے جس گھر میں چاھے آگ لکآۓ ۔جس شہر میں تخریبی کاروائ کرے، جس کو چاھے مارے جس کو اٹھا کر امریکی جیل مین بند کردے کوئ روک ٹوک نیہن، کیونکہ ھم اب پاکستان نامی ایک ایسے مللک میں رھتے ھیں جہاں امریکہ کو سب کچھہ کرنے کی آزآدی ھے ،یہ المیہ کیا کم ھے؟

    ۔

    اس نامراد ریمونڈ ڈیوس نے صرف محمد فہیم اور فیضان حیدر جیسے نوجوانوں کے ساتھہ انکے کنبے کو بھی ماڑ ڈالا ھے،جس طرح شمائلہ فیہم جو صرف چند ماہ کی بیاھی تھی اس نے انصاف کے حصول میں ناکامی کے بعد مرنا گوارہ کرلیا، کیونکہ اس کو علم تھا ۔ اتنے امریکی خطرناک نیہن جتنے اپنے امریکی آقا کی خوشنودی کرنے والے سیاست دان بے رحم ھیں کوئ بھی گرین کارڑ کے لالچ میں اس کو ویسے بھی مار سکتا تھا۔ اس لیے اس نے اتوار کی صبح 5 بجے زھریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی شمائلہ فہیم کا سانحہ بہت بڑا ھے میں نے کیہں پڑھا کہ وہ فیملی وے میں بھی تھی مزنگ میں امریکی دھشت گرد کی گولی کا شکار ھونے والے فہیم کی جوا ں سالہ بیوہ شمائلہ کی میت جب آبائ گاوں چک غلام رسول نگر پہنچی تو بہت رقت آنگیز مناظر دیکھنے کو ملے ۔اس ظلم پر ھر آنکھہ اشکبار تھی ۔ اور لوگوں میں شدید غم وغصہ بھی تھا، اب فیضا ن حیدر کے لواحقین بھی انصاف کے حصول میں ناکامی کے بعد خودکشی کی دھمکی دے رھے ھیں

    امریکہ سب سےبڑا عالمی دھشت گرد ھماری نسلوں کو بھی پايمال کرے گا ۔اب تو ھم یہ کہہ سکتے ھیں کا صرف امریکہ ھی دھشت گردی کو فروغ دے رھا ھے ھر دور میں امریکی دھشت گردی کا انداز بدلتا رھا ھے، ان دنوں ساری دنیا میں بےگناھوں کے لہو سے ھولی کیھل رھا ھے اور نہ ویٹکان میں موجود باباکو‏ئ اس بدمعاشی پر سرزنش کرتے ھیں اور نہ ھی کوئ اخلاقی قدر اس کی راہ میں حائل ھوتی ھے۔،، کون ھمارے ھم وطنوں کو اس بے سکونی اور مایوسی کے دور سے نکالے گا۔

    تار نفس ھی خنجر قاتل ھے آج کل
    آساں ھے موت ،زندگی مشکل ھے آج کل
    کیوں حادثات روز کا معمول بن گئے
    ھر شخص اپنے فرض سے غافل ھے آج کل

    دل کو آپکی تحریر کردہ ان سطروں نے نے تسلی دی، اطمینان دلایا انشا اللہ ایسا ھی ھوگا

    خاتم النبیین (ص) کے بعد یہ سلسلہ بند ہوچکا ورنہ اس نمرود سے نبٹنے کو ایک نئے ابراہیم اور اس فرعون کو کچلنے کو ایک نئے موسٰی کی ضرورت ہے ، یا پھر عہدِ حاضر کے ابرہا کے اس لشکر کو نیست و نابود کرنے کو ابابیلوں کی آمد کی دعا ہے ۔ اور یہ معجزہ بھی ہوکر رہے گا ۔ یہ حقیقت دنیا ایک بار روس کی تباہی کی شکل میں دیکھ چکی ہے اور اب وہ دن بھی دور نہیں جب امریکہ کا زوال بھی دنیا دیکھے گی ، انشاء اللہ ۔

  9. السلام علیکم
    گو کہ خود کشی کسی طور مناسب فعل نہیں مگر مرحومہ شمائلہ کی خودکشی محض خود کشی نہیں ہے بلکہ یہ احتجاج ہے ، ایک مایوس انسان کا احتجاج ، اور مایوسی جب اپنی آخری حد کو چھو لیتی ہے تو پھر ایسا احتجاج دیکھنے کو ملتا ہے ، جب مظلوم ہر طرف سے مایوس ہو جاتا ہے جب اُسے ہر در بند ملتا ہے تب وہ اکثر محمد بو عزیزی ( تیونس ) کی طرح اپنی قوم کا ضمیر جگانے کے لیے جل بجھتا ہے یا پھر شمائلہ فہیم ( پاکستان ) کی صورت اپنی قوم کے سوئے ہو بلکہ نیم مردہ عوام اور مردار خور حکمرانوں کے منہ پر غیرت کا ایک بھرپور تھپڑ لگا کر مٹی اوڑھ کر سو جاتا ہے، جان دینا اتنا آسان نہیں ہے ، ایک جانور بھی اپنی جان کو عزیز رکھتا ہے اُسے بچائے رکھنے کی بھرپور کوشش کرتا ہے تو پھر ایک انسان کیسے خود کو ختم کر سکتا ہے ؟ یقینا یا تو زندگی اُس کے لیے بے مول ہو جاتی ہے یا پھر زندگی سے بھی کوئی بہتر شے اُسے مقدم ہو جاتی ہے ، اور میں سمجھتا ہوں اپنے شوہر کے بعد شمائلہ فہیم کے لیے زندگی بہت بے مول ہو گئی تھی، اُس کا شوہر’’ فہیم ‘‘ اُس کے لیے زندگی سے بھی زیادہ اہم ہو گیا تھا ، اتنا اہم کہ محض کچھ مہینوں کے ساتھ نے ہی ماں ، باپ ، بہن ، بھائی اور سہیلوں کی تمام محبتوں کو پسِ پشت ڈال دیا تھا ، فہیم اور باقی دونوں نوجوانوں کی موت کو ہم سب نے محض ایک حادثہ یا قتل سمجھا تھا مگر یہ اُس سے بھی بڑھ کر کچھ تھا ، جو اِسے حادثہ سمجھے وہ اِسے ایک عام سے حادثے کی طرح کی ہینڈل کرنا چاہتے تھے اور جو اِسے قتل سمجھے وہ قاتل کو سزا دینے کی باتیں کرنے لگے ، مگر کیا اِسے ایک حادثہ سمجھ کر بھول جانے سے کچھ ہو گیا ؟ یا پھر ایک قاتل کو سزا دینے سے بات ختم ہو جائے گی ؟ ایسا کچھ نہیں ہو گا ، ایسے حادثات ہوتے رہینگے اور ایسے قتل بھی ہوتے رہینگے ، مگر شمائلہ ہمیں پیغام دے گئی ہے کہ بس ! اب بہت ہو گیا ، بس اب ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے کچھ ہونا چاہیے ، ایسے تمام ’’ ممکنہ ‘‘ قاتلوں کو ’’ شکریہ کے ساتھ ‘‘ اُن کے گھروں میں وآپس بھیجا جائے ، اور اُنہیں دعوت اور مراعات دینے والے حکمرانوں کو اپنے انجام تک پہنچایا جائے ، نظام تبدیل کیا جائے ، یہ احتجاج نظام تبدیل کرنے کے لیے ہیں ، آج ہر زبان پر ہے ،
    شمائلہ ہم شرمندہ ہیں
    تیرے قاتل زندہ ہیں
    کاش ہم اور ہمارے حکمران شمائلہ کے اِس احتجاج کو سمجھ سکیں ، اور اگر ہم نہ بھی سمجھے تو تاریخ گواہ ہے اللہ ناسمجھوں میں سے سمجھداروں کو پیدا کرتا رہا ہے ، کل کلاں کہیں ہمیں اپنے بچوں کے سامنے شرمندہ نہ ہونا پڑ جائے ، ہم عافیہ کو تو عافیت نہ دے سکے مگر اب بھی اگر ہم شمائلہ کے احتجاج میں اُس کے ہم آواز نہ ہوئے تو بہت دیر ہو جائے گی اور اللہ کی سنت ہے کہ وہ انصاف ضرور کرتا ہے ۔
    آصف احمد بھٹی

  10. کیوں نہ ہم میں سے جو چاہے آصف بھٹی کی اس آواز میں اپنی آواز ملائے
    ”کاش ہم اور ہمارے حکمران شمائلہ کے اِس احتجاج کو سمجھ سکیں ، اور اگر ہم نہ بھی سمجھے تو تاریخ گواہ ہے اللہ ناسمجھوں میں سے سمجھداروں کو پیدا کرتا رہا ہے ، کل کلاں کہیں ہمیں اپنے بچوں کے سامنے شرمندہ نہ ہونا پڑ جائے ، ہم عافیہ کو تو عافیت نہ دے سکے مگر اب بھی اگر ہم شمائلہ کے احتجاج میں اُس کے ہم آواز نہ ہوئے تو بہت دیر ہو جائے گی”۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    اور ہاں شاہین رضوی کی اس قلبی کیفیت کو بھی بھولیئے گا نہیں
    ”خاتم النبیین (ص) کے بعد یہ سلسلہ بند ہوچکا ورنہ اس نمرود سے نبٹنے کو ایک نئے ابراہیم اور اس فرعون کو کچلنے کو ایک نئے موسٰی کی ضرورت ہے ، یا پھر عہدِ حاضر کے ابرہا کے اس لشکر کو نیست و نابود کرنے کو ابابیلوں کی آمد کی دعا ہے ۔ اور یہ معجزہ بھی ہوکر رہے گا ۔ یہ حقیقت دنیا ایک بار روس کی تباہی کی شکل میں دیکھ چکی ہے اور اب وہ دن بھی دور نہیں جب امریکہ کا زوال بھی دنیا دیکھے گی ، انشاء اللہ ”۔

  11. جاوید اقبال کیانی صاحب ، آصف احمد بھٹی صاحب اور سیدہ شاہین رضوی صاحبہ نے صحیح طور پر ریمنڈ ڈیوس اور اس جیسے امریکیوں کی سرزنش کی ہے جو پاکستان آکر پاکستانیوں کی جان لیتے ہیں۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    آج کے جنگ اخبار میں سلیم صافی نے اپنے جرگے میں اس موضوع پر “امریکہ سے شکایت کیوں ؟ “ کےعنوان سے ایک کالم لکھا ہے جس میں اس نے اپنے 4 ستمبر 2010 کے کالم ‘جرگہ “ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اس نے پاکستان کی حکومت سے یہ پوچھا تھا کہ پاکستان کے دبئی کے قونصل خانے نے کئی ایک امریکیوں اور بھارتیوں کو غیر قانونی طور پر پاکستان آنے کے ویزے کیوں دیے تھے۔؟

    سلیم صافی کا کہنا تھا کہ ایسے ویزے بلا کسی تحقیق و تفتیش کے دیے گئے تھے ۔ مگر ابھی تک حکومت پاکستان نے اس کے کالم کا جواب نہیں دیا ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔

    سلیم صافی نے اپنے آج کے کالم میں امریکہ کے خلاف احتجاج کرنےوالوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ :

    “امریکہ سے احتجاج کرنے سے قبل اُن لوگوں پر ہاتھ ڈالیں جو امریکیوں سے امداد کی بھیک مانگتے ہیں، “ اور “ جنہوں نے اس بھیک کے عوض انہیں ڈرون حملوں کی درپردہ اجازت دے رکھی ہے؟“

    ۔۔۔۔۔۔
    بہرحال: سلیم صافی کی بات غور طلب ہے ۔

  12. محترمہ شاھین حیدر رضوی صاحبہ ،

    یہ ’ کنول ‘ جو ربیع الاول کے مقدس ماہ میں مرجھاگیا اور جس نے یہ گوارا بھی نہیں کیا کہ اس کی کوکھ میں پلنے والی معصوم جان بھی اس منحوس دور میں ایک بدقسمت ملک میں آنکھ کھولے ، اللہ رب العزت اسے کروٹ کروٹ چین نصیب فرمائے ، اس کے ہموطنوں کو کروٹ کروٹ بے چین کرے کہ ان کی سوئی آتما بیدار ہو اور اس کے ملک کے بے ضمیر حکمرانوں کو کروٹ کروٹ پریشان کرکے رکھدے کہ ان کے مردہ جسم و روح میں کوئی ایمان کی حرارت پیدا ہو ، آمین ثمہ آمین ۔

    ” نہ ویٹکان میں موجود بابا کو‏ئ اس بدمعاشی پر سرزنش کرتے ھیں اور نہ ھی کوئ اخلاقی قدر اس کی راہ میں حائل ھوتی ھے ،،

    محترمہ ، آپ نے بھی کتنی بھولی بات کہہ دی ۔ جب ہمارے حرم شریف میں بیٹھے ’ بابوں ‘ کو خونِ مسلم کی پرواہ نہیں تو ویٹیکان کے ’بابے‘ کو کیونکر ہوگی ۔ ابھی حال ہی میں قانونِ رسالت پہ اسی ’بابے“‘ نے زہرافشانی کی لیکن ہمارے کسی نام نہاد ’ بابے‘ کو ان کی زبان روکنے کی جرات ہوئی؟ اور پھر آپ صلیبی جنگوں کی تاریخ کیوں بھول رہی ہیں جو ان ویٹیکان اور عیسائی دنیا کے دوسرے ’بابوں ‘ کے جھنڈوں تلے لڑی گئیں ۔ اسرائیل جب بھی نہتے مسلمانوں پہ حملہ آور ہوتا ہے تو اس کے مذہبی ’بابے‘ ایڈوانس کرنے والے ٹینکوں میں سوار اپنی سپاہ کو مسلمانوں ، بلا تفریق بچوں ، بوڑھوں اور عورتوں کی لاشوں کے ڈھیر لگانے کے فتوے دیتے ہیں ۔ یہ سب کچھ دہشت گردی نہیں بلکہ ٹینکوں پہ پتھر مارنے والے ’دہشت گردوں‘ سے نبٹنے کا جواز ہے !

    اور یہ سب اسی لئے ہورہا ہے جو بقول آپ کے :

    تار نفس ہی خنجر قاتل ہے آج کل
    آساں ہے موت ، زندگی مشکل ہے آج کل
    کیوں حادثات روز کا معمول بن گئے
    ہر شخص اپنے فرض سے غافل ہے آج کل

    آپ کی دوبارہ حاضری ، قیمتی وقت اور ڈھیروں دعاؤں کا بہت شکریہ ۔ اللہ رب العزت آپ کو بھی اپنی حفظ و امان میں رکھے ، آمین ۔

  13. محترم آصف احمد بھٹی صاحب ،

    کچھ لوگ واقعی اپنی زندگی کو بے مول سمجھ کر اس کے خاتمے کا فیصلہ کر لیتے ہیں لیکن وہ شاید یہ نہیں جانتے کہ ان کے دنیا سے منہ موڑنے کے بعد ان کا کیا گیا فیصلہ کیسی تاریخ رقم کر ے گا ۔ شمائلہ کنول کی خودکشی بھی ایک ایسی ہی تاریخ ہوگی ۔ گو امریکہ اور اس کے پٹھو حکمران اسے معمولی عمل سمجھتے ہوں گے لیکن ان کی نیندیں بھی ضرور اُڑ چکی ہوں گی ۔ اب ان کے لئے اگلہ فیصلہ اتنا آسان نہیں رہے گا ۔ اس کے علاوہ عدل و انصاف کی کرسی پہ بیٹھنے والوں کے ضمیر کو بھی یہ فیصلہ ضرور جھنجھوڑے گا ۔

    اور اسی بات کی تصدیق آپ کی تحریر میں بھی ہے کہ ؛
    ” مگر شمائلہ ہمیں پیغام دے گئی ہے کہ بس ! اب بہت ہو گیا ، بس اب ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے کچھ ہونا چاہیے ، ایسے تمام ’’ ممکنہ ‘‘ قاتلوں کو ’’ شکریہ کے ساتھ ‘‘ اُن کے گھروں میں وآپس بھیجا جائے ، اور اُنہیں دعوت اور مراعات دینے والے حکمرانوں کو اپنے انجام تک پہنچایا جائے ، نظام تبدیل کیا جائے ، یہ احتجاج نظام تبدیل کرنے کے لیے ہیں ، آج ہر زبان پر ہے ،
    شمائلہ ہم شرمندہ ہیں
    تیرے قاتل زندہ ہیں “

    انتی لمبی جدائی کے بعد حاضری اور اپنے ضمیر کا بوجھ ہلکا کرتے ہوئے ایک سچے پاکستانی کو پیش کرنے کا بے حد شکریہ ۔

  14. جناب صفدر ھمٰدانی صاحب ،

    قبلہ ، آپ کا فرمانا بالکل صحیح ہے کہ ہم سب کو آ صف بھٹی صاحب کی اس آواز میں اپنی آواز ملانی چائیے کہ :

    ”کاش ہم اور ہمارے حکمران شمائلہ کے اِس احتجاج کو سمجھ سکیں ، اور اگر ہم نہ بھی سمجھے تو تاریخ گواہ ہے اللہ ناسمجھوں میں سے سمجھداروں کو پیدا کرتا رہا ہے ، کل کلاں کہیں ہمیں اپنے بچوں کے سامنے شرمندہ نہ ہونا پڑ جائے ، ہم عافیہ کو تو عافیت نہ دے سکے مگر اب بھی اگر ہم شمائلہ کے احتجاج میں اُس کے ہم آواز نہ ہوئے تو بہت دیر ہو جائے گی”۔

    آپ کا بہت شکریہ ۔

  15. شاہین صاحبہ آپ پاکستان کی تباہی کا زمہ دار امریکہ کو کیوں کہ رہی ہیں.اگر دیکھا جائے تو امریکہ اپنی قوم کے ساتھ مخلص تو ہے اگر ھمارے لوگ مخلص نہیں ہیں تو الزام امریکہ کے سر کیوں؟ ہم نے اپنی تباہی کے لیے خود امریکہ کو دعوت دی ہے،

  16. محترم ناصر ساحب ،

    گو آپ کی مخاطب محترمہ شاہین صاحبہ ہیں جو آپ کے تبصرے کا بہتر جواب دے سکیں گی لیکن میں بھی کچھ کہنے کی جسارت کروں گا ۔ آپ کا ارشاد کہ ” آپ پاکستان کی تباہی کا زمہ دار امریکہ کو کیوں کہ رہی ہیں.اگر دیکھا جائے تو امریکہ اپنی قوم کے ساتھ مخلص تو ہے “

    کیا امریکہ کا اپنی قوم کے ساتھ مخلص ہونے کا یہ مطلب ہے کہ امریکی شہری دنیا کے کسی ملک میں جو چاہیں کرتے پھریں اور راہ چلتے بے گناہوں کو گولیوں کا نشانہ بناتے پھریں ؟

    اور جہاں تک آپ کے اس ارشاد کا تعلق ہے کہ :

    ” اگر ھمارے لوگ مخلص نہیں ہیں تو الزام امریکہ کے سر کیوں؟ ہم نے اپنی تباہی کے لیے خود امریکہ کو دعوت دی ہے “

    تو محترم ’ ہمارے لوگ ‘ میں کیا آپ کے علاوہ باقی سب ہیں یا پھر صرف حکمران ہی ہیں ؟ اور اگر ہمارے لوگ مخلص نہیں ہیں تو پھر آئے دن فہیم جیسے بے گناہ ان کی گولیوں کا نشانہ بنیں گے اور اسی طرح شمائلہ کنول جیسی نو بیاہتا اپنی کوکھ میں معصوم جانوں کے ساتھ موت کو گلے لگاتی رہیں گی ۔ آج امریکہ کی جاسوسی کرنےوالے بھی ہم میں سے ہیں ، لہذا آپ پہ فرض ہے کہ خود بھی بیدار ہوں اور ساتھ دوسروں کو بھی بیدار کریں ۔

    اگر آپ امریکہ اور اس کی بدنامِ زمانہ سی آئی آے کی تاریخ پڑھیں تو آپ پہ یہ بات روزِ روشن کی طرح واضح ہوجائے گی کہ امریکہ کس طرح نہ صرف پاکستان بلکہ ساری دنیا میں اپنا شیطانی کھیل کھیلتا ہے ، وہاں بغاوتیں اور قتل و غارت کراتا ہے ۔ عراق اور افغانستان کوئی گذری صدی کے حادثات نہیں ہیں ۔

  17. محترم منظور قاضی صاحب ،
    سلیم صافی صاحب کا کالم بلاشبہ بہت معلوماتی ہے لیکن ہمارے بلاگوں میں بھی امریکہ کی ماتم سے پہلے احتجاج اپنے حکمرانوں سے ہی ہوتا ہے۔ سلیم صافی کے کالم کا جواب حکومت کیا دے گی ؟ ویزے تو بعد کی بات ہے بلیک واٹر کو دفاتر کھولنے کا جواز ہی کوئی بتا دے ۔ آج تک تو ملک کا وزیرِ خارجہ اور وزیرِ اعظم تک اس کے وجود سے ہی انکاری ہیں ۔

    بہرحال سلیم صافی صاحب اور تمام کالم نگاروں کو چاہیئے کہ وہ پاکستان کے عوام کو مکمل حالات سے آگاہ رکھنے کے ساتھ ساتھ ان میں جذبہء حب الوطنی اجاگر کرتے ہوئے ان میں بیداری پیدا کریں اور انہیں ایک خاموش اور پر امن انقلاب کے لئے تیار کریں ۔

    آپ کا بہت شکریہ ۔

  18. السلام علیکم
    محترم جناب جاوید اقبال کیانی صاحب ، زیادہ پرانی بات نہیں کچھ سال پہلے ہی ایک غاصب نے اپنی طاقت کے زعم میں اور اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے اسلام آباد کی ایک مسجد اور مدرسہ فتح کیا تھا ، دُنیا نے دیکھا جب معرکہ سجا ہوا تھا تب پوری قوم محض تماشائی بنی ہوئی تھی مگر جیسے ہی فتح و شکست کا اعلان ہوا ملک کے طول و عرض میں جسم جلنے بجھنے لگے تھے اور اپنے ساتھ کئی اوروں کو بھی لہو رنگ دیتے رہے ہیں ، آج وہ غاصب اور اُسکے حواری کہاں ہیں ؟ یہ اللہ کی سنت ہے وہ رسی کو ڈھیل ضرور دیتا ہے مگر کاٹتا نہیں اور ایک روز کھینچ لیتا ہے ، کم و بیش ایک صدی پہلے جناب ’’ میاں محمد صاحب ‘‘ نے کہا تھا ’’ لِسے دا کی زور محمد ، نس جانڑا یا رونڑا ‘‘
    آصف احمد بھٹی

  19. جناب ناصر صاحب اسلام علیکم ۔

    بھائ میں امریکہ کو صرف پاکستان کا ھی نیہن بلکہ افغانستان ۔ عراق۔ فلسطین ۔کی تیاھی کا بھی ذمہ دار سمجتھی ھوں ۔ امریکہ اپنی قوم کے ساتھہ کتنا مخلص ھے یہ آپ امریکہ جاکر دیکھیں

    اب دینا میں تبدیلی کی بہت واضع لہر عالم عرب سے آٹھی ھے۔ انشا اللہ مثبت تبدیلی آۓ گی اور ھمارے ھاں تبدیلی آپ جیسے لوگ لایئنکے۔ جن لوگوں نے ان ھوائ قزاقوں کو دعوت دی ھے ان کا حشر بھی آپ بہت جلد دیکھہ لینگے ۔خدا کے گھر دیر ھے اندھیر نیہن

    اک پتنگے نے یہ مجھہ سے رقص آخر میں کہا
    روشنی کے ساتھہ رھیے روشنی بن جایئۓ

  20. السلام علیکم
    آپ سب محترمین سے تمام ادب و احترام کے ساتھ میں قدرے اختلاف کرونگا اور جناب ناصر صاحب کے موقف کی حمایت کرونگا ، اِس میں کوئی دو رائے نہیں ہیں کہ ہمارے ملکوں کی بربادی کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ امریکہ ہمارا دشمن ہے اور دشمن ایسے ہی سلوک کرتے ہیں ہمارے اصل مجرم ہمارے وہ حکمران اور تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے وہ لوگ ہیں جو اپنا ضمیر ہمارے دشمن کے ہاتھ فروخت کر چکے ہیں ، کسی بھی تبدیلی کے لیے آغاز گھر سے کیا جاتا ہے اپنی ذات سے کیا جاتا ہے ، اگر ہمارے اپنے ہی بھائی دشمن کے ساتھ مل جائیں تو کیا کہا جاسکتا ہے ، دشمن تو فریب کار ہے وہ تو اپنا کام دکھائے گا ہی ، اور پھر یہ نہیں بھولنا چاہیے ، امریکہ محض ایک ملک کا نام نہیں ہے ، یہ ایک نظام اور ایک نظریہ کا نام ہے ، ہم جوش و جزبات میں اکثر یہی غلطی کر جاتے ہیں ، اقبال رحمۃ اللہ نے فرمایا تھا ۔
    اِن تازہ خدا میں سب سے بڑا خدا وطن ہے ۔( مصرعہ مجھے بھول رہا ہے )
    وطنیت ہمیں حصوں اکائیوں میں بانٹ رہی ہے اور ہمارے دشمن کو اگھٹا کر رہی ہے ، ناٹو کیا ہے ؟ کیا ہمارے مسلم ممالک کی کوئی مشترکہ فوج ہے ؟ تمام غیر مسلم ممالک مسلم دشمنی میں متحد ہیں مگر ہم مسلمان ایک اسلام پر بھی اگھٹے نہیں ہیں ، یہاں بھی ہم شعیہ سنی ، وہابی ، دیو بندی ، بریلوی اور جانے کیا کیا ہیں ، ہم ایک امت تھے مگر نہیں رہے ، ہم مصری سوڈانی ، پاکستانی ، سعودی ، بنگالی اور جانے کیا کیا ہو چکے ہیں ، ایسے میں ہم امریکہ کو کس طرح الزام دے سکتے ہیں ، امریکہ جب افغانستان پر حملہ آور ہوا تھا تو کتنے مسلمان ممالک نے اپنی فوجیں افغانستان کے دفاع کے لیے بھیجی تھی ؟ ( بلکہ ہم نے تو امریکہ کو خوش آمدید کہا تھا اور اپنی زمین سے اُسے گزر گاہیں دی تھی ) وہ جب ناٹو کو لیکر عراق پر چڑھ دوڑا تھا تب کون کون سا ملک اور کس کس ملک کے سربراہ نے اُس کی مزمت کی تھی ؟ حالانکہ آج وہ اُسے اپنی غلطی کے طور پر تسلیم کر چکے ہیں مگر کون امریکہ کے خلاف عالمی عدالت میں گیا ہے ؟ یہ حقیقتیں ماننی پڑینگی کہ ہم وطنیت کے نام پر بری طرح اکائیوں میں بٹ چکے ہیں ، امریکہ تو ہمارا کھلا دشمن ہے ہی مگر ہم خود اپنے خلاف سازشیں کرتے رہے ہیں خود اپنے ہی بھائیوں کے ہاتھ پیر باندھ کر امریکیوں کے سامنے رکھتے رہے ہیں اور پھر وہ اُن کے حلقوم پر چھری پھیر کر خوشیاں کیوں نہ منائیں ؟ خود اللہ نے اپنے سچے قرآن میں ہمیں تنبیہ کر دی تھی کہ یہ لوگ ہمارے دوست کبھی نہیں ہو سکتے الہ کہ جب تک ہم لوگ اِن جیسے نہ ہو جائیں ۔ تو پھر ہمیں اپنا جائزہ لینا ہوگا کہ ہم امریکیوں اور اُن جیسوں کی دوستی کے لیے کیا بن چکے ہیں ؟ امریکہ مردہ باد کے نعرہ لگا لینے سے کچھ نہیں ہوگا ، کچھ عملی قدم اُٹھانے پڑینگے امریکہ کو مردہ باد کرنے کے لیے ہمیں خود کو تبدیل کرنا ہوگا اپنے اندر سے امریکہ کو دوستوں کو نکالنا ہوگا ، اپنے دلو کو ٹٹولنا ہوگا اور جہاں کہیں تھوڑا سا کوئی ننھا سا امریکہ بسا یا چھپا نظر آئے اُسے نکالنا ہوگا ، خود کو تبدیل کرنا ہوگا ، تو پھر کون ہے جو امریکہ کو مردہ باد کرنے کے لیے خود کو تبدیل کرنے پر راضی ہے ؟ ہے کوئی ؟
    آصف احمد بھٹی

  21. محترم آصف احمد بھٹی صاحب ،
    میاں محمد بخش مرحوم صاحب کا فرمان ” لِسے دا کی زور محمد ، نس جانڑا یا رونڑا“ (یعنی ایک کمزور کے بس میں کیا ہے ، بھاگ جائے یا رو پڑے ) اپنی جگہہ ایک اٹل حقیقت ہے لیکن یہ بھی یاد رکھیں کہ کھوٹا سکہ بھی کبھی کام دے جاتا ہے ۔ ہم کمزور ہیں اور دنیا ہماری کمزوری کا فائدہ اٹھاتی ہے مگر ذرا طاقتوروں کی تاریخ بھی پڑھ لیں ۔

    جس غاصب کی آپ نے بات کی کہ جو کبھی فرعونِ وقت تھا آج خود ایک ایک کرکے اپنی تمام غلطیوں کو تسلیم بھی کررہا ہے اور ان پہ پچھتا بھی رہا ہے ۔ روس ساری دنیا نہیں تو کم از کم پورے ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ پہ حکمرانی کے خواب لے کر افغانستان پہ چڑھ دوڑا تھا اور آج اپنی غلطیوں کی بدولت اپنے زخم چاٹ رہا ہے ۔ امریکہ بھی سنٹرل ایشیا پہ قبضے کے منصوبے بنا کر افغانستان پہ قابض ہوا مگر اب سرِ عام نہیں تو اندر ہی اندر اپنی غلطی اور شکست کو تسلیم کرچکا ہے ۔

    اور بقول آپ کے ہی ، ” یہ اللہ کی سنت ہے وہ رسی کو ڈھیل ضرور دیتا ہے مگر کاٹتا نہیں اور ایک روز کھینچ لیتا ہے “
    اور یہ رسی اب دن بدن پھندے کا روپ اختیار کرتی جارہی ہے ۔

  22. محترم ناصر صاحب ،

    ” ہم نے اپنی تباہی کے لیے خود امریکہ کو دعوت دی ہے “

    صدیوں تک اس دیس میں بچو
    رہی حکومت غیروں کی
    آج تلک ہم سب کے منہ پہ
    دھول ہے ان کے پیروں کی
    لڑاؤ اور راج کرو
    یہ ان لوگوں کی حکمت تھی
    ان لوگوں کی چال میں آنا
    ہم لوگوں کی ذلت تھی

    ( ساحر لدھیانوی مرحوم)

  23. السلام علیکم
    محترم جاوید اقبال کیانی صاحب ، غاصب کی غلطیاں تسلیم کر لینے سے کیا اُس کے جرم کی نوعیت کم ہو جائیگی ؟ یہ ہماری ہی غلطی تھی کہ جب اُس نے اقتدار پر قبضہ کیا تو ہم نے اُسے خوش آمدید کہا ، جب اُس نے ’’ سب سے پہلے پاکستان ‘‘ کا نعرہ لگا کر اپنے بھائیوں سے غداری کی تو ہم تب بھی اُسے شانہ بشانہ تھے ، اور جب اُس نے اپنے بچوں کا سودا کیا ، تب بھی ہم نے کچھ محسوس نہیں کیا ، اُس نے قوم کی بیٹی بیچی ہماری غیرت تب بھی نہ جاگی ، لال مسجد کو فتح کیا ، ہم محو تماشہ رہے ، اُس نے اپنے تمام جرائم کو بڑے فخر کے ساتھ کتابی شکل دی ہم نے وہ کتاب ہاتھوں ہاتھ لی ، اور پھر جب وہ اقتدار سیاسی بونوں کے حوالے کر کے اپنے آقاؤں کے دیس سُدھارا تو ہم ہی تھے جنہوں نے اُسے ’’ گاڈ آف آنر ‘‘ پیش کیا تھا ۔ اگر ہم اُسے اقتدار پر قبضہ کرتے ہی نئے الیکشن پر مجبور کر دیتے ، عدالتیں اُسے سہولیات فراہم نہ کرتی ، سیاسی بونے اُسے سہارا نہ دیتے تو شاید یہ سب نہ ہوتا ، جب ہم خود غلط ہے تو پھر دشمن سے گلہ کیسا ؟ ہم میں سے کون ہے جو نہین جانتا کہ امریکہ ہمارا کھلا دشمن ہے ، کسی ایک کا نام بھی بتا دیں ، سب جانتے ہیں مگر امریکہ ہمارے اندر بسا ہوا ہے ، ہم اُسے اپنے اندر سے نہین نکال پا رہے ہیں سو ہزار تاویلیں ، اور دلیلیں زبانوں پر آتی اور پھسلتی رہتی ہیں ، ’’ امریکہ مردہ باد ‘‘ بلکہ لاکھوں بار ، مگر محض ہمارے نعرے لگانے سے کچھ نہیں ہوگا ، یہ سیاسی بونے اُس امریکی جاسوس کو چھوڑ ہی دینگے ، ہمارے ہی مجنے ہوئے قانون دان ہمارے ہی قانون میں سے وہ سقم ڈھوندھ نکالے گے ، چور راستے نکال لیئے جائینگے ، عدالتیں لاکھ سر پٹک لیں کچھ نہین ہوگا ، قانونی سقم جو رکھے ہی محض اِیسے واقعات کے لیے جاتے ہیں ، امریکی جاسوس کو بچا لینگے ، دیکھ لیجئے گا اور ہم لوگ محض ’’ امریکہ مردہ باد ‘‘ کے نعرے لگا کر ہی رہ جائینگے ، یہ سیاسی بونے یہ قانون کے دلال یہ یونہی ہماری بے بسی کو کیش کرتے رہینگے ، اگر ہم میں سے ہر شخص اپنی قوم کی اِن گندی روحوں کو الگ کرنے کا اردہ کر لیں تو پھر امریکہ یا اُس جیسے تمام لوگ ہمارے سامنے ہاتھ جوڑنے پر مجبور ہو جائینگے ، آج ہم لوگ صرف اگر نیٹو کی سپلائی لائن کو درست انداز میں ڈیل کرنا سیکھ لیں تو ہمیں کسی امداد کی ضرورت نہیں ، امریکہ اور اُسکے اتحادی ہمارے مقروض ہونگے ، ہاتھ جوڑے اور نگاہ نیچے کر کے ہم سے بات کرینگے ، مگر جب تک یہ بونے اور دلال ہم مین موجود ہیں ہم اپنا جائز حق بھی نہین لے سکتے ، ’’ امریکہ مردہ باد ، امریکہ مردہ باد ، امریکہ مردہ باد ، ‘‘ مگر میں جانتا ہوں میں اگر ساری زندگی بھی یہ نعرہ لگاتا رہوں تو کچھ نہیں ہو گا اور اگر میں ایک دن ہی عملی طور پر سوچ لوں تو یہ ہو جائیگا ، امریکہ مردہ باد ہو جائیگا ، مگر مجھے خود کو بدلنا پڑے گا ، اپنے اندر کے امریکہ کو مارنا پڑے گا اور جو میں جانتا ہوں مجھ سے نہ ہوگا ۔
    آصف احمد بھٹی

  24. سب کو سلام عرض ہے….آپی شاھین حیدر رضوی صاحبہ مجھ جیسے نا چیز کا تعارف کروانے کا شکریہ….ناصر بھائی اگر آپ یہ بھی لکھ دیتے کے ہم تاریخ کا صرف مطالعہ کرتے ہیں اس سے کچھ سیکھنے کی کوشش نہیں کرتے تو آپ کی بات میں مزید وزن آجاتا.کیونکہ تاریخ گواہ ہے کے انگریزوں نے دینا پر حکومت صرف ایک سوچ کی بنا پرکی ہے اور وہ ہے”Divide and Rule” اور آج بھی وہ یہی کر رہا ہے. مگرحد افسوس یہ بات سب لوگ جاننے کے باجود نہیں جانتے…. تاریخ اس لیے لکھی جاتی ہے کے لوگ پہلے ہونے والی غلطیوں کو سنوارے مگر ہم تو اضافہ کرنے والوں میں سے ہیں….

  25. میں سوچ رہی تھی کی شاید میں اکیلی ہی ہونگی جو یہ سوچ رہی ہوں لیکن آج مصباح بھائی کے کالم نے مجھے حوصلہ دیا کہ صرف میں ہی ایسا نہیں سوچ رہی .. لیجئے پڑھئے سید مصباح حسین جیلانی اپنے کالم ” ریمنڈ ڈیوس۔۔۔۔ذرا تحمل و تدبر سے چلئیے! ” میں لکھتے ہیں ..

    جب شمائلہ ہسپتال میں نزاعی بیان دے رہی تھی تو اسقدر خطرناک حالت کی مریضہ کو کیمرے والوں سے آخر کیونکر اور کس کی خواہش اور کس کی اجازت سے ملوایا گیا؟ اگر وہ نزاعی بیان دینے کی استطاعت رکھتی تھی تو اس پر دوا کا اثر کب سے ہوا، بیان سے پہلے اور بعد وہ کتنی دیر ہسپتال میں رہی، اسکا بچنا کیونکر نا ممکن تھا؟ کیا اسکے بچانے کے لئے کسی کیمرے والے نے بھی کوشش کی یا اسکے بیان کے بعد صرف اسکی موت کا انتظار کیا گیا؟ کہیں شمائلہ کے جذبات سے کھیل کر اسکو جان بوجھ کر تو نہیں موت کے منہ میں دھکیل دیا گیا؟ اس نے جو زہر کھائی تھی کیا اسکا جہان بھر میں کوئی تریاق ممکن ہی نہ تھا؟ کوئی علاج، کوئی سبیل کی بھی گئی یا نہیں؟

    پورا کالم پڑھنے کے لئے کلک کیجئے ..
    http://www.aalmiakhbar.com/index.php?mod=article&cat=misbah&article=20266

  26. جب شمائلہ ہسپتال میں نزاعی بیان دے رہی تھی تو اسقدر خطرناک حالت کی مریضہ کو کیمرے والوں سے آخر کیونکر اور کس کی خواہش اور کس کی اجازت سے ملوایا گیا؟
    اگر وہ نزاعی بیان دینے کی استطاعت رکھتی تھی تو اس پر دوا کا اثر کب سے ہوا، بیان سے پہلے اور بعد وہ کتنی دیر ہسپتال میں رہی، اسکا بچنا کیونکر نا ممکن تھا؟
    کیا اسکے بچانے کے لئے کسی کیمرے والے نے بھی کوشش کی یا اسکے بیان کے بعد صرف اسکی موت کا انتظار کیا گیا؟
    کہیں شمائلہ کے جذبات سے کھیل کر اسکو جان بوجھ کر تو نہیں موت کے منہ میں دھکیل دیا گیا؟
    اس نے جو زہر کھائی تھی کیا اسکا جہان بھر میں کوئی تریاق ممکن ہی نہ تھا؟
    کوئی علاج، کوئی سبیل کی بھی گئی یا نہیں؟

    کیا ان رونگٹے کھڑے کرنے والے سوالات کے جوابات بھی کسی کے پاس ہیں ؟ اگر ہیں تو حقائق کو چھپانا بددیانتی ہے اور اگر نہیں ہیں تو اس سنسنی خیزی کا جواز کیا ؟

    نقطہء نظر کچھ بھی ہو لیکن شاید یہ سوال ، ” کہ آخر کس کی گردن پہ ہوگا اس بے گناہ کا خون ؟ “ ہمیشہ اپنے جواب کا متلاشی ہی رہے !

    پاکستانی قوم کے پاس دو ہی راستے ہیں ، یا تو آنکھیں بند کرکے یہ جبر بھی سہتے ہوئے ہمیشہ کے لئے کسی گوری چمڑی کے آگے زمین پہ لیٹ جانے کا تہیہ کر لے اور یا پھر ایسے ہی احتجاج کے ذریعے حکمرانوں کو دفاعی پوزیشن میں لا کھڑا کردے ، جیسا کہ اس بار ہوا ہے ، کہ جہاں ایسی چھچھوندر کو نہ نگل سکیں نہ تھوک سکیں بلکہ عوام کے احتجاج کے آگے سرنگوں ہوتے ہوئے قانون کی حکمرانی کا علم بلند کریں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *